Tag: car theft

  • کراچی : گاڑیاں چوری کرنے والے گروہ اب نہیں بچ سکیں گے

    کراچی : گاڑیاں چوری کرنے والے گروہ اب نہیں بچ سکیں گے

    کراچی : اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی (اے وی ایل سی) نے شہر میں کار چوری میں ملوث گروہوں کو گرفت میں لینے کیلئے پوری تیاری کرلی، دکانداروں اور کباڑیوں کو  بھی نہیں بخشا جائے گا۔

    کراچی میں گاڑیاں چوری کرکے ان کا سامان فروخت کرنے والے گروہوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا، اس سلسلے میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی (اے وی ایل سی) نے باقاعدہ کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی اے وی ایل سی عارف راؤ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کا سامان بیچنے والے کباڑیوں کی رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کباڑیوں اور استعمال شدہ اسپیئر پارٹس بیچنے والوں کے کوائف بھی جمع کئے جارہے ہیں، کارروائی کے دوران دکانداروں اور کباڑیوں کے فنگر پرنٹس کو بھی ریکارڈ کاحصہ بنایا جارہا ہے۔

    ایس ایس پی عارف راؤ کا مزید کہنا تھا کہ ان افراد کے مکمل کوائف جمع کرنے سے جرائم پیشہ افراد کے رابطے تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں پرائیویٹ گاڑیوں کے ساتھ ساتھ سرکاری گاڑیوں کی چوری کی وارداتیں بھی کی جارہی ہیں، رواں سال درجنوں پرائیویٹ اور سرکاری گاڑیاں چوری کی جا چکی ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں سرکاری گاڑیاں چوری ہونے لگیں

    پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران شہر کراچی میں 25 سرکاری گاڑیاں چوری اور 39 گاڑیاں چھینی گئیں۔ ایک اندازے کے مطابق ان گاڑیوں کی مالیت تقریباً 10 کروڑ روپے بنتی ہے ۔

  • سعودی عرب میں چوری کی انوکھی واردات، ویڈیو وائرل

    سعودی عرب میں چوری کی انوکھی واردات، ویڈیو وائرل

    جدہ : چور دن دہاڑے قیمتی گاڑی لے کر فرار ہوگیا جبکہ برابر میں کھڑا گاڑی کا مالک دیکھتا رہ گیا، سوشل میڈیا پر دلچسپ وڈیو وائرل ہوگئی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق گاڑی چوری کی سی سی ٹی وی وڈیو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی کا مالک سڑک کے کنارے گاڑی کو اسٹارٹ چھوڑ کر برابر میں کھڑا ہوگیا۔

    وہ مختلف اشیا کے نرخ دریافت کرنے میں مشغول تھا کہ اس دوران دوسری گاڑی میں آنے والے ایک شخص نے اس کی گاڑی کا دروازہ کھولا اور اسے لے کر باآسانی فرار ہوگیا۔

    چند لمحوں بعد جب اس کا مالک متوجہ ہوا تو اپنی گاڑی کو غائب دیکھ کر اس نے شور مچانا شروع کردیا اور گھبراہٹ میں سڑک پر ادھر ادھر دوڑتا رہا۔

    یاد رہے کہ سعودی محکمہ ٹریفک نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں پر پابندی لگاتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص اپنی گاڑی اسٹارٹ حالت میں کہیں بھی نہ چھوڑے۔

    واضح رہے کہ مختلف شہروں اور قصبوں میں اسٹارٹ حالت میں چوری ہونے والی گاڑیوں کی اطلاعات ملتی رہتی ہیں، محکمہ ٹریفک شہریوں کو اس حوالے سے بار بار متنبہ کرتا رہتا ہے کہ اسٹارٹ حالت میں گاڑی چھوڑنا نہ صرف مالک کے لیے نقصان دہ عمل ہے بلکہ یہ اب ٹریفک خلاف ورزیوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔

  • کراچی: موٹرسائیکل چوری کرنے والے گروہوں کے گرد گھیرا تنگ

    کراچی: موٹرسائیکل چوری کرنے والے گروہوں کے گرد گھیرا تنگ

    کراچی: اینٹی کار لفٹنگ سیل نے کراچی میں موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کرنے میں ملوث گروہوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے ، 100 انتہائی مطلوب ملزمان کی تصاویر جاری کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے سی ایل سی ان دنوں موٹر سائیکل چھیننے اور چرانے والے منظم نیٹ ورک کی سرکوبی کے لیے سرگرم ہے ، گزشتہ چند ماہ میں اس سلسلے میں سینکڑوں کاروائیاں عمل میں لائی گئیں ہیں جن میں 400 کاریں اور ایک ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں بازیاب کرکے مالکان کے حوالے کی گئی ہیں۔

    ایس ایس پی ( سی پی ایل سی ) اسد رضا کا کہنا ہے کہ رواں سال جنوری سے آج تک مختلف کارروائیوں میں 300 سے زائد ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے 100 انتہائی مطلوب افراد کی فہرست بھی جاری کردی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ میں اے سی ایل سی اور ملزمان کے گروہوں کے درمیان 10 مقابلے بھی ہوئے اور پولیس نے انتہائی کامیابی سے موٹر سائیکل لفٹر ز کے 51 گروپس کو کامیابی کے ساتھ ختم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ملزم سہولت کاروں کی مدد سے کارروائی کرتے تھے ، زیادہ تر کا تعلق کراچی اور بلوچستان سے ہے۔ گرفتار ہونے والے ملزمان سے تفتیش کرکے سہولت کاروں کو بھی اب حراست میں لیا جارہا ہے۔

    ایس ایس پی اسد رضا کے مطابق اے سی ایل سی اب سہولت کاروں کی سرکوبی میں مشغول ہے جس کے لیےکراچی کے تمام تھانوں ، اداروں اور پبلک مقامات پر موسٹ وانٹڈ افراد کی تصاویر آویزاں کردیں گئی ہیں۔ یہ افراد موٹر لفٹنگ میں پولیس کو مطلوب ہیں۔

    دوسری جانب اے سی ایل سی کی جانب سے ایک لسٹ اور شائع کی گئی ہے جس میں شہریوں کو اپنی موٹرسائیکل کی حفاظت کے لیے ممکنہ احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا ہے۔ لسٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل یا گاڑی چوری ہونے یا چھن جانے کی صورت میں کون سے اقدامات ہیں جو کہ شہریوں کو ان کی املاک واپس دلانے میں مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں