Tag: Cattle market

  • مویشی منڈی کے جنرل بلاکس میں ڈیڑھ من کے جانور کی قیمت کیا ہے؟

    مویشی منڈی کے جنرل بلاکس میں ڈیڑھ من کے جانور کی قیمت کیا ہے؟

    کراچی: ناردرن بائی پاس مویشی دوست منڈی میں جانوروں کی آمد کا 36 واں روز ہے، منڈی کے ایڈمنسٹریٹر کا کہنا ہے کہ منڈی میں جانوروں کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر شہاب علی نے کہا ہے کہ مویشی منڈی میں خرید و فروخت کا عمل جوش و خروش سے جاری ہے، ملک بھر سے فروخت کے لیے قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ناردرن بائی پاس منڈی میں ساڑھے 3 سے 4 لاکھ جانوروں کی گنجائش ہے، منڈی میں بیل، گائے، بکرے، بھیڑیں اور اونٹ خرید و فروخت کے لیے دستیاب ہیں، جب کہ گائے، بکرے، اونٹ اور دمبے خریدنے والوں کی آمد میں بھی روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔


    خاتون سمیت 2 ملزمان نے جعلی نوٹ دے کر دنبہ خرید لیا


    ایڈمنسٹریٹر کے مطابق مویشی منڈی کے جنرل بلاکس میں ڈیڑھ من کا جانور 1 لاکھ 60 ہزار میں دستیاب ہے، جب کہ ساڑھے 3 من کا جانور 2 لاکھ 25 ہزار میں دستیاب ہے، انھوں نے بتایا کہ منڈی میں ہزاروں سے لاکھوں روپے تک کے جانور موجود ہیں، اور خریدار اپنی استطاعت اور بیوپاری اپنی مانگ کے مطابق بھاؤ لگا رہے ہیں۔

  • مویشی منڈی میں کیش کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگی، مگر کیسے؟

    مویشی منڈی میں کیش کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگی، مگر کیسے؟

    مویشی منڈی میں اگر جانور کی خریداری کے لیے جانا ہو تو آپ کو پہلے کیش رقم کا انتظام کرنا ہوتا ہے اور پھر اسے سنبھالنے کی فکر رہتی ہے۔

    لییکن اب سٹیٹ بینک نے مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریداری کے عمل کو آن لائن ادائیگی کے ذریعے ممکن بنا دیا ہے۔

    مویشی منڈی میں اب جانوروں کی خریداری کیلئے کیش لے جانے کی ضرورت نہیں، اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ عوام آسان اور محفوظ ڈیجیٹل ادائیگی سے فائدہ اٹھائیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک نے عیدالاضحیٰ کیلئے ملک بھر میں”گوکیش لیس” مہم کا آغاز کردیا۔

    مویشی منڈی میں نقد خریداری کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے، اسٹیٹ بینک نے مختلف بینک اکاؤنٹس پر مالی ٹرانزیکشن کی یومیہ حد ختم کردی۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی ٹرانزیکشنز کی ماہانہ حد کو بھی50لاکھ تک بڑھا دیا گیا ہے، برانچ لیس بینکاری لیول ون اکاؤنٹ،آسان ،مرچنٹ اکاؤنٹ،آسان ڈیجیٹل اکاؤنٹ پر لاگو ہے۔

    بیوپاری اور خریدار دونوں ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، بیوپاری منڈی میں چارے، پانی، پارکنگ و دیگرادائیگیاں بھی ڈیجیٹل طریقے سے کرسکتے ہیں۔

    مالی ٹرانزیکشنز پرسہولت، اضافی حد کا اطلاق20مئی سے16جون تک ہوگا، یہ سہولت ملک بھر کی54مویشی منڈیوں کیلئے دستیاب ہوگی۔

  • 28 ہزار سے زائد قربانی کے جانور کراچی کی مویشی منڈی پہنچ گئے

    28 ہزار سے زائد قربانی کے جانور کراچی کی مویشی منڈی پہنچ گئے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اب تک عید الاضحیٰ کے لیے قربانی کے 28 ہزار جانور لائے جاچکے ہیں، مویشی منڈی کے اطراف اور ارد گرد پولیس بہت فعال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے مختلف شہروں سے جانوروں کی بڑی کھیپ کراچی کی مویشی منڈی پہنچ گئی۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ 28 ہزار سے زائد قربانی کے جانور مویشی منڈی لائے جا چکے ہیں، مشکوک افراد کو روک کر گاڑیوں کی تلاشی بھی لی جارہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق مویشی منڈی کے اطراف اور ارد گرد پولیس بہت فعال ہے جبکہ مختلف تھانوں سے مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ اس بار کراچی کی مرکزی مویشی منڈی نادرن بائی پاس پر قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد ملک بھر سے آنے والے مویشی مالکان اور کراچی کے شہریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

  • مویشی منڈی لاکھوں جانوروں سے کھچا کھچ بھر گئی، شہریوں کا رش

    مویشی منڈی لاکھوں جانوروں سے کھچا کھچ بھر گئی، شہریوں کا رش

    کراچی : سپرہائی وے پر قائم ملک کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک مختلف اقسام کے 6لاکھ جانور یہاں لائے جاچکے ہیں۔

    کراچی کی سپر ہائی وے پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کو لانے کا سلسلہ جاری ہے۔ جہاں 6لاکھ سے زائد جانور لائے گئے ہیں۔ منڈی میں بغیر ماسک داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    سپرہائی وے پر قائم عارضی مویشی منڈی کی رونق ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے، منڈی کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا گیا تھا، جس کے بعد گجرانوالہ، راجن ہور، شیخوپورہ، رحیم یارخان، اوکاڑہ، میرپور خاص، نوشہرو فیروز، حیدرآباد، کوئٹہ اور سبی سمیت کئی شہروں سے6 لاکھ سے زائد قربانی کے جانور پہنچادیے گئے ہیں۔

    مویشی منڈی انتظامیہ کی جانب سے رین ایمرجنسی کے تحت ریسکیو ٹیمیں الرٹ کردی گئی ہیں جو بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد ضروری اقدامات کررہی ہیں۔

    مویشی منڈی کو خوبصورتی، قیمت اور رنگ کے لحاظ سے اسے مختلف بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے،جہاں خریداروں کو پہلے آئے پہلے پایئے کی بنیاد پر ایڈجسٹ کر رہے ہیں۔

    بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ سپرہائی وے کی منڈی میں ہر سہولت مل رہی ہے اور جانوروں کے اچھے دام مل جاتے ہیں، جس کی وجہ سے ہم ہر سال کراچی کا رخ کرتے ہیں۔

    اس حوالے سے مویشی منڈی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ٹوکن دے کر عید قرباں تک جانور مویشی منڈی میں کھڑا کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

    گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث اپنے جانور کی صحت کے حوالے سے پریشان شہریوں نے مختلف اسٹالز پر سیکڑوں مویشی امانتاً رکھوا دئیے۔

    مویشی منڈی کی انتظامیہ کے مطابق منڈی کے مختلف بیوپاریوں کے پاس 62 گائے اور بیل بطور امانت موجود ہیں، کورونا ماسک کے بغیر مویشی منڈی آنے والوں پر جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

  • کراچی : 6 ٹانگوں اور 2 زبانوں والا بیل لوگوں کی توجہ کا مرکز

    کراچی : 6 ٹانگوں اور 2 زبانوں والا بیل لوگوں کی توجہ کا مرکز

    کراچی : عید قرباں کے قریب آتے ہی کراچی کی مویشی منڈیوں میں جہاں خوبصورت جانور لائے جا رہے ہیں وہی کارخانہ قدرت سے نایاب جانور چھ ٹانگوں اور دو زبانوں والا شیرو بچھڑا لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بھی مویشی منڈی کی رونقیں بڑھ گئیں، جہاں ملک بھر سے گائے،بیل،بکرے،اونٹ اور دنبوں کی مویشی منڈی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، وہیں چھ ٹانگوں اور دو زبانوں والا بیل لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

    چھ ٹانگوں اور دو زبانوں والے بچھڑے کے مالک کا کہنا ہے کہ ایسا جانور کوئی پورے پاکستان میں لا کر دکھائے تو اس کویہ جانور میں تحفہ کر دوں گا۔

    شیرو کو دیکھنے کے لیے دور دراز سے لوگ آ رہے ہیں اور اسے اللہ کا کرشمہ قرار دے رہے ہیں،مالک کا کہنا ہے کہ شیر وکوبچوں کی طرح پالاہے جبکہ عوام کا کہنا تھا کہ اللہ کا کرم ہے کہ اتنا خوبصورت جانور دیکھنےکوملا جس کو دیکھ کر بڑی خوشگوار حیرت ہوئی۔

    دوسری جانب ترجمان مویشی منڈی یاور رضا چاولہ کا کہنا ہے کہ سپرہائی ہائی وے سہراب گوٹھ کی مویشی منڈی میں ہر رنگ ونسل کا جانور موجودہے، عیدالضحی تک ساڑھے 6 لاکھ سے زائد مویشیوں کی آمد متوقع ہے، بیوپاریوں اور جانوروں کو پانی، بجلی اور چارے کی تمام سہولیات میسرہیں۔

  • کراچی کی مویشی منڈی میں خوبصورت بیلوں کی جوڑی مرکز نگاہ بن گئی

    کراچی کی مویشی منڈی میں خوبصورت بیلوں کی جوڑی مرکز نگاہ بن گئی

    عید قرباں کی آمد آمد ہے اور ملک بھر میں قربانی کے جانوروں کی فروخت کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، ایسے میں بیلوں کی ایک جوڑی نے خریداروں کو حیران کر رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں یوں تو 1 لاکھ کے قریب جانور موجود ہیں لیکن ان میں دو بیلوں کی جوڑی سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

    پنجاب کے شہر رحیم یار خان سے لائے گئے بیل شیزی اور شہزادی کا وزن بالترتیب 10 اور ساڑھے 9 من ہے۔

    مالکان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ان بیلوں کا خاص خیال رکھا ہے اور سارا سال انہیں گھی، بادام اور مکھن کھلاتے رہے ہیں۔

    ان بیلوں کی قیمت 11 لاکھ رکھی گئی ہے جس نے شہریوں کو پریشان بھی کیا ہے تاہم شاندار بیل خریداروں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کی شہری حدود میں مویشیوں کی خرید و فروخت پر کریک ڈاؤن کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی شہری حدود میں مویشیوں کی خرید و فروخت پر کریک ڈاؤن کی ہدایت

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہری حدود میں مویشیوں کی خرید و فروخت پر کریک ڈاؤن کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہری حدود میں مویشیوں کی خرید و فروخت پر کریک ڈاؤن کی ہدایت کردی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مویشیوں کی غیر قانونی خرید و فروخت پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس شہری حدود میں مویشیوں کی خرید و فروخت بند کروائے، کرونا وائرس کے باعث عید الاضحیٰ کے ایس او پیز پر سختی سے عمل کروایا جائے، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی کو ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اور پولیس کے افسران خود فیلڈ میں نکل کر صورتحال کا جائزہ لیں، ایس او پیز پر عملدر آمد شہریوں کے مفاد میں ہے۔

    اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ عید الاضحیٰ پر کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل ضروری ہے، حکومت کی مخلصانہ کوششوں اور عوام کے تعاون سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کو عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی احتیاطی تدابیر کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیئے، گھر میں رہیں محفوظ رہیں پر عمل کر کے شہری خود کو اور دوسروں کو کرونا وائرس سے بچائیں، میل جول جتنا کم ہوگا اتنا ہی بیماری کا پھیلاؤ کم ہوگا۔

  • مویشی منڈیاں کہاں قائم کی جائیں گی، حکومت کی ہدایات جاری

    مویشی منڈیاں کہاں قائم کی جائیں گی، حکومت کی ہدایات جاری

    اسلام آباد : عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے مویشی منڈیوں کے قیام سے متعلق حکومت نے اہم ہدایات جاری کردیں ہیں، جس میں ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے مویشی منڈیوں کو شہر سے دور قائم کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں اور اس سلسلے میں تمام ضلعی انتظامیہ کو کو تحریری طور پر آگاہ بھی کردیا ہے۔

    کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث سال2020کی عیدالاضحیٰ باقی عیدوں سے بہت مختلف ہے، عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا سے بچاؤ کے لیے چند احکامات پرعمل ضروری قرار دیا گیا ہے۔

    حکومتی احکامات میں کہا گیا ہے کہ جانوروں کی خریداری کے لیے حکومت کی مقررہ مویشی منڈی جائیں، ضرورت کے تحت صرف وہ افراد منڈی جائیں جنہوں نے خود قربانی کرنی ہو۔

    زیادہ عمر والے افراد اور بچوں کو بکرا منڈیوں میں نہ لے کر جائیں، مویشی منڈی جاتے ہوئے ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی کریں، اندرون شہر میں کسی مویشی منڈی یا فرد سے جانور خریدنے سے گریز کریں۔

    حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہری انفرادی قربانی کے بجائے اجتماعی قربانی کو ترجیح دیں، قربانی مقرر ہ مذبح خانوں، خیراتی، کمیونٹی تنظیموں میں اور آن لائن کی جائے۔

    مزید پڑھیں : لوگ جتھوں کی صورت میں مویشی منڈی کا رخ نہ کریں، مفتی منیب الرحمان

    اس کے علاوہ قربانی کا گوشت ضرورت مندوں میں تقسیم کیا جائے، عید کے موقع پر دعوتوں کا اہتمام بالکل نہ کریں، قربانی کے جذبےکے تحت آئیں ہم دوسروں کے لئے ایک مثال بنیں، خود بھی محفوظ رہیں اوردوسروں کو بھی محفوظ بنائیں۔

  • سندھ حکومت نے عید الاضحیٰ پر مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دے دی

    سندھ حکومت نے عید الاضحیٰ پر مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دے دی

    کراچی : عید الاضحیٰ پر سندھ میں ایس او پیز کے ساتھ مویشی منڈی لگائی جائیں گی، سندھ حکومت نے اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کیلئے مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اس کیلئے تمام ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی ہوگا۔

    اس حوالے سے محکمہ بلدیات سندھ نے مویشی منڈیوں کیلئے ایس اوپیز تیار کرلی ہیں، تمام ٹاؤن، میونسپل کمیٹیز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور میونسپل کارپوریشنز کی حدود میں مویشی منڈیوں میں کاروبار کی اجازت ہوگی۔

    ایس او پیز کے مطابق مویشی منڈی میں خریداروں کیلئے الگ لائن مختص کی جائے گی اور بیوپاریوں کے لیے دو الگ لائنیں بنائی جائیں گی جبکہ خریدوفروخت کے دوران 3 سے 6 فٹ کا سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہوگا اور منڈی میں آنے والے تمام شہریوں کیلئے ماسک کا استعمال لازم ہوگا۔

  • کراچی: ماربل کے دانت لگا کر جانور بیچنے والا گرفتار

    کراچی: ماربل کے دانت لگا کر جانور بیچنے والا گرفتار

    کراچی : مویشی منڈی میں جانوروں کو جعلی دانت لگانے والے ملزم پکڑا گیا، انتظامیہ نے 11 گائیں قبضے میں لے لیں، ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مویشی منڈی میں جعل سازوں نے مویشیوں کو بھی نہ بخشا، منڈی میں جعل سازوں نے قبضہ کرلیا، قربانی کے جانوروں کو ماربل کے دانت لگا کر بیچنے لگے۔

    خریدار کی شکایت پر انتظامیہ نے کریک ڈاؤن کیا، مویشی منڈی میں ماربل کے جعلی دانت والی 11 گائیں انتظامیہ نے پکڑلیں، جعلی دانت لگانے والے جعل ساز بیوپاری کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    انتظامیہ نے جعلی دانت والی گائیں خریدنے والے خریدار کو پیسے بھی واپس دلا دیئے۔ علاوہ ازیں فراڈیوں نے مویشیوں کو نقلی سینگ لگانے کا بھی دھندا شروع کر رکھا ہے۔

    ہتھوڑے اور چھینی کی مدد سے نقلی سینگ کو اصلی کی شکل دی جاتی ہے خریدار اکثر جعل سازوں کے چنگل میں پھنس کر نقلی دانت اور سینگ والے جانور خریدلیتے ہیں۔