Tag: carpenter

  • اپنے حق کیلئے خود سوزی کی کوشش کرنے والے نوجوان کی دکھ بھری داستان

    اپنے حق کیلئے خود سوزی کی کوشش کرنے والے نوجوان کی دکھ بھری داستان

    نئی دہلی : بھارت میں بڑھئی کو دو سال کی جدوجہد کے بعد اس کی دکان مل گئی، جس کے لیے اس نے خود سوزی کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے بارہ بنکی کے رہائشی نوجوان نصیر جو بڑھئی کا کام کرتا ہے، اسے اس کی دکان سے محروم کردیا گیا تھا، دو سال تک احتجاج کرنے کے بعد نصیر کو بالآخر دکان مل گئی۔

    ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں پیشے سے بڑھئی نصیر کے کنبے کو جمہوری طاقتوں کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی ہے۔ دو برس تک لمبی لکھا، پڑھی، دھرنا اور پھر آخر میں خود کو نذر آتش کرنے کی کوشش کے بعد نصیر کو اپنی دکان حاصل ہو پائی ہے۔

    اسے دکان کے لئے جگہ دلانے میں پولیس انتظامیہ اور کچھ افراد کا بڑا ہاتھ رہا ہے۔ نئے سال پر اسے دکان کے طور پر بڑا تحفہ حاصل ہوا ہے، اب وہ نئے سال سے نئی زندگی شروع کرنا چاہتا ہے۔

    بارہ بنکی کے لکھپیڑا باغ محلے کے نصیر کی آواس وکاس محلے میں فرنیچر کی دکان تھی اور یہ جگہ 1997 میں وہاں کی انتظامیہ نے اسے کرائے پر الاٹ کر رکھی تھی۔

    سال 2018 میں نصیر کی دکان کو غیر قانونی تجاوزات قرار دے کر منہدم کر دیا گیا اور اس کا تمام سامان بھی ضبط کرلیا گیا تھا، جس وقت نصیر کی دکان گرائی گئی اس وقت کوئی یہ ماننے کو تیار نہیں تھا کہ نصیر اپنی جگہ صحیح ہے۔

    اس واقعے کے بعد سے نصیر اور اس کے اہل خانہ مسلسل مظاہرے دھرنا اور آخر میں خود کو نذر آتش تک کر ڈالنے کی کوشش کرتے رہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

    دو ماہ قبل جب شہر کوتوال پنکج سنگھ اس کے گھر کا معائنہ کرنے پہنچے تو اس کے گھر میں نہ بجلی تھی اور نہ ہی کھانے پینے کی اشیاء تھیں۔ یہ صورت حال دیکھ کر پولیس نے اس کی مدد کی۔

    انتظامیہ نے اسے قریب ہی ایک جگہ مہیا کر دی ہے۔ انتظامیہ اور کچھ افراد کی مدد سے نصیر نے کچھ فرنیچر بھی خرید لیا ہے۔ اب نصیر کو لگتا ہے کہ اس کی زندگی بہتر ہو جائے گی۔

  • جنسی ہراسگی کے الزام میں گرفتار پاکستانی باعزت بری

    جنسی ہراسگی کے الزام میں گرفتار پاکستانی باعزت بری

    دبئی : متحدہ عرب امارات کی عدالت نے چینی خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری کو باعزت بری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی عدالت نے جنسی ہراسگی کیس کی سماعت کرتے ہوئے رہائشی عمارت کی لفٹ میں خاتون کو ہراساں کرنے الزام میں گرفتار پاکستانی شخص کو باعزت بری کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جنسی ہراسگی کیس میں گرفتار کارپینٹر کا کام کرنے والے 28 سالہ پاکستانی شہری پر الزام تھا کہ اس نے لفٹ کے اندر شکایت کنندہ کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی ہے۔

    دبئی پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ واقعے کی رپورٹ رواں برس مارچ کی 7 تاریخ کو نائف پولیس اسٹیشن میں درج ہوئی تھی۔

    پولیس نے عدالت کو بتایا کہ 42 سالہ چینی خاتون نے شکایت درج کروائی تھی کہ ’میں نائف ایریا میں رات ساڑھے 11 بجے اپنی دکان بند کرکے گھر کی جانب جارہی کہ مجھے محسوس ہوا کہ کوئی میرا پیچھا کررہا ہے، جو اپنے حلیے سے پاکستانی لگ رہا تھا۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق خاتون نے پولیس کو بیان دیا کہ 28 سالہ نوجوان نے لفٹ کے بند ہوتے ہی مجھے پکڑ کر جنسی طور پر ہراساں کرنے لگا، جس پر میں نے اسے دھکا دیا اور چیخ کر کہا کہ تم مجھے جانتے ہو، تو ملزم نے کہا میں تمھیں جانتا ہوں۔

    متاثرہ چینی خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ ’میرے شور مچانے پر میرا پڑوسی باہر آیا لیکن تب تک ملزم موقع سے فرار ہوچکا تھا، اس لیے واقعے کا کوئی عینی شاہد نہیں ہے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزم کو واقعے کے روز ہی گرفتار کرلیا تھا، لیکن پاکستانی شہری نے خاتون کو پہنچاننے اور خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس آفیسر نے عدالت میں بیان دیا کہ’ملزم نے دوران تفتیش واقعے کے روز مذکورہ عمارت میں جانے بھی انکار کیا تھا‘۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ چینی خاتون کے شکایت درج کروانے کے بعد ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے گرفتار کیا گیا تھا، تاہم پولیس نے عدالت کے حکم پر ملزم کو باعزت بری کردیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں