Tag: cctv footage

  • کراچی : گارڈن انٹر چینج کے قریب فائرنگ کی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : گارڈن انٹر چینج کے قریب فائرنگ کی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی (30 اگست 2025) شہر قائد کے علاقے گارڈن میں لیاری ایکسپریس وے کے انٹرچینج کے قریب زیر تعمیر عمارت میں ہونے والی فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    مسلح ملزمان نے زیر تعمیر عمارت کے مزدور کو بھتے کی پرچیاں دیں اور پھر فائرنگ کردی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو بھتے کی پرچیاں دیتے اور اسلحہ کے زور پر یرغمال بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے، گارڈن تھانے میں واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں بھتہ خوری، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    فوٹیج فائرنگ

    مزید پڑھیں : گارڈن میں بھتہ نہ دینے پر فائرنگ سے 2 مزدور زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز صبح کے وقت ایک زیر تعمیر عمارت میں مسلح ملزمان نے ٹانگ پر گولی مار کر 2 مزدوروں کو زخمی کردیا تھا، عمارت کے مالک سے ایک سال پہلے بھی بھتہ طلب کیا گیا تھا۔

    زخمی مزدوروں کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ملزمان آئے اور پرچہ دے کر کہا اس نمبر پر فون کرو۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے سپروائزر کو گولی ماری جو اس کو لگ کر دوسرے مزدور کو جا لگی۔

    پولیس مقابلے کے بعد دو ڈاکو گرفتار

    علاوہ ازیں پولیس نے اجمیر نگری میں مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ و موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

    پولیس حکان کے مطابق اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا، ملزمان نے رکنے کی بجائے فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی۔

    جوابی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار ڈاکو موٹر سائیکل سلپ ہونے سے گرگئے، پولیس نے دونوں ملزمان کو اسلحہ اور موٹر سائیکل سمیت گرفتار کر لیا۔

  • کراچی میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش کیسے ناکام بنائی؟ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھیں

    کراچی میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش کیسے ناکام بنائی؟ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھیں

    کراچی میں شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی اور فائرنگ کر کے ڈاکوؤں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

    ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں روز متعدد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں ہوتی ہیں۔ ان وارداتوں میں شہری اپنی قیمتی چیزیں کھو دیتے ہیں اور بعض واقعات میں ڈاکو ان کی جان لینے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

    تاہم اب ایک ایسی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں شہری کو بہادری سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کرتے اور پھر انہیں ناکام وہاں سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    30 سال قبل شہری کو قتل کرنے والا اشتہاری ملزم کیسے پکڑا گیا؟

    یہ واقعہ کراچی کے علاقے عزیز آباد گلشن شمیم میں پیش آیا ہے جہاں ہوٹل پر بیٹھے شہریوں سے ڈکیتی کی کوشش کی گئی، جسے بہادر شہری نے ناکام بنادی۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج  اےآروائی نیوز نے حاصل کرلی، پولیس حکام کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی۔

    اس دوران بہادر نوجوان نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی، شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے جس کی تلاش جاری ہے۔

  • کراچی کے شہری ہوشیار : قربانی کے جانور چھین اور چوری کرلیے گئے

    کراچی کے شہری ہوشیار : قربانی کے جانور چھین اور چوری کرلیے گئے

    کراچی : عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی قربانی کے جانور چوری کرنےکی وارداتیں بڑھنے لگی، تازہ واقعے میں اتحاد ٹاؤن میں ڈاکو قربانی کے 7 جانور چھین کر فرار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے راجہ تنویر کالونی میں 9 مسلح ملزمان نے باڑے میں لوٹ مار کی، 7قربانی کے جانور لوٹنے کے واقعے کا مقدمہ اقبال مارکیٹ تھانے میں درج کرلیا گیا۔

    واردات کے دوران ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر باڑے میں موجود افراد کو یرغمال بنایا، ملزمان 20 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے جانور ٹرک میں ڈال کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے اپنے چہرے ہیلمٹ پہن کر چھپائے ہوئے تھے۔متاثرین نے بیان دیا ہے کہ 4جانور باڑے کے اور 3 مقامی افراد کے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کو تلاش کیا جارہا ہے، جنہیں بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    ایک اور واردات میں شاہ فیصل کالونی نمبر ایک میں گھر کے باہر کھڑا بکرا چوری ہوگیا، بکرے چوری کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2افراد موٹرسائیکل پر آئے بکرا اپنے ساتھ لے کر چلے گئے، سی سی ٹی وی فوٹیجز میں بکرا چوروں کے چہرے واضح طور پر نظر آرہے ہیں۔

    متاثرہ شہری کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ عید کے پیش نظر سیکیورٹی بڑھائی جائے تاکہ جانوروں کی چوری کی وارداتوں پر قابو پایا جا سکے۔

  • حیدرآباد پولیس مقابلہ : 2 ڈاکو ہلاک، فوٹیج سامنے آگئی

    حیدرآباد پولیس مقابلہ : 2 ڈاکو ہلاک، فوٹیج سامنے آگئی

    حیدرآباد کے تھانہ راہوکی کی حدود میں پولیس مقابلہ کی فوٹیج سامنے آگئی، ملزمان کو گھر کی چھت سے پولیس پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    حیدرآباد سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے جام فرید لاکھو کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کے نواحی علاقے راہوکی میں پولیس مقابلہ کے دوران دو ڈاکو ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا،پولیس مقابلے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گھبرا کر علاقہ مکین فائرنگ کے دوران کافی دیر تک گھروں میں چھپ کر بیٹھے رہے، پولیس مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک،ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔

    مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان کیخلاف شہر کے مختلف تھانوں میں سنگین الزامات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

    فوٹیج میں ملزمان کو ایک گھرکی چھت سے پولیس پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے جس کے بعد واقعے کی جگہ بھگدڑ مچ گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق مختلف مقدمات میں ملوث روپوش ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی گئی تھی، ٹیم کے پہنچنے پر ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو مارے گئے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں نئے سال کا پہلا مبینہ پولیس مقابلہ 

    یاد رہے کہ شہر قائد میں نئے سال کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کے ساتھ پولیس کی سیدھی گولیاں بھی چل پڑیں، کراچی میں سال کا پہلا پولیس مقابلہ بھی ہوگیا۔

    کراچی کے علاقے مومن آباد الفتح کالونی میں پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے تھے۔

  • کورنگی میں 21 سالہ نوجوان صہیب کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کورنگی میں 21 سالہ نوجوان صہیب کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی میں کورنگی 6 نمبر پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 21 سالہ نوجوان صہیب کے  قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کورنگی نمبر 6 میں میڈیکل اسٹور پر ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے میڈیکل اسٹور کے مالک کو قتل کردیا تھا۔

    اس افسوسناک واقعے کا مقدمہ مقتول صہیب کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں قتل اور ڈکیتی کی دفعات شامل ہیں، واقعہ کا مقدمہ تھانہ زمان ٹاؤن میں درج ہے۔

    تاہم اب اس ڈکیتی کے دوران کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، ویڈیو میں موٹر سائیکل سوار  2 ڈکیت کو میڈیکل اسٹور کے باہر  آتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    فوٹیج میں ملزمان کو میڈیکل اسٹور کے اندر لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے، مقتول صہیب کے والد کو بھی میڈیکل اسٹور کی جانب آتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    واردات کے بعد فرار ہوتے ملزمان کو صہیب نے پکڑنے کی کوشش کی لیکن مزاحمت ہوتا دیکھ کر ایک ڈاکو نے صہیب پر فائرنگ کردی، گولی لگتے ہی صہیب شدید زخمی ہو کر زمین پر گر گیا۔

    والدین کا کہنا ہے کہ اسپتال منتقلی کے دوران صہیب راستے میں ہی دم توڑ گیا تھا، مقتول دو بہنوں کا اکلوتا بھائی اور گھر کا واحد کفیل تھا جسے ڈاکوؤں نے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

  • شاہ فیصل کالونی میں موبائل شاپ پر ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج

    شاہ فیصل کالونی میں موبائل شاپ پر ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج

    کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں گزشتہ روز موبائل شاپ پر ہونے والی ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، ڈاکوؤں نے ایک خاتون کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار چار مسلح افراد نے ڈکیتی سے پہلے وہاں موجود ایک پردہ دار خاتون کا اسکارف کھینچ کر اتارا اور  تشدد کا نشانہ بنایا۔

    ڈاکوؤں نے دکاندار سے لوٹ مار کے بعد بھی اس پر بہیمانہ تشدد کیا اور دکاندار جیسے ہی دکان سے نکلا تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی تاہم خوش قسمتی سے وہاں موجود خواتین اور دکاندار فائرنگ سے محفوظ رہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چار میں سے تین ڈاکوؤں کے چہرے واضح طور پر نظر آرہے ہیں، ڈاکوؤں نے دوران واردات دکان پر موجود خواتین اور ایک مرد سے موبائل فون چھینے اور دکان سے نقد رقم لے کر فرار ہوگئے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلیے کوششیں جاری ہیں، ملزمان کی شناخت کے بعد انہیں جلد حراست میں لے لیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ سال اپریل میں سائٹ ایریا میں ڈکیتی کے دوران 4 ڈاکو موبائل فون شاپ کے مالک سے ایک کروڑ اور موبائل فون لے کر فرار ہوگئے تھے۔

    پولیس کے مطابق ڈکیتی کے حوالے سے دکان کے مالک بخت شیر نے دعویٰ کیا تھا کہ 4 ڈاکو ایک کروڑ روپے اور موبائل فون لوٹ کرفرار ہوگئے، لوٹی جانے والی رقم ریکوری کی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-robbery-at-mobile-shop/

  • دکاندار سے فراڈ : ایزی لوڈ کیلیے آنے والا ملزم ڈیڑھ لاکھ روپے کا چونا لگا گیا

    دکاندار سے فراڈ : ایزی لوڈ کیلیے آنے والا ملزم ڈیڑھ لاکھ روپے کا چونا لگا گیا

    کراچی : گلشن جمال بلاک سی میں گاہک بن کر آنے والے چور نے دکاندار سے فراڈ کرتے ہوئے اس کی آنکھوں کے سامنے ڈیڑھ لاکھ روپے کا نقصان پہنچا دیا، پورا منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن جمال بلاک سی میں ایزی لوڈ کی دکان پر گاہک بن کر آنے والے ایک شخص نے دکاندار سے فراڈ کرتے ہوئے ڈیڑھ لاکھ روپے سے محروم کردیا۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز  نے حاصل کرلی، سی سی ٹی فوٹیج میں چور کو ایزی لوڈ کی دکان پر گاہک بن کر آتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ملزم نے دکاندار کو کام میں مصروف دیکھا اور موقع پاتے ہی آن لائن رقم ٹرانسفر کرنے والا موبائل فون اٹھایا اور وہاں سے رفو چکر ہوگیا۔

    متاثرہ دکاندار کا کہنا ہے کہ موبائل فون میں ایک لاکھ 80 ہزار روپے کی رقم موجود تھی، ملزم نے فوری طور پر تین مختلف نمبروں پر پچاس پچاس ہزار روپے ٹرانسفر بھی کردیئے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکاندار کو چور کے پیچھے موٹر سائیکل پر تعاقب میں جاتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم تنگ گلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔

  • اسلام آباد : ایک اور تاجر لاکھوں روپے سے محروم، فوٹیج منظرعام پر

    اسلام آباد : ایک اور تاجر لاکھوں روپے سے محروم، فوٹیج منظرعام پر

    اسلام آباد : تھانہ کوہسار کی حدود میں ڈاکو شہری سے 85 لاکھ سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اپنی لاکھوں روپے کی رقم سے محروم ہونے والے تاجر نے واقعے کے خلاف تھانہ کوہسار میں درخوست جمع کروا دی، تاجر سے ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار دو مسلح افراد کو تاجر سے رقم چھین کر فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    درخواست گزار تاجر نے پولیس کو بتایا کہ میں مختلف بینکوں سے کیش نکلوا کر ناظم الدین روڈ پہنچا تھا، ڈاکوؤں نے85لاکھ 90ہزار روپے چھینے جو ایک پارٹی کو دینے تھے۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جائے۔

    اس سے قبل راولپنڈی میں نامعلوم مسلح افراد نے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے تاجر کے ڈرائیور سے پونے پانچ کروڑ روپے لوٹ لیے اور فرار ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کی تمام پہلوؤں سےچھان بین کررہے ہیں۔

  • سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا ڈاکو پکڑا گیا

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا ڈاکو پکڑا گیا

    کراچی: گزشتہ شب تھانہ شاہراہ فیصل کے علاقے سے پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ملزم کا مزید ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی ضلع شرقی کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت عبدالرحمٰن بلوچ ولد لعل بخش عرف لالو کے نام سے کی گئی ہے، ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پسٹل مع ایمونیشن، چلیدہ خولز، موبائل فون اور نقدی رقم برآمد کی گئی تھی۔

    عبدالرحمٰن بلوچ نے دوران تفتیش ڈالمیاں ٹوٹل پیٹرول پمپ پر اپنے ساتھی سمیت واردات کرنے کا انکشاف کیا، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے، جس میں واضح طور پر ملزم کو لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ترجمان ضلع پولیس شرقی کے مطابق گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ ہے اور اس سے قبل بھی منشیات فروشی کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

    گرفتار ملزم سے اسٹریٹ کرائم کی مزید وارداتوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملزم کی شناخت بھی کروائی جائے گی۔

  • دکان میں آنے والے ڈاکوؤں کے ساتھ ’پرینک‘ ہوگیا، ویڈیو وائرل

    دکان میں آنے والے ڈاکوؤں کے ساتھ ’پرینک‘ ہوگیا، ویڈیو وائرل

    کراچی : شہر قائد میں ڈکیتی کرنے کی نیت سے دکان میں داخل ہونے والے ڈاکوؤں کے ساتھ پرینک ہوگیا، ملزمان خود اپنے جال میں پھنس گئے۔

    کراچی میں چوری و ڈکیتی کی وارداتیں اس قدر عام ہوچکی ہیں کہ شہری ڈاکوؤں کو دور سے دیکھ کر ہی پہچان لیتے ہیں۔ ایک ایسا ہی واقعہ کراچی کے علاقے میں پیش آیا جہاں لوٹ مار کیلیے آنے والے خود پھنس گئے کہ جائیں تو جائیں کہاں؟

    حجام کی دکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین مسلح افراد ایک حجام کی دکان میں داخل ہوئے اور کرسی پر بیٹھے ایک گاہک سے اس کی قیمتی اشیاء اور نقدی چھین لی۔

    ملزم کے دیگر ساتھی ابھی لوٹ مار میں ہی مصروف تھے کہ باہر سڑک پر کھڑے ایک شہری نے موقع پاتے ہی اچانک دکان کا شٹر باہر سے بند کردیا اور تینوں ڈاکو دکان میں ہی پھنس گئے۔

    صورتحال کو دیکھ کر ڈاکو خود گھبرا گئے اور بحفاظت باہر نکلنے اور جان بچانے کیلئے کوششیں کرنے لگے جو رائیگاں ثابت ہوئیں اور بعد ازاں شہریوں نے ان ڈاکوؤں کو پکڑ خوب دھنائی کی اور پولیس کے حوالے کردیا۔