Tag: CAR

  • شائقین کے لیے خوش خبری، ’آئرن مین‘ کی کار مارکیٹ میں متعارف

    شائقین کے لیے خوش خبری، ’آئرن مین‘ کی کار مارکیٹ میں متعارف

    جرمنی: ہالی ووڈ کی مشہور و معروف فلم Avengers Endgame میں آئرن مین نے جو کار چلائی تھی، وہ اب حقیقت میں بھی مارکیٹ میں متعارف کرا دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئرن مین کی کار ای ٹرون جی ٹی گرینڈ ٹور (Audi e-tron GT) مارکیٹ میں متعارف کرا دی گئی، معروف جرمن آٹو موبائل مینوفیکچرر آڈی کی یہ کار بھی ہائی پروفائل فلمی کرداروں میں دکھائی جانے والی مستقبل کی جدید ترین کاروں کی تیاری کا تسلسل ہے۔

    ای ٹرون جی ٹی گرینڈ ٹور نامی یہ جدید ترین الیکٹرک کار اپریل 2019 کی فلم ایونجرز اِنڈ گیم میں ٹونی سٹارک (رابرٹ ڈونی جونیئر) نے چلائی تھی، اور تقریباً دو سال بعد ہی آڈی نے یہ کار ڈیلر شورومز پہنچا دی ہے۔

    آڈی نے ای ٹرون جی ٹی گرینڈ ٹور الیکٹرک کار کے اس نئے ورژن کی قیمت 1 لاکھ 33 ہزار 105 برطانوی پاؤنڈ مقرر کی ہے جو کہ گزشتہ ورژن سے تقریباً دوگنی ہے۔

    دنیا کی تیز ترین الیکٹرک کار تیار

    اس گاڑی کی خصوصیات میں صرف 3.3 سیکنڈ کے سپر کار پرفارمنس وقت میں 62 میل فی گھنٹہ رفتار سے آغاز کرنا اور 296 میل تک کی حد سے لطف اندوز ہونا شامل ہے۔

    ای ٹرون جی ٹی گرینڈ ٹور کا گیس یا زہریلے مادوں کا اخراج صفر ہے اس لیے اس کار کے استعمال سے آلودگی میں کمی آئے گی، ہالی ووڈ اداکار رابرٹ ڈونی جونیئر نے بیٹری سے چلنے والی جی ٹی کا ابتدائی پروٹو ٹائپ چلایا۔

  • گاڑی کی ٹوٹی لائٹ میں سے جھانکتا ہوا ہاتھ کس کا تھا؟

    گاڑی کی ٹوٹی لائٹ میں سے جھانکتا ہوا ہاتھ کس کا تھا؟

    آسٹریلیا میں ایک ٹرک ڈرائیور نے اپنے آگے جاتی گاڑی کی ٹوٹی ہوئی ریئر لائٹ کے خلا سے ایک ہاتھ جھانکتا ہوا دیکھا جس کے بعد اس نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے کارروائی کر کے ڈگی میں چھپائی گئی لڑکی کو بازیاب کرلیا۔

    یہ واقعہ آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں پیش آیا، ٹرک ڈرائیور کے آگے ایک سفید گاڑی جارہی تھی جس کی پچھلی لائٹس ٹوٹی ہوئی تھیں، اچانک ٹوٹی ہوئی لائٹ کے خلا میں سے ایک انسانی ہاتھ باہر نکلا اور کسی کومتوجہ کرنے کے انداز میں لہرایا جانے لگا۔

    ٹرک ڈرائیور نے صورتحال تشویشناک محسوس کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی اور اگلے چند منٹوں میں پٹرولنگ پولیس نے مذکورہ گاڑی کو روک لیا۔

    پولیس نے گاڑی کی ڈگی کھولی تو اندر سے ایک 24 سالہ لڑکی برآمد ہوئی، اس کے چہرے اور بازوؤں پر چاقو کے وار کے نشانات تھے۔

    پیرا میڈکس اسٹاف نے موقع پر ہی لڑکی کو طبی امداد دی جس کے بعد اسے قریبی اسپتال روانہ کردیا گیا، وہاں اس کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔

    پولیس نے گاڑی میں موجود 2 خواتین کو گرفتار کرلیا جن کی عمریں 24 اور 18 سال تھیں، تینوں خواتین کے درمیان کیا رشتہ ہے، اور واقعے کی وجوہات کیا تھیں، اس بارے میں پولیس نے کوئی معلومات نہیں دیں۔

    پولیس نے ٹرک ڈرائیور کا بے حد شکریہ ادا کیا اور اس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹرک ڈرائیور کی وجہ سے ایک ناخوشگوار واقعہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔

  • سعودی عرب میں تیار کار جلد دستیاب ہونے کی توقع

    سعودی عرب میں تیار کار جلد دستیاب ہونے کی توقع

    ریاض: سعودی حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت کے اندر بنائی گئی پہلی کار سنہ 2022 میں دستیاب ہوجائے گی، کار اسمبلی سینٹر کا انجینیئرنگ ڈیزائن حتمی مراحل میں ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق انڈسٹریل ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر محمد الزہرانی کا کہنا ہے کہ جبیل میں رائل کمیشن نے مطلوبہ انفراسٹرکچر پر کام شروع کیا ہے جو تین بین الاقوامی کار ساز کمپنیوں کو مملکت میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرے گا۔

    محمد الزہرانی نے توقع ظاہر کی کہ سنہ 2022 میں سعودی عرب میں پہلی کار تیار ہو جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کار اسمبلی سینٹر کا انجینیئرنگ ڈیزائن حتمی مراحل میں ہے، یہ سینٹر جنوبی کوریا کے کار ساز ادارے سانگ یونگ موٹر کمپنی کے اشتراک سے بنایا جا رہا ہے۔

    انڈسٹریل ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ رائل کمیشن کی جانب سے کی گئی اسٹڈی کے مطابق سنہ 2040 تک سعودی عرب میں آٹو انڈسٹری میں 10 ارب ڈالر سے زائد کی براہ راست سرمایہ کاری متوقع ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ سعودی عرب کی جی ڈی پی میں 80 ارب ریال کا حصہ ڈالے گا اور 27 ہزار براہ راست ملازمتیں فراہم کرے گا۔

    محمد الزہرانی کا مزید کہنا تھا کہ مملکت کا آٹو کمپلیکس اسٹریٹجک انڈسٹریل منصوبے کا حصہ ہے۔ جبیل انڈسٹریل سٹی اور راس الخیر انڈسٹریل سٹی گاڑیوں کی تیاری کے لیے خام مال کا 90 فیصد فراہم کرتے ہیں۔

  • صرف ایک منٹ میں گاڑی کے پرزے چوری….. سی سی ٹی وی فوٹیج جاری!

    صرف ایک منٹ میں گاڑی کے پرزے چوری….. سی سی ٹی وی فوٹیج جاری!

    برطانیہ میں ماسک پہنے ہوئے 4 چوروں نے دیدہ دلیری سے صرف ایک منٹ میں گاڑی کے پرزے چرا لیے، واردات سی سی ٹی وی کیمرہ میں ریکارڈ ہوگئی۔

    10 جنوری کی رات پیش آنے والی اس واردات میں 4 چور ماسک پہنے ہوئے رہائشی علاقے میں گھومتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    اس دوران ایک چور جیک کے ذریعے ایک گاڑی کو اوپر اٹھاتا ہے اور دوسرا گاڑی کے نیچے سے کنورٹر نکالنا شروع کردیتا ہے، اس دوران گاڑی کا الارم بجتا رہتا ہے تاہم چور دیدہ دلیری سے اپنی کارروائی جاری رکھتے ہیں۔

    کارروائی مکمل کرنے کے بعد چور بے خوفی سے وہاں سے روانہ ہوجاتے ہیں، اس دوران ایک پڑوسی اپنے گھر سے باہر جھانکتا ہے تو ایک چور جاتے جاتے اسے دھمکاتا ہوا جاتا ہے۔

    تمام واردات سی سی ٹی وی کیمرہ میں ریکارڈ ہوگئی، پولیس مذکورہ ملزمان کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

  • کرونا وائرس سے صحت یاب افراد کے لیے سعودی وزارت صحت کی ہدایات

    کرونا وائرس سے صحت یاب افراد کے لیے سعودی وزارت صحت کی ہدایات

    ریاض: سعودی وزارت صحت نے ہدایت جاری کی ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر افراد صحت یاب ہونے کے بعد اپنی گاڑی اور گھر کو بھی سینی ٹائز کریں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے صحت یابی کے بعد گھر اور گاڑی کو بھی جراثیم کش محلول سے سینی ٹائز کر لیا جائے۔

    وزارت صحت سے کیے گئے ایک استفسار پر وزارت کا کہنا تھا کہ جو شخص کرونا وائرس میں مبتلا رہا، صحت یابی کے بعد اسے چاہیئے کہ وہ خود اور دوسروں کی حفاظت کے لیے گھر کو ڈیٹول یا کسی بھی جراثیم کش محلول کے ذریعے صاف کرلے۔

    احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کرونا وائرس کی زندگی مختلف ماحول اور چیزوں کے لیے جدا ہوتی ہے، اس لیے احتیاط کا تقاضہ ہے کہ وہ افراد جو کرونا وائرس کے مرض میں مبتلا رہ چکے ہوں وہ گاڑی کو دھلوانے سے قبل اس پر اچھی طرح جراثیم کش مواد کا اسپرے کرلیں تاکہ وائرس مکمل طور پر ختم ہو جائے۔

    وزارت کا مزید کہنا تھا کہ مملکت میں کرونا وائرس کی وبا پر کافی حد تک قابو پایا جاچکا ہے تاہم احتیاط کے پیش نظر ضروری ہے کہ سماجی فاصلے کے اصول پر مکمل طور پر عمل کیا جائے۔

    ہاتھوں کی صفائی اور جراثیم کش محلول استعمال کرنے کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا تھا کہ گھروں سے باہر ہاتھوں کو سینی ٹائزکرتے رہیں۔

    مزید کہا گیا کہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ ہر 2 گھنٹے بعد ہاتھوں کو صابن سے 20 سیکنڈ تک اچھی طرح دھوئیں کیونکہ کرونا وائرس انسان سے انسان میں بڑی تیزی سے منتقل ہوتا ہے جو مصافحہ کرنے یا متاثرہ شخص سے قریب ہونے پر بھی دوسرے کو لگ سکتا ہے اس لیے سماجی فاصلے کے اصول کو عالمی طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

  • دروازے کے ہینڈل کے نیچے ایسا کیا تھا جس کے بعد خاتون اپنی گاڑی سے خوف کھانے لگیں؟

    دروازے کے ہینڈل کے نیچے ایسا کیا تھا جس کے بعد خاتون اپنی گاڑی سے خوف کھانے لگیں؟

    آسٹریلیا میں ایک خاتون اپنی گاڑی میں ایک بڑی مکڑی کو موجود دیکھ کر اس قدر خوفزدہ ہوئیں کہ گاڑی سے ہی خوف کھانے لگیں۔

    یہ واقعہ آسٹریلیا میں پیش آیا جہاں کی رہائشی کرسٹین جونز نے ایک بڑی جسامت کی بالوں والی مکڑی کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ کی۔

    انہوں نے لکھا کہ یہ مکڑی ان کی گاڑی کے دروازے کے ہینڈل کے نیچے تھی، پہلے وہ اسے معمولی سا کیڑا سمجھیں۔

    جونز نے لکھا کہ جب انہیں احساس ہوا کہ یہ اس قدر بڑی مکڑی ہے تو وہ خوف اور کراہیت کے مارے ایک ہفتے تک اپنی گاڑی نہیں چلا سکیں۔

    ان کی اس پوسٹ پر درجنوں لوگوں نے مختلف تاثرات کا اظہار کیا، ایک صارف نے لکھا کہ اب یہ گاڑی آپ کی نہیں، اب اس گاڑی کا مالک کوئی اور ہے۔

    آسٹریلیا میں ہی اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ بھی پیش آیا جس میں ایک پلمبر نے کان میں لگائے ہیڈ فون پر ایک بڑی مکڑی دیکھی۔

    پلمبر کا کہنا تھا کہ وہ کام کے دوران آواز روکنے والا ہیڈ فون پہنے ہوا تھا تاہم اس کے باوجود اس کے کان میں جھنجھناہٹ ہوتی رہی، جب اس نے ہیڈ فون اتار کے دیکھا تو اس پر ایک بڑی مکڑی کو چپکا ہوا پایا۔

    پلمبر کا کہنا ہے کہ مکڑی سے نجات پانے کے بعد وہ بڑی مشکل سے ان ہیڈ فونز کو استعمال کر سکا۔

  • گاڑی میں کرسی رکھ کر ڈرائیونگ کرنے والے شخص کو جرمانہ

    گاڑی میں کرسی رکھ کر ڈرائیونگ کرنے والے شخص کو جرمانہ

    کینیڈا میں ایک شخص کو کار میں ڈرائیونگ سیٹ کی جگہ فولڈنگ چیئر لگانے پر پولیس نے جرمانہ کردیا۔

    یہ واقعہ کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں پیش آیا، جہاں پولیس نے غیر معمولی نظر آنے والی ایک کار کو روکا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور عجیب انداز سے کار میں بیٹھا دکھائی دے رہا تھا جس پر انہوں نے اسے روکا، اندر دیکھنے پر معلوم ہوا کہ کار کی ڈرائیونگ سیٹ غائب ہے۔

    صرف یہی نہیں بلکہ ڈرائیونگ سیٹ کی جگہ کار میں لان میں رکھی جانے والی فولڈنگ چیئر فکس کی گئی تھی۔

    پولیس نے فوری طور پر مذکورہ شخص کو ٹکٹ جاری کیا اور اسے غیر محفوظ انداز میں ڈرائیونگ اور غیر مناسب سیٹ بیلٹ پر جرمانہ کیا جبکہ گاڑی کی نمبر پلیٹ اتار کر گاڑی کو بھی ضبط کرلیا گیا۔

  • تیز رفتاری سے گاڑی بھگانے والے شخص کی کار سے لاش برآمد

    تیز رفتاری سے گاڑی بھگانے والے شخص کی کار سے لاش برآمد

    امریکا میں تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کرنے والے ایک شخص کی گاڑی کی ڈگی سے لاش برآمد ہوگئی، پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست ٹیکسس میں پیش آیا، مقامی پولیس کو کالز موصول ہوئیں کہ چیمبرز کاؤنٹی میں ایک ڈرائیور نہایت تیز رفتاری سے غیر محتاط ڈرائیونگ کر رہا ہے۔

    پولیس نے ایک مقام پر مذکورہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے رکنے کے بجائے رفتار مزید بڑھا دی جس کے بعد پولیس کی گاڑیوں نے پیچھا شروع کردیا۔

    گاڑی تیز رفتاری سے جاتی ہوئی ایک کنکریٹ بیرئیر سے ٹکرائی اور ایک اسٹور کے پارکنگ لاٹ میں جا گھسی۔

    پولیس نے وہاں پہنچ کر ڈرائیور کو حراست میں لے کر اسپتال منتقل کیا جو معمولی زخمی تھا، اس کی گاڑی کی تلاشی کے دوران ڈگی سے 28 سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔

    پولیس نے دیگر متعلقہ حکام کو بھی وہاں طلب کرلیا، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    مقامی پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے جبکہ ڈرائیور کو صحت یابی کے بعد جیل منتقل کردیا جائے گا۔

  • چور بجلی کا کھمبا گاڑی پر لوڈ کر کے چلتا بنا

    چور بجلی کا کھمبا گاڑی پر لوڈ کر کے چلتا بنا

    امریکا میں ایک عادی چور کو اور کچھ نہ ملا تو وہ سڑک پر پڑا بجلی کا کھمبا چرا کر چلتا بنا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں متعدد افراد نے پولیس کو کال کر کے شکایت کی کہ ایک شخص نے اپنی چھوٹی سی گاڑی کے اوپر ایک یوٹیلٹی پول (ٹیلی فون و بجلی کی تاروں کا کھمبا) رسی سے باندھا ہوا ہے اور خطرناک طریقے سے اسے لے کر جارہا ہے۔

    پولیس نے تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ یہ کھمبا اپنی جگہ سے گر چکا تھا، مذکورہ ڈرائیور نے گرا ہوا پول اپنی گاڑی کی چھت پر لوڈ کیا اور اسے لے کر ہائی وے پر ایک ری سائیکلنگ فیکٹری میں لے جانے لگا۔

    اس دوران متعدد افراد غیر محفوظ انداز میں پول گاڑی پر لوڈ ہوا دیکھ کر پریشان ہوگئے اور انہوں نے پولیس کو کالز کیں۔

    مذکورہ ڈرائیور اسے ری سائیکلنگ فیکٹری تک لے گیا تاہم اسے وہاں سے یہ کہہ کر لوٹا دیا گیا کہ اس کے پاس پول کے حوالے سے مطلوبہ دستاویزات موجود نہیں۔

    واپسی پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور پول اپنے قبضے میں لے لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی عمر 71 سال ہے اور وہ اس سے قبل بھی چوری شدہ اشیا فروخت کرتا ہوا پکڑا جاچکا ہے۔

  • کار چوری کی واردات اندوہناک حادثے میں تبدیل، کمسن بچے کی موت

    کار چوری کی واردات اندوہناک حادثے میں تبدیل، کمسن بچے کی موت

    امریکا میں کار چوری کی ایک واردات اس وقت اندوہناک صورت اختیار کر گئی جب کار چور نے گاڑی بھگا لے جانے کی کوشش میں 1 سالہ بچے کو زور دار ٹکر مار دی، معصوم بچہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست ٹیکسس میں ایک اسپتال کی پارکنگ لاٹ میں پیش آیا جہاں ایک خاتون اپنے 1 سالہ بچے کو ساتھ لے کر اس کے والد سے ملوانے کے لیے لائی تھیں۔ اس دوران کار چور ایک جانب سے نمودار ہوا اور تیزی سے خاتون کی گاڑی میں بیٹھ گیا۔

    بچے کے والد نے فوری طور پر چور کو روکنے کی کوشش کی، اس سے بچنے کے لیے چور نے گاڑی ریورس کی تو پیچھے کھڑی خاتون اور اس کا بچہ گاڑی کی زد میں آگئے۔

    ملزم

    کھینچا تانی میں چور نے گاڑی کو آگے لے جاتے ہوئے گاڑی بھگانے کی کوشش کی تو ایک بار پھر ماں اور بیٹے کو ٹکر مار دی، زور دار ٹکر سے بچہ ماں کی گود سے زمین پر گر گیا۔

    دونوں کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا تاہم تب تک بچے کی موت ہوچکی تھی، ماں بری طرح زخمی ہوئی البتہ اس کی حالت خطرے سے باہر تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چور اس وقت گاڑی لے کر فرار ہوگیا تاہم تھوڑی دور بعد اس نے ایک درخت سے گاڑی دے ماری جس کے بعد مجبوراً اسے گاڑی چھوڑ کر فرار ہونا پڑا، تھوڑی دیر میں ہی وہ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کی عمر 30 سال کے لگ بھگ ہے اور اس پر قتل اور ڈکیتی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔