Tag: CAR

  • بم اور میزائل حملے سے بھی محفوظ امریکی صدر کی مہنگی ترین گاڑی

    بم اور میزائل حملے سے بھی محفوظ امریکی صدر کی مہنگی ترین گاڑی

    واشنگٹن: امریکی صدر کے زیر استعمال کار، دنیا کی مہنگی ترین گاڑی ہے، یہ بم پروف ہے جس پر نہ میزائل حملہ اثر کرتا ہے نہ ہی اس کو دھماکے سے اڑایا جا سکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی صدر کی مشہور زمانہ گاڑی کا نام بیسٹ ہے اور یہ دنیا کی مہنگی اور محفوظ ترین کار ہے۔

    اس گاڑی کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ بم پروف ہے جس پر نہ میزائل حملہ اثر کرتا ہے نہ ہی اس کو دھماکے سے اڑایا جا سکتا ہے۔

    یہ کار 6 طاقت ور سلنڈروں کے ساتھ زمین پر ایک قسم کا چلتا پھرتا جہاز بھی ہے، اس گاڑی کی تیاری پر کم و بیش 1.5 ملین ڈالر کے اخراجات بتائے جاتے ہیں۔

    جو بائیڈن امریکا کے 46 ویں صدر ہیں اور اسی مناسبت سے گاڑی کی نمبر پلیٹ پر بھی 46 لکھا گیا ہے۔ یہ گاڑی کیڈلک کمپنی کی تیار کردہ ہے جس میں 7 افراد سوار ہو سکتے ہیں۔

    گاڑی میں تاریکی میں دیکھنے کے لیے خصوصی کیمروں کے علاوہ کیمیائی حملوں سے محفوظ رکھنے والے خصوصی انتظامات بھی ہیں، اس کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کے ٹائر فائرنگ سے نہیں پھٹ سکتے جبکہ دروازوں کی موٹائی 20 انچ ہے۔

  • خوفناک روڈ ایکسیڈنٹ، راہ گیروں نے بائیک سوار کی جان کیسے بچائی؟

    خوفناک روڈ ایکسیڈنٹ، راہ گیروں نے بائیک سوار کی جان کیسے بچائی؟

    امریکا میں ایک ٹریفک ایکسیڈنٹ کے دوران بائیک سوار گاڑی کے نیچے پھنس گیا، آس پاس موجود راہ گیروں نے مل کر گاڑی کو وہاں سے ہٹایا جس کے بعد مذکورہ شخص کی جان بچ گئی۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ایک گاڑی بائیک سے ٹکراتی ہے جس پر ایک مرد اور خاتون سوار ہیں۔

    خاتون بچ جاتی ہیں لیکن مرد بائیک سمیت گاڑی کے نیچے پھنس جاتا ہے، آگے جانے والا ایک اور بائیک سوار یہ منظر دیکھ کر فوراً گاڑی کی طرف دوڑتا ہے اور نیچے پھنسے شخص کو بچانے کی کوشش کرتا ہے۔

    اس دوران آس پاس لوگ جمع ہوجاتے ہیں، تمام افراد گاڑی کے گرد جمع ہوجاتے ہیں اور نیچے موجود شخص کو نکالنے کے لیے سب مل کر گاڑی کو اوپر اٹھا لیتے ہیں۔

    نیچے موجود شخص بحفاظت نکل آتا ہے جس کے بعد دونوں بائیک سواروں کو اسپتال پہنچا دیا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے اس پر تعریفی کمنٹس کیے اور راہ گیروں کو سراہا۔

  • کم عمر چور نے پولیس سے بچنے کے لیے چلتی گاڑی سے چھلانگ لگا دی

    کم عمر چور نے پولیس سے بچنے کے لیے چلتی گاڑی سے چھلانگ لگا دی

    امریکا میں ایک کم عمر گاڑی چور نے پولیس سے بچنے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال دی اور چلتی گاڑی سے چھلانگ لگا دی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اوہائیو میں پیش آیا جو پولیس کی گاڑی کے ڈیش کیم میں ریکارڈ ہوگیا۔

    پولیس ایک چرائی ہوئی گاڑی کا پیچھا کر رہی تھی جسے ایک 16 سالہ نوجوان چرا کر لے جارہا تھا۔

    پولیس سے بچنے کے لیے اچانک لڑکے نے چلتی گاڑی کا دروازہ کھولا اور باہر چھلانگ لگا دی، چھلانگ لگانے کے بعد اس نے کئی قلابازیاں کھائیں اور سڑک کی ریلنگ سے بھی ٹکرایا۔

    بعد ازاں اس نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن پولیس کے ہاتھوں پکڑا گیا۔

    پولیس کے مطابق لڑکے کو معمولی چوٹیں آئیں جس کے لیے اسے اسپتال منتقل کیا گیا، لڑکے پر گاڑی چوری کے چارجز عائد کیے گئے ہیں، اسپتال سے فارغ ہونے پر اسے پولیس لاک اپ میں ڈال دیا جائے گا۔

  • اپنا نخرہ ساتھ لے کر جاؤں گی: ننھی بچی کی معصومانہ ویڈیو وائرل

    اپنا نخرہ ساتھ لے کر جاؤں گی: ننھی بچی کی معصومانہ ویڈیو وائرل

    ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر ایک ننھی سی بچی کی ویڈیو نے صارفین کو بے حد محظوظ کیا جس میں وہ اپنا نخرہ اپنے ساتھ باہر لے کر جانے کے لیے والدین سے مذاکرات کر رہی ہے۔

    ٹک ٹاک پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو میں ایک ننھی سی بچی تیار ہو کر بیگ لٹکائے والدین کے ساتھ گھر سے روانہ ہورہی ہے جب اس کی والدہ اسے کہتی ہیں کہ زوئی تمہیں یاد ہے میں نے تم سے کیا کہا تھا، باہر جانے سے قبل تم اپنا نخرہ گھر پر چھوڑ کر جاؤ گی۔

    بچی نے کہا کہ وہ اپنا نخرہ اپنے ساتھ لے کر جانا چاہتی ہے جس پر والدہ کہتی ہیں کہ نہیں تم اسے کار میں نہیں لے کر جاسکتیں۔

    بچی جھنجھلا کر رونے لگتی ہے جس پر والدین فوری طور پر اس کی بات مان جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ٹھیک ہے اپنا نخرہ کار میں ساتھ لے جاؤ لیکن تم اسے ریسٹورنٹ میں ساتھ لے کر نہیں جاسکتیں۔

    @clarissamurillo29Proof Zoe’s always been the bucket dipper.♬ original sound – clarissamurillo29

    بچی رضا مندی سے اپنا سر ہلاتی ہے اور خوشی سے کھلکھلا کر ہنسنے لگتی ہیں۔

    اس ویڈیو کو 24 ملین سے زائد بار دیکھا گیا، صارفین بچی کی معصومیت اور والدین کے اسے ہینڈل کرنے کے طریقے سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

     

  • غلط موڑ مڑنے کے باعث گاڑی ٹرام کے ٹریک پر آگئی

    غلط موڑ مڑنے کے باعث گاڑی ٹرام کے ٹریک پر آگئی

    ترکی میں ایک گاڑی غلط موڑ مڑ کر ٹرام کے ٹریک پر چلی گئی، خوش قسمتی سے واقعے میں ڈرائیور سمیت کوئی زخمی نہیں ہوا۔

    ترک شہر استنبول کے توپ کاپی اسٹیشن پر پیش آنے والا یہ واقعہ سرویلنس کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور نے ایک مصروف انٹر سیکشن پر موڑ کاٹا تو گاڑی ٹرام کے ٹریک پر آگئی۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرام کے اسٹیشن پر ٹرام کے منتظر مسافروں نے گاڑی دیکھی تو وہ حیران پریشان رہ گئے۔

    فوراً ہی پولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس اور فائر بریگیڈ کی مدد سے گاڑی کو روکا جاسکا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں ڈرائیور محفوظ رہا۔

  • سعودی عرب: خواتین کے لیے لیموزین ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا

    سعودی عرب: خواتین کے لیے لیموزین ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے خواتین کے لیے لیموزین ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا شروع کردیا ہے، خواتین مختص کردہ 18 ڈرائیونگ اسکولز سے لائسنس حاصل کرسکتی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے خواتین کے لیے لیموزین ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا شروع کردیا ہے، لائسنس جاری کرنے کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ خواتین کے لیے 18 ڈرائیونگ اسکولز مخصوص کیے گئے ہیں جہاں سے وہ لیموزین ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتی ہیں۔

    محکمے کے مطابق مملکت کے مختلف صوبوں اور کمشنریوں میں 18 ڈرائیونگ اسکولز کھلے ہوئے ہیں، ریاض، الشرقیہ، عسیر، جازان، نجران، الجوف، حائل، طائف اور جدہ میں واقع ڈرائیونگ اسکولوں سے خواتین ٹیکسی لائسنس حاصل کر سکتی ہیں۔

    یاد رہے کہ مملکت میں خواتین کو ڈرائیونگ کرنے کی اجازت ملنے کے بعد بڑی تعداد میں مقامی اور غیر ملکی خواتین ڈرائیونگ کر رہی ہیں۔

    اس ضمن میں ایک سروے میں کہا گیا تھا کہ خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت ملنے کے بعد مملکت میں گھریلو ڈرائیورز کی طلب میں کافی کمی واقع ہوگئی ہے، ڈرائیونگ کی اجازت سے قبل سعودی عرب میں سب سے زیادہ طلب گھریلو ڈرائیورز کی ہوتی تھی۔

  • سعودی عرب: اپنی گاڑی دیتے ہوئے این او سی کیوں ضروری ہے؟

    سعودی عرب: اپنی گاڑی دیتے ہوئے این او سی کیوں ضروری ہے؟

    ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ اپنی گاڑی عارضی طور پر کسی کو دینے سے قبل این او سی ضرور تیار کروائیں تاکہ گاڑی کا مالک غیر ضروری چالانوں سے بچ سکیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ادارہ ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ گاڑی کے مالک کی جانب سے دوسرے شخص کو عارضی طور پر گاڑی دیتے ہوئے مقررہ این او سی دینے پر مالک کا چالان نہیں کیا جائے گا۔

    محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ وضاحت میں کہا گیا کہ دوسرے شخص کو گاڑی دینے سے قبل این اوسی کا مقصد گاڑی کے مالک کے حقوق کا تحفظ ہے۔

    این او سی کا مقصد ہے کہ جو شخص گاڑی چلا رہا ہو، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں ٹریفک چالان اسی کے نام سے جاری ہو بصورت دیگر گاڑی کے مالک کے نام پر چالان ہوگا۔

    یاد رہے کہ ادارہ ٹریفک پولیس کے قانون کے مطابق کسی کو عارضی طور پر اپنی گاڑی دینے سے قبل ابشر اکاؤنٹ سے این او سی بنانا ضروری ہے تاکہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی کے مالک کو قانونی مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    خود کار ٹریفک چالان سسٹم کی وجہ سے کسی بھی خلاف ورزی پر سسٹم گاڑی کی نمبر پلیٹ کے ذریعے مالک کے شناختی کارڈ یا اقامہ نمبر پر چالان بھیج دیتا ہے۔

    این او سی جاری ہونے کی صورت میں محدود وقت کے لیے گاڑی جس کے استعمال میں ہوتی ہے چالان بھی اسی کے نام سے رجسٹر کیا جاتا ہے۔

    کرائے پر گاڑی لیتے وقت رینٹ اے کار سروس والوں کی جانب سے بھی این او سی جاری کیا جاتا ہے جس کی اطلاع کرائے پر گاڑی لینے والے کے موبائل پر دی جاتی ہے۔

    جب گاڑی واپس کی جاتی ہے تو لازمی ہے کہ اپنی موجودگی میں ہی این او سی ختم کروایا جائے تاکہ گاڑی، عارضی طور پر لینے والے کے نام سے ہٹ سکے۔

  • کار پر خوفناک مکڑیوں کا حملہ، دہشت ناک ویڈیو

    کار پر خوفناک مکڑیوں کا حملہ، دہشت ناک ویڈیو

    آسٹریلیا مختلف جنگلی حیات کا گھر ہے اور یہ مقامی حیات اکثر انسانوں کے درمیان بھی آجاتی ہیں، ایسی ہی ایک خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے جنہیں اپنی کار میں نہایت ہوش ربا منظر نظر آیا۔

    ڈینیئل گلاسکو نامی خاتون نے اپنی پارک شدہ گاڑی کو کھولا تو اس کے اندر مکڑی کے سینکڑوں ننھے ننھے بچے اور ان کی خوفناک ماں کو دیکھ کر ان کی سانسیں رک گئیں۔

    یہ ہنٹس مین اسپائیڈر تھی جو اپنے بچوں کے ساتھ کار میں آ پہنچی تھی۔ جسامت میں عام مکڑیوں سے بڑی اور خوفناک دکھنے والی یہ مکڑی آسٹریلیا میں نہایت عام ہے۔

    لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں اکثر اوقات اپنی کاروں میں یہ مکڑیاں نظر آتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق اپنے بچوں کو خطرے میں دیکھ کر یہ مکڑی حملہ کرنے میں دیر نہیں لگاتی، اس کا کاٹا نہایت تکلیف دہ ہوتا ہے مگر جان لیوا نہیں ہوتا۔

    سوشل میڈیا پر خاتون کی یہ ویڈیو بے حد وائرل ہوئی اور لوگوں نے کمنٹس میں خوف اور الجھن کا اظہار کیا۔

    ایک صارف نے کہا کہ اب پوری کار کو جلا کر راکھ دو، ان مکڑیوں سے نجات حاصل کرنے کا بس ایک یہی طریقہ ہے۔

  • پارک شدہ گاڑی کے نیچے سے خوفناک مگر مچھ برآمد

    پارک شدہ گاڑی کے نیچے سے خوفناک مگر مچھ برآمد

    گھر سے نکل کر اپنی گاڑی تک جانا اور بیٹھ جانا ایک معمول کا عمل ہے لیکن اگر اس گاڑی کے نیچے سے کوئی خوفناک شے نکل آئے تو یقیناً یہ ایک غیر معمولی واقعہ بن سکتا ہے۔

    ایسا ہی کچھ ایک امریکی شہری کے ساتھ ہوا جس کی پارک شدہ گاڑی کے نیچے سے ایک مگر مچھ نکل آیا۔

    ریاست فلوریڈا میں پیش آنے والے اس واقعے میں مقامی پولیس کو ایک کال موصول ہوئی جس میں شہری نے بتایا کہ اس کی گاڑی کے نیچے ایک 10 فٹ لمبا مگر مچھ موجود ہے۔

    کال کے بعد ڈپٹی شیرفس اور وائلڈ لائف اہلکار فوراً موقع پر پہنچے، وائلڈ لائف اہلکاروں نے پولیس کے ساتھ مل کر اس 10 فٹ سے بھی زیادہ لمبے مگر مچھ کو احتیاط سے باہر نکالا۔

    مگر مچھ کو قریب واقع ایلی گیٹر فارم پر منتقل کردیا گیا، واقعے کے دوران مگر مچھ یا کسی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

  • آسٹریلیا میں بدترین سیلاب: وزیر اعظم نے دل دہلا دینے والی ویڈیو شیئر کردی

    آسٹریلیا میں بدترین سیلاب: وزیر اعظم نے دل دہلا دینے والی ویڈیو شیئر کردی

    کینبرا: آسٹریلیا میں 50 سالہ تاریخ کے بدترین سیلاب نے ریاست نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ میں تباہی مچا دی، وزیر اعظم نے دل دہلا دینے والی ویڈیو شیئر کر کے لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔

    آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک گاڑی سیلابی پانی میں کسی کھلونے کی طرح بہتی دکھائی دے رہی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سیلابی پانی میں جانے سے گریز کریں، شکر ہے کہ بہہ جانے سے قبل ڈرائیور گاڑی سے بحفاظت نکل آیا۔

    اس ویڈیو کو محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ مین روڈز کوئنز لینڈ کے ٹویٹر پر شیئر کیا گیا تھا، اب تک 94 ہزار سے زائد افراد اس ویڈیو کو دیکھ چکے ہیں اور اسے ڈرائیور کی غلطی قرار دے چکے ہیں۔

    لوگوں کا کہنا ہے کہ ایسے سیلابی پانی میں جانے اور رسک لینے سے گریز کرنا چاہیئے تھا۔

    یاد رہے کہ آسٹریلیا کے مشرقی ساحل پر شدید بارشوں کے نتیجے میں ریاست نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ میں 50 سالہ تاریخ کا بدترین سیلاب آگیا ہے۔

    سیلاب سے کئی گھر تباہ جبکہ ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں، دونوں ریاستوں سے اب تک 18 ہزار افراد کو نکال لیا گیا ہے۔

    نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ کے متعدد علاقے زیر آب آچکے ہیں جبکہ سڑکیں اور شاہراہیں مکمل طور پر ڈوب چکی ہیں۔