کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام ماڈرن پولیسنگ سیف سٹی منصوبے کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ مختلف برادریوں کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کاسلسلہ جاری ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ 3،2سال میں سیف سٹی پروجیکٹ کی آدھی ضرورت پوری ہوجائے گی، سی سی ٹی وی نیٹ ورک کی افادیت بہت ہے، سیف سٹی پروجیکٹ کی کمی کمیونٹی کی مدد سے پوری ہورہی ہے۔
اے آئی جی کراچی کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان پکڑے جارہے ہیں، ہمیں اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے، مزید نفری کی فوری ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک کیمرہ25اہلکاروں کی کمی کو پورا کرتا ہے، کیمرہ سوتا نہیں ہے، کوتاہی نہیں کرتا، لاہور،اسلام آباد میں سیف سیٹی میں 2میگا پکسل کیمرے ہیں، کراچی میں کمیونٹی4میگا پکسل کیمرے لگارہی ہے۔
کمیونٹی کو ڈالر کی وجہ سے کیمرے خریدنے میں مشکلات کا سامنا ہے، کراچی کو کلین اور گرین کرنے کا بیڑا بھی کمیونٹی نے اٹھایا ہے۔
کراچی: ضلع ملیر میں جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس نے اہم اقدام کرتے ہوئے 50 کیمروں پر مشتمل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ملیر میں جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس نے اہم اقدام کرتے ہوئے مضافاتی علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کا جال بچھانا شروع کردیا۔
اسٹیل ٹاؤن میں 50 کیمروں پر مشتمل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی عرفان بہادر نے کنٹرول روم کا افتتاح کیا۔ کنٹرول روم کے ذریعے مارکیٹوں، شاہراہوں اور نیشنل ہائی وے کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ ضلع ملیر میں اب تک 4 ہزار سے زائد کیمرے لگائے گئے ہیں، شہریوں کے تعاون سے کیمروں میں مزید اضافہ کیاجائے گا۔
پولیس موبائلوں میں بھی جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے25 یا 26جولائی کو عام انتخابات کی مجوزہ تاریخ پر غور شروع کردیا ہے، امکان ہے کہ حتمی فیصلہ جلد کرلیا جائے گا، حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبران، صوبائی الیکشن کمشنرز اور چاروں چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے عام انتخابات کی پولنگ کے لیے دو تاریخوں پر غور اور پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر پیش رفت کا جائزہ لیا ۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخاب 2018 کے انعقاد کیلئے دو مجوزہ تاریخوں پر غور شروع کردیا ہے، جس میں سے ایک تاریخ کا حتمی فیصلہ جلد کرلیا جائے گا، ذرائع کے مطابق الیکشن 2018 کی پولنگ کے لیے 25 یا 26 جولائی کی تاریخوں پر غور کیا جارہا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پنجاب کے470میں سے363پولنگ اسٹیشنز میں سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں، پنجاب کے107پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولتوں کیلئے جلد کام شروع ہوگا۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے1226 میں سے 532پولنگ اسٹیشنز پر سہولتیں مہیا کی گئی ہیں، خیبر پختونخوا کے694پولنگ اسٹیشنز پر جلد سہولتیں جلد دی جائیں گی۔
دوسری جانب سندھ کے 3824میں سے 3688پولنگ اسٹیشنز پر سہولتیں مہیا کردیں گئی ہیں اور بلوچستان کے576پولنگ اسٹیشنز پرسہولیات کی فراہمی کیلئے کام تیزی سے جاری ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے معذور افراد کیلئے پولنگ اسٹیشنز پر ریمپ لگانے کی خصوصی ہدایت کی ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگیں گے۔
انہوں نے صوبائی حکومتوں کو پولنگ اسٹاف کی تعداد مکمل رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے، اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے ہدایات دی ہیں کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اورآر اوز کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، اجلاس میں الیکشن کمیشنر نے پولنگ اسٹیشنز کی جائزہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ موجودہ حکومت کی آئینی مدت جون کے مہینے میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد جولائی کے مہینے میں انتخابات کے انعقاد کا امکان ہے۔
ایبٹ آباد : تعلیمی بورڈ نے اہم کارنامہ انجام دے دیا، نقل کی روک تھام کیلئےامتحانی مراکز پرآن لائن کیمرے نصب کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اب تقل کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی بنایا جا رہا ہے، دوران امتحان طلباو طالبات پر صرف اساتذہ ہی نہیں کیمرے بھی نظر رکھیں گے اور ان کی آواز بھی سن سکیں گے۔
ایبٹ آباد کے انٹرمیڈیٹ بورڈ نے امتحانی مراکز میں نقل کی روک تھام کیلیے سی سی ٹی وی کیمرے لگادیئے۔ جس کی آن لائن مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ مذکورہ کیمرے صرف طلباء طالبات پر ہی نہیں بلکہ بوٹی مافیا پر بھی نظر رکھیں گے۔
ایبٹ آباد کے ایک سو بیالیس سے زائد امتحانی مراکزمیں کیمروں کے ساتھ جدید مائیک سسٹم بھی نصب کیا گیاہے۔ جس سے طلباء طالبات اور اساتذہ کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔
انٹر بورڈ کی جانب سے نقل کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات نے ذہین اور محنت کرنے والے طلبا نے بھرپور خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔
اس انقلابی اقدام کے بعد ایبٹ آباد بورڈ جدید سسٹم لگانے والا ملک کا پہلا بورڈ بن گیا ہے ۔ طلباء کاکہنا ہے کہ نقل کی روک تھام کیلئے دیگرتعلیمی بورڈز بھی ایسے اقدامات کریں جس سے ذہین طلبا کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکے۔
کراچی : شہرقائد میں چوروں کو پکڑنے کےلئے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی چوری ہوگئے۔ چارارب کی لاگت سے نئے کیمرے لگائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے چوروں کو کیا پکڑتے۔ وہ خود ہی چوری ہوگئے۔ اس بات کا اعتراف ڈی آئی جی ایڈمن غلام سرورجمالی نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔
ڈی آئی جی کراچی نے بتایا کہ شہر قائد میں بائیس سو سی سی ٹی وی کیمرے لگائےگئے تھے۔ نصف سے زائد خراب ہیں اوربہت سے کیمرے چوری ہوگئے۔
غلام سرورجمالی نے اعتراف کیا کہ شہر میں دو میگا پکسل کے کیمرے لگائے گئے تھےجن سےکسی کی بھی شناخت بہت مشکل ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کیمروں کی خریدار ی میں بے قاعدگی کا اعتراف بھی کیا۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ تمام کیمرے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہر میں پانچ تا آٹھ میگا پکسل کے دس ہزار سے زائد کیمرے لگائےجائیں گےجس کے لئے چار ارب روپے درکار ہوں گے۔
کراچی : قومی اسمبلی کی حلقہ این اے246کے ضمنی انتخاب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ انتخابی سامان کی ترسیل پریذائڈنگ افسران کو کل سے شروع کی جائے گی۔
این اے دو سو چھیالیس کا معرکہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ۔ ووٹوں کی گنتی سے کوئی تبدیلی آئے یا نہ آئے۔ کراچی ضمنی انتخاب ملکی تاریخ میں انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہونے جا رہی ہے۔
این اے دو سو چھیالیس کے دو سو تیس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔ بیلٹ پیپرزسمیت تمام انتخابی سازوسامان تیار ہو چکا ہے۔
پریذائیڈنگ افسران کو انتخابی سامان کی ترسیل بدھ سے شروع کی جائے گی۔ آج رات بارہ بجے ضمنی انتخاب کیلئے قواعد کے مطابق انتخابی مہم اختتام پزیر ہوجائے گی، تمام پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا جا چکا ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہہ دیا ہے کہ تمام امیدوار ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔ کسی ووٹر کو پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے۔ انقلابی نوعیت کے اقدامات سے لگ رہا ہے کراچی ضمنی انتخاب میں سلیکشن نہیں الیکشن ہی ہوگا۔ ایک دو روز باقی ہیں، آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا؟
جامشورو : وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں سی سی ٹی وی کیمراز اور بائیو میٹرک نظام نصب نہیں کر سکتے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ رینجرز نے کراچی میں ہونے والے ضنمی الیکشن میں حکومت کو سی سی ٹی وی کیمراز اور بائیو میٹرک نظام نصب کرنے کی تجاویز دی ہیں اور اس ضمن میں رینجرز نے الیکشن کمیشن سے بھی رابطہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں کم وقت ہونے کی وجہ سے دونوں تجاویز پر عمل نہیں کیا جاسکتا اور اگر اس طرح کے اقدامات کئے گئے تو عام انتخابات کے دوران ملک بھر میں ایسے اقدامات کے لئے وفاق اور صوبائی حکومتوں کے پاس وسائل ہی نہیں ہوں گے ۔
یہ بات انہوں نے ضلع جامشورو میں سپرہائی وے پرعالمی ادارہ خوراک کی تنظیم کی جانب سے سندھ میں قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کرنے اور فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے ہیومینی ٹیرین ریسپانس فیسلیٹی ویئر ہاؤسیز کی پراوینشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) کے حوالے کرنے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے ضمنی انتخابات کے دوران پاک فوج کو مقرر کرنے کا مطالبہ تمام جماعتوں نے مشترکہ طور پر کیا جبکہ ملک کے شمالی علاقوں میں آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے ضمنی انتخابات کی ذمہ داری رینجرز کے حوالے کی گئی ہے اور حکومت سندھ کی اولین کوشش ہے کہ پُر امن طریقے سے شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سندھ میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن سے امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور آپریشن کا یہ سلسلہ جاری رہے گا، تاکہ سندھ سے جرائم کی بیخ کنی کی جاسکے اور اس ضمن میں پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے بھی واضح ہدایت دیں ہیں کہ سندھ کے امن و امان پر کسی بھی قسم کی سودے بازی نہ کی جائے۔