Tag: Cash van

  • نجی سیکیورٹی کمپنی کا ڈرائیور کیش وین لے کر بھاگ گیا، ویڈیو سامنے آ گئی

    نجی سیکیورٹی کمپنی کا ڈرائیور کیش وین لے کر بھاگ گیا، ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں نجی سیکیورٹی کمپنی کا ڈرائیور کیش وین کا صفایا کر گیا، فرار ہونے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا میں رقم لے جانے والی گاڑی کو ڈرائیور لے اڑا، گاڑی میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی رقم موجود تھی، جسے بعد ازاں ملزم ڈرائیور نے راستے میں چھوڑ دیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ڈرائیور گارڈز کو چھوڑ کر اچانک کیش وین لے کر فرار ہوا، نجی کمپنی کی کیش وین کچھ دیر بعد کورنگی عوامی کالونی کے علاقے سے ہی مل گئی، جب کہ ڈرائیور کیش لے کر ساتھیوں کے ہمراہ پہلے سے انتظار میں کھڑی کار میں بیٹھ کر فرار ہوا۔

    پولیس نے کیش وین کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے، واقعے کی مزید جانچ پڑتال بھی کی جا رہی ہے، پولیس نے کیش لے کر فرار ہونے والے ملزم کا ڈیٹا بھی حاصل کر لیا ہے، ملزم کا تعلق پنجاب کے ضلع وہاڑی سے بتایا جاتا ہے۔

    دریں اثنا، ملزم کی ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پرآ گئی ہے، نجی کمپنی کا ڈرائیور بلیک کرولا کار میں ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہوا تھا، فوٹیج میں ملزم کو کیش وین کو روڈ پر چھوڑ کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • کیش وین کے اندر ناکام واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج، پولیس اہلکاروں کے سامنے ڈاکو بے بس

    کیش وین کے اندر ناکام واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج، پولیس اہلکاروں کے سامنے ڈاکو بے بس

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سچل میں نجی کمپنی کی کیش وین لوٹنے والے ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے، واقعے کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سچل میں پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو زخمی ہو گئے تھے، معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نجی کمپنی کی کیش وین کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے، کیش وین کے اندر لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں ہتھوڑے کی مدد سے لاک توڑتے ملزم کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    ڈاکوؤں نے وین کے اندر کیش کاؤنٹر کو ایک بڑے ہتھوڑے کے ذریعے توڑا، اس وقت کیش وین میں 4 لاکھ سے زائد رقم موجود تھی، تاہم موقع پر پولیس پہنچ گئی، جس کے بعد پولیس اہل کاروں اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    پولیس اہل کاروں نے مہارت کے ساتھ تینوں ڈاکوؤں کو ٹانگوں میں گولیاں مار کر زخمی اور بے بس کیا، بعد ازاں پولیس نے انھیں حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔

    واقعے سے متعلق کیش وین کے ڈرائیور نے بتایا کہ یہ گاڑی پہلے بھی کئی دفعہ لٹ چکی ہے، ہم جوہر کمپلیکس پر کھڑے تھے، میرے ساتھ لوڈر تھا، میں جیسے ہی ڈرائیور سیٹ پر بیٹھا، دو بندے آئے اور مجھے یرغمال بنا کر لے گئے، وہ ٹوٹل 4 یا 5 افراد تھے۔

    ڈرائیور نے بتایا کہ خوش قسمتی سے ہمارا ایک سیلز مین بھاگنے میں کامیاب ہو گیا جس نے ہمارے افسران کو اطلاع کر دی، جس کے بعد پولیس آ گئی اور مقابلہ ہوا۔

  • کیش وین لوٹنے کی کوشش ناکام، نجی کمپنی کا ملازم فائرنگ سے جاں بحق

    کیش وین لوٹنے کی کوشش ناکام، نجی کمپنی کا ملازم فائرنگ سے جاں بحق

    کراچی : شہر قائد میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے کیش وین لوٹنے میں ناکامی پر نجی کمپنی کے ملازم کوموت کے گھاٹ اتاردیا، واردات کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق راشد منہاس روڈ پر مسلح افراد نے دن دہاڑے کیش وین لوٹنے کی کوشش کی، موٹرسائیکل سوار ملزمان نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے نجی کمپنی کے ملازم خالد کو گولی مار دی۔

    جس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔