Tag: cctv footage

  • کراچی : ’سفید کرولا گینگ‘ کی دن دہاڑے واردات، ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : ’سفید کرولا گینگ‘ کی دن دہاڑے واردات، ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : شہر قائد میں درجنوں گھروں میں وارداتیں کرنے والے ڈاکوؤں کا گروہ ’وائٹ کرولا گینگ‘ ایک بار پھر سرگرم ہوکر خوف کی علامت بنتا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمرے کی ادائیگی کے بعد گھر پہنچنے والے خاندان کو کار سوار ملزمان نے گلی میں ہی لوٹ لیا اور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،واقعے کی سی سی ٹی فوٹیج وائرل ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے افضل خان کے مطابق گلشن اقبال میں بیرون ملک سے آنے والے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والا سفید کرولا کار گینگ دہشت کی علامت بن گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہو منے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلی میں کھڑی سرخ رنگ کی کار سے سامان کو نکال کر گھر میں لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران خاندان کے دیگر افراد جو سلور رنگ کی دوسری کار میں سوار تھے وہ بھی گھر پہنچتے ہیں۔

    اسی اثناء میں ان کے تعاقب میں آنے والی سفید رنگ کی کار بھی آکر رکتی ہے اور اس میں سے مسلح ڈاکو انتہائی دیدہ دلیری کے ساتھ سلور کار میں سوار افراد سے لوٹ مار کرتے ہیں بلکہ کار سے 2 بیگ بھی نکال کر اپنی سفید کار میں ڈال کر فرار ہو جاتے ہیں۔

    واردات کے دوران ڈاکوؤں کا ساتھی جو گاڑی چلا رہا تھا انتہائی مہارت کے ساتھ گاڑی کا رخ موڑ کر مخالف سمت کی جانب کرلیتا ہے جس کے بعد اس کے دیگر 3 ساتھی گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوجاتے ہیں۔

  • خواتین سے ڈھائی لاکھ نقدی اور زیورات کی ڈکیتی، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کر دی

    خواتین سے ڈھائی لاکھ نقدی اور زیورات کی ڈکیتی، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کر دی

    رپورٹر: عدنان راجپوت

    کراچی: شہر قائد میں خواتین سے ڈھائی لاکھ روپے نقدی اور زیورات کی ڈکیتی ہوئی ہے، متاثرہ شہری نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے واقعے کی اصل سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے واٹر پمپ چورنگی کے قریب گاڑی میں سوار خواتین سے ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    واردات کے دوران موٹر سائیکل سوار 2 لٹیرے گاڑی میں بیٹھی خواتین سے زیورات اور ڈھائی لاکھ روپے نقد لوٹ کر فرار ہوئے، اس واقعے کا مقدمہ جوہر آباد تھانے میں گزشتہ روز اتوار کو درج کیا گیا ہے۔

    مقدمے کے مطابق مدعی عادل نے بتایا کہ رات نو بجے کو وہ گاڑی میں والدہ، اہلیہ، بہن اور 3 بچوں کے ساتھ موجود تھے، جب وہ بیکری میں گئے تو ایک لٹیرے نے گن پوائنٹ پر طلائی انگوٹھیاں، ایک ڈائمنڈ انگوٹھی، موبائل فون اور ڈھائی لاکھ روپے نقد چھینے، جب کہ اس کے دو ساتھی موٹر سائیکل پر کھڑے رہے۔

    مدعی نے الزام لگایا کہ بیکری کے باہر لگے کیمروں کی فوٹیج انھوں نے حاصل کر لی ہے، لیکن اصل فوٹیج پولیس نے غائب کر دی ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ مزید فوٹیجز سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے کیمروں سے صبح حاصل ہوں گی۔

    مدعی نے بتایا کہ پولیس اہل کاروں نے ان سے کہا کہ فوٹیج ملنے کے بعد ملزمان کی شناخت اور گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

  • پی ای سی ایچ ایس میں ڈکیتی کی ویڈیو سامنے آگئی

    پی ای سی ایچ ایس میں ڈکیتی کی ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو میں دن دہاڑے ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔ ڈاکوؤں نے دیدہ دلیری سے سرعام لوٹ مار کی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی میں سوار نوجوان اور خاتون کو لوٹ لیا گیا، فوٹیج میں کار کے پیچھے سے 2موٹر سائیکل سوار3 ڈاکوؤں کو آتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    اس دوران ایک ڈاکو خاتون کا راستہ روکنے کی کوشش کرتا ہے تو گلی میں موجود شخص موٹر سائیکل سوار ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کرتا ہے لیکن ڈاکو کا اسلحہ دیکھ کر گلی میں کھڑا شخص پیچھے ہٹ جاتا ہے۔

    ڈاکو کار سوار سے نقدی اور موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہوتے ہیں، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے ایک ڈاکو نے بیگ بھی لٹکایا ہوا ہے۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے کورنگی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 13سال کی بچی زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

  • قتل سے قبل لڑکی کی آخری ویڈیو منظرعام پر آگئی

    قتل سے قبل لڑکی کی آخری ویڈیو منظرعام پر آگئی

    نئی دہلی : کچھ روز قبل اپنے دوست کے ہاتھوں قتل ہونے والی لڑکی کی زندگی کی آخری ویڈیو منظرعام پر آگئی، سوشل میڈیا ویڈیو دیکھنے والےبھی افسردہ ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مقتولہ22 سالہ نکی یادیو کو قتل سے کچھ دیر پہلے فلیٹ میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں سیڑھیوں پر چڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ہریانہ کے علاقے جھجر کی رہنے والی 22 سالہ نکی یادو قتل کیس کو اس کے دوست ساحل گہلوت نے بے دردی سے گلا دبا کر قتل کیا تھا پھر اس کی لاش کو فریج میں چھپا دیا۔

    اس سی سی ٹی وی فوٹیج کو دیکھ کر یہ سوچنا کتنا دردناک ہے کہ محض کچھ دیر بعد نکی یادیو کا کچھ دیر بعد قتل کردیا جائے گا، مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

    مقامی پولیس نے ملزم ساحل گہلوت کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں سے ملزم کو پولیس ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

    پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ مقتولہ نکی یادیو کی نعش گزشتہ روز دہلی میں سڑک کے کنارے قائم ایک دھابے کے ریفریجریٹر میں ملی تھی، لڑکی کو اس کے دوست نے ڈیٹا کیبل سے گلا گھونٹ کر جان سے مار ڈالا تھا۔

    مزید پڑھیں : ایک اور لڑکی کی لاش فریج سے برآمد، قاتل گرفتار

    ملزم ساحل گہلوت نے پولیس کے سامنے اعترافی بیان میں کہا کہ 9 اور 10 فروری کی درمیانی شب اس نے قتل کیا تھا نکی یہ بات جان چکی تھی کہ میں نے دوسری لڑکی سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، میں نے نکی کو اپنی منگنی یا شادی کے بارے میں نہیں بتایا تھا، اسی بات پر ہم دونوں کے درمیان زبردست جھگڑا ہوا تھا۔

  • شہری سے 23 لاکھ روپے کی ڈکیتی، سی سی ٹی وی فوٹیج

    شہری سے 23 لاکھ روپے کی ڈکیتی، سی سی ٹی وی فوٹیج

    کراچی: شہر قائد میں ڈاکو راج زور پکڑ گیا ہے، سندھی مسلم سوسائٹی میں ایک شہری سے 23 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سندھی مسلم سوسائٹی میں نجی کمپنی کے ملازمین بینک سے رقم لے کر نکلے تھے، تعاقب کرتے لٹیروں نے ان سے رقم سے بھرا بیگ چھینا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں 2 مسلح لٹیروں کو کمپنی ملازمین کو لوٹتے ہوئے واضح دیکھا جا سکتا ہے، لٹیروں نے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل سوار ملازمین سے بیگ چھینا اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    کراچی: گلستان جوہر میں ایک اور کوریئر کمپنی کا ملازم لٹ گیا

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں مبینہ طور پر 23 لاکھ روپے لوٹے گئے، جس کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

  • کراچی میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں بھی اضافہ

    کراچی میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں بھی اضافہ

    کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھر موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، ملزمان بلاخوف و خطر کسی کی بھی موٹر سائیکل لے کر فرار ہوجاتے ہیں۔

    کراچی کے علاقے صدر سی آئی اے سینٹر کے قریب دن دہاڑے موٹرسائیکل چوری کی واردات سامنے آئی ہے، مذکورہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹرسائیکل سوار2ملزمان کو واضح طورپردیکھا جاسکتا ہے، ملزمان نے گلی میں شہریوں کی غیرموجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واردات انجام دی۔

    ملزمان چند منٹوں میں موٹرسائیکل چوری کرکے فرارہوگئے، ملزمان نے اپنی شناخت چھپانے کے لئے کیپ اور ہیلمنٹ پہن رکھے تھے۔

    یاد رہے کہ سی پی ایل سی نے شہر قائد میں گزشتہ ماہ اگست میں ہونے والی وارداتوں کی رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق 263شہری روزانی کی بنیاد پر ڈاکووں کی وارداتوں کا نشانہ بنے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی میں ماہ اگست میں اسٹریٹ کرائم کی 8 ہزار 163 واردتیں رپورٹ ہوئیں، ریکارڈ کا حصہ بننے والی وارداتوں میں صرف گاڑیاں، موٹرسائیکل چوری اور چھیننے کے علاوہ موبائل فون چھیننے کی وارداتیں بھی شامل ہیں، موٹرسائیکل لفٹنگ کی وارداتیں یومیہ 171 سے تجاوز کرگئیں۔

  • پورے خاندان کو گھر سمیت نذر آتش کرنے کی خوفناک ویڈیو وائرل

    پورے خاندان کو گھر سمیت نذر آتش کرنے کی خوفناک ویڈیو وائرل

    بھارت میں سفاکیت کی انتہا کردی گئی، ملزمان نے پورے خاندان کو گھر سمیت جلادیا، ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ملزمان نے انسانیت سوز کارروائی کرکے دیکھنے والوں پر لرزہ طاری کردیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو ملزمان گھر کے باہر کھڑے ہوکر دروازے اور کھڑکیوں پر تیل چھڑک رہے ہیں اور پھر ماچس کی تیلی سے اسے آگ لگا کر چلے گئے۔

    ملزمان کی پوری کارروائی گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی۔ مقامی پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ملزمان کی شناخت کررہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ گھر کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پہلے ہی اس حوالے سے دھمکیاں ملنے کی شکایت پولیس کے علم میں لاچکے ہیں اور ملزمان کے ناموں سے بھی آگاہ کردیا گیا۔

    بلاس پور کے یادونندن نگر کیرہائشی خاتون ریکھا سنگھ نے مقامی تھانے میں رپورٹ درج کرائی اور بتایا کہ وہ اپنے تین بچوں اور شوہر کے ساتھ رہتی ہے، معمول کے مطابق جمعرات کی رات دس بجے ہم سب کھانا کھانے کے بعد سو گئے، رات کے کسی پہر دو نوجوان گھر کو آگ لگانے پہنچے۔

    ملزمان نے گھر کے تمام دروازوں کے سامنے پیٹرول ڈالا اور آگ لگانے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ آگ لگنے سے گھر کے دروازے اور کھڑکیاں مکمل طور پر جل گئیں۔

    اس کے ساتھ گھر کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمرے بھی جل گئے تاہم آگ لگانے سے قبل کیمرے میں قید ہونے والا پورا واقعہ ریکارڈ ہوگیا۔

    آگ لگنے کے بعد دھواں پھیلنے سے گھر کے تمام افراد کی آنکھ کھل گئی اور انہوں نے فوری طور پر پانی چھڑک کر آگ پر قابو پالیا۔ اگر آگ قریب کھڑی گاڑیوں میں لگی ہوتی تو خوفناک صورتحال پیدا ہوسکتی تھی۔

    واضح رہے کہ پولیس کو ابھی تک اس کیس میں کسی بھی پہلو سے کامیابی نہیں مل سکی ہے تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

  • بھارتی گلوکار کے قتل سے چند لمحوں قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر

    بھارتی گلوکار کے قتل سے چند لمحوں قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر

    گزشتہ روز بھارتی پنجاب میں قتل ہونے والے معروف گلوکار سدھو موسے والا کی قتل سے چند لمحوں قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، پولیس نے فوٹیج کی چھان بین شروع کردی۔

    پنجاب کے مقبول گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد ایک سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں دو کاریں سدھو موسے والا کی کار کا پیچھا کرتی نظر آرہی ہیں، یہ ویڈیو واقعہ سے عین پہلے کی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موسے والا سیاہ رنگ کی کار میں ہیں اور ان کی گاڑی کے بالکل پیچھے 2 کاریں ہیں۔

    پولیس اب ان دونوں کاروں کو تلاش کر رہی ہے، ہریانہ اور دیگر ریاستوں کی پولیس کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ پولیس دیگر سی سی ٹی وی فوٹیجز کی بھی چھان بین کر رہی ہے۔

    پنجاب کے ڈی جی پی وی کے بھاورا نے کہا ہے کہ موسے والا کا قتل گروہوں کی باہمی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قتل کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

    ڈی جی پی کا کہنا تھا کہ سدھو موسے والا کے پاس ایک پرائیوٹ بلٹ پروف گاڑی تھی، لیکن وہ اسے واقعہ کے وقت اپنے ساتھ نہیں لے گئے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ اپنے گھر سے نکلنے کے بعد، موسے والا ضلع مانسا میں دو دیگر افراد کے ساتھ اپنی گاڑی خود چلا رہے تھے، ان کی گاڑی کے آگے اور پیچھے سے 2، 2 گاڑیاں آئیں اور ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ جب انہیں اسپتال لے جایا گیا تو وہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز قتل ہونے والے شوبھدیپ سنگھ سدھو، جنہیں پیار سے موسے والا کہا جاتا ہے، 17 جون 1993 کو پیدا ہوئے۔

    وہ موسیٰ والا گاؤں کے رہنے والے تھے، لوگ شوبھدیپ کو ان کی گلوکاری کی وجہ سے جانتے تھے۔ موسے والا نے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی تھی اور ان کی والدہ گاؤں کی سرپنچ تھیں۔

  • جامعہ کراچی میں دھماکا، اے آر وائی نیوز نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی

    جامعہ کراچی میں دھماکا، اے آر وائی نیوز نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی

    جامعہ کراچی میں دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی جس میں دھماکے سے قبل کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے قریب خاتون کو کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔ فوٹیج میں دھماکے سے قبل خاتون کو جامعہ کراچی کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے قریب گیٹ پر کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ وین جیسے ہی دروازے کے قریب آتی ہے خاتون خود کو دھماکے سے اڑا لیتی ہے۔

    اس حوالے سے کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ کسی خاتون نے خودکش حملہ کیا یہ کہنا قبل ازوقت ہے، دھماکے میں 4 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے ہیں اور ہلاک شدگان میں 3 غیر ملکی شامل ہیں۔

    غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ دھماکے کی نوعیت کیا ہے، اس پر بات کرنے کے لئے وقت درکار ہے، ٹیکنیکل ٹیم تفتیش کررہی ہے،جوتفصیل آئی بتائیں گے۔

    واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں وین دھماکا ہوا ہے جس میں 3 چینی باشندوں سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    ڈی آئی جی ایسٹ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ دھماکا تخریب کاری کا نتیجہ ہے، یہ دھماکا آئی ای ڈی کا تھا، 3 سے 4 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں چینی اساتذہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ دھماکے میں 3 چینی باشندے ہلاک ہوئے ہیں، تینوں لاشیں اسپتال پہنچنے پر شناخت کی جا سکتی ہیں۔

    مزید پڑھیں: جامعہ کراچی میں وین میں دھماکا، 3 چینی باشندوں سمیت 5 افراد ہلاک

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے بھی واقعے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے مطابق دھماکا چینی لینگویج انسٹیٹیوٹ کی وین میں ہوا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کار مزید تفتیش کر رہے ہیں۔

  • بہادر آدمی نے تین ڈاکوؤں سے تنہا مقابلہ کیسے کیا؟ ویڈیو دیکھیں

    بہادر آدمی نے تین ڈاکوؤں سے تنہا مقابلہ کیسے کیا؟ ویڈیو دیکھیں

    مانچسٹر : برطانیہ میں ایک بہادر آدمی نے اپنے گھر میں گھسنے والے3 مسلح ڈاکوؤں سے تن تنہا مقابلہ کیا اور انہیں بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں اتوار کی رات تین نقاب پوش افراد ایک گھر میں احاطے میں داخل ہوئے، تینوں ملزمان چاقوؤں اور ایک ہتھوڑے سے لیس تھے۔

    ڈاکوؤں نے گھر کے اندر داخل ہونے کیلئے اینٹ اٹھاکر کھڑکی کے شیشے پر دے ماری جس کے نتیجے میں زور دار آواز کے ساتھ کھڑکی ٹوٹی اور ملزمان گھر میں داخل ہوگئے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکوؤں گروپ ہتھوڑے کے ساتھ داخل ہونے سے پہلے عقبی آنگن کی کھڑکی سے ایک بڑی اینٹ سے توڑ رہا ہے۔

    ڈاکوؤں نے گھر میں داخل ہوکر باورچی خانے سے ایک چاقو اٹھایا اور واردات کی نیت سے اوپری منزل کی جانب جانے لگے جہاں بچے سو رہے تھے۔

    اس سے پہلے کہ وہ اوپر کی طرف جاتے بچوں کے والد نے ملزمان کو قابو کرکے انہین دبوچ لیا اور ان کے منصوبے کو ناکام بنادیا۔

    بہادر انسان نے میڈیا کو بتایا کہ میں اوپر کمرے کے باتھ روم میں تھا آواز سن کر میں نے جلدی سے باہر نکل کر دیکھا کہ ملزمان اوپر آنے کی کوشش کر رہے ہیں تو میں نے ایک لڑکے کے اوپر چھلانگ لگائی اور اس کے کندھے پر لات ماری۔

    اس آدمی کا کہنا تھا کہ اس ملزم نے مجھے اپنی ٹانگوں میں جکڑ لیا تھا لیکن ایک جھٹکے سے میں نے خود کو آزاد کروالیا، اس دوران میری بیوی نے مجھے بیس بال کا بیٹ دیا جب ہمارے پڑوسی آئے اور دروازے پر دستک دی جس کے بعد ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔