Tag: CARs

  • وفاقی حکومت کی ناقص حکمت عملی سے کار سازی کی صنعت بھی متاثر

    وفاقی حکومت کی ناقص حکمت عملی سے کار سازی کی صنعت بھی متاثر

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کی ناقص حکمت عملی سے کار سازی کی صنعت بھی متاثر ہوگئی، جولائی تا اگست گاڑیوں کی پیداوار میں 19.7 فیصد کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی ناقص حکمت عملی سے کار ساز کمپنیاں بھی پریشان ہوگئی ہیں، غیر یقینی اور بے ربط پالیسیز سے کار سازی متاثر ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی تا اگست گاڑیوں کی پیداوار میں 19.7 فیصد کمی ہوئی، بر وقت خام مال نہ ملنے کی وجہ کار سازی تاخیر کا شکار ہے۔

    ذرائع صنعت و پیداوار کا کہنا ہے کہ ایل سیز نہ کھلنے کے باعث گاڑیوں کی مینو فیکچرنگ میں کمی ہوئی، کار ساز کمپنیوں کی تقریباً 20 کروڑ ڈالر سے زائد کی ایل سیز نہیں کھولی جا سکیں۔

    ذرائع کے مطابق اسپیئر پارٹس اور کٹس کی امپورٹ نہ ہونے کے باعث پیداواری صلاحیت میں کمی واقع ہوگئی۔ جون، جولائی اور اگست کے دوران گاڑیاں اور اسپیئر پارٹس کی امپورٹ پر پابندی عائد تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جون، جولائی، اگست میں صارفین بکنگ کے مطابق مینو فیکچرنگ نہیں ہوئی، گاڑیوں کی پینڈنگ ایل سیز آئندہ ماہ سے کھولے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق اسٹیٹ بینک نے ستمبر سے دسمبر تک 75 لاکھ ڈالر کا ایل سیز کھولنے کا کوٹہ دیا، جنوری سے اپریل تک کار ساز کمپنیوں نے تقریباً ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی ایل سیز کھلوائی تھیں۔

  • سندھ میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف کارروائی

    سندھ میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف کارروائی

    کراچی: صوبہ سندھ میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک کمپنی سیل کردی گئی جبکہ متعدد گاڑیوں کے مالکان کو نوٹس جاری کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سند انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جامشورو نوری آباد میں نجی اسٹیل کمپنی سیل کردی گئی۔

    سیپا کا کہنا ہے کہ نجی اسٹیل کمپنی کو متعدد بار نوٹسز کے باوجود خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔

    ڈی جی سیپا کے مطابق زہریلی گیس کی زائد مقدار والی گاڑیوں کا بھی چالان کیا گیا جبکہ دھواں دینے والی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف سیپا ایکٹ 2014 کے تحت کاروائی کی گئی۔

    علاوہ ازیں حیدر آباد سائٹ، کوٹری سائٹ اور نوری آباد سائٹ کی انڈسٹریز کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ سیپا کا کہنا ہے کہ ایکٹ کی خلاف ورزی پر صنعتوں کو ای پی او لگا کر بند کردیا جائے گا۔

  • نسان گیس پر چلنے والی گاڑیاں بنانا ختم کردے گی؟

    نسان گیس پر چلنے والی گاڑیاں بنانا ختم کردے گی؟

    جاپانی کار ساز کمپنی نسان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے صارفین چاہیں گے کہ گیس پر چلنے والی گاڑیاں ختم کردی جائیں تو وہ ضرور ایسا کریں گے۔

    گیس پر چلنے والی گاڑیوں کے مرحلہ وار خاتمے کے کوپ 26 عالمی معاہدے پر دستخط نہ کرنے کے حوالے سے جاپانی کار ساز کمپنی نسان کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ نسان ماحول دوست ہے مگر صارف کی رہنمائی پر چلتی ہے۔

    گزشتہ ماہ گلاسگو میں ہونے والے معاہدے میں 30 سے زائد قومی حکومتیں شامل ہوئیں کیونکہ ٹرانسپورٹیشن انڈسٹری کاربن کے اخراج کی وجہ سے کئی دہائیوں تک ہونے والے ماحولیاتی نقصان کو دور کرنے کی دوڑ میں لگی ہوئی ہے۔

    ان کے ساتھ فورڈ اور مرسڈیز بینز سمیت 6 آٹو موٹو کمپنیاں شام ل ہوئیں لیکن نسان نے اپنے فرانسیسی پارٹنر رینالٹ کے ساتھ اس معاہدے کو چھوڑ دیا۔

    نسان کے چیف آپریٹنگ افسر اشوانی گپتا کا کہنا ہے کہ اگر صارفین کہتے ہیں کہ اسے ختم کردیں (گیس سے چلنے والی گاڑیوں کی پیداوار) تو ہم اسے ختم کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر (ایک صارف) انٹرنل کمبسشن انجن والی کاروں میں مزید جوش نہیں رکھتا ہے اگر اسے آئی سی ای کاروں میں قیمت کی مسابقت نہیں ملتی ہے اگر اسے سی او ٹو جرمانہ ادا کرنا ہے تو وہ اسے کیوں رکھے گا۔

    اشوانی گپتا جو میڈیا کے دورے کے لیے دبئی میں تھے نے نسان کے صارفین کے لیے منتقلی کو ہموار بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

    انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ ہم پر منحصر ہے کہ اسے مسابقتی کیسے بنایا جائے، لہٰذا گاہک قدرتی طور پر ایسا کریں گے، یورپ میں یہ بہت جلد ہوگا۔

    جاپانی کار ساز کمپنی اگلے 10 سالوں میں نئی الیکٹرک کاروں کے ماڈلز متعارف کروانے کی کوششیں تیز کر رہی ہے جس کا مقصد سنہ 2030 تک 50 فیصد الیکٹریفیکیشن مکس ہے، کیونکہ یہ 2050 تک اپنی مصنوعات کے لائف سائیکل میں کاربن نیوٹرل ہونے سے بھی دگنا ہو جائے گا۔

    نسان نے پچھلے ہفتے اپنے الیکٹرک ماڈل لائن اپ کے لیے سالڈ سٹیٹ بیٹریاں تیار کرنے کے لیے 17.6 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری منصوبے کا بھی اعلان کیا تھا، علاوہ ازیں سنہ 2024 تک ایک پائلٹ پلانٹ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا جس کی پیداوار سنہ 2028 تک شروع ہوگی۔

  • کامیاب معاشی پالیسیوں کے ثمرات، گاڑیوں کی ریکارڈ فروخت

    کامیاب معاشی پالیسیوں کے ثمرات، گاڑیوں کی ریکارڈ فروخت

    حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے، ملک میں گزشتہ ماہ ریکارڈ تعداد میں گاڑیاں خریدی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے، ملک کی دو بڑی آٹو کمپنیوں نے گزشتہ دنوں ریکارڈ گاڑیاں فروخت کیں۔

    ٹویوٹا پاکستان کا کہنا تھا کہ کمپنی کے قیام سے اب تک انہوں نے ایک ماہ میں پاکستان میں سب سے زیادہ گاڑیاں فروخت کرنے کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ اعلامیے کے مطابق جولائی 2021 میں 6 ہزار 775 یونٹ (گاڑیاں) فروخت کیے گئے جو سنہ 1993 سے اب تک کمپنی کی جانب سے ایک ماہ میں گاڑیوں کی سب سے زیادہ سیلز ہیں۔

    اس حوالے سے ماہر معاشیات مزمل اسلم نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے گاڑیوں کے ٹیکس میں کمی کی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پہلے ایک گاڑی کی قیمت پر 40 فیصد ٹیکس حکومت کو جاتا تھا جو اب کم کردیا گیا۔

    علاوہ ازیں بینکوں کی شرح سود بھی کم کردی گئی ہے جس کی وجہ لوگ آسانی سے بینک کی قسط بھر سکتے ہیں نتیجتاً وہ گاڑی خریدنے کے قابل ہوگئے ہیں۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ رواں سال زراعت اور فصلوں کی پیداور میں بھی اضافہ دیکھا گیا جس سے ملک کی مجموعی معاشی صورتحال بھی بہتر ہوئی۔

  • بے نامی اکاؤنٹس کے بعد بے نامی گاڑیاں رکھنے کا انکشاف

    بے نامی اکاؤنٹس کے بعد بے نامی گاڑیاں رکھنے کا انکشاف

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بے نامی اکاؤنٹس کے بعد بے نامی گاڑیاں رکھنے کا انکشاف ہوا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گاڑیاں ضبط شروع کرنے کی تیاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بے نامی گاڑیوں کا ڈیٹا اکھٹا کرلیا ہے، تحقیقات میں ایک شخص کے نام پر 12 مہنگی گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    مذکورہ بے نامی مہنگی گاڑیوں میں 2 مرسڈیز بینز، 2 پراڈو اور 2 بی ایم ڈبلیو، 1 کیڈیلک اور 5 کرولا گاڑیاں شامل ہیں۔

    اس حوالے سے ایف بی آر کے بے نامی زون کراچی نے 20 بے نامی گاڑیوں کے کیسز درج کیے تھے جس کے بعد بے نامی ایجوڈیکیٹنگ اتھارٹی نے بے نامی زون کراچی کے حق میں فیصلہ دے دیا۔

    بے نامی گاڑیاں رکھنے والے افراد کے پاس 45 دن میں اپیل دائر کرنے کا موقع تھا تاہم بے نامی گاڑیوں کے کسی بھی مالک نے فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کی۔

    اب بے نامی زون نے گاڑیاں ضبط شروع کرنے کی تیاری کرلی ہے اور اس کے لیے نیشنل ہائی وے موٹر پولیس، اینٹی کار لفٹنگ سیل اور پولیس سے مدد طلب کرلی ہے۔

    تحقیقات کے مطابق 20 بے نامی گاڑیوں کی قیمت 20 کروڑ روپے کے قریب ہے، بے نامی گاڑیوں کو ضبط کرنے کے بعد ان کی نیلامی کر کے ریونیو وصول کیا جائے گا۔

  • اسپتال کے باہر زمین دھنس گئی، کووڈ 19 کے مریضوں کا ہنگامی اخراج

    اسپتال کے باہر زمین دھنس گئی، کووڈ 19 کے مریضوں کا ہنگامی اخراج

    اٹلی میں ایک اسپتال کے باہر زمین اچانک دھنس گئی اور ایک گہرا گڑھا پڑ گیا، اسپتال میں موجود کووڈ مریضوں کو ہنگامی طور پر اسپتال سے باہر نکالا گیا۔

    یہ واقعہ اٹلی کے شہر نیپلز میں پیش آیا جہاں صبح 6 بجے کے قریب ایک اسپتال کے باہر پارکنگ ایریا کی زمین اچانک دھنس گئی اور ایک گہرا گڑھا پڑگیا۔

    22 ہزار اسکوائر فٹ پر محیط یہ گڑھا 66 فٹ گہرا تھا، زمین دھنسنے سے وہاں موجود سینکڑوں گاڑیاں گڑھے میں گر گئیں، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

    مذکورہ مقام کے قریب اسپتال کا کووڈ وارڈ تھا جہاں سے کرونا مریضوں کو فوری طور پر باہر نکالا گیا، زمین دھنسنے سے علاقے کی فراہمی آب اور بجلی بھی معطل ہوگئی۔

    مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ زمین کے نیچے کسی ارضیاتی گڑبڑ کی وجہ سے ہوسکتا ہے، مقامی مجسٹریٹ کی ہدایت پر یہاں تکنیکی ماہرین کو طلب کیا گیا ہے تاکہ اندازہ لگایا جاسکے حادثے کا سبب کیا تھا۔

    انتظامیہ کے مطابق شہر میں دو ہفتے قبل موسلا دھار بارشیں ہوئی تھیں اور اس کے باعث زمین کے نیچے پانی کی سطح میں اضافہ اس حادثے کا سبب ہوسکتا ہے۔

    پولیس کتوں کی مدد سے مذکورہ مقام کا جائزہ لے رہی کہ کہیں کوئی شخص اس جگہ پھنسا ہوا نہ ہو۔

    نیپلز کا مذکورہ اسپتال کرونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج کا اہم مرکز تھا تاہم اس وقت یہاں کووڈ کے صرف 6 مریض زیر علاج ہیں۔

  • مالکان ہوشیار! فینسی اور بغیر نمبر پلیٹس گاڑیوں کے خلاف شکنجہ تیار

    مالکان ہوشیار! فینسی اور بغیر نمبر پلیٹس گاڑیوں کے خلاف شکنجہ تیار

    لاہور : ٹریفک پولیس نے فینسی، غیر نمونہ اور بغیر نمبر پلیٹس گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کے خلاف رواں سے سخت کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق غیر قانونی نمبر پلیٹوں والی گاڑیوں کے خلاف صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کریک ڈاؤن کرنے کا انتباہ جاری کردیا گیا ہے، جعلی اور بوگس نمبر پلیٹس پر مقدمات درج کرائے جائیں گے۔

    سٹی ٹریفک پولیس افسر لیاقت علی ملک کا کہنا ہے کہ فینسی، غیر نمونہ اور بغیر نمبر پلیٹس گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کے خلاف شکنجہ تیار کرلیا ہے، 15 جنوری سے ایسی وہیکلز کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔،

    لیاقت علی ملک کا کہنا تھا کہ کارروائی سے پہلے شہریوں کو بھرپور آگاہی فراہم کی جائے گی، شہری محکمہ ایکسائز سے جاری شدہ نمبر پلیٹس ہی استعمال کریں۔

    سٹی ٹریفک پولیس افسر کا کہنا تھا کہ جن گاڑیوں کا چالان ہوگا انہیں چالان پر کاغذات کی واپسی اصل نمبر پلیٹ دکھانے پر کی جائے گی۔

    لیاقت علی ملک کا مزید کہنا تھا کہ 15 جنوری سے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکے لگائے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : جعلی اورفینسی نمبر پلیٹیں بنانے والوں کیخلاف تاریخ کا پہلا مقدمہ درج

    خیال رہے کہ محکمہ ایکسائر نے جعلی اور فینسی نمبر پلیٹیں بنانے والوں کے خلاف 14 اپریل 2017 کو تاریخ کا پہلا مقدمہ درج کر کے دو افراد کو گرفتار کیا تھا، محکمہ ایکسائز نے جعلی نمبر پلیٹس بنانے والی فیکٹری کو سیل کر کے دس ہزار نمبر پلیٹیں بھی قبضے میں لی تھیں۔

  • یورپ امریکی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کرے گا: یورپی یونین

    یورپ امریکی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کرے گا: یورپی یونین

    پیرس: امریکا اور یورپ کی تجارتی جنگ میں شدت آگئی، یورپی یونین نے امریکی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے یورپی دھاتوں پر اضافی محصولات عائد کرنے کے بعد یورپ نے بھی امریکی مصنوعات کی یورپ درآمد پر اضافی محصولات عائد کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کی کمشنر برائے تجارتی امور سیلیا مالسٹروم نے کہا ہے کہ اگر امریکا یورپی کاروں کی امریکا درآمد پر اضافی محصولات عائد کرے گا تو یورپی یونین بھی امریکی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کرے گا۔

    یورپی یونین کی کمشنر برائے تجارتی امور نے کہا ہے کہ یورپی یونین تقریباً 20 بلین ڈالر کی اضافی محصولات عائد کرے گا، محصولات کا مقصد امریکا کو اپنے حالیہ اقدامات سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کرنا ہے۔


    کاروں پر اضافی محصولات عائد کردی جائیں گی‘ امریکی صدر کی دھمکی


    ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز یورپی یونین کے صدر جین کلاؤڈ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اسی بابت ملاقات کی تھی، ملاقات میں صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنے یورپی اسٹیل اور ایلومینیم پر عائد اضافی محصولات واپس لیں۔

    سیلیا مالسٹروم کا مزید کہنا تھا کہ امریکا سے اسی تناظر میں بات ہورہی ہے، چاہتے ہیں ملاقات باہمی مشاورت سے حل ہوجائے بصورت دیگر یورپی یونین امریکا سے متعلق اضافی ٹیکس کا پلان تیار کررہا ہے جس پر جلد عمل درآمد ہوگا۔

    خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے پہلے ہی یورپ کی اسٹیل اور ایلومینیم پر اضافی محصولات عائد کیے جاچکے ہیں، جبکہ رواں ماہ کے آغاز میں صدر ٹرمپ نے دھمکی بھرے پیغام میں کہا تھا کہ یورپی کاروں پر بھی درآمدی کی صورت میں اضافی ٹیکس عائد کی جاسکتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • امریکا یورپی گاڑیوں پر عائد اضافی ٹیکس ختم کرنے کو تیار ہے، امریکی سفیر

    امریکا یورپی گاڑیوں پر عائد اضافی ٹیکس ختم کرنے کو تیار ہے، امریکی سفیر

    برلن/واشنگٹن : جرمنی میں تعینات امریکی سفیر نے جرمن کار ساز کمپنیوں کے سربراہوں کو پیشکش کی ہے کہ ’اگر یورپ امریکی گاڑیوں پر عائد محصولات ختم کردے تو امریکا یورپی گاڑیوں پر اضافی ٹیکس ختم کرنے کو تیار ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک جرمنی کی گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کے سربراہان کو جرمنی میں تعینات امریکی سفر رچرڈ گرینل نے ایک شرط کی بنیاد پر واشنگٹن کے ساتھ تجارتی تنازعہ ختم کرنے کی پیشکش کردی۔

    جرمن خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی سفر نے جرمنی کے کار بنانے والی کمپنیاں فوکس ویگن، بی ایم ڈبلیو اور ڈائملر کے سربراہوں نے بدھ کے روز برلن میں امریکی سفر سے ملاقات کی۔

    برلن میں موجود امریکی سفارت خانے میں امریکی سفیر اور جرمن کارساز کمپنیوں کے سربراہوں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران امریکی سفیر نے کہا کہ یورپی ممالک امریکی ساختہ گاڑیوں پر عائد محصولات ختم کردیں تو امریکا بھی یورپی گاڑیوں پر عائد اضافی ٹیکس ختم کردے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سفیر رچرڈ گرینل کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اور جرمنی کے ساتھ پیدا ہونے والے تجارتی تنازعے کو ختم کروانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہیں، امریکی سفیر کی پیش کردہ پیشکش بی ایم ڈبلیو کے چیف ایگزیکیٹو ہارالڈ کروئگر، ڈائملر کے سیچے اور فوکس ویگن کے ہیربرٹ ڈیس کو پسند آئی۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکا درآمد کی جانے والی یورپی ساز گاڑیوں پر 20 فیصد اضافی ٹیکسز عائد کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی ساختہ گاڑیوں کو یورپ میں درآمد کرنے پر 10 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے جبکہ امریکا میں یورپی گاڑیوں کی درآمدات پر صرف ڈھائی فیصد اور ٹرکوں پر 25 ٹیکس لیا جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • کاروں پر اضافی محصولات عائد کردی جائیں گی‘ امریکی صدر کی دھمکی

    کاروں پر اضافی محصولات عائد کردی جائیں گی‘ امریکی صدر کی دھمکی

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی کاروں کی امریکا درآمد پر اضافی محصولات عائد کردی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے پہلے ہی اسٹیل اور ایلومینیم پر اضافی محصولات عائد کی جاچکی ہیں جس کے بعد صدر ٹرمپ نے دھمکی بھرے پیغام میں کہا ہے کہ یورپی کاروں پر بھی درآمدی کی صورت میں اضافی ٹیکس عائد کی جاسکتی ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق دو روز قبل یورپی یونین نے اسٹیل اور ایلومینیم پر اضافی ٹیکس کے درعمل میں یورپ درآمد کی جانے والی امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کردیے ہیں جبکہ امریکی صدر کی یہ دھمکی اسی تناظر میں سامنے آئی ہے۔


    بھارت: امریکی درآمدی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد


    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر یورپی یونین امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات کا فیصلہ واپس نہیں لیتا تو امریکا اب یورپی کاروں کی درآمدی پر بھی تقریباً 20 فیصد اضافی ٹیکس لگائے گا۔

    قبل ازیں بھارت نے بھی گذشتہ روز اسٹیل اور ایلومینیم پر اضافی ٹیکس کے درعمل میں امریکا کی متعدد منصوعات پر اضافی محصولات کا اعلان کیا ہے۔


    امریکا کی اضافی محصولات، یورپی یونین نے بھی کمر کس لی


    یاد رہے کہ امریکا نے رواں ماہ یکم جون سے اپنے ہاں یورپی اسٹیل اور ایلومینیم مصنوعات کی درآمد پر دس سے پچیس فیصد تک اضافی محصولات عائد کر دیے تھے۔

    خیال رہے کہ کینیڈا اور میکسیکو کے عہدے داروں نے بھی امریکی فیصلے کے جواب میں محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی ہے لیکن ابھی تک انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کن امریکی مصنوعات کو ہدف بنایا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔