Tag: cassowary

  • ہزاروں سال قبل انسان زمین کے سب سے خطرناک پرندے کے انڈے کھاتا تھا

    ہزاروں سال قبل انسان زمین کے سب سے خطرناک پرندے کے انڈے کھاتا تھا

    نیو گنی: قدیم دور میں انسانوں نے جو سب سے پہلا پرندہ پالا ہوگا، محققین کے مطابق وہ شاید کیسووری (cassowary) ہوگا، جسے خنجر نما پیروں کی وجہ سے دنیا کا خطرناک ترین پرندہ کہا جاتا ہے۔

    کیسووری شتر مرغ کا قریبی رشتہ دار ہے، جو شمالی آسٹریلیا، نیو گنی اور دوسرے قریبی جزیروں پر پایا جاتا ہے، محققین نے اب انکشاف کیا ہے کہ آج سے 18,000 سال پہلے کا قدیم انسان نہ صرف اس دیوقامت پرندے کو مرغیوں کی طرح پالتا تھا بلکہ اس کے انڈے اور گوشت بھی کھایا کرتا تھا۔

    ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے یہ اندازہ کیسووری کے ایک ہزار سے زیادہ قدیم انڈوں کے چھلکوں (فوصل) کا تجزیہ کرنے کے بعد لگایا ہے، جو نیوگنی کے پہاڑی جنگلات سے پچھلے کئی برسوں کے دوران دریافت ہوئے، اور نیوزی لینڈ کے مختلف عجائب گھروں میں رکھے گئے ہیں۔

    محققین کا کہنا ہے کہ قدیم انسان اس خطرناک پرندے کے انڈے بچے پیدا ہونے سے پہلے ہی اٹھا لیا کرتے تھے، اور پھر ان سے نکلنے والے بچے خود پالتے تھے، جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ آج جو انسان مرغیاں پالتا ہے تو اس کا تعلق اس کے ہزاروں سال قدیم ماضی کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔

    شتر مرغ کی طرح کیسووری کی اونچائی بھی 6 فٹ تک ہوتی ہے، اس کے انڈے سبز رنگ کے ہوتے ہیں جن کی اوسط لمبائی 14 سینٹی میٹر اور چوڑائی 9 سینٹی میٹر ہوتی ہے۔

    عام حالات میں یہ خاموش اور شرمیلا پرندہ ہے لیکن اگر اسے اپنی جان کا خطرہ محسوس ہو تو پھر یہ اپنے سخت اور خنجر جیسے پنجوں سے دشمن کی کھال تک ادھیڑ سکتا ہے۔ ماہرین کے لیے یہ بات معما بنی ہوئی ہے کہ قدیم انسان اس خوف ناک پرندے کو کس طرح پالتا ہوگا کیوں کہ آج کے زمانے میں جدید سہولیات کے باوجود بھی اسے قابو کرنا بے حد مشکل ہے۔

    واضح رہے کہ کیسووریز کبھی کبھار انسانوں کو جان سے بھی مار دیتے ہیں، 2019 میں فلوریڈا میں ایک شخص کو اس کے فارم میں کیسووری نے حملہ کر کے مار دیا تھا۔

  • پالتو پرندے نے اپنے ہی مالک کی جان لے لی

    پالتو پرندے نے اپنے ہی مالک کی جان لے لی

    تالاہاسی: آپ نے شیر، ہاتھی، مگر مچھ یا پھر دیگر جانورں کو طیش میں آکر اپنے ہی مالک کو مار ڈالنے کے واقعات سنے ہوں گے، لیکن ہم آپ کو ایسے قتل کی خبر دینے جارہے ہیں جو کسی پرندے کے ہاتھوں ہوا۔

    جی ہاں، امریکی ریاست فلوریڈا میں کیسووری نے اپنے ہی مالک کو مار ڈالا، مارون نامی فارم ہاؤس کا مالک روز اس پرندے کی دیکھ بھال کرتا تھا لیکن اسے کیاخبر تھی کہ ایک دن یہی پالتو پرندہ اس کی جان لے لے گا۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص کی عمر تقریباً 75 برس ہے، کیسووری نے چونچ اور ٹانگوں سے حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کیا، فوری اطلاع ملتے ہی مارون کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    کیسووری کا شمار خطرناک پرندوں میں ہوتا ہے، جو کسی بھی وقت اپنے مالک یا پھر کسی بھی شخص پر حملہ کرسکتا ہے، اسی صورت حال کے پیش نظر جنگلی حیات کے ماہرین لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہیں۔

    مذکورہ پرندہ دیکھنے میں شتر مرغ کی طرح لگتا ہے اور اس کا قد بھی تقریباً 4 سے 5 فٹ کے درمیان ہوتا ہے، یہ عموماً اپنے بچاؤ میں حملہ کرتا ہے اور حملے کے لیے اپنی ٹانگوں اور چونچ کا استعمال کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ کیسووری سات فٹ تک اڑان بھرنے کی صلاحیت رکھنے سمیت تیز رفتاری سے بھاگنے میں بھی کسی سے کم نہیں، عمومی طور پر ان کا وزن 160 پاؤنڈ کے لگ بھگ ہوتا ہے۔