Tag: CCI

  • بھارت میں گوگل مشکلات کا شکار : دوسری بار بھی بھاری جرمانہ

    بھارت میں گوگل مشکلات کا شکار : دوسری بار بھی بھاری جرمانہ

    بنگلورو : بھارت نے چند دن کے بعد ایک بار پھر دنیا کی سب سے مقبول سرچ انجن کمپنی ’گوگل‘پر جرمانہ عائد کردیا، کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے دیگر سروسز کو نقصان پہنچایا ہے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مسابقتی کمیشن (سی سی آئی) نے کمپنی پر 11 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز (24 ارب 59 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

    سی سی آئی کا کہنا ہے کہ جرمانے کی بڑی وجہ گوگل کی جانب سے اپنی ساکھ اور اثر و رسوخ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دیگر سروسز کو آگے بڑھنے سے روکنا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق گوگل نے بھارت میں مارکیٹ پر غلبے کیلئے ناجائز ہتھکنڈوں کا استعمال کرتے ہوئے ایپ ڈویلپرز کو مجبور کیا کہ وہ اس کے ایپ پیمنٹ سسٹم کو استعمال کریں۔

    مسابقتی کمیشن نے گوگل کمپنی پر مزید جرمانہ عائد کرتے ہوئے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ ایپ ڈویلپرز کو تھرڈ پارٹی بلنگ یا پیمنٹ سروسز تک رسائی سے نہ روکے۔

    گوگل ترجمان کا مؤقف

    بھارت میں گوگل کے ترجمان نے نئے جرمانے پر کہا ہے کہ ہم اس فیصلے کا جائزہ لے کر مزید اقدامات کا تعین کریں گے، حکومت کے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں : ناجائز ہتھکنڈوں کا استعمال، گوگل کو اربوں روپے جرمانے کی سزا

    یاد رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ 20 اکتوبر کو بھارت نے گوگل پر 161ملین ڈالر (13 ارب بھارتی روپے) کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

    بھارت کے مسابقتی کمیشن (سی سی آئی) نے جمعرات کو ایک بیان میں الزام عائد کیا تھا کہ گوگل اپنے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے متعدد اسمارٹ فونز، ویب سرچز، براؤزنگ اور ویڈیو ہوسٹنگ سروسز کے لائسنس کا غلط استعمال کر رہا ہے۔

    سی سی آئی نے 199 صفحات کے فیصلے میں گوگل کو 3 ماہ کے اندر تبدیلیوں کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ کمپنی کی جانب سے شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

  • مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس، بجلی پیداوار کا طویل مدتی پلان منظور

    مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس، بجلی پیداوار کا طویل مدتی پلان منظور

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں بجلی پیداوار کا طویل مدتی پلان منظور کرلیا گیا ، نئے پلان کی منظوری کے بعد مہنگی بجلی کی پیداوار کا خاتمہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا ، جس میں صوبائی وزرائےاعلیٰ اور وفاقی وزرا شریک ہوئے ، اجلاس میں 18ترمیم کے بعد ہائرایجوکیشن کے معاملات کا جائزہ لیا۔

    اجلاس میں پانی کی تقسیم کا معاملہ بھی زیر غور آیا، صوبوں کے مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔

    وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل نے بجلی پیداوار کاطویل مدتی پلان منظور کرلیا ، بجلی پیداوار کا طویل مدتی پلان 2005 سے زیر التوا تھا ، مستقبل میں طلب و رسد کی پروجیکشن دیکھ کر بجلی پیدا کی جائے گی۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پلان کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ طویل مشاورت کی گئی ہے ، مسابقتی بنیادوں پرسستے ایندھن سے بجلی پیدا کی جائے گی ، نئے پلان کی منظوری کے بعد مہنگی بجلی کی پیداوار کا خاتمہ ہوگا۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مستقبل میں زیادہ گنجائش اورغیر شفاف انداز میں ٹھیکے دینے کاخاتمہ ہوگا، ماضی میں ایسے پلان بنا کر گردشی قرض اور دیگر مسائل سے بچا جاسکتا تھا۔

  • ’’سی سی آئی اجلاس وزیراعظم کا تمام اکائیوں کو ساتھ لیکر چلنے کا عملی ثبوت ہے‘‘

    ’’سی سی آئی اجلاس وزیراعظم کا تمام اکائیوں کو ساتھ لیکر چلنے کا عملی ثبوت ہے‘‘

    اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل(سی سی آئی) اجلاس وزیراعظم کا تمام اکائیوں کو ساتھ لے کر چلنے کا عملی ثبوت ہے، اجلاس ترقی کے ثمرات ملک بھر میں پہنچانے کا بھی ضامن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، دہائیوں سے تاخیر کے شکار معاملات پر مفاہمت سے سیر حاصل گفتگو ہوئی، اجلاس میں تاخیر کے شکار معاملات پر گفتگو سے اتفاق رائے میں پیشرفت ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں تمام وزرائےاعلیٰ نے شرکت کی، ملکی قیادت قومی امور سمیت عوامی فلاح اور ترقی کے لیے یکسو ہیں، وزیراعظم نے گیس رائلٹی اور صوبوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم کی ہدایات دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی میٹری نظام پانی کی منصفانہ تقسیم میں معاون ثابت ہوگا، یکساں تعلیم کے مقصد کو باہمی مشاورت سے طے کرنے پر اتفاق خوش آئند ہے، اجلاس میں حویلی بہادر شاہ اور بلوکی پاور پلانٹ کی نجکاری سے آگاہ کیا گیا۔

    فردوس عاشق کا مزید کہنا تھا کہ واپڈا چیف ایگزیکٹو کے لیے قابل شخصیت کے انتخاب کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا گزشتہ روز اجلاس ہوا، اجلاس میں ایکسپلوریشن اینڈپروڈکشن پالیسی 2012 کی منظوری دے دی گئی، اجلاس میں صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم کا جائزہ لیا گیا، اور صوبوں میں پانی کی تقسیم پر تفصیلی گفتگو بھی ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا اور وزیراعلیٰ سندھ کی پانی پرنوک جھوک ہوئی، فیصل واوڈا کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ بھی تکرار ہوئی۔ مشترکہ مفادات کونسل نے آبی معاہدے پر دوبارہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اجلاس میں آبی وسائل پر صوبوں کے درمیان کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، سی جے کنال کا معاملہ اگلے اجلاس تک مؤخر کردیا گیا، وزیراعظم نے پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے فوری ٹیلی میٹرز نصب کرنے کی ہدایت کی۔

  • مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس: کے 4 منصوبے کے تحت کراچی کو اضافی پانی کی فراہمی پھرمؤخر

    مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس: کے 4 منصوبے کے تحت کراچی کو اضافی پانی کی فراہمی پھرمؤخر

    اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس معنقد ہوا، کے فور منصوبے کے تحت کراچی کواضافی پانی فراہم کرنے کی منظوری پھرمؤخر ہوگئی ہے.

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں‌ ہونے والے اس اجلاس میں سندھ، کے پی کے، بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی. پنجاب کی نمائندگی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث نے کی. اس موقع پر گذشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پرعمل درآمد کا جائزہ لیا گیا.

    وفاقی وزیرتعلیم و تربیت کی متعلقہ امور پر بریفنگ دی. اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق تعلیم و تحقیق کے ادارے قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، تعلیم وتحقیق کے اداروں کے قیام کے لئےمرکز اور صوبوں کا مشترکہ کوششوں پراتفاق کیا گیا ہے.


    کراچی : مختلف علاقوں میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا


    اعلامیہ کے مطابق ایچ ای سی میں7 صوبائی ممبران شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.7 ماہرین تعلیم کے ناموں کی حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے. اجلاس میں ایچ ای سی میں ہر صوبے کی نمائندگی کو یقینی بنانے کا عزم کیا گیا ہے.


    وفاق سندھ میں پانی کا بحران پیدا کررہا ہے، مراد علی شاہ


    اعلامیہ کے مطابق وزارت آبپاشی کو ارسا معاہدے کے تحت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے. البتہ کے فور منصوبےکےتحت کراچی کواضافی پانی فراہم کرنے کی منظوری پھرمؤخر ہوگئی ہے.

    یاد رہے کہ موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی کراچی پانی کے شدید بحران میں مبتلا ہوجاتا ہے۔ ماہرین اس بھی شدید بحران کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • مردم شماری کے دوران کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا، کامران مائیکل

    مردم شماری کے دوران کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا، کامران مائیکل

    اسلام آباد : وفاقی وزیر شماریات کامران مائیکل نے کہا ہے مردم شماری کے دوران کہیں سے کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا، سندھ سمیت کسی بھی صوبے کو اعتراض ہے تو وہ مشترکہ مفادات کونسل میں لائے، آئندہ الیکشن اور این ایف سی ایوارڈ کا تعین ان ہی نتائج کی بنیاد پرہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکریٹری شماریات آصف باجوہ کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کامران مائیکل نے کہا کہ سی سی آئی آئینی فورم ہےجو صوبوں کے معاملات طےکرتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کہ مردم شماری میں سندھ کی سیاسی جماعتوں کو کس چیز پر اعتراض ہے، وہ اپنی شکایات مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کریں، سی سی آئی میں معاملات خوش اسلوبی سےحل کیے جاتے ہیں، سی سی آئی جو ہدایت دے گی اس پر عمل کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن اور این ایف سی ایوارڈ کا تعین ان ہی نتائج کی بنیاد پرہوگا۔ کامران مائیکل کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج سے مل کر مردم شماری کی گئی، نتائج بھی سامنے لائے، ایک گھر میں اگر تین چولہے جلتےہیں تو مردم شماری میں انہیں تین خاندان ظاہرکیا گیا ہے۔

    وزیرشماریات کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ موجود ہے،احتجاج یاریلیاں نکال کراداروں کو بدنام نہ کیا جائے۔ اس موقع پر سیکریٹری شماریات آصف باجوہ نے کہا کہ نئے رولز کے معاملات کو بھی دیکھ رہے ہیں اس کو تکنیکی کمیٹی کے پاس لے کرجائیں گے۔


    مزید پڑھیں: سندھ کی جماعتوں نے مردم شماری کے نتائج مسترد کردیئے


    واضح رہے کہ اراکین پارلیمنٹیرین کی اکثریت نے مردم شماری کے نتائج مسترد کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جلد بازی کے بجائے تفصیلی رپورٹ کا انتظار کیا جانا چاہیئے۔

    علاوہ ازیں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ایم کیوایم پاکستان نے مردم شماری کے خلاف احتجاج کیا، ایم کیوایم پاکستان کے ارکین پارلیمنٹ نےنعرے لگائے۔


    مزید پڑھیں: خواجہ سراؤں نے بھی مردم شماری کے نتائج مسترد کردیئے 


    مظاہرین کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہریوں کی آبادی کم کرنا منظور نہیں، ایم کیوایم نے مردم شماری کے نتائج کیخلاف قرارداد بھی جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ مردم شماری کےنتائج پرسندھ کی عوام میں تشویش ہے۔


    مزید پڑھیں: ایم کیوایم پاکستان مردم شماری کے خلاف ریلی نکالےگی


    ان کا کہنا تھا کہ نتائج میں دھاندلی کی گئی جسے سندھ کی تمام سیاسی جماعتوں نےمسترد کیا، نتائج پرشکوک و شبہات ہیں اسےاسمبلی میں بحث کے لیے لیا جانا چاہئیے۔ آبادی کو کم دکھا کر وسائل کی تقسیم کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔