Tag: caretaker PM

  • نگراں وزیر اعظم کی سعودی ولئ عہد سے ملاقات

    نگراں وزیر اعظم کی سعودی ولئ عہد سے ملاقات

    ریاض: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گزشتہ روز سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سعودی عرب کے ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے، جس میں غزہ پر اسرائیلی جنگ سمیت اہم موضوعات پر بات چیت کی گئی۔

    دونوں رہنماؤں نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کو وحشیانہ اور اندھا دھند جارحیت سے روکنے کے لیے فوری بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

    وزیر اعظم نے اسرائیل فلسطین تنازعے کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کے لیے دیرینہ پاکستان اور سعودی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • نگراں وزیراعظم کی ٹیکس وصولی میں اضافے کیلئے ہدایات

    نگراں وزیراعظم کی ٹیکس وصولی میں اضافے کیلئے ہدایات

    اسلام آباد : نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

    ایف بی آر اور نجکاری ڈویژن سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ ریونیو حکومتی مشینری کا اہم حصہ ہے، ٹیکس اصلاحات کے لیے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں۔

    نگران وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس دستاویز سے متعلق وفاق، صوبوں میں روابط بہتر بنانے کی ضرورت ہے ، ایسی سرکاری کارپوریشنز جو نقصان میں ہیں ان کی نجکاری کا قانونی تقاضا پوراکیا جائے۔

    انہوں نے ہدایات دیں کہ تمام وفاقی وزارتیں نجکاری ڈویژن کے ساتھ مکمل تعاون کریں، اس موقع پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور نجکاری ڈویژن کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر 9415 ارب روپے ٹیکس کلیکشن ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے، جولائی 2023کے 534 ارب روپے کے ٹارگٹ کے مقابلے538 ارب محصولات اکٹھے کئے گئے۔

    اس کے علاوہ اگست2023کے648 ارب روپے کے ٹارگٹ کے مقابلے میں669ارب محصولات اکٹھے کئے گئے جبکہ پچھلے مالی سال کے مقابلے38.7فیصد گروتھ ڈومیسٹک ٹیکس کلیکشن میں دیکھنے میں آئی۔

    ایف بی آر حکام نے بریفنگ میں نگراں وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ ٹیکس جی ڈی پی شرح بڑھانے کے حوالے سے ڈیجیٹل اقدامات پر کام کیا جارہا ہے۔

    ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے ایف بی آر ڈیٹا بیس کو باقی اداروں کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے، ایف بی آر ایک ملین نئے ٹیکس پیئرز سسٹم میں لانے کے ہدف پر کام کر رہا ہے۔

  • جناب نگران وزیراعظم صاحب!! سینیٹر مشتاق احمد حکومت پر برس پڑے

    جناب نگران وزیراعظم صاحب!! سینیٹر مشتاق احمد حکومت پر برس پڑے

    جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے بجلی کے بلوں سے ملک بھر میں پیدا ہونے والے عوامی غیض وغضب پر نگراں وزیراعظم کی توجہ مبذول کرائی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ جناب نگران وزیراعظم صاحب، عوام اب بپھر گئے ہیں، کراچی سے چترال تک عوام بجلی بلوں کیخلاف احتجاج کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے مظلوموں کو بجلی کے بلوں نے اشرافیہ کیخلاف متحد کردیا ہے، آج کے اجلاس میں ان 4 کاموں کا فیصلہ اور فوری عملدرآمد کروائیں۔

    سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ دانشورانہ گفتگو اور بھاری بھرکم الفاظ سے عوام کا پیٹ بھرنے والا نہیں، بجلی کے بلوں میں تمام ظالمانہ ٹیکس ختم کیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کسی بھی بااثر حکومتی یا سیاسی شخصیت کو بھی ایک یونٹ بجلی مفت نہ دی جائے، ججز، افسرشاہی، واپڈا ملازمین، پارلیمنٹیرینز کو بجلی مفت نہ دی جائے.

    رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز سے فراڈ معاہدے ختم کریں، مالکان پر مقدمہ اور گرفتار کریں، فرنس آئل اور امپورٹڈ کوئلے سے بجلی کی تیاری پر پابندی لگائیں.

    سینیٹر مشتاق احمد نے مزید کہا کہ بجلی کی چوری محکمہ واپڈا کی سہولت کاری سے ہوتی ہے بجلی چوری کو دہشت گردی کے برابر جرم قرار دے کر کھلے عام سزائیں دیں۔

  • بجلی کے بھاری بل، نگراں وزیر اعظم نے اہم قدم اٹھا لیا

    بجلی کے بھاری بل، نگراں وزیر اعظم نے اہم قدم اٹھا لیا

    اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر کل ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی کے بھارے بلوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کام کر گیا، نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر کل ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

     نگران وزیراعظم نے ٹوئٹ میں لکھا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں اجلاس میں وزارت بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں سے بریفنگ لی جائیگی، صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے حوالے سے مشاورت کی جائےگی۔

    ملک بھر میں بجلی بلوں کیخلاف عوام سراپا احتجاج، شہر شہر ریلیاں

    واضح رہے کہ بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں عوام کا احتجاج جاری ہے ،شہر شہر ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے، اضافی ٹیکس واپس لیئے جائیں ورنہ احتجاج جاری رہے گا۔

    مظاہرین کا کہنا ہے پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں، بجلی کے بلوں نے گزارا مزید مشکل کردیا، گھرکی اشیا بیچ کربجلی کے بل جمع کرانے پرمجبور ہیں۔

  • نگراں وزیراعظم کی تقریب حلف برداری آج ایوان صدر میں ہوگی

    نگراں وزیراعظم کی تقریب حلف برداری آج ایوان صدر میں ہوگی

    اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی تقریب حلف برداری آج ایوان صدر میں ہوگی۔

    تفصیلات نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی تقریب حلف برداری آج ایوان صدر میں ہوگی، صدر مملکت عارف علوی نگراں وزیراعظم سے حلف لیں گے۔

    وزیراعظم شہباز شریف حلف برداری کے بعد نگراں وزیراعظم کا استقبال کرینگے، حلف برداری کے بعد نگراں وزیراعظم کوگارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

    حلف برداری کے بعد سبکدوش وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا، حلف برداری کی تقریب سہ پہر 3 بجے ہو گی۔

  • نگران وزیراعظم کی نامزدگی پر پی ٹی آئی کا ردعمل

    نگران وزیراعظم کی نامزدگی پر پی ٹی آئی کا ردعمل

    پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے نگران وزیراعظم کا نام فائنل ہونے پر اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ مقررہ مدت میں شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔

    اپنے ایک بیان میں ترجمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پارلیمان کے اندر اور باہر ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، نگران وزیر اعظم کیلئے کسی بھی سطح پر ہمیں شریک مشاورت نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ نامزدگی کٹھ پتلی وزیر اعظم اور حزبِ اختلاف کے جعلی قائد میں مشاورت سے عمل میں لائی گئی، انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعظم نامزد ہوچکے ہیں اب ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ انوار الحق کاکڑ منصب سنبھالنے کے بعد 3ماہ میں شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے اور عوام کے آئینی وجمہوری حقوق پر مزید آنچ نہیں آنے دینگے۔

    پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ آئین، جمہوریت کی بقاء اور تسلسل کیلئے ملک بھر میں غیر جانب دارانہ اور شفاف الیکشن کا انعقاد کلیدی اہمیت کا حامل ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو منصفانہ ماحول میں انتخابی مہم چلانے کے مواقع میسر کیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی ریاست کے زیر عتاب ہے، ہزاروں کارکنان بدترین انتقام کا نشانہ بنتے ہوئے جیلوں میں قید ہیں، شہریوں کو آئین کے تحت میسر بیشتر بنیادی حقوق عملاً معطل ہیں۔

    بنیادی حقوق کی فراہمی مخصوص سیاسی گروہوں سے وابستہ کارکنان ہی کیلئے محدود ہے، اجتماع و سیاست اور آزادی اظہار بھی پابندیوں کی زد میں ہے، آزاد اہل صحافت زیرعتاب ہے۔

    ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پابند سلاسل اور میڈیا میں بدترین سنسرشپ کے نشانے پر ہیں، نگران وزیراعظم کوان معاملات کا فوری نوٹس لینا ہو گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کے مؤثر انعقاد کیلئے ان ناہمواریوں کے خاتمے کی ترجیحی بنیادوں پر تدبیر کریں، پاکستان اس وقت کسی نئی مہم جوئی کا ہرگز متحمل نہیں ہوسکتا۔

  • گورنرسندھ نے انتخابات میں تاخیر کا عندیہ دے دیا

    گورنرسندھ نے انتخابات میں تاخیر کا عندیہ دے دیا

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ مردم شماری کی وجہ سے الیکشن میں اگر کچھ تاخیر بھی ہوتی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں۔

    نئے نگراں وزیر اعظم کے نام کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں نگراں وزیراعظم کیلئے انوارالحق کاکڑ کا انتخاب اچھا فیصلہ ہے۔

    گورنرسندھ نے کہا کہ انوارالحق کاکڑ بہترین نگراں وزیراعظم ثابت ہونگے، امید ہے نگراں وزیر اعظم تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سےانجام دیں گے۔

    کامران ٹیسوری نے انتخابات سے متعلق کہا کہ آئندہ عام انتخابات آئین و قانون کے مطابق وقت پر ہونے چاہئیں، تمام جماعتوں کا اتفاق تھا کہ الیکشن نئی مردم شماری پر ہوں۔

    گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ اگر مردم شماری کی وجہ سے الیکشن میں کچھ تاخیر بھی ہوتی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ موجودہ معاشی صورتحال میں کسی ایسی چیز کے متحمل نہیں ہوسکتے جس سے ملک کی بدنامی ہو۔

    واضح رہے کہ انوار الحق کاکڑ نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف 14 اگست کو اٹھائیں گے اور حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ نگراں وزیر اعظم کی حلف برداری تک شہباز شریف وزیر اعظم رہیں گے جبکہ انوار الحق کاکڑ یومِ آزادی کے دن عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    نگراں وزیر اعظم کیلئے انوار الحق کاکڑ کے نام کا اعلان 

    وزیر اعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان آج ہونے والی ملاقات میں نگراں وزیر اعظم کیلیے انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کیا گیا۔

  • ایم کیو ایم نے نگراں وزیر اعظم کے لیے کامران ٹیسوری کا نام تجویز کر دیا

    ایم کیو ایم نے نگراں وزیر اعظم کے لیے کامران ٹیسوری کا نام تجویز کر دیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے نگراں وزیر اعظم کے لیے کامران ٹیسوری کا نام تجویز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے خالد مقبول کی سربراہی میں ایم کیو ایم وفد کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد نے نگراں وزیر اعظم کے لیے کامران ٹیسوری کا نام تجویز کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے کے الیکٹرک کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی، جب کہ وزیر اعظم نے گورنر سندھ کو حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی ہدایت کی۔

    وفد میں فاروق ستار، وفاقی وزیر امین الحق، گورنر سندھ کامران ٹیسوری موجود تھے، وفد نے مردم شماری پر تحفظات دور اور تجاویز کی شمولیت پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا، وزیر اعظم نے کہا اللہ کے فضل سے 7 ویں ڈیجیٹل مردم شماری خیریت سے مکمل ہو گئی، نتائج کی منظوری تمام سیاسی جماعتوں کی اتفاق رائے سے ہوئی۔

  • ’نگران وزیراعظم کیلئے کسی کو منتخب یا مسترد نہیں کیا گیا‘

    ’نگران وزیراعظم کیلئے کسی کو منتخب یا مسترد نہیں کیا گیا‘

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ابھی تک نگران وزیراعظم کیلئے کسی بھی امیدوار کو منتخب یا مسترد نہیں کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعظم کی تقرری آئین میں طے طریقہ کار کے مطابق ہوگی۔

    مریم اورنگزیب نے لکھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اس سلسلے میں اتحادی جماعتوں سے مشاورت اور اپنے لیڈر نواز شریف سے رہنمائی لیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اتحادیوں سے مشاورت کے بعد وزیراعظم آئین کے مطابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے مشاورت کرینگے۔

  • نگراں وزیراعظم : پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا پانچ ناموں پر اتفاق

    نگراں وزیراعظم : پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا پانچ ناموں پر اتفاق

    اسلام آباد : اگلے ماہ موجودہ حکومت کی مدت کے خاتمے کے بعد نگراں وزیراعظم کا تقرری کے حوالے سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان مشاورت کا عمل شروع ہوگیا۔

    اس سلسلے میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے وفود کے درمیان رابطوں کا آغاز ہوگیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف اور ایازصادق نے پیپلزپارٹی کے وفد سے ملاقات کی، پیپلز پارٹی کی جانب سے راجہ پرویز اشرف، نوید قمر اور خورشید شاہ موجود تھے۔

    دونوں وفود کی ملاقات میں نگران وزیراعظم کے لیے سیاسی شخصیت کو ذمہ داری سونپے جانے پر غور کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن میں ابتدائی طور پر5ناموں پر اتفاق کیا گیا، زیر غور آنے والے ناموں میں اسحاق ڈار کا نام شامل نہیں ہے۔

    وفود کی ملاقات میں پانچوں نام دیگر اتحادیوں کے ساتھ شیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،ذرائع
    اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے بعد سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ نگران وزیراعظم کیلئے مشاورت کا اگلا دور دس محرم کے بعد کیا جائے گا۔