Tag: case

  • 190 ملین پاؤنڈ کیس اپیلوں سے متعلق بڑی پیش رفت

    190 ملین پاؤنڈ کیس اپیلوں سے متعلق بڑی پیش رفت

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں 14 سال قید کی سزا کے خلاف عمران خان کی اپیل کی سماعت رواں سال نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل مقرر کرنے کے حوالے سے تحریری رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے۔

    تحریری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل اس سال مقرر ہونے کا کوئی امکان نہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق زیرِ التوا کیسز اور اپیلوں کو نمٹایا جائے گا، اس وقت سزا یافتہ مجرموں کی 279 اپیلیں زیرِ التوا ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ میں سزا کیخلاف اپیلیں صرف اپنے نمبر پر ہی سماعت کیلئےمقرر ہوں گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سزائے موت کیخلاف 63 اور عمر قید کی سزا کے خلاف 73 اپیلیں زیر التوا ہیں، سات سال سے زائد قید کی 88 جبکہ سات سال سے کم قید کی 55 اپیلیں زیر التوا ہیں، سزائے موت کے خلاف سب سے پرانی زیر التوا اپیل 2017 کی ہے اور اپیلیں دائر ہونے کے بعد اپنی اپنی باری پر مقرر ہوتی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی 14 سال قید کی سزا کے خلاف اپیل 31 جنوری 2025 کو دائر کی گئی تھی جو ابھی موشن اسٹیج پر ہے۔

    تحریری رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اپیل پر پہلے پیپر بکس تیار ہوں گی، اس کے بعد اپیل اپنے نمبر پر لگائی جائے گی اس لیے نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کی ڈائریکشنز کے مطابق 2025 میں مقرر ہونے کا امکان نہیں ہے۔

  • سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس 4 سال بعد بند کر دیا گیا

    سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس 4 سال بعد بند کر دیا گیا

    نئی دہلی: بھارت کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے سشانت سنگھ راجپوت کے موت کیس کو  4 سال بعد کلوز کردیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے تقریباً ساڑھے 4 سال بعد بھارت کے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے کیس بند کردیا اور اداکارہ ریا چکرورتی کو کلین چٹ دے دی۔

    تفتیشی بیورو نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں تفتیش مکمل کر کے کیس کو بند کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کروادی ہے۔

    رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کے بعد اب کیس کی اگلی سماعت 8 اپریل کو ممبئی کی باندرہ مجسٹریٹ کورٹ میں ہوگی، اگر عدالت اس رپورٹ کو قبول کر لیتی ہے تو سشانت سنگھ راجپوت کا کیس باقاعدہ طور پر بند کر دیا جائے گا۔

    کیا سشانت سنگھ راجپوت کو قتل کیا گیا؟

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کیس پر تحتیقات کرنے والہ سی بی آئی کو کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا جس سے یہ ثابت ہو کہ کسی نے سشانت کو خودکشی کے لیے مجبور کیا تھا۔

    سی بی آئی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ کسی کے خلاف جرم ثابت نہیں ہو سکا اور تمام نامزد افراد کو بری کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ 14 جون 2020 کو سشانت سنگھ راجپوت اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے، رپورٹس کے مطابق سشانت سنگھ نے خود کشی کی تھی تاہم ان کی فیملی نے اسے قتل قرار دیا تھا۔

    سشانت کے والد نے بہار پولیس میں ایک مقدمہ درج کروایا تھا، جس میں ریا چکرورتی پر سنگین الزامات لگائے گئے تھے، جس میں ذہنی ہراسانی، غیر ضروری طور پر ادویات دینا، مالی استحصال اور خودکشی کے لیے اکسانا شامل تھا۔

  • ’حملہ آور جارحانہ تھے لیکن گھر میں موجود قیمتی زیورات کو ہاتھ نہیں لگایا‘ کرینہ کپور کا انکشاف

    ’حملہ آور جارحانہ تھے لیکن گھر میں موجود قیمتی زیورات کو ہاتھ نہیں لگایا‘ کرینہ کپور کا انکشاف

    بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر باندرہ اپارٹمنٹ میں چاقو سے حملہ کے سلسلہ میں کرینہ کپور نے پولیس کو بیان دیا کہ حملہ آور جارحانہ تھے لیکن اس نے زیورات کو ہاتھ نہیں لگایا۔

    بالی ووڈ کے چھوٹے بواب سیف پر 16 جنوری کی رات دیر گئے گھر میں گھسنے والے حملہ آور نے چاقو سے حملہ کردیا تھا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    سیف علی کو ہنگامی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی سرجری کی گئی تھی تاہم وہ ابھی تک اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی صحت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

    سیف علی خان پر چاقو حملہ کیس کی اہم تفصیلات سامنے آگئی

    سیف علی خان پر حملے سے متعلق کیس میں نیا موڑ، حملہ آور نے منت کی ریکی کیوں کی؟

    سیف علی خان کو کاریں ہوتے ہوئے رکشے میں اسپتال کیوں لایا گیا؟

    بالی ووڈ اسٹار سیف علی خان کی اہلیہ کرینہ کپور نے شوہر پر ہونے والے حملے کے بعد اپنا پہلا بیان گزشتہ روز 17 جنوری کو پولیس کو ریکارڈ کروایا جس میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ’جارحانہ‘ ہونے کے باوجود حملہ آور نے گھر سے ایک چیز تک نہ اٹھائی۔

    ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کرینہ کپور نے پولیس کو بیان دیا کہ حملہ آور انتہائی ’جارحانہ‘ انداز میں تھے لیکن اس باوجود انہوں نے گھر سے کوئی چیز تک نہ اٹھائی، گھر میں زیورات سمیت دیگر قیمتی چیزیں موجود تھیں، جنہیں حملہ آور آسانی سے اٹھا سکتا تھا لیکن اس نے کسی چیز کو ہاتھ نہیں لگایا۔

    اداکارہ کرینہ نے پولیس کو بتایا کہ حملے کے بعد وہ بچوں سمیت حفاظت کی خاطر بہن کرشما کپور کے گھر رہ رہی ہیں جو کہ ان کے گھر سے بالائی منزل پر موجود ہے۔

    واضح رہے کہ سیف علی خان پر حملے کو 50 گھنٹے سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے لیکن بھارتی پولیس ابھی تک مفرور ملزم کو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔

    ملزم کو پکڑنے کے لیے ممبئی کی مقامی پولیس اور کرائم برانچ نے 40 سے زیادہ ٹیمیں تشکیل دی ہیں، ملزم کی ممبئی تھانے اور پالگھر ضلع کے مختلف علاقوں میں تلاش جاری ہے۔

  • اشتعال انگیز تقریر میں معاونت کا الزام: ایم کیو ایم رہنما بابر غوری بے گناہ قرار

    اشتعال انگیز تقریر میں معاونت کا الزام: ایم کیو ایم رہنما بابر غوری بے گناہ قرار

    کراچی: ملک مخالف اور اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کے الزام میں گرفتار متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما بابر غوری کو انسداد دہشت گردی عدالت نے بے گناہ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے ایم کیو ایم رہنما بابر غوری کو عدالت میں پیش کیا، عدالت میں پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ بابر غوری کے خلاف ٹھوس شواہد نہیں ملے۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کی رپورٹ مسترد کردی اور کہا کہ قانون کے مطابق رپورٹ بنا کر لائیں، رپورٹ دفعہ 497 کے مطابق نہیں دفعہ 169 کے تحت بنے گی۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ شواہد نہیں ملے اور ملزم کا مقدمے میں نام نہیں تو رہا کیوں نہیں کیا؟ عدالت نے تفتیشی افسر کو 20 منٹ میں نئی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا تاہم تفتیشی افسر وہاں موجود نہیں تھا۔

    خیال رہے کہ بابر غوری کو 4 جولائی کی صبح امریکا سے واپسی پر پولیس نے کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔

    بابر غوری کے خلاف سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج ہے جس میں بابر غوری پر ملک مخالف اور اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کا الزام تھا۔

    عدالت نے بابر غوری کو 12 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں دیا تھا۔ اس دوران بابر غوری نے ضمانت کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت سے بھی رجوع کرلیا تھا۔

    عدالت نے بابر غوری کی درخواست ضمانت پر تفتیشی افسر سے جواب طلب کرتے ہوئے بابر غوری کے طبی معائنے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • دعا منگی اغوا کیس کے مرکزی ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے

    دعا منگی اغوا کیس کے مرکزی ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے فرار ہونے والے دعا منگی اغوا کیس کے مرکزی ملزم ذوہیب قریشی کی تلاش کے لیے حساس ادارے کے کشمور میں چھاپے جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے فرار ہونے والے اغوا برائے تاوان کے قیدی ذوہیب قریشی کی تلاش میں کشمور میں چھاپہ مارا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران ذوہیب قریشی کے ٹھکانے کا پتہ لگا لیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ذوہیب قریشی دعا منگی اغوا کیس کا مرکزی ملزم ہے، ذوہیب قریشی چند ماہ قبل کورٹ پولیس کی ملی بھگت سے فرار ہوا تھا۔

    چھاپے کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 کارندے زیر حراست لے لیے گئے، گرفتار ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

  • یورپ کے بعد امریکا میں بھی "منکی پاکس” کی وبا پھوٹ پڑی

    یورپ کے بعد امریکا میں بھی "منکی پاکس” کی وبا پھوٹ پڑی

    لندن: یورپی ملکوں کے بعد ” منکی پاکس” نامی وبا نے امریکا کا رخ کرلیا ہے، جہاں اس کا پہلا کیس رپورٹ ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے آغاز پر ’منکی پاکس‘ وبا کے متعدد کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی گئی تھی اب امریکا میں منکی پاکس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، امریکی ریاست میسا چوسٹس میں کینیڈا کے شہری میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی، متاثرہ شخص حال ہی میں کینیڈا سے واپس آیا تھا۔

    کینیڈا میں بھی حکام نے کہا ہے کہ وہ متعدد مشتبہ کیسز کو دیکھ رہے ہیں، عالمی ادارہ صحت کے مطابق اسپین اور پرتگال میں ’منکی پاکس‘ کے چالیس مصدقہ کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ برطانیہ میں چھ مئی سے اب تک نو کیسز سامنے آئے۔

    برطانیہ کے محکمہ صحت کے مطابق ملک میں پہلا مریض ایک ایسا شخص تھا جس نے نائجیریا کا سفر کیا تھا تاہم دیگر کیسز ممکنہ طور پر کمیونٹی میں ایک سے دوسرے کو متاثر کرنے کے ہیں۔

    برطانوی محکمہ صحت کے چیف میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر سوسان ہاپکنز نے بتایا کہ ’نئے کیسز اور یورپ کے دیگر ملکوں سے سامنے آنے والی رپورٹس کو ملا کر ہم ابتدائی طور پر اس خدشے کی تصدیق کرتے ہیں کہ منکی پاکس ہماری کمیونٹیز میں پھیل رہا ہے۔

    اس بیماری سے متاثرہ افراد کو صحت یاب ہونے میں ہفتوں لگ جاتے ہیں تاہم یہ بہت کم جان لیوا ثابت ہوتی ہے، وسطی اور مغربی افریقا کے ملکوں میں ’منکی پاکس‘ کی وبا حالیہ برسوں میں پھیلی تاہم یورپ اور شمالی امریکا میں یہ بہت کم ہی سامنے آئی۔

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ وہ اس بیماری کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے برطانیہ اور یورپ کے صحت کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کی متعدی امراض کی ماہر ڈاکٹر ماریہ وان کرخوو نے کہا کہ ’ہمیں اس بیماری سے متاثرہ ملکوں میں اس کے پھیلاؤ اور ان ملکوں سے دوسرے علاقوں تک اس کے پہنچنے کے خطرے کو بہتر انداز سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔

    ادھر ڈبلیو ایچ او کے مطابق وہ کئی ایسے کیسز کی تحقیق کر رہے ہیں جن میں پتا چلا ہے کہ یہ بیماری ہم جنس پرست افراد میں ایک سے دوسرے کو لگی، عالمی ادارے کے مطابق یہ بیماری جسمانی رابطے اور بستر یا کپڑوں سے بھی پھیل سکتی ہے اگر ان پر مائع یا خون کے قطرے ہوں۔

  • بیٹی سے ملاقات کرائی جائے، دعا زہرہ کے والدین عدالت پہنچ گئے

    بیٹی سے ملاقات کرائی جائے، دعا زہرہ کے والدین عدالت پہنچ گئے

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرہ کے مبینہ اغوا،کم عمری میں شادی کیس میں محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں دعا زہرہ کے مبینہ اغوا،کم عمری میں شادی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی،درخواست دعا کے والد کی جانب سے دائر کی گئی۔

    سماعت کے آغاز پر والدین کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دعا کی والدین سےملاقات ہو، جس پر جسٹس محمداقبال کلہوڑو نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ لڑکی عدالت میں بیان دے چکی اس موقع پر جسٹس آغا فیصل نے وکیل سے استفسار کیا کہ لڑکی کا بیان اور ریکارڈ آپ کیوں پیش نہیں کررہے؟۔

    وکیل نے جواب دیا کہ ہمیں دعا زہرہ کا کچھ پتہ نہیں چل رہا، ہمیں کچھ نہیں بتایاجارہا صرف سوشل میڈیا سے معلومات مل رہی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: دعازہرہ کیس میں نیا موڑ، اہم انکشافات

    اس موقع پر دعا زہرہ کے والد نے عدالت کو بتایا کہ میری بیٹی کو اغوا کیا گیا اور زبردستی نکاح کرایا گیا، ظہیراحمد کےخلاف اغوا کا مقدمہ درج ہے، حقائق جاننےکےلیےبیٹی کو عدالت میں لایاجائے اور بیان قلمبند کیا جائے، میری استدعا ہے کہ پولیس حکام کو بیٹی کو عدالت لانےکی ہدایت دی جائے۔

    والد کی استدعا پر سندھ ہائیکورٹ نے محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ سمیت ایس ایس پی شرقی،ایس ایچ او تھانہ الفلاح ظہیراحمد سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت انیس مئی تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے الفلاح سے اغوا ہونے والی دعا زہرہ کا ڈراپ سین اس وقت ہوا جب اس نے لاہور کے رہائشی ظہیر احمد سے نکاح کیا تھا، اس معاملے نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچائے رکھا تھا۔

  • والدین ‏کو گھر سے نکالنے پر ایک سال قید ہوگی: عدالت کا فیصلہ

    والدین ‏کو گھر سے نکالنے پر ایک سال قید ہوگی: عدالت کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ نے تحفظ والدین آرڈیننس کے قانون پر اہم فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ والدین ‏کو گھر سے نکالنے پر بچے کو ایک سال قید اور جرمانہ ہو سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہو ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے شہری علی اکرام کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بچہ ‏کرائے کے گھر میں ہو یا گھر کا مالک، والدین کو گھر سے نکالے تو یہ جرم کہلائے گا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ والدین بچے کو اپنے گھر سے کبھی بھی نکال سکتے ہیں، والدین کے نکالنے پر بچہ 7 دن میں گھر خالی کرے ‏ورنہ ایک ماہ کی سزا ہو سکتی ہے۔

    یاد رہے کہ علی اکرام پر اس کے والد میاں محمد اکرام نے گھر سے بے دخلی ‏کا الزام لگایا تھا، والد نے بیٹے علی اکرام کے خلاف ڈپٹی کمشنر کو کارروائی کی ‏درخواست دی تھی جس پر ڈپٹی کمشنر نے والد کو متعلقہ عدالت سے رجوع کی ہدایت کی تھی۔

    ڈپٹی ‏کمشنر کے فیصلے کے خلاف اپیلٹ کورٹ نے ضابطہ فوجداری کی کارروائی کے لیے کیس واپس ‏ریمانڈ کیا۔

    اپیلٹ کورٹ کے فیصلے کے خلاف علی اکرام نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تاہم ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر اور ایپلٹ کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دیے۔

  • معروف گلوکارہ کی جانب سے ملازم پر تشدد، پولیس کی کارروائی

    معروف گلوکارہ کی جانب سے ملازم پر تشدد، پولیس کی کارروائی

    معروف امریکی پاپ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کے خلاف امریکی ریاست کیلی فورنیا کی پولیس نے ملازم پر تشدد کرنے کی تفتیش شروع کردی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق گلوکارہ کے خلاف لاس اینجلس کی شیرف کاؤنٹی کی پولیس نے ملازم کی جانب سے شکایت درج کروانے پر تفتیش شروع کی ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ برٹنی اسپیئرز کے ایک ملازم نے شکایت درج کروائی کہ گلوکارہ نے ان پر تشدد کیا۔ واقعے کی اب تک ہونے والی تفتیش میں کسی کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی، البتہ معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ تفتیش مکمل کرنے کے بعد رپورٹ پراسیکیوٹرز کے حوالے کی جائے گی، جو گلوکارہ کے خلاف کسی بھی قانونی کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔

    دوسری جانب برٹنی اسپیئرز کے وکیل نے مذکورہ معاملے پر بتایا کہ کوئی بھی زخمی نہیں ہوا، مسئلے کو بلا وجہ اچھالا جا رہا ہے اور اس کی تفتیش فوری طور پر بند ہو جانی چاہیئے۔

    فی الوقت لاس اینجلس کی عدالت میں برٹنی اسپیئرز کا سرپرستی کا کیس بھی زیر سماعت ہے۔

    برٹنی اسپیئرز کی جانب سے عدالت میں والد کی سرپرستی ختم کروانے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے جو گزشتہ 13 سال سے قانونی طور پر ان کے سرپرست ہیں۔

    مذکورہ عدالت میں گلوکارہ کے والد جیمز اسپیئرز نے بھی گزشتہ ہفتے ایک درخواست جمع کروائی تھی، جس میں انہوں نے بیٹی کی خوشی کی خاطر سرپرستی سے دستبرداری کی رضا مندی ظاہر کی تھی۔

  • بلڈنگز بنانے کے لیے درخت نہیں کاٹے جائیں گے: عدالت کا حکم

    بلڈنگز بنانے کے لیے درخت نہیں کاٹے جائیں گے: عدالت کا حکم

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ نے تعمیرات کے لیے درخت کاٹنے سے روک دیا، عدالت نے حکم دیا کہ درخت کاٹنے کے بجائے دوسری جگہ منتقل کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، ماحولیاتی کمیشن کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی۔

    رپورٹ میں کمیشن نے شیخو پورہ میں 11 بھٹوں کی نشاندہی کی جو پرانی ٹیکنالوجی پر تھے، کمیشن نے 9 بھٹوں کو سیل کیا جبکہ مزید کارروائیاں جاری ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ایل ڈی اے کی 122 میں سے 73 اسکیموں نے سیوریج چارجز ادا نہیں کیے، جوڈیشل کمیشن کی ہدایات پر 5 صنعتی یونٹس کے نمونے لیے گئے۔

    لاہور ہائیکورٹ نے جی پی او کے سامنے سڑک کی ٹوٹ پھوٹ پر جواب طلب کرلیا، ہائیکورٹ نے سڑک تعمیر کرنے اور پودے لگانے کا حکم بھی دے دیا اور کہا کہ سڑک پر سے کوڑا کرکٹ صاف کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

    عدالت نے تعمیراتی منصوبوں کے دوران درخت کاٹنے سے بھی روک دیا، عدالت نے حکم دیا کہ درخت کاٹنے کے بجائے دوسری جگہ منتقل کیے جائیں۔

    موٹر وے پر دھوئیں کی وجہ سے گاڑیاں ٹکرانے کے واقعے پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی گئی جبکہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی پالیسی کے حوالے سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ بتایا جائے پالیسی پر عمل درآمد کس حد تک ہوا، کیس کی مزید سماعت 3 جون تک ملتوی کردی گئی۔