Tag: Care taker goverment

  • قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارگردگی، نگراں حکومت نے پی ایچ ایف کی گرانٹ روک لی

    قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارگردگی، نگراں حکومت نے پی ایچ ایف کی گرانٹ روک لی

    اسلام آباد : ہاکی چیمپینز ٹرافی میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر نگران حکومت نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پی ایچ ایف کی 20کروڑ روپے کی اسپیشل گرانٹ روک لی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کی حالیہ ہاکی چیمپینز ٹرافی میں انتہائی ناقص کارکردگی کا نگراں حکومت نے سختی سے نوٹس لیا ہے، نگران حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو دی جانے والی20کروڑ روپے کی اسپیشل گرانٹ روکنے کا فیصلہ کیا ہے، مذکورہ اسپیشل گرانٹ جاری کرنے کی منظوری سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دی تھی۔

    واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم بریڈا میں جاری چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں راؤنڈ لیگ کے آخری میچ میں بیلجیئم سے شکست کے بعد خراب کارکردگی کے باعث میڈل کی دوڑ سے آؤٹ ہوئی۔

    پاکستان کو بھارت، ہالینڈ، آسٹریلیا اور بیلجیم کے ہاتھوں بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، دس لاکھ سے زائد ماہانہ تنخواہ لینے والے ڈچ کوچ بھی ٹیم کی بہتر کارگردگی کیلئے کوئی قابل ذکر کردار ادا نہ کر سکے۔

    دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن مال مفت دل بے رحم کے مصداق قومی خزانہ لٹانے میں مصروف عمل ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز سینئر غیر ملکی سیر سپاٹوں میں مگن ہیں۔

    مزید پڑھیں: ہاکی چیمپئنز ٹرافی ، بیلجیئم نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرادیا

    اس کے علاوہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بھی ہاکی فیڈریشن کی ناقص کارکردگی پر جواب طلبی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یاد رہے کہ سال2014میں پاکستان ٹیم نے چیمپپنز ٹرافی میں سلور میڈل جیتا تھا، جبکہ 2012چیمپینز ٹرافی میں برونز میڈل پاکستان کے نام رہا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کی حلف برداری کے بعد بیوروکریسی میں بڑی تبدیلیاں متوقع

    نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کی حلف برداری کے بعد بیوروکریسی میں بڑی تبدیلیاں متوقع

    کراچی: سندھ کے نامزد نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمان کی حلف برداری کے بعد بیوروکریسی میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی تھی جس میں سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے سابق چیف سیکریٹری فضل الرحمان کے نام کا اعلان کیا گیا تھا جو کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کے حلف کے بعد بیوروکریسی میں بڑی تبدیلیاں ہوں گی، 48 گھنٹے میں مختلف محکموں کے افسران کے تبادلے اور تقرریاں بھی ہوں گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ ایماندار اور اچھی شہرت والے بیوروکریٹس کی ٹیم لے کر چلیں گے، اچھی شہرت والے افسران کو ترجیحی بنیادوں پر ذمہ داریاں دی جائیں گی۔


    نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے فضل الرحمان کے نام کا اعلان


    ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی ہوگی، جبکہ نگراں وزیراعلیٰ کابینہ کے پہلے ہی اجلاس میں لائحہ عمل واضح کریں گے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے فضل الرحمان کا نام فائنل کیا گیا ہے، نامزد نگراں وزیر اعلیٰ 2007 سے 2010 تک چیف سیکریٹری رہے، نگراں وزیراعلیٰ کے لیے فضل الرحمان کا نام اپوزیشن جماعتوں نے دیا تھا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ اور اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے نام کا اعلان کیا تھا، اس موقع پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایسا نام لانا چاہتے تھے جس پر تمام پارٹیوں کو اتفاق ہو، فضل الرحمان کو نگراں حکومت میں کام اور الیکشن کرانے کا تجربہ ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔