Tag: cat

  • یہ بلی آپ کی شخصیت کا اہم راز کھول سکتی ہے

    یہ بلی آپ کی شخصیت کا اہم راز کھول سکتی ہے

    بعض چیزوں کو دیکھنے اور پرکھنے کا رخ ہماری شخصیت کی نشاندہی کرتا ہے، ہم کس چیز کو کس طرح سے دیکھتے ہیں، یہ اس بات کا ثبوت ہوتا ہے کہ ہماری سوچ کیسی ہے۔

    ایسی ہی ایک تصویر آپ کو دکھائی جارہی ہے جو آپ کی شخصیت کا راز کھول دے گی۔

    زیر نظر تصویر ایک بلی کی ہے جو سیڑھیوں پر موجود ہے، آپ کو اسے دیکھ کر بتانا ہے کہ یہ سیڑھیاں چڑھ رہی ہے یا اتر رہی ہے۔

    اگر آپ کو لگتا ہے کہ یہ بلی سیڑھیاں چڑھ رہی ہے تو مبارک ہو، آپ کا شمار ان خوش نصیب افراد میں ہوتا ہے جو رجائیت پسند یا پر امید ہوتے ہیں اور مثبت خیالات رکھتے ہیں۔

    آپ کا دماغ اس نہج پر ٹرینڈ ہے کہ آپ ہر بار تصویر کا اچھا اور مثبت رخ دیکھتے ہیں، آپ ہمیشہ زندگی میں آگے بڑھنے کی سوچتے ہیں اور آپ کو کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا، سوائے خود آپ کے اپنے۔

    لیکن اگر آپ کو لگتا ہے کہ یہ بلی سیڑھیاں اتر رہی ہے، تو پھر بری خبر یہ ہے کہ آپ ایک مایوس انسان ہیں۔

    بلی کو سیڑھیاں اترتے دیکھنا اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ ایک قنوطیت پسند اور منفی سوچ رکھنے والے انسان ہیں، آپ اپنی زندگی میں ایسے لوگوں سے ملے ہیں جنہوں نے آپ کی سوچ کا زاویہ منفی پہلوؤں کی طرف موڑ دیا ہے۔

    لیکن تب بھی اچھی خبر یہ ہے کہ یہ انداز فکر آپ کے لیے فائدہ مند بھی ہے کیونکہ آپ کسی پر جلدی بھروسہ نہیں کرتے، آپ ہر معاملے کو ٹھوک بجا کر چلتے ہیں اور محتاط رہتے ہیں، لہٰذا آپ کو دھوکا دینا آسان نہیں ہے۔

  • خرگوش جیسی خصوصیات رکھنے والی نایاب بلی

    خرگوش جیسی خصوصیات رکھنے والی نایاب بلی

    جاپان میں بلی کی ایک نایاب نسل ہے جس کی خصوصیت یہ ہے کہ دیگر بلیوں کی طرح لمبی لچکدار دم کی بجائے اس کی مختصر خرگوش نما دم ہے۔

    بلی کی یہ غیر معمولی نسل جسے بوب ٹیل کہا جاتا ہے، جاپان میں کب پہنچی یہ کسی کو واضح طور پر معلوم نہیں لیکن یہ کم از کم کئی صدیوں سے جاپانی ثقافت کا حصہ ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بلی کی اس مخصوص نسل نے 1600 کی دہائی کے اوائل میں جاپان کے ریشم کے کیڑے کی پیداوار کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا جس کے بعد اگلی صدی تک بوب ٹیل بلیوں کی جاپان میں کافی مانگ رہی۔

    کہا جاتا ہے کہ جاپانی بوب ٹیل بلی کی چھوٹی دم ایک قدرتی جنیاتی تبدیلی کا نتیجہ ہے جس میں دم کا سائز چھوٹا ہوتا ہے جبکہ مناسب بوب ٹیل سمجھے جانے کے لیے بلی کی دم 3 انچ سے زیادہ لمبی نہیں ہونی چاہیئے۔

    رپورٹس کے مطابق اس بوب ٹیل بلی کی دم خرگوش کی دم کی طرح ملائم اور نرم ہوتی ہے اور یہ کسی بھی سمت میں گھوم سکتی ہے۔

    اس بلی کی قیمت تقریباً 1600 امریکی ڈالرز (یعنی تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار پاکستانی روپے) ہے۔

  • وائٹ ہاؤس کا نیا مکین کون؟ جان کر ہوجائیں حیران

    وائٹ ہاؤس کا نیا مکین کون؟ جان کر ہوجائیں حیران

    امریکی صدر جو بائیڈن کی سرکاری رہائشگاہ وائٹ ہاؤس میں نئے مکین کا اضافہ ہوا ہے جو ان کی پالتو بلی ’وِلو‘ ہے۔

    امریکی خاتون اول جِل بائیڈن نے اپنی پالتو بلی کو وائٹ ہاؤس میں متعارف کرادیا ہے۔

    ایک غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جل بائیڈن کی 2سالہ پالتو بلی جس کا نام اس کی مالکن نے پنسلوینیا میں اپنے آبائی شہر ولو گروو کی مناسبت سے رکھا ہے۔

    جِل کے ترجمان مائیکل لاروسا کے مطابق 2020 میں ایک انتخابی مہم کے دوران جل بائیڈن کی ملاقات ولو (بلی) سے ہوئی تھی، جو ایک فارم پر رہتی تھی۔

    ترجمان نے بتایا کہ 2020 میں ایک انتخابی مہم کے دوران جب وِلو نے چھلانگ لگائی تو جل بائیڈن اس کی طرف متوجہ ہوئیں اور ان کے درمیان قربت دیکھ کر فارم کے مالک نے کہا کہ ’’ولو کا تعلق ڈاکٹر جل بائیڈن سے ہے۔‘‘

    امریکی صدر جو بائیڈن کی اہلیہ نے گزشتہ اپریل میں کہا تھا کہ بہت جلد ایک مادہ بلی ان کے خاندان کا حصہ بن جائے گی۔

    مائیکل لاروسا کا مزید کہنا تھا کہ سبز آنکھوں والی بلی ولو وائٹ ہاؤس میں اپنے پسندیدہ کھلونوں کے ساتھ انتہائی خوش ہے  اور  آرام دہ ماحول میں رہ رہی ہے۔

    اس سے قبل دسمبر میں امریکی صدر جوبائیڈن کے وائٹ ہاؤس میں چار ماہ کے ایک جرمن شیفرڈ کتے کو لایا گیا تھا، جس کا نام کمانڈر ہے۔

    واضح رہے کہ سابق صدر جارج بش کے دور میں بھی وائٹ ہاؤس میں ایک بلی مقیم رہی، جس کا نام انڈیا تھا۔

  • دو چہروں والی انوکھی بلی نے لوگوں کا دل موہ لیا

    دو چہروں والی انوکھی بلی نے لوگوں کا دل موہ لیا

    ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر دو چہروں والی بلی کی ویڈیو وائرل ہوگئی، لوگوں نے اس انوکھی بلی کو دیکھ کر نہایت حیرت اور محبت کا اظہار کیا۔

    سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر اس بلی کی تصاویر و ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جنہیں اب تک کروڑوں افراد دیکھ چکے ہیں۔ اس بلی کا نصف چہرہ سیاہ ہے اور نصف بھورا، بلی کی دونوں آنکھیں بھی مختلف رنگوں کی ہیں، ایک سبز اور ایک نیلی ہے۔

    بلی کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اس کے چہرے کے بالکل درمیان میں حاشیہ کھنچا ہوا ہے اور چہرہ دو رنگوں میں برابر تقسیم ہے۔ ابتدا میں اس بلی کی تصاویر کو دیکھ کر کہا گیا کہ یہ فوٹو شاپ کی گئی تصاویر ہیں۔

    ماہرین کے مطابق کسی جانور میں اس طرح رنگوں کی تقسیم اس وقت ہوتی ہے جب جسم کے خلیوں میں دو مختلف قسم کے ڈی این اے موجود ہوں۔

    بلی کی آنکھوں کا مختلف رنگ ہیٹرو کیمیا کی وجہ سے ہے، اس عمل میں رنگ دینے والا پگمنٹ میلانین ایک آنکھ میں کم فعال ہوتا ہے جس کی وجہ سے ایک آنکھ نیلی رہ جاتی ہے۔

    ہیٹرو کیمیا کی شکار آنکھوں میں بینائی کا مسئلہ بھی ہوسکتا ہے، لیکن مذکورہ بلی کی دونوں آنکھوں کی بینائی بالکل درست ہے۔

  • بلیوں پر ہونے والی ایک بڑی تحقیق میں اہم انکشاف

    بلیوں پر ہونے والی ایک بڑی تحقیق میں اہم انکشاف

    ہیلسنکی: بلیوں کے رویوں پر ایک سروے کے بعد ایک نئی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ بلیوں کی شخصیت اور رویے کی 7 خصلتیں ہوتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فن لینڈ کی ہیلسنکی یونیورسٹی کی تحقیق میں‌ انکشاف ہوا ہے کہ بلیاں بھی 7 مختلف طرح کی شخصیتی خواص کی حامل ہوتی ہیں۔

    محققین کا کہنا ہے کہ انسان ہی نہیں بلیوں کی شخصیت بھی ایک دوسرے سے بہت مختلف ہوتی ہے، اس سلسلے میں ایک ریسرچ میں بلیوں کے برتاؤ پر ایک جامع تجزیہ کیا گیا، جس میں 26 مختلف نسلوں کی 4 ہزار 300 سے زائد بلیوں کی عادات و اطوار سے متعلق معلومات اور اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔

    ریسرچ اسٹڈی کی شریک مصنفہ سیلا میکولا نے بتایا کہ بلی دنیا کا سب سے عام پالتو جانور ہے، لیکن کتوں کو پسند کرنے والے انھیں کتوں کے مقابلے میں کم حساس سمجھتے ہیں۔ دوسری طرف محققین کا کہنا ہے کہ کتوں کے مقابلے میں بلیوں کے طرز عمل اور شخصیت سے متعلق اب تک ہم بہت کم جانتے ہیں، ضرورت ہے کہ انھیں زیادہ جانا جائے۔

    سیلا میکولا کا کہنا تھا کہ ہمیں بلیوں کے پریشان کن طرز عمل کو مزید جاننے کی ضرورت ہے، بلیوں کا سب سے عام مسئلہ ان میں پیدا ہونے والا جارحانہ مزاج ہے۔

    تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بلیوں میں شخصیت اور برتاؤ کے حوالے سے 7 خصلتیں پائی جاتی ہیں، ان میں جوش اور چنچل پن، خوف زدگی، انسانوں کے خلاف جارحیت، انسانوں سے ملنساری، بلیوں سے ملنساری، رہنے کی جگہ پر گندگی پھیلانا اور بہت زیادہ بناؤ سنگھار کرنا شامل ہیں۔

    اس مطالعے کی سربراہ پروفیسر ہینیس لوہی کہتی ہیں کہ سب سے زیادہ خوف زدہ رہنے والی بلیوں میں روسی بلیاں جب کہ سب سے کم خوف زدہ بلیوں میں ابی سینا (Abyssinian) یعنی موجودہ ایتھوپیا کی نسل کی بلیاں شامل ہیں۔

    تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ بنگالی بلی کو سب سے زیادہ متحرک، جب کہ فارسی (پرشین) اور ایگزوٹک نسل والی بلیوں کو سب سے سست پایا گیا۔

    تحقیق کے مطابق سیامی اور بالینیز (جزیرہ بالی) بلیاں سب سے زیادہ بناؤ سنگھار کی شوقین ہوتی ہیں، جب کہ دنیا میں بلیوں کی سب سے نایاب نسل ’ٹرکش وین‘ (ترکی میں پائی جانے والی بلی) انسانوں پر حملہ کرنے میں سب سے نمایاں ہونے کے علاوہ دیگر بلیوں سے میل جول رکھنا بھی پسند نہیں کرتی۔

  • کراچی میں انسانوں کا خون پینے والی بلی (دل دہلا دینے والی ویڈیو)

    کراچی میں انسانوں کا خون پینے والی بلی (دل دہلا دینے والی ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کے تیسرے بڑے سرکاری اسپتال میں بلیوں کے منہ کو انسانوں کا خون لگ گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک ایسی ویڈیو سامنے آ گئی ہے جس میں بلی کو انسانوں کا خون چاٹتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ ویڈیو کراچی کے سرکاری اسپتال عباسی شہید کی ہے، جہاں بلی ایک زخمی شخص کی ٹانگ سے گر کر بہنے والا خون چاٹتی دکھائی دیتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایکسیڈنٹ کیس میں ایک زخمی شخص کو عباسی اسپتال لایا گیا تھا، اسٹریچر پر پڑے شخص کی ٹانگ سے خون بہہ کر فرش پر گر رہا تھا جسے بلی مسلسل چاٹتی رہی۔

    زخمی کے ہمراہ اسپتال آنے والے شخص نے یہ دل دوز منظر دیکھا تو بلی کی خون پینے کی ویڈیو بنا لی، معلوم ہوا کہ زخمی کافی دیر بے یار و مددگار لیٹا رہا، اور اس کی ٹانگ سے خون بہتا رہا، لیکن اسپتال کا عملہ انھیں دیکھنے نہیں آیا، نہ بلی کو کسی نے بھگایا۔

    ادھر شعبہ حادثات عباسی شہید اسپتال میں بلی کے منہ خون لگنے کا معاملے پر اسپتال کے 2 سینئر ڈاکٹرز کا حیرت انگیز مؤقف سامنے آیا ہے، جب اے آر وائی نیوز نے تصدیق کے لیے اسپتال کے ڈاکٹرز سے استفسار کیا تو ڈاکٹر نے جواب دیا کہ یہ عام سی بات ہے، اس کو پتا نہیں اتنا بڑا کیوں بنایا جا رہا ہے۔

    ڈاکٹر نے بتایا کہ یہ ویڈیو شعبہ حادثات کی ہے، یہاں یہ عام سی بات ہے تاہم ہم چیک کر رہے ہیں کہ واقعے میں کس کی غفلت ہے۔

    دوسرے ڈاکٹر نے بتایا کہ پہلے تو ہم یہ چیک کریں گے کہ یہ کس دن کی ویڈیو ہے، پھر ہم دیکھیں گے کہ کس شفٹ میں یہ واقعہ پیش آیا، یہ بھی چیک کریں گے کہ یہ ویڈیو کس نے بنائی، اور تمام معلومات حاصل کرنے کے بعد آگاہ کیا جائے گا۔

  • بلی نے جان بچانے کے لیے جلتی عمارت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا دی، ویڈیو وائرل

    بلی نے جان بچانے کے لیے جلتی عمارت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا دی، ویڈیو وائرل

    شکاگو: امریکی شہر شکاگو میں ایک جلتی عمارت کی پانچویں منزل سے بلی نے جان بچانے کے لیے اندھا دھند چھلانگ لگا دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ریاست ایلی نوئے میں شکاگو کے فائر فائٹرز نے ایک ایسی ویڈیو شیئر کی ہے جسے دیکھ کر لوگ ششدر رہ گئے، اس ویڈیو میں بلی جان بچانے کے لیے عمارت کی پانچویں منزل سے بے دھڑک چھلانگ لگاتی دکھائی دے رہی ہے۔

    کہا جاتا ہے کہ بلی کی نو جانیں ہوتی ہیں، آتش زدگی کی شکار عمارت سے اتنی بلندی سے چھلانگ لگانے کے لیے شاید بلی کو اپنی یہ ساری جانیں خرچ کرنی پڑی ہوں گی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کی پانچویں منزل سے دھواں اٹھ رہا ہے اور ایک بلی کھڑکی سے بے دھڑک چھلانگ لگا رہی ہے، حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بلی چھلانگ لگانے کے بعد بالکل سلامت رہی، اور اسے کوئی چوٹ نہیں آئی۔

    مقامی حکام کا کہنا تھا کہ بلی چھلانگ لگانے کے بعد دوڑتی نظر آئی، اور اس نے واپس عمارت میں جانے کی بھی کوشش کی۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جیسے ہی شیئر ہوئی، نہایت تیزی سے وائرل ہو گئی، لوگوں نے اس پر حیرت اور تعجب کا اظہار کرتے ہوئے طرح طرح کے تبصرے کیے، کسی نے بلی کو حیرت انگیز قرار دیا تو کسی نے اسے شیطان کی خالہ کہا۔

    کالی بلیوں کو عام طور سے لوگ بد بختی کی علامت سمجھتے ہیں لیکن یہ والی کالی بلی تو بڑی خوش قسمت نکلی۔

    واضح رہے کہ یہ ویڈیو اس وقت ریکارڈ ہوئی جب شکاگو فائر ڈیپارٹمنٹ کا عملہ آگ بجھانے کے دوران ویڈیو بنا رہا تھا، جب ٹوٹی کھڑکی سے نکلتے دھوئیں میں سے یہ بلی اچانک کھڑکی میں نمودار ہوئی۔

  • بلی 4 سال بعد اپنے مالک تک کیسے پہنچی؟

    بلی 4 سال بعد اپنے مالک تک کیسے پہنچی؟

    امریکا میں اس وقت ایک خاتون خوشی سے نہال ہوگئیں جب ان کی 4 سال قبل کھو جانے والی بلی انہیں دوبارہ مل گئی۔

    نووا نامی یہ بلی سنہ 2016 میں امریکی ریاست نیو جرسی سے اپنی مالکن کے گھر سے لاپتہ ہوئی تھی۔ خاتون نے اسے تلاش کرنے کی بہت کوشش کی اور علاقے میں پوسٹرز بھی چپساں کیے، لیکن وہ اسے ڈھونڈنے میں ناکام رہیں۔

    اب یہ بلی ریاست پنسلوینیا کے ایک شیلٹر ہوم سے ملی ہے۔ شیلٹر ہوم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ بلی کچھ دن قبل یہاں آئی تو اس کا اسکین کیا گیا کہ اس کے اندر کوئی مائیکرو چپ تو نصب نہیں۔

    مائیکرو چپ کی موجودگی کا علم ہونے کے بعد اس کی مالکن سے رابطہ کیا گیا جو اب میسا چوسٹس میں رہتی تھی۔

    مالکن اپنی بلی کے دوبارہ مل جانے پر خوشی سے نہال ہوگئیں، وہ شیلٹر ہوم پہنچیں اور اپنی پیاری بلی کو اپنے نئے گھر لے گئیں۔

  • لاکھوں روپے کی ٹک ٹاک اسٹار بلی چند ہزار میں فروخت کر دی گئی

    لاکھوں روپے کی ٹک ٹاک اسٹار بلی چند ہزار میں فروخت کر دی گئی

    پشاور: خیبر پختون خوا میں ٹک ٹاک سے مشہور ہونے والی ایک چوری شدہ بلی کو پولیس نے ڈھونڈ نکالا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے پھندو سے چوری ہونے والی بلی برآمد کر لی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک اسٹار بلی چوری کے بعد فروخت کر دی گئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پرشین بلی کو فقیر آباد سے برآمد کیا گیا ہے، 10 روز قبل پھندو پولیس نے بلی گمشدگی کی رپورٹ درج کی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق پشاور میں بلی کے مالک محمد ہارون کی جانب سے تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی، ہارون کا کہنا تھا کہ ان کی ایرانی بلی کھو گئی ہے، جس پر پولیس نے تحقیقات شروع کر دی۔

    پولیس نے فقیر آباد سے بلی برآمد کی، پولیس نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے بلی چوری کے بعد ایک شہری کے ہاتھ 15 ہزار روپے میں فروخت کی تھی۔

    پولیس نے بلی برآمد کر کے اس کے مالک محمد ہارون کے حوالے کر دی، مالک کا کہنا تھا کہ یہ پرشین بلی ہے جس کی قیمت لاکھوں روپے ہے۔

    ٹک ٹاک پر اس بلی کی ویڈیوز اپ لوڈ کی گئی تھیں، جس کے بعد اس کو شہرت ملی۔

  • آپ کی پالتو بلی ہر وقت سوتی کیوں رہتی ہے؟ کہیں اس کی وجہ خود آپ تو نہیں؟

    آپ کی پالتو بلی ہر وقت سوتی کیوں رہتی ہے؟ کہیں اس کی وجہ خود آپ تو نہیں؟

    پالتو بلیاں نہایت پیاری ہوتی ہے اور ان کی معصوم شرارتیں ہر کسی کا دل موہ لیتی ہیں، حال ہی میں ایک تحقیق میں ان کے بارے میں ایک اور حیران کن اور پیارا انکشاف ہوا ہے۔

    انگلینڈ کی یونیورسٹی آف لنکن میں کی گئی ایک تحقیق میں پتہ چلا کہ پالتو بلیوں کے مالکوں کی شخصیت و عادات ان کی بلی پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں۔

    تحقیق کے لیے ماہرین نے 3 ہزار کے قریب بلیوں اور ان کے مالکان کا تجزیہ کیا۔

    نتائج میں دیکھا گیا کہ جس طرح کوئی بچہ اپنے والدین کی شخصیت کا آئینہ ہوتا ہے اور بالکل اپنی والدین جیسی عادات و فطرت رکھتا ہے، بالکل ویسے ہی بلیاں بھی اپنے مالک کی عادات اپنا لیتی ہیں۔

    تحقیق میں شامل ایک ماہر کا کہنا ہے کہ پالتو جانور کسی بھی گھر کا حصہ بن جاتا ہے اور گھر والے اس سے ایک فیملی ممبر ہی کی طرح برتاؤ کرتے ہیں، چانچہ یہ حیران کن نہیں کہ پالتو جانور اپنے ارد گرد موجود افراد کی عادات کو اپنا لیتے ہیں۔

    یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ اگر آپ کی پالتو بلی سست ہے یا بہت ایکٹو ہے، ہر وقت سونے کی عادی ہے یا شرارتیں کرتی ہے، چالاک ہے یا بہت بھولی بھالی ہے، تو یہ عادات یقیناً آپ میں بھی ہوں گی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ گھر میں پالتو جانور رکھنا بے شمار جسمانی و ذہنی فوائد کا باعث بنتا ہے، پالتو جانور سے آپ کے ذہنی تناؤ میں کمی واقع ہوتی ہے۔

    طویل عرصے تک گھر میں پالا جانے والا جانور گھر میں موجود مریضوں کے لیے ایسا ہی ثابت ہوتا ہے جیسے کسی قریبی عزیز یا اپنے کی موجودگی۔ علاوہ ازیں گھر میں جانور پالنا بچوں کی بہترین تربیت میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔