Tag: caronavirus

  • کرونا کے اثرات ، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت17سال کی کم ترین سطح پر آگئی

    کرونا کے اثرات ، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت17سال کی کم ترین سطح پر آگئی

    نیویارک : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت17سال کی کم ترین سطح پر آگئی، امریکی خام تیل کی قیمت میں6 فیصد اور برطانوی خام تیل کی قیمت میں 3.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کے اثرات تیزی سے سامنے آ رہے ہیں، عالمی منڈی میںامریکی خام تیل کی قیمت سترہ سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ، امریکی خام تیل کی قیمت میں6 فیصد کمی ہوئی ، جس کے بعد امریکی خام تیل 25 ڈالر 41 سینٹ فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔

    اسی طرح برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی 3.4 فیصدکمی ہوئی اور برطانوی خام تیل 27 ڈالر 74 سینٹ فی بیرل میں فروخت ہونے لگا۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک ہی دن میں امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 25.68ڈالرزفی بیرل تک گری جو کہ مئی 2003 کے بعد سے اب تک کی کم ترین سطح ہے۔

    دوسری جانب ایشیائی مارکیٹس میں خام تیل کی قیمت میں کمی کارجحان برقرارہے، عرب لائٹ کی قیمت تیس ڈالر ترسیٹھ سینٹ فی بیرل ہوگئی ، سعودی عرب کی جانب سےخام تیل کی برآمدات میں اضافےاور کرونا کے باعث معاشی سست روی خام تیل کی قیمتوں میں کمی کاباعث بن رہی ہے۔

    یاد رہے گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 29 سال کی ریکارڈ کمی ہوئی تھی اور امریکی خام تیل کی قیمت 30 فیصد کمی کے بعد 29 ڈالر 88 سینٹ فی بیرل پر آگئی تھی۔

    عالمی منڈی میں خام تیل کی یہ قیمتیں 1991 کی خلیجی جنگ کے بعد 29 سال کی کم ترین سطح پر آئی تھیں۔

    خیال رہے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان کےدرآمدی بل میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس سے پاکستان کو سالانہ پانچ ارب ڈالر تک کی بچت ہوسکتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق پاکستان اپنا 80 فی صد تیل غیر ملکی ذرایع سے درآمد کرتا ہے، اس سے پاکستان کے درآمدی بل میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس سے پاکستان کو سالانہ پانچ ارب ڈالر تک کی بچت ہوسکتی ہے۔

  • کرونا وائرس ، سندھ میں  وبائی امراض ایکٹ کے تحت مزید پابندیاں عائد

    کرونا وائرس ، سندھ میں وبائی امراض ایکٹ کے تحت مزید پابندیاں عائد

    کراچی: سندھ حکومت نے کرونا وائرس کےمریضوں کی تعداد میں اضافہ کے بعد وبائی امراض ایکٹ کےتحت مزیدپابندیاں عائد کردیں اور کہا گیا ہے کہ حکومتی اقدامات کی خلاف ورزی پر فوری سزا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس کےمریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، اس ضمن میں سندھ حکومت کی جانب سے وبائی امراض ایکٹ کے تحت مزید پابندیاں عائد کردی گئی ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے وبائی امراض ایکٹ کے تحت مزید پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ، جس میں کہاگیا ہے کہ حکومتی اقدامات کی خلاف ورزی پر فوری سزا ہوگی جبکہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو غیر معمولی اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق تجارتی مراکز، میڈیکل اسٹورز،اشیائےضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں گی جبکہ سندھ بھر میں تمام شاپنگ مالز ، بیوٹی پارلرز، شورمز، الیکٹرونکس مارکیٹس بند رہیں گے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ سی ویو ،ہاکس بے،سینڈز پٹ، پیراڈائزپوائنٹ بھی بندہوں گے ، سندھ حکومت کی جانب سے پابندی آئندہ 15روز کیلئے ہوگی اور ہر طرح کی تجارتی وکاروباری سرگرمیاں 15روز کے لیے معطل رہیں گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انٹرسٹی ٹرانسپورٹ 19مارچ سےمکمل بند کردی جائےگی، گڈز ٹرانسپورٹ،ادویات کی ترسیل پر مامور گاڑیوں پرفیصلےکااطلاق نہیں ہوگا جبکہ نجی ادارے ملازمین سےگھروں سےکام لینےکوترجیح دیں۔

    خیال رہے پاکستان میں کروناوائرس کےمریضوں کی تعداد 240 سے تجاوز کر گئی ہے ، سندھ میں نو نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعدادایک سواکیاسی ہوگئی، سکھرمیں 134 ،کراچی میں 36 اور حیدرآبادمیں ایک مریض قرنطینہ سینٹر میں موجود ہیں۔

  • کرونا وائرس، پاک افغان بارڈر 17 ویں روز بھی بند، باب دوستی کے قریب قرنطینہ قائم

    کرونا وائرس، پاک افغان بارڈر 17 ویں روز بھی بند، باب دوستی کے قریب قرنطینہ قائم

    چمن :کروناوائرس کاپھیلاؤ روکنےکیلئےچمن میں پاک افغان بارڈر سترہویں روز بھی بند ہے تاہم  باب دوستی کے قریب قرنطینہ قائم کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کےپھیلاؤکےباعث پاک افغان بارڈر17ویں روز بھی بند ہے ، سرحد کی بندش سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈاورنیٹو سپلائی معطل جبکہ دوطرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت بھی بند ہے۔

    پاک افغان سرحد باب دوستی کے قریب قرنطینہ قائم کردیا گیا ہے ، اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ قرنطینہ 725 خیمے لگائےگئے ہیں ، جو ایک ہزار تک بڑھائے جائیں گے، ہر خیمے میں بستر ، رضائی ،پانی کا کولر اور گیس کا انتظام کیاگیاہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا وزارت داخلہ کے احکامات پر پاک افغان سرحد 5 اپریل تک بند رہےگی، سرحد کے اس پار پھنسے پاکستانیوں کو قرنطینہ میں رکھا جائےگا ، قرنطینہ میں ڈاکٹر ،طبی عملہ، دوائیں اور ایمبولنس کی سہولت دستیاب ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ قرنطینہ میں سیکیورٹی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں جبکہ ایران کے زائرین کو قرنطینہ لانے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

    یاد رہےوزیراعظم عمران خان  کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں ، مغربی سرحدیں 2 ہفتے ہر قسم کی آمدورفت کے لیے  بند کرنے فیصلہ کیا گیا تھا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ اجلاس میں  فیصلہ ہوا ہےداخلی پوائنٹس کو مزید موثر بنایا جائے، اگلے15روز کیلئے تمام باردڑز بند کیے جائیں گے، داخلی راستوں پراقدامات کو مزید سخت کیا جائے گا۔

  • علما ء نے کرونا وائرس پر  مشترکہ فتویٰ جاری کردیا

    علما ء نے کرونا وائرس پر مشترکہ فتویٰ جاری کردیا

    اسلام آباد : علما ء نے کرونا وائرس پر  مشترکہ فتویٰ جاری کردیا ، جس میں کہا گیا مہلک وائرس سےنجات کیلئےشریعت اسلامیہ کے رہنمااصولوں کو اپنانا ہوگا، مساجد میں وضو خانوں اور طہارت خانوں کی مکمل صفائی کاخیال رکھاجائے۔

    تفصیلات کے مطابق حافظ طاہر اشرفی کی زیر صدارت علماو مشائخ کا اجلاس ہوا ، جس میں کرونا وائرس پر مشترکہ فتویٰ جاری کیا گیا ، جس میں کہاگیا ہے کہ پوری دنیا کروناوائرس کے رسک پر ہے، مہلک وائرس سےنجات کیلئےشریعت اسلامیہ کے رہنمااصولوں کو اپنانا ہوگا۔

    مشترکہ فتویٰ میں کہا گیا تمام سیاسی و مذہبی اجتماعات کو فی الفور ملتوی کردیا جائے، جمعۃ المبارک کے اجتماعات کوعربی خطبات تک مختصر کیاجائے اور مساجد میں صفوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے۔

    علما کا مشترکہ فتویٰ میں کہنا ہے کہ مساجد میں نماز باجماعت فرش پر ادا کرنے کا اہتمام کیا جائے، نماز کی ادائیگی سےقبل سرف یا صابن سے فرش کو دھو لیا جائے، کورونا وائرس پراحتیاط کیلئےزبان سے السلام علیکم ورحمۃ اللہ کہا جائے۔

    مشترکہ فتویٰ کے مطابق مریض ، بزرگ حضرات مساجدکےبجائے گھرمیں نماز ادا کریں، مساجد میں وضو خانوں اور طہارت خانوں کی مکمل صفائی کاخیال رکھا جائے اور مخیر حضرات صابن ، سینیٹائزر ،صفائی کے امور میں معاون اشیا ہدیہ کریں۔

    خیال رہے پاکستان میں کروناوائرس کےمریضوں کی تعداد بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے ، سندھ میں مزیدپانچ مریض سامنےآگئے، جس کے بعد سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد 155 جبکہ ملک بھرمیں 188 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

  • پاکستان کرونا وائرس کی دلدل میں پھنس گیا تو مشکل صورتحال ہوگی، وزیراعظم

    پاکستان کرونا وائرس کی دلدل میں پھنس گیا تو مشکل صورتحال ہوگی، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرونا وائرس کی دلدل میں پھنس گیا تو مشکل صورت حال ہوگی ، ہمارے پاس صحت کی سہولیات نہیں ہیں ، نازک صورت حال کا سامنا کرنے والے ہمارے جیسے ممالک کو قرض معافی جیسی سہولت فراہم ہونی چاہئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ پاکستان وائرس کی دلدل میں پھنس گیا تو مشکل صورت حال ہوگی، ہماری صحت کی سہولیات وائرس کا مقابلہ نہیں کر سکیں گی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسی صورت حال صرف پاکستان میں ہی نہیں، بھارت اور برصغیر میں بھی ہو گی، وائرس پھیلا تو ہم سب خطرے میں ہوں گے، ہمارے پاس صحت کی سہولیات نہیں ہیں ، ہمارے پاس وسائل بھی محدود ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ وائرس کے معیشت پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں ، مجھے تشویش غربت اور بھوک کے معاملے پر ہے، معاملے کی سنجیدگی کے پیش نظر عالمی کمیونٹی کو بھی سوچنا ہو گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ نازک صورت حال کا سامنا کرنے والے ہمارے جیسے ممالک کو قرض معافی جیسی سہولت فراہم ہونی چاہئے، یہ ہمیں وائرس سے مقابلہ کرنے میں مدد دے سکے گی۔

    ایران کی صورتحال پر وزیراعظم نے کہا کہ ایران میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر بہت تشویش ہے ، ایران جیسے ممالک سے صورت حال کے پیش نظر پابندیاں ختم ہونی چاہئیے کیونکہ ایران انتہائی مشکل صورت حال سے گزر رہا ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم نے کرونا سے ترقی پذیر اقوام کی تباہی کا خدشہ ظاہر کر دیا

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے امریکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں خدشہ ہے کہ نیا کرونا وائرس ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو تباہ کر دے گا، دولت مند معیشتیں دنیا کے غریب ترین ممالک کے قرضوں کو معاف کرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان جیسے دیگر ممالک کا قرضہ معاف کرنے کے بارے میں سوچے، اس اقدام سے ہمیں کرونا سے نمٹنے میں مدد ملے گی، کرونا اگر پاکستان میں پھیلا تو معیشت بحال کرنے کی ہماری کوشش کو سنگین نقصان پہنچے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس طبی سہولتیں اتنے بڑے بحران سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہیں، آئی ایم ایف کا قرضہ پاکستان کے لیے معاشی بوجھ بن جائے گا۔

  • کرونا وائرس ، وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے

    کرونا وائرس ، وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے، خطاب میں عمران خان کرونا وائرس سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے اور حکومتی اقدامات سے متعلق آگاہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے ، وزیراعظم ہاؤس میں خطاب کی ریکارڈنگ کےانتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ٹی وی وزیر اعظم کا قوم سے خطاب نشر کرے گا، خطاب میں وزیراعظم کرونا وائرس سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے اور حکومتی اقدامات سے متعلق آگاہ کریں گے۔
    .
    ذرائع کے مطابق خطاب میں وزیر اعظم قوم سے احتیاطی تدابیر پر بات کریں گے اور قوم کوموجودہ صورتحال سےبھی آگاہ کریں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم نے کرونا سے ترقی پذیر اقوام کی تباہی کا خدشہ ظاہر کر دیا

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے امریکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں خدشہ ہے کہ نیا کرونا وائرس ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو تباہ کر دے گا، دولت مند معیشتیں دنیا کے غریب ترین ممالک کے قرضوں کو معاف کرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان جیسے دیگر ممالک کا قرضہ معاف کرنے کے بارے میں سوچے، اس اقدام سے ہمیں کرونا سے نمٹنے میں مدد ملے گی، کرونا اگر پاکستان میں پھیلا تو معیشت بحال کرنے کی ہماری کوشش کو سنگین نقصان پہنچے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس طبی سہولتیں اتنے بڑے بحران سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہیں، آئی ایم ایف کا قرضہ پاکستان کے لیے معاشی بوجھ بن جائے گا۔

  • کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے وزیراعلیٰ سندھ  کے بڑے فیصلے

    کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کے بڑے فیصلے

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا وائرس ٹیسٹ کرنے کی نئی کٹس خریدنے اور یونین کونسل کو فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا دیہی علاقوں میں صابن خریدکرعوام میں تقسیم کئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سکھر قرنطینہ مرکزکےحوالےسے اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ کی سکھر لیبر کالونی میں زائرین کومکمل سہولتیں دینےکی ہدایت کی۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کالونی میں موجود سہولتوں کا جائزہ لیا اور لیبر کالونی سکھر کا ایک بلاک اسپتال میں منتقل کرنے اور وہاں ایم ایس، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، وینٹی لیٹر و دیگر اشیاکا انتظام کرنےکی ہدایت کردی۔

    اجلاس میں نئے بلاک میں قائم اسپتال کو وہاں موجود زائرین کے علاج کی سہولیت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے نئے اسپتال کیلئے آلات خریدنے کی ہدایت دے دی۔

    مراد علی شاہ نے کرونا وائرس ٹیسٹ کرنے کی نئی کٹس خریدنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی مریضوں کےسیمپلز کراچی بھیجتے رہیں اور تمام زائرین کی مکمل میڈیکل ہسٹری رکھیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی سیز کو زائرین کا پتہ شیئرکرکے ایک مہینے کا راشن پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا چیف سیکریٹری راشن پہنچانےکی ہدایت جاری کریں اور جو فنڈز چاہئیں مہیاکریں۔

    مراد علی شاہ نے نئے تعمیر شدہ اسپتالوں کوایک ماہ میں فعال کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کوٹری، نوری آباد ،حیدرآباد میں سکھر ماڈل اختیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے خالی لیبر فلیٹس میں آئسولیشن وارڈز بنانے کی ہدایت کردی اور کہا خوشی ہے اب عوام نے تعاون کرنا شروع کیا ہے۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے یونین کونسل کو فنڈز جاری کرنے ، دیہی علاقوں میں صابن خریدکرعوام میں تقسیم کرنے اور صابن کمپنیوں سے سبسڈی پر10 لاکھ صابن خریدنےکافیصلہ کرتے ہوئے کہا ڈی سیزعوام کواحتیاطی تدابیرکے حوالے سے آگاہ کرتے رہیں۔

  • کرونا وائرس سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر قوم کو آگاہ کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت

    کرونا وائرس سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر قوم کو آگاہ کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر قوم کو آگاہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا خطرے سےآگاہ ہیں مگر ایسے فیصلے نہ کریں ،جس سے خوف پیدا ہو ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل کورآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرداخلہ اعجاز شاہ ، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری ، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور ،معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی جبکہ معاون خصوصی زلفی بخاری سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

    اجلاس میں ملک میں کرونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کروناوائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر مشاورت کی گئی، چاروں وزرائےاعلٰی کے علاوہ معاون خصوصی ظفرمرزا نے شرکا کو بریف کیا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں کرونا سے نمٹنے کے لیے صوبوں کی مختلف تجاویز پرغور کیا گیا اور نمازِ جمعہ کے اجتماعات سے متعلق علمائے کرام سے مشاورت پربھی بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کرونا وائرس سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر قوم کو آگاہ کیا جائے اور افواہوں سےنمٹنے کے لیے تمام صورتحال سے عوام کو آگاہ رکھاجائے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاق اورصوبےمکمل ہم آہنگی کے ساتھ صورتحال سےنمٹ رہےہیں، خطرے سےآگاہ ہیں مگر ایسے فیصلے نہ کریں جس سے خوف پیدا ہو، ہر شعبےسے تعلق رکھنے والے لوگ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور معاون خصوصی ظفرمرزاہر روز شام 5 بجے صورتحال سے آگاہ کریں گے۔

  • سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ، عبدالحفیظ شیخ نے بڑی خوشخبری سنادی

    سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ، عبدالحفیظ شیخ نے بڑی خوشخبری سنادی

    اسلام آباد : مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے آئی ایم ایف سے اہم رعایت لینے میں کامیاب ہوگئی جبکہ آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کا بھی عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومت آئی ایم ایف سے اہم رعایت لینے میں کامیاب ہوگئے ہیں.

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ  کرونا وائرس پر اٹھنے والے اخراجات مالی خسارےمیں شامل نہیں ہوں گے، آئی ایم ایف کرونا اخراجات خسارے میں شامل نہ کرنے پر رضامند ہے۔

    ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ وزیراعظم نےمعاشی اثرات سےنمٹنےکی حکمت عملی کی ذمہ داری سونپ دی، ایسی حکمت عملی وضع کریں گے کہ معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں، کوشش ہوگی اشیائےخوردونوش کی قلت یاقیمتوں میں اضافہ نہ ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کورونا وائرس کے باعث بے روزگاری کا خطرہ پیدانہ ہو اور کسانوں کوبھی ان کی مصنوعات کاپورا معاوضہ ملتا رہے ، برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ ہوا تو معاہدوں میں توسیع کی کوشش کریں گے۔

    مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ   پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ صرف 10سے 11فیصد گری ہے، دنیا کی اسٹاک مارکیٹوں میں 1ٹریلین ڈالر کی مندی آئی ہے، مختلف ممالک، عالمی مالیاتی اداروں سے مالی وتکنیکی مدد لیں گے، جو ملک اس صورتحال سےنکل رہے ہیں ان سے بھی مدد لی جاسکتی ہے۔

    ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا آئندہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں مناسب اضافہ کیا جائےگا۔

  • جہانگیرترین ‌‌کی کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل

    جہانگیرترین ‌‌کی کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا بار بار ہاتھ دھوئیں، ہاتھ ملانے اوراجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے کرونا وائرس کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دنیا میں کروناوائرس کی وباپھیلی ہوئی ہے، پاکستان میں بھی کرونا وائرس کےاثرات آچکے ہیں۔

    جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ  حکومت نے جلد کروناوائرس سے بچاؤ کے اقدامات کئے، اقدامات سے کرونا وائرس پاکستان میں کنٹرول میں رہےگا، ہر شہری کا فرض ہے کہ حکومت کا ہاتھ بٹائے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ  عوام غیرضروری اجتماعات میں جانےسےگریزکریں، اپنے ہاتھ بار بار دھوئیں اور چہرے پر مت لگائیں، کرونا وائرس ہاتھ ملانے سے پھیلتا ہے، اس لئے بیرون ملک سے آنیوالے بھی احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سب  احتیاطی تدابیر اپنائیں گے تو جلد کرونا پر قابو پالیا جائےگا، سب ساتھ دیں تو 2 سے 3 ہفتے میں حالات کنٹرول میں آجائیں گے۔

    خیال رہے تحریک انصاف نے عوام میں کرونا وائرس سے آگاہی کے لئے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا ، مہم کےتحت عوام کو کرونا سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کیا جائےگا۔