Tag: cartoonist

  • ایمیزون کے بانی جیف بیزوس سے متعلق کارٹون شائع نہ ہونے پر واشگنٹن پوسٹ کی کارٹونسٹ مستعفی

    ایمیزون کے بانی جیف بیزوس سے متعلق کارٹون شائع نہ ہونے پر واشگنٹن پوسٹ کی کارٹونسٹ مستعفی

    واشنگٹن: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایوارڈ یافتہ سیاسی کارٹونسٹ این ٹیلنس مستعفی ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایمیزون کے بانی اور واشنگٹن پوسٹ کے مالک جیف بیزوس سے متعلق طنزیہ کارٹون شائع نہ ہونے پر واشگنٹن پوسٹ کی کارٹونسٹ این ٹیلنس مستعفی ہو گئیں۔

    کارٹونسٹ این ٹیلنس نے اخبار کے مالک امریکی ارب پتی تاجر جیف بیزوس کے کاروبار سے متعلق کارٹون شائع نہ ہونے پر احتجاجاً نوکری چھوڑی، اخبار نے کارٹون شائع کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

    کارٹون میں جیف بیزوس کے ساتھ ساتھ فیس بک اور میٹا کے بانی مارک زکربرگ اور اوپن اے آئی کے مالک سیم آلٹ مین کو ٹرمپ کے سامنے گھٹنے ٹیکتے اور پیسوں کے تھیلے اٹھائے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

    کارٹون میں مکی ماؤس کو بھی سجدے کی حالت میں دکھایا گیا ہے، ڈزنی کی ملکیت اے بی سی نیوز نے پچھلے مہینے ٹرمپ کے دائر کردہ ہتک عزت کے مقدمے کو حل کرنے کے لیے 15 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

    کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا رواں ہفتے مستعفی ہونے کا امکان

    این ٹیلنس کا کہنا ہے کہ اس کے پچھلے کارٹون بھی مسترد کیے گئے تھے، لیکن یہ پہلی بار تھا کہ اس کے ”نقطہ نظر“ کی وجہ سے کارٹون نہ چھپا ہو، یہ گیم چینجراور آزاد صحافت کے لیے خطرہ ہے۔

    این ٹیلنس طویل عرصے سے واشنگٹن پوسٹ سے بہ طور کارٹونسٹ وابستہ رہی ہیں، اخبار کے ادارتی صفحے کے ایڈیٹر ڈیوڈ شپلی نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کارٹون کو ’دہرائے جانے‘ سے بچنے کے لیے شائع نہ کرنے کا فیصلہ کیا، اس لیے نہیں کہ اس نے اخبار کے مالک کا مذاق اڑایا۔

  • نیتن یاہو کا خاکہ بنانے والا برطانوی کارٹونسٹ ملازمت سے برطرف

    نیتن یاہو کا خاکہ بنانے والا برطانوی کارٹونسٹ ملازمت سے برطرف

    لندن : اسرائیل کے وزیراعظم کا خاکہ بنانا برطانوی اخبار کے کارٹونسٹ کو مہنگا پڑگیا، ادارے نے ملازمت سے برطرفی کا پروانہ تھما دیا۔

    برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘کے کارٹونسٹ اسٹیو بیل نے غزہ میں ہونے والی تباہ کاریوں کے پیش نظر اپنا آرٹ تخلیق کیا تھا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جس میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو باکسنگ کے دستانے پہنے اپنے پیٹ پر آپریشن کرنے کی تیاری کرتے ہوئے دکھایا گیا، جس پر غزہ کی پٹی کا خاکہ بنا تھا اور غزہ کے رہائیشیوں کیلئے پیغام تھا کہ یہاں سے چلے جاؤ۔

    کارٹونسٹ

    اس حوالے سے اخبار کے ترجمان نے کہا کہ اسٹیو بیل 40 سال سے گارڈین کے اہم کارٹونسٹ رہے، اب اسٹیو بیل کے معاہدے کی مزید کوئی تجدید نہیں کی جائے گی۔

    کارٹونسٹ اسٹیو بیل گارڈین اخبار کیلئے 42 سال سے کام کر رہے تھے، انہوں نے بتایا کہ پیر کے اخبار کیلئے کارٹون بھیجا گیا تھا اور چار گھنٹے بعد سینئر ایڈیٹر نے اسے مسترد کردیا تھا۔

    اسٹیو بیل نے اپنے کارٹون کے دفاع میں 1960 کی دہائی کے دوران اس وقت کے امریکی صدر لنڈن بی جانسن کے بنائے گئے ایک خاکے کا حوالہ دیا جس میں صدر جانسن کا جسم ویتنام کے نقشے جیسا دکھایا گیا تھا اور اس پر شدید زخم تھے۔

    اسٹیو بیل کا موجودہ کنٹریکٹ اپریل 2024 تک جاری رہے گا جس کے بعد ان کی ملازمت ختم ہوجائے گی۔

  • گستاخانہ خاکے بنانے والا ملعون کارٹونسٹ کار حادثے میں ہلاک

    گستاخانہ خاکے بنانے والا ملعون کارٹونسٹ کار حادثے میں ہلاک

    اسٹاک ہوم : گستاخانہ خاکے بنانے والا سوئیڈن کا ملعون کارٹونسٹ لارس ولکس اپنی ہی گاڑی میں جل کر جہنم واصل ہوگیا ہے ولکس کو2007 میں بنائے گئے متنازعہ خاکوں کے بعد سے حکومت نے پولیس کی سیکورٹی دے رکھی تھی۔

    امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سوئیڈن کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ 75 سالہ لارس ولکس کار اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ہلاک ہوگیا ہے۔

    پولیس کے مطابق حادثہ سوئیڈن کی کرونبرگ کاﺅنٹی کے علاقے مارکرڈ کے قریب اس وقت پیش آیا جب ولکس کی کار مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی۔

    حادثے کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس میں ولکس جہنم واصل ہوگیا جبکہ اس کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکار بھی زندہ جل گئے۔ ٹرک ڈرائیور زخمی حالت میں ہے جسے اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوری طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ پولیس ترجمان نے حادثے میں کسی بھی تخریب کاری کے خدشے کے تاثر کی تردید کی ہے۔

    ترجمان پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں جب کہ حادثے میں پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی وجہ سے پراسیکیوٹر آفس کے خصوصی سیکشن کو تحقیقات تفویض کی گئی ہیں۔

  • مہاجرین کی لاش پر گالف کھیلنے کی تصویر وائرل، کارٹونسٹ ملازمت سے فارغ

    مہاجرین کی لاش پر گالف کھیلنے کی تصویر وائرل، کارٹونسٹ ملازمت سے فارغ

    اوٹاوا/واشنگٹن : کینیڈین پبلیشنگ کمپنی نے مہاجر باپ اور بیٹی کی لاش پر گولف کھیلتے ٹرمپ کی ڈرائنگ بنانے والے کارٹونسٹ کو ملازمت سے فارغ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ 26 جون کو امریکا اور میکسیکو کے بارڈر پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران دریائے ریو گرینڈے میں پانی کی لہروں میں چل بسنے والے ایل سلواڈور کے مہاجر باپ اور بیٹی کی موت کی تصاویر نے دنیا کو جھنجوڑ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ پانی کی لہروں میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے ایل سلواڈور کے 25 سالہ آسکر البرٹو اور ان کی 2 سالہ بیٹی کی پانی میں تیرتی لاش کی تصاویر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں غم کی لہر چھاگئی تھی اور لوگوں نے ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرنا شروع کردی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا اور میکسیکو کے بارڈر بند ہونے کی وجہ سے وسطی اور شمالی امریکی ممالک کے سیکڑوں مہاجرین مشکلات کا شکار ہیں اور کئی لوگ غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران یا تو گرفتار ہو جاتے ہیں یا پھر وہ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

    ایل سلواڈور کے مہاجر والد اور ان کی بیٹی کی موت کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد کینیڈا کے ایک کارٹونسٹ نے باپ اور بیٹی کی موت کی تصویر کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ڈرائنگ تیار کی تھی۔

    کینیڈین کارٹونسٹ مائیکل ڈی آدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ ڈرائنگ 26 جون کو ہی بنائی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، مائیکل ڈی آدر نے اپنی ڈرائنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مہاجر باپ اور بیٹی کی موت کی تصویر پر گولف کھیلنے کے لیے تیار دکھایا گیا تھا۔

    ڈرائنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھ میں گولف ریکٹ دکھائی گئی تھی اور انہیں گولف گاڑی کے ساتھ مہاجر باپ اور بیٹی کی لاش کے قریب پہنچ کر پریشان دکھایا گیا تھا،ساتھ ہی تصویر میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مرنے والے باپ اور بیٹی کو تعجب سے دیکھتے ہوئے دکھایا گیا اور ڈرائنگ میں امریکی صدر کی جانب سے سوالیہ جملہ لکھا گیا تھا کہ ’اگر آپ برا نہ منائیں تو میں آپ کی لاشوں پر گولف کھیل لوں‘۔

    مائیکل ڈی آدر کی یہ ڈرائنگ وائرل ہونے کے بعد اب انہیں نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے، مائیکل ڈی آردر نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے بتایا کہ ان کی بنائی گئی ڈرائنگ وائرل ہونے کے بعد ان کا کام کرنے کا فری لانس معاہدہ منسوخ کردیا گیا۔