Tag: ceasefire voilation

  • سیز فائر کیخلاف ورزیوں پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی ،پاکستان کا شدید احتجاج

    سیز فائر کیخلاف ورزیوں پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی ،پاکستان کا شدید احتجاج

    اسلام آباد : پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکو طلب کرکے سخت احتجاج کیااور کہا بھارت جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے۔

    تفصیلات کے مطابق فتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کی اور بھارت سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا اور بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اس کا عمل کسی تزویراتی غلط فہمی کا باعث بن سکتا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی عظمت، بین الاقوامی انسانی حقوق اور ہیومنٹیرین قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے، بھارتی خلاف ورزیوں سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہوسکتی ہے۔

    ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت پر زور دیا کہ 2003کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر بھارت امن برقرار رکھے، بھارت اقوام متحدہ کے امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے۔

    یاد رہے بھارت کی طرف سے 28 جولائی کو لائن آف کنٹرول کے کیلر اور نیزاپیرسیکٹر پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی، بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاکستانی شہری منیرحسین اور ایک خاتون رحمت جان شہید اور چار شہری زخمی ہوئے تھے۔

  • سیزفائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

    سیزفائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: پاکستان نے 22 اور 23جولائی بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایل اوسی پر جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے بھارت سے شدید احتجاج کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق گورو اہلووالیا کو ڈی جی جنوبی ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے طلب کیا، بھارت کی طرف سے 22 اور 23جولائی کو ایل اوسی کے باگسر سیکٹر پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔

    بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے خاتون اور12 سالہ لڑکاشہید اور 4شہری زخمی بھی ہوئے۔

    مزید پڑھیں : راولاکوٹ، بھارتی فوج کی گولہ باری، خاتون شہید، بزرگ شہری زخمی

    یاد رہے گذشتہ روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے گوئی سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں ایک خاتون جان بیگم شہید ہوگئیں جبکہ تتہ پانی سیکٹر پر بھی شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ، بھارتی فوج کی فائرنگ سے سہڑہ گاؤں کے رہائشی 60 سالہ سردارنسیم زخمی ہوا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز نے بلااشتعال گولہ باری کی تھی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا تھا۔