Tag: ch nisar

  • چوہدری نثار کب پنجاب اسمبلی کا حلف لیں گے؟ اہم اعلان ہوگیا

    چوہدری نثار کب پنجاب اسمبلی کا حلف لیں گے؟ اہم اعلان ہوگیا

    لاہور: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کل رکن پنجاب اسمبلی کا حلف اٹھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار کی جانب سے جاری تحریری بیان میں کہا گیا کہ کل پنجاب اسمبلی اجلاس میں رکنیت کا حلف اٹھاؤں گا، حلف اٹھانے کا فیصلہ حلقہ کےعوام کی مشاورت سے کیا ہے۔

    چوہدری نثار نے لکھا کہ پچھلے چند دنوں سے مختلف خبریں اور کہانیاں گردش کرتی رہیں، مجھ سمیت میرے کسی ترجمان نے اس پر کوئی لب کشائی نہیں کی، باہمی مشاورت کے بعد حلف اٹھانےکا فیصلہ کیا ہے، تنخواہ اور ٹی اےڈی اے سمیت مراعات نہیں لوں گا۔

    چوہدری نثار نے واضح کیا کہ سیٹ چھوڑ کر ضمنی الیکشن میں حصہ لینا عجیب منطق ہوگی، اور الیکشن کا بائیکاٹ کرنا اورمیدان کھلا چھوڑنا اس سے بھی بڑی سیاسی غلطی ہوگی۔

    اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حلف اٹھانےکا مطلب اپنے مؤقف سےتبدیلی نہیں ہے، حلف اٹھانےکامطلب سیاسی حالات اور محرکات کو کنٹرول کرناہے اور عوام کو کرونا سےبچانا بھی حلف اٹھانےکی وجہ بنا ہے۔

    چوہدری نثار کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ حکومت کی جانب سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ ایک آرڈیننس منظور کرے گی ، جس میں ان قانون سازوں کی رکنیت منسوخ کردی جائے گی، جنہوں نے اپنے انتخاب کے بعد حلف نہیں لیا۔

    یاد رہے کہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ایک ترمیم منظور کی تھی ، جس کے مطابق منتخب نمائندہ 60 دن کے اندر حلف نہ اٹھائے تو ایک نشست خالی ہوجائے گی۔

    خیال رہے چوہدری نثار نے 2018 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59، این اے 63 سے بطور آزاد امیدوار الیکشن لڑا مگر انھیں تحریک انصاف کے امیدوار نے شکست دے دی تھی۔

    چوہدری نثار پی پی 10 راولپنڈی سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، لیکن طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے بیرون ملک چلے گئے تھے، جس کی باعث وہ حلف نہ اٹھا سکے تھے۔

  • حکومت خود کو احتساب کے عمل سے مکمل طور پر الگ کرے، چوہدری نثار

    حکومت خود کو احتساب کے عمل سے مکمل طور پر الگ کرے، چوہدری نثار

    راولپنڈی : سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت اپنے آپ کو احتساب کے عمل سے مکمل طور پر الگ کرے، نوازشریف کو مشورہ دیاتھا لیکن انہوں نے نہیں مانا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ احتساب کے سلسلے کو حکومت نے خود متنازعہ بنایا ہے، نیب ایک خود مختار ادارہ ہے اگر وہ آزادی سے کام کرنے دیتی تو آج یہ حالات نہیں ہوتے۔

    انہوں نے کہا کہ آپ سب کو چور اور ڈاکو سمجھتے ہیں، احتساب ہونا چاہیے لیکن سیاست کی نظر نہیں ہونا چاہیے، حمزہ شہباز والا معاملہ حکومت نے خود متنازعہ بنایا، حکومت اپنے آپ کو احتساب کے عمل سے مکمل طور پر الگ کرے۔

    چوہدری نثار نے مزید کہا کہ میں ایسا کوئی کام نہیں کرتا جو میرے ضمیر پر بوجھ ہو، مجھے ووٹ دینے والے اطمینان رکھیں ان کے ساتھ دونمبری نہیں ہوگی، اقتدار میں نہیں مگر ہر قدم اپنے حلقے کی عوام کے ساتھ ہوں، ہمیشہ ضمیر کی آواز سنی اقتدار کا لالچ نہیں ہے، اقتدار ہو یا اپوزیشن ہمیشہ عزت کے ساتھ رہا، کسی عہدے کا امیدوار نہیں ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی کہتا رہا ہوں کہ اس ملک کو بہت سنجیدہ خطرات کا سامنا ہے،ہم ان خطرات سے بے خبر ہیں۔ سات ارب روپے روزانہ قرض لے کر ملک چلا رہے ہیں، یہ قرضوں کا گرداب ہے مگر سب اسی طرح چل رہے ہیں۔

    چوہدری نثار علی کا کہنا تھا کہ میرا عمران خان کو مشورہ ہے کہ خدا کے واسطے غیر روایتی وزیراعظم بنیں، ذمہ داری عمران خان اور ان کی ٹیم کی ہے، قوم کو سہانے خواب نہ دکھائیں، نواز شریف کو بھی مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے نہیں مانا۔

  • پاناما نہیں ڈان لیکس جے آئی ٹی پر تبصرہ کیا، چیف جسٹس کی وضاحت

    پاناما نہیں ڈان لیکس جے آئی ٹی پر تبصرہ کیا، چیف جسٹس کی وضاحت

    اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز پاناما نہیں ڈان لیکس جے آئی ٹی سے متعلق ریمارکس دیے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز میں نے پاناما لیکس کی جے آئی ٹی سے متعلق کچھ نہیں کہا البتہ کل ڈان لیکس کی تفتیشی ٹیم سے متعلق ریمارکس دیے تھے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مجھ سے غلطی ہوگئی ہوگی ازراہ کرم بیان کی تصیح کی جائے، شاید کسی کو مجھ سے زیادہ محبت ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس سے متعلق ایک بیان زیر گردش تھا کہ جسٹس میاں ثاقب نثار نے سماعت کے دوران پاناما جے آئی ٹی سے متعلق بیان دیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’پاناما جے آئی ٹی میں حساس اداروں کے افسران کو عدالت نے نہیں سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار  نے شامل کروایا تھا‘۔

    مزید پڑھیں: چوہدری نثار نے پاناما لیکس کے لیے جے آئی ٹی کی تشکیل میں اپنے کردار کی تردید کر دی

    بعد ازاں سابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نواز شریف کے خلاف پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے بنائی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل میں اپنے کردار کی تردید کر دی تھی۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس پر چوہدری نثار نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ جے آئی ٹی اعلیٰ عدلیہ کے 3 رکنی بینچ کے حکم پر تشکیل دی گئی تھی۔

    چوہدری نثار نے تردید کرتے ہوئے کہا تھا ’جے آئی ٹی کی تشکیل اور اُس میں فوجی افسران کی شمولیت میں میرا کوئی عمل دخل نہیں تھا، جے آئی ٹی کی تشکیل میں مجھ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی تھی‘۔

  • نوازشریف پرمشکلات ان کی اپنی غلطیوں کی وجہ سے آئی، چوہدری نثار

    نوازشریف پرمشکلات ان کی اپنی غلطیوں کی وجہ سے آئی، چوہدری نثار

    فتح جنگ : سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ نواز شریف پر مشکل ان کی اپنی غلطیوں کی وجہ سے آئی ہے، ان کو کہا بھی تھا کہ میاں صاحب دشمنیاں نہ بڑھائیں، عدلیہ کی تضحیک نہ کریں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے فتح جنگ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان کا نہایت اہم الیکشن ایک ہفتے بعد ہونے والا ہے، اگلے5سال ملک کی باگ ڈور کس کے ہاتھ میں ہوگی یہ فیصلہ آپ نے کرنا ہے، یقین ہے آپ جیپ پر سوار ہوں گے اور اسے اوور لوڈ بھی کریں گے،1985سے الیکشن لڑ رہا ہوں اور جیت بھی رہا ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کی تاریخ میں کبھی اتنا نازک موڑ نہیں آیا،25جولائی کو پاکستان کے مستقبل کا الیکشن ہے، معاشی اور اقتصادی صورتحال انتہائی نازک صورتحال پر ہے، ملک کی سلامتی و سیکیورٹی کو بھی خطرات لاحق ہیں، گھمبیر صورتحال کا قومی وحدت و اتحاد سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے، موجودہ دورمیں1971سے بڑے خطرات دیکھ رہا ہوں۔

    چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف پر مشکلات ان کی اپنی غلطیوں کی وجہ سے آئی ہیں، مشکل وقت پر کہا بھی تھا کہ میاں صاحب دشمنیاں نہ بڑھائیں، عدلیہ اہم قومی ادارہ ہے، انصاف مانگیں اس کی تضحیک نہ کریں، لیکن لوگوں نے نوازشریف کے کان بھرے کہ میں ان کو صحیح مشورہ نہیں دیتا۔

    چوہدری نثار نے بتایا کہ میرا پارٹی اور نواز شریف سے34سال کا تعلق ہے، ہم نے14لوگوں کے ساتھ مل کر ن لیگ بنائی تھی آج پارٹی بنانے والے14لوگ نواز شریف کو چھوڑ کر جا چکے ہیں۔

    میں نے زندگی میں کبھی الیکشن میں ٹکٹ کے لئے درخواست نہیں دی، عمران خان نے کہا کہ چوہدری نثار کو جتنے ٹکٹ چاہئیں دینے کو تیار ہوں، لیکن ہم ملوں ،فیکٹریوں اور پیٹرول پمپ کیلئے نہیں بلکہ سیاست عزت کیلئے کرتےہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • عوام کیلئے میری خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، چوہدری نثار

    عوام کیلئے میری خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، چوہدری نثار

    ٹیکسلا : سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ عوام امیدوارکی کارکردگی دیکھ کرووٹ دینے کا فیصلہ کریں، عوام کیلئےمیری خدمات کسی سےڈھکی چھپی نہیں ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکسلا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عوام امیدوار کی کارکردگی دیکھ کر ووٹ دینے کا فیصلہ کریں کہ آپ کی ووٹ کی پرچی کا اصل کون حقدار ہے، اللہ کا بھی حکم ہے کہ امانتیں ایماندار لوگوں کے سپرد کرو۔

    چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اور میں اسکول کے زمانے سے دوست ہیں، عمران خان نے کیا کہا اس میں نہیں جانا چاہتا، عمران خان نے مجھے کہا جتنے چاہیں ٹکٹ لے لو۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے میری خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، جو حلقہ میرا نہیں تھا وہاں بھی میں نے کام کرایا ہے، اپنے حلقوں میں ریکارڈ ترقیاتی کرائے ہیں، اپنے حلقے میں ن لیگ کے نہیں بلکہ پاکستان کے پیسوں سے کام کرایا، لوگ 70سال سے باتوں سے ٹرخاتے رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: نوازشریف کا ساتھ دے سکتا ہوں، مگر ان کے بچوں کے آگے کھڑا نہیں ہوسکتا، چوہدری نثار

    چوہدری نثار نے نواز لیگ کے حوالے سے کہا کہ مجھے کہا گیا ٹکٹ کیلئےدرخواست دے دیں، میں ٹکٹ کیلئے درخواست نہیں دیتا، کیونکہ میں تھوک کر چاٹنے والا نہیں ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • جیپ کی سواری کرو اور اسے اوور لوڈ بھی کردو، چوہدری نثار کی عوام سے اپیل

    جیپ کی سواری کرو اور اسے اوور لوڈ بھی کردو، چوہدری نثار کی عوام سے اپیل

    راولپنڈی : چوہدری نثار نے کہا ہے کہ میں روایتی سیاستدان نہیں ہوں، عزت عہدوں سے نہیں کردار سے ملتی ہے، جیپ کی سواری بھی کرو، جیپ کو اوور لوڈ بھی کردو۔

    یہ بات انہوں نے چک جلال دین راولپنڈی میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ چک جلال الدین کے لوگوں کو طرح طرح کے خواب دکھائے گئے لیکن میں نے عملی کام کیے۔

    میرے پاس جب بھی اقتدار آتا ہے تو میں سب سے پہلے پیسہ عوام پر ہی خرچ کرتا ہوں، عوام اور میرا رشتہ سچائی اور دیانتداری کا ہے، یہاں میرے پہلے جلسے میں90فیصد غریب لوگ تھے، یہ علاقہ غیرت مندوں کا علاقہ ہے۔

    چوہدری نثار نے مزید کہا کہ مجھے پارٹی کا ٹکٹ چاہئے ہوتا تو چھپ کر بھی درخواست دے سکتا تھا، زندگی بھر کبھی پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواست نہیں دی، میں وہ شخص ہوں جو تھوک کر چاٹتا نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے دعوت دی کہ ہمارے پاس آجائیں جتنے ٹکٹ چاہئیں دیں گے لیکن میں نے فیصلہ کیا اس بار کسی جماعت کا نہیں بلکہ مخلوق خدا کا ٹکٹ لینا ہے،25جولائی کو پاکستان دیکھے گا کسی جماعت کا ٹکٹ بھاری ہے یا عوام کا،25جولائی کوچک جلال الدین کے فیصلے کا بےتابی سے انتظار کروں گا۔

    مزید پڑھیں: چوہدری نثار کی باتیں تکلیف دیتی ہیں، نواز شریف

    چوہدری نثار نے کہا کہ جیپ کی سواری بھی کرو ،جیپ کو اوور لوڈ بھی کردو، اللہ سے دعا ہے مجھے طاقت دے میں کہ آپ کی امیدوں پر پورا اترسکوں، میں روایتی سیاستدان نہیں ہوں، عزت عہدوں سے نہیں کردار سے ملتی ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 25جولائی کو ووٹ دے کر جیپ کو کامیاب کرائیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ضمیرپربوجھ کے ساتھ نوازشریف کی صدارت کے بل پردستخط کیا، چوہدری نثار

    ضمیرپربوجھ کے ساتھ نوازشریف کی صدارت کے بل پردستخط کیا، چوہدری نثار

    اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ پارٹی سے ناراض یا نالاں نہیں، اختلاف کیا جو نواز کے لیے سود مند تھا، نواز شریف یا مسلم لیگ ن کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتا، ن لیگ کی ایک ایک اینٹ لگائی ہے نقصان کیسے پہنچا سکتا ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے میرا نواز شریف سے اختلاف چل رہا ہے، اختلاف کی بنیاد پر ہی میں نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا، اس وقت چار نشستوں پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑرہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میں اس وقت الیکشن مہم میں ہوں، جعلی خبروں کی وضاحت ضروری ہے، میرے متعلق کوئی خبر پہنچے تو اس کی تصدیق ضرور ہونی چاہئے، کہا تھا کلثوم نواز کی طبیعت کی وجہ سے مخالف باتیں نہیں کروں گا، کبھی نہیں کہا منہ کھولوں گا تو یہ شکل دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، تلخ سے تلخ بات کو بھی برداشت کرتا ہوں۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ ہم اس وقت الیکشن میں جارہے ہیں، جعلی خبروں کا نقصان ہوگا، ایک جعلی خبر یہ بھی آئی کہ میں نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلی ہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بارے میں ابھی سوچا تک نہیں ہے، میرا کسی جماعت سے رابطہ ہے نہ کسی امیدوار سے ہے۔

    سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کو جو دل نے کہا وہ انہیں مشورہ دیا، میں ان لوگوں میں سے نہیں جو ہاں میں ہاں اور جی میں جی کہوں، جو آپ کے دل میں ہے اسے سامنے رکھیں اور میں نے یہی کیا، ان ساری باتوں کی وضاحت بھی ایک پریس کانفرنس میں کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے اختلافات کے بعد خود کو وزارت سے الگ کرلیا، شیخ رشید کو بھی جواب دیا میں کسی بس کا مسافر نہیں ہوں، شاہد خاقان عباسی کو بھی کہا آپ کے ساتھ اور پارٹی کے ساتھ ہوں، شاہد خاقان کو کہا کابینہ کا حصہ نہیں بنوں گا، بتائیں کون سی قانون سازی ہے جس میں حصہ نہیں لیا، نواز شریف کی صدارت کا بل میرے دل پر بوجھ تھا، دل پر بوجھ کے باوجود نواز شریف کی صدارت کے بل کو ووٹ دیا۔دل پربوجھ کےباوجودنوازشریف کی صدارت کےبل کوووٹ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ ممبئی حملوں سے متعلق بہت کچھ جانتا تھا جس پر بات بھی کی، ممبئی حملوں کی تحقیقات بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے آگے نہ بڑھیں، بہت سی کہانیاں چل رہی ہیں جن پر توجہ دینی چاہئے، اندرونی سطح پر بھی بہت کھیل چل رہے ہیں جو توجہ طلب ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • کس کی بات کررہے ہیں؟ نوازشریف چوہدری نثار کو بھول گئے

    کس کی بات کررہے ہیں؟ نوازشریف چوہدری نثار کو بھول گئے

    لندن: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نوازشریف نے اپنے دیرینہ ساتھی چوہدری نثار  کو پہچاننے سے ہی انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اپنی اہلیہ کی عیادت کے بعد واپس جارہے تھے کہ  اسی دوران اُن سے صحافی نے سوال کیا کہ کوئی دیرینہ ساتھی آپ کا ساتھ چھوڑ گیا اس بارے میں کیا کہیں گے؟ نوازشریف نے ایک لمحے تاخیر کے بغیر صحافی سے پوچھا کس کی بات کررہے ہیں؟ یہ بات کہہ کر وہ اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگئے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل چوہدری نثار علی خان نے اپنے حلقے میں انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے اعلان کیا تھاکہ اب اُن کا نوازشریف سے سیاسی رشتہ ختم ہونے جارہا ہے، انہوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات لڑنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: نوازشریف ہم سے زیادہ اہل اور سیاسی نہیں، نہ ہی میں ان کا مقروض ہوں، چوہدری نثار

    چوہدری نثار کا اپنی دھواں دھار تقریر میں کہنا تھا کہ ’میں نوازشریف اور اُن کی بیٹی کا کردار قوم کے سامنے لانا چاہتا ہوں مگر یہ وقت نہیں کیونکہ بیگم کلثوم کی طبیعت ناسازی کیوجہ سے شریف خاندان بہت زیادہ پریشان ہے’۔

    اُن کا کہنا تھا کہ 34سال میں ن لیگ کی ایک ایک اینٹ میں نے رکھی، نوازشریف ہم سے زیادہ اہل اور سیاسی نہیں تھے پھر بھی انہیں پارٹی کی قیادت دی گئی، جلسہ دیکھ کر مخالفین پر خوف طاری ہوگیا ہوگا۔

    مسلم لیگ ن کے منحرف ہونے والے مرکزی رہنما کا عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مخالفین کو علم ہوناچاہئے کہ چوہدری نثار اکیلا نہیں جس کےساتھ اللہ ہو وہ کبھی تنہا نہیں ہوسکتا۔

    یہ بھی پڑھیں: ن لیگ نے چوہدری نثار کو ٹکٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رانا ثناءاللہ

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جو کچھ میں نے برداشت کیا وہ جلد قوم کے سامنے لاؤں گا اور  عوام کو یہ بھی بتاؤں گا کہ مریم نواز سے کس بنیاد کی وجہ سے اختلاف گیا، جس دن یہ ساری باتیں بیان کرنا شروع کیں تو ان کی اصلیت قوم کو سمجھ آجائے گی۔

    دوسری جانب چوہدری نثار علی خان کی کھل کر بغاوت کے بعد مسلم لیگ ن نے انہیں پارٹی ٹکٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس ضمن میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیرداخلہ کے مقابلے میں ہمارا امیدوار بھی میدان میں اترے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نوازشریف ہم سے زیادہ اہل اور سیاسی نہیں، نہ ہی میں ان کا مقروض ہوں، چوہدری نثار

    نوازشریف ہم سے زیادہ اہل اور سیاسی نہیں، نہ ہی میں ان کا مقروض ہوں، چوہدری نثار

    اسلام آباد : سابق وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ34سال میں ن لیگ کی ایک ایک اینٹ میں نے رکھی ہے، نوازشریف ہم سے زیادہ اہل اور سیاسی نہیں تھے، جلسہ سے دیکھ کر مخالفین پر خوف طاری ہو گیا۔

    یہ بات مسلم لیگ ن سے منحرف ہونے والے مرکزی رہنما نے چکری میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ مخالفین کو علم ہوناچاہئے کہ چوہدری نثار اکیلا نہیں ہے، جس کےساتھ اللہ ہو وہ اکیلا نہیں ہوسکتا۔

    میری ایک کال پر یہ عوام اکھٹی ہوگئی ہے، آج سے الیکشن مہم کا آغازکر دیا ہے، اس جلسے کے لئے میں نے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا، حلقے کے عوام نے میرا دل خوش کردیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جو کچھ میں نےسہا ہے اور برداشت کیا ہے وہ قوم کے سامنے لانا چاہتا ہوں، مریم نواز سے کیا اختلافات تھے یہ بھی قوم کو بتانا چاہتاہوں مگر بیگم کلثوم نواز کی بیماری رکاوٹ بن گئی ہے پھر کبھی بتاؤں گا، جب میں بولناشروع کروں گا پوری قوم کو اصلیت سمجھ آجائے گی۔

    چونتیس سال نواز شریف کا بوجھ اٹھایا، وہ ہم سے زیادہ اہل اور سیاسی نہیں تھے، نواز شریف میرا مقروض ہے مجھ پر ان کا کوئی قرض نہیں۔

    عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ حلقے کے لوگ مجھے34سال سے منتخب کرتے آئے ہیں، ہمارا ووٹر اور امیدوار کارشتہ نہیں، مٹی کا رشتہ ہے، میں نے ان 34سالوں میں کوئی بھی غیر قانونی کام نہیں کیا اور نہ ہی کوئی سیاسی یا کوئی مل لگا کر مالی فائدہ اٹھایا۔ میرےحلقے کا کوئی بھی کونہ چھان مارو میری خدمت کےنشانات نظرآئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی کہتا ہے کہ آپ چپ ہوجاؤ مت بولو، میں نہ ضمیر فروش اور نہ بکاؤ مال ہوں، میرے حلقہ 25جولائی کو جواب دےگا، میں نے کسی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی اورنہ اتحاد کیا، علاقے کے لوگوں پریشان نہ ہو میں کوئی باعزت راستہ نکالوں گا، کبھی ایسی سیاست نہیں کروں گا کہ حلقےکے لوگ کہیں کہ دو نمبر آدمی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں 

  • جاتی امرا والے تضحیک بند کریں، ٹکٹ کا محتاج نہیں، چوہدری نثار

    جاتی امرا والے تضحیک بند کریں، ٹکٹ کا محتاج نہیں، چوہدری نثار

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ جاتی امرا والے  ٹکٹ نہ دینے کے لیے مضحکہ خیز ڈرامے اور تضحیک بند کریں، الیکشن لڑنے کے لیے میں کسی کے ٹکٹ کا محتاج نہیں ہوں۔

    چوہدری نثار علی خان کی جانب سے جاری بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ  پہلے بھی واضح کرچکا کہ ان کے ٹکٹ کا محتاج نہیں اور نہ ہی امیدوار ہوں، مجھے ٹکٹ نہ دینے کا بہانہ کر کے مضحکہ خیز ڈرامے کیے جارہے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ  صحت یابی کےبعدتمام امور پر کھل کر اظہارکروں گا، جاتی امرا والے ڈراموں اور  بچکانہ حرکتوں سے اپنا مذاق نہ بنوائیں بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مؤقف اختیار کریں۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ ایسے سینئر پارٹی اراکین جو بار بار منتخب ہوئے انہیں ٹکٹ کے لیے انٹرویو کی ضرورت نہیں ہوتی تاہم اس بار نیا فارمولا سامنے آیا جو مضحکہ خیز ہے۔

    مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن چوہدری نثار کو ٹکٹ نہیں‌ دے گی، پرویز رشید نے عندیہ دے دیا

    دوسری جانب چوہدری نثار علی خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 59 اور صوبائی اسمبلی کی 2 نشتوں پی پی 10 اور 12 سے کاغذات نامزدگی آزاد حیثیت سے جمع کروادیے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے الیکشن کے لیے چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے سے صاف انکار کردیا جبکہ شہباز شریف سابق وفاقی وزیر داخلہ کو پارٹی ٹکٹ دینے پر بضد تھے۔

    اسے بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کا چوہدری نثار کو ٹکٹ جاری کر نے کا فیصلہ

    مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کے ٹکٹ کے معاملے پر قائد اور صدر مسلم لیگ ن کے آپسی اختلافات کھل کر سامنے آئے، سابق نااہل وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر چوہدری نثار درخواست دیں گے تب ہی ٹکٹ جاری کرنے پر غور کیا جاسکے گا۔

    دوسری جانب چوہدری نثار دوٹوک مؤقف اختیار کرچکے ہیں کہ وہ پارٹی ٹکٹ کے حوالے سے کسی کی خوش آمد نہیں کریں گے اور نہ ہی کوئی درخواست دیں گے اگر پارٹی قیادت مناسب سمجھے گی تو خود ہی ٹکٹ دے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔