Tag: Cap r Safdar

  • میں نے کیپٹن صفدر کو بالکل نہیں ڈانٹا، مریم نواز

    میں نے کیپٹن صفدر کو بالکل نہیں ڈانٹا، مریم نواز

    لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ انہوں نے پارٹی قیادت کے خلاف اپنے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اعوان کے ریمارکس پر انہیں نہیں ڈانٹا۔

    لاہور میں صحافیوں بات چیت میں کیپٹن (ر) صفدر کےحالیہ بیان سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مریم نواز نے کہا کہ میں نے کیپٹن صفدر کو بالکل نہیں ڈانٹا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نون لیگ کا ووٹر پارٹی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے بلکہ ن لیگ کے ووٹ بینک میں اضافہ بھی ہوا ہے ،ن لیگ پرانی سیاسی جماعت ہے سب سمجھتی ہے، یقین کریں ابھی میرے ذہن میں کوئی عہدہ نہیں کہ میں وہ لوں۔

    صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اور ہمارا موازنہ نہیں کیا جاسکتا ہم پر سیاسی مقدمات تھے، عمران خان کو نوازشریف کی آڑ میں نہیں نکالا گیا، اس نے جرائم کیے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ اب وہ عدالت کیوں نہیں جارہا؟ کیونکہ اس نے جرائم کیے ہیں اسے علم ہے کہ گیا تو پکڑا جائے گا۔ خصوصی گھڑی وزیراعظم پاکستان کیلئے بنائی گئی تھی جو اس نے بیچ دی۔

    کیپٹن (ر) کی لیگی قیادت پر کڑی تنقید 

    یاد رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر نے کچھ روز قبل اے آر وائی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ن لیگ کی قیادت پر شدید تنقید کی تھی۔

    اپنی گفتگو میں انہوں نے قمرجاوید باجوہ کو ایکسٹینشن کا ووٹ دینا نوازشریف کی بڑی غلطی قرار دیا اور دیگر غلط فیصلوں پر اپنی ہی قیادت پر برس پڑے تھے۔

    مزید پڑھیں : کیپٹن(ر) صفدر کیخلاف کارروائی کیلئے دباؤ

    ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو وزیراعظم بنتا نہیں دیکھ رہا اور ہمارا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ دفن ہوگیا، اب نہیں چلے گا۔

    اس تمام صورتحال کے پیش نظر ن لیگ کے سینئیر رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے نوازشریف اور مریم نواز سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ نہ دینے کا مشورہ دیا۔

  • صفدر اعوان کی گرفتاری کے وقت سادہ لباس شخص کون تھا؟ اے آر وائی نیوز نے پتہ لگالیا

    صفدر اعوان کی گرفتاری کے وقت سادہ لباس شخص کون تھا؟ اے آر وائی نیوز نے پتہ لگالیا

    کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر اعوان کی گرفتاری کے وقت موجود سادہ لباس شخص کون تھا، اے آر وائی نیوز نے پتہ لگالیا.

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے وقت موجود سادہ لباس شخص مریم نواز کا اپنا گارڈ تھا جسے ایک نجی چینل نےادارے کا اہلکار بتایا۔

    واقعے کی ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ صفدر اعوان کو باعزت طریقے سے لے جایا گیا جبکہ انھوں نے پولیس موبائل میں بیٹھنے سے پہلے نعرے بازی بھی کی۔

    دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ’ایک چینل پر خبر چلی سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار کسی سے ہدایات لے رہا ہے، یہ سب مل کر ہمیں بیوقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔‘

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ ’اصل میں یہ سادہ کپڑوں میں ملبوس شخص کسی ادارے کا اہلکار نہیں، سادہ کپڑوں میں ملبوس شخص مریم نواز کا اپنا گارڈ ہے۔‘

    انہوں نے کہا کہ ’آپ لوگ کتنا جھوٹ اور بولیں گے۔’

     

    مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے گرفتاری کے روز نیوز کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو دروازہ توڑ کر گرفتار کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کو مزار قائد کا تقدس پامال کرنے پر 19 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا بعدازاں انہیں عدالت سے ضمانت پر رہائی ملی تھی۔

  • مزار قائد کی توہین کے مقدمے سے شاہی داماد کی توہین ہوگئی، شہبازگل

    مزار قائد کی توہین کے مقدمے سے شاہی داماد کی توہین ہوگئی، شہبازگل

    اسلام آباد : وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ کیا مزار قائد کی توہین کے مقدمے سے شاہی داماد کی توہین ہوگئی، سندھ کا شاہی خاندان اور پولیس منہ دکھانے کے قابل نہ رہی، قانون سب کے لیے ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شہباز گل نے کہا کہ بادشاہ کے داماد نے بابائے قوم کے مزار کی توہین کی، منہ چھپانے کی ضرورت نہ پڑی رات کو جلسے میں گلے پھاڑ پھاڑ کر تقریر کی۔

    ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ قانون کے مطابق مقدمہ درج ہوا، گرفتاری بھی ہوئی، کیا اس سے شاہی داماد کی توہین ہوگئی، سندھ کا شاہی خاندان منہ دکھانے کے قابل نہ رہا، پولیس کی بھی توہین ہوگئی؟

    ان کا کہنا تھا کہ عام عوام کا قانون الگ رکھنا ہے، یہ ظلم کا نظام ہے، جہاں تذلیل شاہی خاندان کرے، مظلوم بھی یہی ٹھہریں،
    جمہوریت کے نام پر یہ مذاق بند کرنا پڑے گا، اب قانون سب کے لیے ہوگا۔

    معاونِ خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ اب قانون پر عمل بھی ہوگا، انشاللہ یہی پاکستان کی منزل ہے، اسٹیٹس کو اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے، عوام کو مضبوط رہنا ہوگا، کاش ان لوگوں کو کچھ توہین اس وقت محسوس ہوتی جب ریکارڈ میں ردوبدل کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔

     

  • مزار قائد کسی کم ظرف سیاسی قیادت کے کھیل کا میدان نہیں، فواد چوہدری

    مزار قائد کسی کم ظرف سیاسی قیادت کے کھیل کا میدان نہیں، فواد چوہدری

    وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اور قائداعظم کا مزار کسی کم ظرف سیاسی قیادت کے کھیل کا میدان نہیں ہے، علی زیدی کا کہنا تھا کہ ذمہ داران کو سخت سے سخت سزاہونی چاہیے۔

    ن لیگ کی رہنما مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے اپنے رد عمل میں پولیس کارروائی کی حمایت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ مزار قائد کی توہین کسی طور قابل قبول نہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی جانب سے گرفتاری قانون کے احترام کا بیانیہ ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ مزار قائد پر اٹھکیلیاں، نعرے بازی اور غیرسنجیدہ طرز عمل قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، قائداعظم کا مزار کم ظرف سیاسی قیادت کے کھیل کا میدان نہیں، مزارقائد ہر پاکستانی کے لئے مقدس جگہ ہے، اس غیرسنجیدہ طرزعمل پر سزا ہونی چاہئے۔

    فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزارقائد پر کیپٹن ریٹارئرڈ صفدر کا طرز عمل انتہائی قابل اعتراض تھا، مزار قائد کے تقدس کی پامالی پر کارروائی لازمی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ اتنا وقت گزر گیا پر مریم نواز اور کیپٹن صفدر نے قوم سے معافی تک نہ مانگی، ان کو اپنے عمل پر کوئی افسوس ہی نہیں ہے، جب دیکھا کوئی شرمندگی ہی نہیں ہے تو پھرکارروائی ضروری کرنا ضروری ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ پولیس نے پیشہ ورانہ طرز عمل کا مظاہرہ کیا، پاکستان کا ہرسچا شہری اس کارروائی کی حمایت کرے گا، ان کا عمل قانونی اور اخلاقی دونوں طور پر قابل مذمت ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں فواد چوہردی نے کہا کہ مریم نواز خاتون ہیں ان کو کیا گرفتارکرنا، نعرے کیپٹن صفدر لگارہا تھا، کیپٹن صفدر مزار قائد پر نعرے لگا کرمریم کو بھی اکسا رہا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گفتگو سے لگتا ہے ذہنی طورپر ہلے ہوئے ہیں، گرفتاری کے بعد لگےہاتھوں کیپٹن صفدر کا دماغی معائنہ بھی کیا جائے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے کہا کہ کیپٹن (ر)صفدرکی گرفتاری بالکل ٹھیک ہے کیونکہ مزار قائد پر ہلڑبازی ناقابل برداشت ہے، ان کوعدالت سے سخت سے سخت سزا ہونی چاہیے۔

    انہوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزار قائد کے اندر نعرے لگانے اور تالیاں بجانے والوں کو کٹہرے میں لانا چاہیے، اگر یہ مانتے ہیں کہ مزار قائد پر جو ہوا غلط ہوا تومعافی مانگیں، معافی مانگنے کے لئے ان کے پاس سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم موجود ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی کے نجی ہوٹل سے کیپٹن (ر) صفدر گرفتار، تھانے منتقل

    واضح رہے کہ مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے موقع پر مزار کے احاطے میں کیپٹن (ر) صفدر نے سیاسی نعرے لگوائے تھے، ان کے اس عمل پر عوام اور حکومتی شخصیات کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔

    پولیس نے آج صبح کارروائی کرتے ہوئے ایک نجی ہوٹل پر چھاپہ مارا اور مزار قائد کی بے حرمتی کے الزام میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر اور پارٹی رہنما کیپٹن(ر) صفدرکو حراست میں لے لیا۔

  • مریم کی مزار قائد پر حاضری، کیپٹن (ر) صفدر نے سیاسی نعرے لگوادئیے

    مریم کی مزار قائد پر حاضری، کیپٹن (ر) صفدر نے سیاسی نعرے لگوادئیے

    کراچی: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز مزار قائد پر حاضری دینے پہنچیں تو ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے مزار کے تقدس کو پامال کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم جلسے میں شرکت سے قبل مریم نواز نے مزار قائد پر حاضری دی اس موقع پر ن لیگ کارکنان اور کیپٹن (ر) صفدر نے مقدس کے تقدس کو بھی پامال کردیا۔

    ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر نے مزار کے احاطے میں سیاسی احاطے نعرے لگواتے رہے۔

    عوام کو فاقے کرتا دیکھ کرہمارے دل گھبرا رہے ہیں، مریم نواز

    علاوہ ازیں مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم عوامی جذبات کی ترجمانی کررہی ہے، حکومت گوجرنوالہ جلسے سے ہل چکی ہے۔

    مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران کہتے ہیں گھبرانا نہیں مگر صرف عوام کی تکلیفیں دیکھ کر گھبراتے ہیں، عوام کو فاقے کرتا دیکھ کرہمارےدل گھبرارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنی ترجیحات بدلنا ہوں گی، ہماری تحریک ووٹ کوعزت دلانے تک جاری رہے گی۔

    مریم جہاں بھی گئیں قوانین کی پامالی کی، شہباز گل کا ردعمل

    معاون خصوصی شہباز گل نے مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے موقع پر تقدس کی پامالی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بی بی جہاں بھی گئی اس نے قوانین کی پامالی کی، کیا کبھی بابائے قوم کے مزار پر ایسی حرکتیں پہلے ہوئیں؟

    انہوں نے کہا کہ واقعی ان بچوں نے ایک پیسہ حلال کا نہیں کمایا، اب یہ ہرچیز کی دھجیاں اڑاتے پھر رہے ہیں، یہ عمل شرمناک ہے۔

  • کیپٹن صفدر اور رانا ثناء اللہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

    کیپٹن صفدر اور رانا ثناء اللہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

    لاہور : انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کیپٹن صفدر اور رانا ثناءاللہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی، ملزمان کے وکلا کا کہنا ہے کہ نیب آفس پرحملے،اور ہنگامہ آرائی کاالزام میں بےبنیاد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نیب آفس میں ن لیگ کی رہنما مریم نواز کی پیشی کے موقع پر ہونے والی ہنگامہ آرائی کے مقدمے سے متعلق درخواست کی سماعت کی گئی۔

    اے ٹی سی میں کیپٹن صفدر اور رانا ثنااللہ کی عبوری درخواست ضمانت پر عدالت نے دونوں ملزمان کی عبوری درخواست ضمانت میں22ستمبرتک توسیع کردی۔

    اس موقع پر کیپٹن صفدر عدالت میں حاضری کیلئے پیش ہوئےجبکہ رانا ثنااللہ قومی اسمبلی کے سیشن میں ہونے کی بنا پر پیش نہ ہوسکے، رانا ثنااللہ کی عدم حاضری سے معافی کی درخواست عدالت میں جمع کرائی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ رانا ثناءاللہ قومی اسمبلی کےاجلاس میں شرکت کی بنا پر عدالت کے روبرو پیش نہ ہوسکے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت رانا ثناءاللہ کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرے۔

    سماعت کے موقع پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزمان پولیس پر پتھراؤ کرانے اور ہنگامہ آرائی میں ملوث ہیں،ملزمان کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب آفس پر حملے اور ہنگامہ آرائی کا الزام میں بے بنیاد ہے۔

  • نوازشریف، مریم اور کیپٹن صفدر اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہائی کے بعد جاتی امراء پہنچ گئے

    نوازشریف، مریم اور کیپٹن صفدر اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہائی کے بعد جاتی امراء پہنچ گئے

    لاہور : نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہائی کے بعد جاتی امراء پہنچ گئے، شہبازشریف کی جانب سے حکومت پنجاب سے ان کی رہائی کی درخواست کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے نوازشریف کی پیرول پر رہائی کےاحکامات جاری کیے جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا رہائی  کے بعد یہ تینوں شخصیات جاتی امراء پہنچے، جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین  میں شرکت کریں گے ۔

    شہبازشریف نے ہوم سیکرٹری پنجاب کو 5روز کیلئے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی پیرول پر رہائی کیلئے درخواست دی تھی، جس پر محکمہ داخلہ پنجاب نے تینوں کی پیرول پر رہائی کے فوری احکامات جاری کیے۔

    حکومت نے ان کو ابتدائی طور پر 12گھنٹے کیلئے رہا کیا ہے جس کے بعد پیر ول پر رہائی میں اضافہ کیا جائیگا،قانون کے مطابق نواز شریف  مریم اور کیپٹن صفدر کو 12گھٹنے سے زائد پیرول پر رہا نہیں کیا جا سکتا۔

    رہائی کے بعد نوازشریف، مریم اورکیپٹن صفدر کو بےنظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچایا گیا، جہاں سے وہ خصوصی پرواز سے لاہور روانہ ہوئے اور جاتی جاتی امراء پہنچے۔

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف رہائی سے سات گھنٹے قبل اڈیالہ جیل پہنچے تھے جہاں انہوں نے نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی تھی۔

    انہوں نے نوازشریف سے مشاورت کے بعد پیرول پر رہائی کی درخواست دی جسے حکومت نے تینوں شخصیات کو انسانی ہمدردی کے تحت وقت سے پہلے پیرول پر رہا کیا، وزیراعظم عمران خان نے بھی نوازشریف کیلئے ہرممکنہ قانونی سہولت کی ہدایت کی تھی۔

    محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق نوازشریف، مریم اور کیپٹن ر صفدر کی 12گھنٹے کے لئے پیرول پررہائی کےاحکامات جاری کیے گئے، انسانی ہمدری کے تحت پیرول کی مدت میں 12گھنٹے بعد توسیع کا بھی قوی امکان ہے۔

    یاد رہے کہ سابق صوبائی وزیر راناثناءاللہ نے کہا تھا کہ نوازشریف پیرول پررہائی کی درخواست نہیں دیں گے, راناثناءاللہ کے دعوے کےباوجود پیرول پر رہائی کی درخواست دی گئی

    اس حوالے سے قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت پیرول کی مدت میں وقفے وقفے سے تین پر بار اضافہ کرسکتی ہے اوراگر اس کے بعد پیرول کی مدت میں مزید اضافہ مطلوب ہو تو مزید رہائی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

  • مریم نواز اورصفدر کا نام ہٹا کر نئے بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے، الیکشن کمیشن

    مریم نواز اورصفدر کا نام ہٹا کر نئے بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ عدالت سے جو بھی فیصلہ آئے اس سے انتخابات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، مریم نواز کا نام ہٹا کر نئے بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔

    یہ بات الیکشن کمیشن کے ترجمان نے اپنے ایک جاری بیان میں کہی، تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدرکو سزا سنائے جانے کے فیصلے کے بعد ترجمان الیکشن کمیشن نے بیان جاری کیا ہے۔

    بیان  میں کہا گیا ہے کہ عدالت کی جانب سے جس کو بھی سزا ہو وہ نااہل ہوجاتا ہے، اور  کسی کی نااہلی سےانتخابات پرکوئی فرق نہیں پڑےگا، ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سزا اور نااہلی کے بعد مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ہٹا کر نئے بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو دس سال قید اورجرمانے کی سزا سنادی ہے جبکہ مریم نواز کو سات سال قید مع جرمانہ جبکہ کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔ فیصلے کے مطابق مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر دس سال تک سیاست کیلئے نااہل ہوچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔