Tag: Case confirmation

  • پاکستان میں پولیو وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق

    پاکستان میں پولیو وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق

    اسلام آباد : پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، لکی مروت میں 5 ماہ کے بچے میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ویکسینیشن کے ذریعے کی جانے والی مسلسل کوششوں کے باوجود پولیو وائرس کیسز کا سلسلہ رک نہیں سکا ہے اور ملک میں ایک اور کیس سامنے آگیا۔

    نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اس کیس کی تصدیق کے بعد رواں سال کیسز کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔

    اس حوالے سے این ای او سی ترجمان کا کہنا ہے کہ جنوبی خیبر پختونخوا میں اس موذی مرض کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے۔

    چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی قیادت میں جنوبی اضلاع کے لیے انسداد پولیو کا خصوصی منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ہائی رسک اضلاع میں رسائی کے مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل جاری ہے۔

    ترجمان این ای او سی کے مطابق آئندہ ماہ ملک بھر میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا،
    انسداد پولیو مہم میں جنوبی خیبرپختونخوا پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ پولیو ایک سنگین اور ممکنہ طور پر مہلک متعدی بیماری ہے۔ یہ وائرس ایک شخص سے دوسرے شخص میں پھیلتا ہے اور دوسرے شخص کو متاثر کرتا ہے۔

    مزید پڑھیں : "کینسر کا علاج ہے لیکن پولیو کا نہیں”

    یہ خطرناک وائرس متاثرہ شخص کے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی پر اثر انداز ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں فالج بھی ہو سکتا ہے۔