Tag: car crash

  • گریمی ایوارڈز کی نامزد گلوکارہ خطرناک حادثے میں ہلاک

    گریمی ایوارڈز کی نامزد گلوکارہ خطرناک حادثے میں ہلاک

    گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد گلوکارہ اینجی اسٹون کار حادثے میں ہلاک ہوگئیں۔

    گریمی کے لیے نامزد کردہ لاورن براؤن اینچی کے نام سے مشہور گلوکارہ اینجی اسٹون المناک طور پر ایک کار حادثے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں، ان کی عمر 63 برس تھی۔

    میوزک انڈسٹری میں گہرے نقوش چھوڑنے والی اینجی اسٹون کو ان کے ہپ ہاپ گروپ The Sequence اور  R&B ہٹ گانوں جیسے Wish I Didn’t Miss You کی وجہ سے جانا جاتا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یکم مارچ کی صبح 4 بجے کے قریب گاڑی اینجی اسٹون الاباما سے اٹلانٹا واپسی کے راستے میں سفر کر رہی تھی، اس دوران ان کی کار کو حادثہ ایک 18 وہیلر ٹرک کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔

    41 سالہ لادی ڈائمنڈ نے اپنی والدہ کے انتقال کی افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے فیس بک پر لکھا، ’’میری ماں چلی گئی ہے۔ ‘‘

    واضح رہے کہ اینچی اسٹون 18 دسمبر 1961 کو کولمبیا جنوبی کیرولائنا میں پیدا ہوئی تھیں، انہوں نے 10 سولو البمز ریلیز کیے اور 3 بار گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہوئیں، انہوں نے موسیقی کے علاوہ ٹی وی اور فلم میں بھی کام کیا۔

  • تیز رفتار کار نے بے قابو ہو کر اے ٹی ایم مشین تباہ کر دی

    تیز رفتار کار نے بے قابو ہو کر اے ٹی ایم مشین تباہ کر دی

    شمالی کیرولائنا: امریکا کے ایک شہر گرینزبورو میں ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر اے ٹی ایم مشین میں گھس گئی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح شمالی کیرولائنا کے شہر گرینزبورو میں نارتھ ہولڈن روڈ پر کار کے حادثے میں ایک اے ٹی ایم کو شدید نقصان پہنچا ہے، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گاڑی گیٹ سٹی بلیوارڈ سے شمال کی طرف جا رہی تھی جب اس نے اے ٹی ایم بوتھ کو ٹکر مار دی۔

    پولیس افسران کے مطابق گاڑی نے بے قابو ہو کر قلابازیاں کھانی شروع کر دی تھیں، پہلے اس کی زد پر اے ٹی ایم آئی، اور پھر وہ قریب ریسٹورنٹ کی پارکنگ میں جا کر رک گئی۔

    حادثے کے فوراً بعد کار میں آگ بھی بھڑک اٹھی، تاہم ایک راہگیر نے بروقت ڈرائیور کو گاڑی سے باہر نکال لیا تھا، جسے بعد ازاں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کار بے قابو ہو کر سڑک سے کیوں اتر گئی تھی، تاہم حادثے کی وجہ کی تحقیقات جاری ہے۔

  • تیز رفتار خونی کار نے 6 مزدوروں کو کچل ڈالا

    تیز رفتار خونی کار نے 6 مزدوروں کو کچل ڈالا

    بالٹی مور : امریکہ میں خوفناک کار حادثہ میں 6 مزدور ہلاک ہوگئے، سامنے سے آنے والی کار انہیں کچلتی ہوئی الٹ گئی، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ میں تعمیراتی علاقے میں کام کے دوران خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں وہاں کام کرنے والے 6 مزدور جان کی بازی ہار گئے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ رات 12:40 بجے کے قریب پیش آیا، ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ عارضی طور پر رکھے گئے کنکریٹ بلاک کی دیواروں کے درمیان چلنے والی ایک بھوری رنگ کی تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی اور تعمیراتی علاقے میں کام میں مصروف کارکنان کو ٹکر مارنے کے بعد الٹ گئی۔

    حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کار کی ٹکرسے وہاں موجود تمام چھ افراد نے جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ دیا، تاہم ابھی ہلاک شدگان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

    حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور بھی کار الٹنے سے زخمی ہوا ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور لین تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران کار اچانک سائیڈ پر رکھے کنکریٹ بلاک سے ٹکرا گئی۔

  • تیز رفتار گاڑی کو خطرناک حادثہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    تیز رفتار گاڑی کو خطرناک حادثہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    دنیا بھر میں اکثر ٹریفک حادثات تیز رفتار گاڑیوں کی وجہ سے ہوتے ہیں اور تیز رفتاری کے خطرات جاننے کے باوجود ڈرائیورز تیز گاڑی چلانا پسند کرتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق ایک تیز رفتار اور ایک کم رفتار گاڑی کو کوئی حادثہ ہو تو دونوں کے الگ اثرات مرتب ہوں گے، اس بات کا ثبوت ایک ویڈیو سے بھی ملتا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ایک بھارتی شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ مختلف رفتار پر کوئی گاڑی اگر کسی چیز جیسے کسی پلر سے ٹکراتی ہے تو اس پر کیا اثرات ہوتے ہیں۔

    ویڈیو کی شروعات میں گاڑی کو 30 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اس کے پلر سے ٹکرانے پر گاڑی کے اگلے حصے کو نقصان پہنچتا ہے۔

    اس کے بعد گاڑی کی رفتار اور تصادم کے بعد پہنچنے والے نقصان میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔

    دراصل ویڈیو کا مقصد آگاہی پھیلانا ہے کہ کم رفتار پر گاڑی چلائی جائے تو کسی حادثے کی صورت میں اندر موجود افراد کی جانیں بچ سکتی ہیں، لیکن گاڑی کی رفتار جتنی زیادہ ہوگی اندر بیٹھے افراد کو بھی اتنا ہی خطرہ ہے۔

    تیز رفتار گاڑی کو ہونے والا معمولی سا حادثہ بھی کئی افراد کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ اس صورت میں گاڑی تصادم میں بالکل تباہ ہوجاتی ہے۔

    ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف تبصرے کیے، ایک شخص نے کہا کہ گاڑی کی صحیح رفتار وہی ہے جس میں آپ گاڑی کو کنٹرول کر سکیں۔

  • کراچی:ملیر میمن گوٹھ کے قریب گاڑی نے بچوں کو روند ڈالا

    کراچی:ملیر میمن گوٹھ کے قریب گاڑی نے بچوں کو روند ڈالا

    کراچی: شہر قائد میں دلخراش حادثہ رونما ہوا ہے، جہاں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 6 سالہ بچی جاں بحق جبکہ 4 بچے زخمی ہوگئے ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ ملیر میمن گوٹھ میں اس وقت پیش آیا جب بچے گلی میں کھیل رہے تھے کہ تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر دے ماری، دلخراش حادثے میں چھ سالہ بچی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چار بچے زخمی ہوئے، واقعے کے بعد زخمی بچے لہولہان مدد کے لئے پکارتے رہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ڈرائیور کار کو موقع واردات پر چھوڑ کر فرار ہوگیا ہے، جس کی تلاش شروع کردی گئی ہے، حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس جائے حادثے پر پہنچی اور جاں بحق بچی و زخمی بچوں کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق ٹریفک حادثے میں زخمی 4بچےجناح اسپتال میں زیرعلاج ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر جاں بحق بچی اور زخمی بچوں کے اہل خانہ سمیت علاقہ مکین بڑی تعداد میں جناح اسپتال پہنچ گئے، واقعے پر لوگوں میں سخت اشتعال پایاجاتا ہے۔

  • سرکاری اداروں کی سستی: خاندان 27 سال تک اپنے پیارے کی موت سے بے خبر رہا

    سرکاری اداروں کی سستی: خاندان 27 سال تک اپنے پیارے کی موت سے بے خبر رہا

    میڈرڈ: اسپین کی ایک عدالت نے ایک متاثرہ خاندان کو 1 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈز کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا ہے جو 27 سال تک اپنے پیارے کو لاپتہ سمجھتا رہا اور اسے اس کی موت کی خبر نہیں ہوئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 8 دسمبر سنہ 1990 کو اسپین کے جنوبی شہر میں ایک کار کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں موجود شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    6 دن بعد مذکورہ شخص کے اہلخانہ نے اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی یہ جانے بغیر کہ ان کا عزیز اس دنیا سے گزر چکا ہے۔

    اس کیس میں پولیس اور متعلقہ محکموں نے اس قدر غیر ذمہ داری اور غفلت کا مظاہرہ کیا کہ یہ خاندان 27 سال تک اپنے پیارے کی موت سے بے خبر رہا یہاں تک کہ 12 جون 2017 کو انہیں علم ہوا کہ وہ جسے لاپتہ سمجھ رہے ہیں وہ اس دنیا میں نہیں ہے۔

    سرکاری محکموں کی غفلت کا علم ہونے کے بعد محکمہ داخلہ کی جانب سے متاثرہ خاندان کو ایک معمولی رقم بطور معاوضہ دینے کی پیشکش کی گئی تاہم دکھ اور غصے سے بھرے بہن بھائی اور والدہ عدالت پہنچ گئے۔

    اب عدالت نے اسپین کی گورنمنٹ کو مذکورہ خاندان کو 1 لاکھ 20 ہزار پاؤنڈز بطور معاوضہ دینے کا حکم دیا ہے، اس میں سے 58 ہزار پاؤنڈز والدہ اور 18، 18 ہزار پاؤنڈز بہن بھائیوں کو دیے جائیں گے۔

    عدالت نے اس سے کہیں زیادہ رقم کا جرمانہ وزارت داخلہ پر بھی عائد کیا ہے۔

    مقامی پولیس نے بھی عدالت میں اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور بتایا کہ ان کے پاس موجود گمشدہ و لاپتہ افراد، اور لاوارث حالت میں ملنے والی لاشوں کے ڈیٹا میں ہم آہنگی کا فقدان ہے۔

    پولیس کے مطابق مختلف محکموں کے درمیان رابطوں کی کمی کی وجہ بھی اس خاندان کی اذیت کا سبب بنی۔

  • دبئی: ٹریفک حادثے میں پاکستانی خاندان کے 3 افراد ہلاک، بچہ زخمی

    دبئی: ٹریفک حادثے میں پاکستانی خاندان کے 3 افراد ہلاک، بچہ زخمی

    دبئی : متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں تین پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے العین روڈ پر تیز رفتار جیپ اور کار میں ٹکر کے باعث خوفناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 3 افراد ہلاک اور ایک بچہ زخمی ہوگیا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 29 سالہ پاکستانی شہری محمد فیاض کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والی خواتین میں ایک مذکورہ شخص کی بہن اور دوسری اہلیہ تھی۔

    میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثہ محروم کی غلطی سے پیش آیا، پاکستانی شہری نے اپنی گاڑی سڑک کے درمیان پارک کرنے کے باعث پیش آیا۔ عرب شہری نے اعتراف کیا کہ اس کی جیپ نے غلط پارکنگ کے باعث پاکستانی شہری کی گاڑی کو روند دیا۔

    دبئی پولیس کے مطابق ہلاک شدگان کو حادثے کے نتیجے میں شدید چوٹیں آئیں تھیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا تھا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے جبکہ بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    دبئی پولیس کے ترجمان کرنل خلیلی کا کہنا تھا کہ حادثے کی اطلاع صبح 9 بجکر 45 منٹ پر موصول ہوئی، حادثہ ہلاک شخص کی غلطی سے پیش آیا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقتولین کی لاشیں اہلخانہ کے حوالے کردی گئی ہیں۔

  • پاکستانی نژاد سوشل میڈیا اسٹار کار حادثے میں شدید زخمی

    پاکستانی نژاد سوشل میڈیا اسٹار کار حادثے میں شدید زخمی

    دمشق: پاکستانی نژاد کینیڈین شہری اور  معروف سوشل میڈیا اسٹار شام ادریس ٹریفک حادثےمیں شدید زخمی ہوگئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق معروف سوشل میڈیا اسٹار شام ادریس اپنے دوستوں کے ہمراہ سفر کررہے تھے کہ اچانک اُن کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث دوسری کار سے ٹکرا گئی۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں کے اگلے حصے مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور ان میں سوار افراد بری طریقے سے زخمی ہوئے، سوشل میڈیا اسٹار ادریس شام کو بھی حادثے کے نتیجے میں شدید چوٹیں لگیں۔

    ہائی وے پر ہونے والے حادثے کے بعد جب ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پہنچے تو انہوں نے ایک زخمی نوجوان کو ڈرائیونگ سیٹ والے حصے سے بمشکل باہر نکلا جبکہ بقیہ افراد کو گاڑی کے دورازے توڑ کر نکالا گیا۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق سوشل میڈیا اسٹار کے سیدھے ہاتھ، پیروں اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں جبکہ اُن کا خون بھی بہت زیادہ بہہ گیا جس کی وجہ سے اُن کی حالت شدید ناساز ہے۔

    سوشل میڈیا اسٹار کی آئی ڈی سے حادثے کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جسے اب تک ہزاروں صارفین دیکھ چکے ہیں۔

     

    حادثے کے وقت شام ادریس کے ساتھ دو خواتین سمیت اُن کے تین دوست موجود تھے وہ بھی زخمی ہوئے تاہم انہیں اس قدر شدید چوٹیں نہیں آئیں، سوشل میڈیا اسٹار اس وقت آئی سی یو میں جبکہ اُن کے دوستوں کو عام وارڈ میں شفٹ کردیا گیا۔

    تین روز گزر جانے کے باوجود بھی ادریس شام انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل ہیں جبکہ اُن کے دوستوں کو اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ شام ادریس پاکستانی نژاد کینیڈین شہری ہیں جو یوٹیوب اور دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنی ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں، سوشل میڈیا پر انہیں اس وقت تقریباً 15 لاکھ صارفین فالو کررہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔