Tag: ch nisar

  • ملک میں کرکٹ ہوگی تو اس سے پاکستان کی ساکھ بہترہوگی‘ چوہدری نثار

    ملک میں کرکٹ ہوگی تو اس سے پاکستان کی ساکھ بہترہوگی‘ چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کی بہتری کے لئے ملک میں‌ کرکٹ کا انعقاد معاون ثابت ہوگا، ہم لوگوں کے جھوٹ کا مقابلہ سچ بول کر کریں گے.

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ کا اپنے حلقے کا دورہ ہرکہ، پاپین بنگلہ اور دیگر مقامات پر عوام، اکابرین اور منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حکومت کرنا مشکل ترین کام ہے۔ جہاں ایک طرف مسائل کا انبار ہے وہاں دوسری طرف عوامی توقعات ہیں مگر اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مسلم لیگ ن عوام سے کیے وعدے پورے کر رہی ہے۔ 2017 کے پاکستان اور ماضی کے پاکستان میں واضح فرق ہے اور اس میں مزید بہتری آئے گی۔

    وزیر داخلہ کا پی ایس ایل سے متعلق کہنا تھا کہ ملک میں کرکٹ ہوگی تو اس سے پاکستان کی ساکھ بہترہوگی، ہر چیز پر سیاست اور پوائنٹ سکورنگ کرنا نا مناسب ہے۔

    چوہدری نثار نے کہا ہے جنہوں نے اس ملک اور عوام کے لیے کچھ نہیں کیا اور اپنے دورحکومت میں نااہلی کی مثالیں قائم کی وہ الزام تراشیوں اور بہتان بازی کا سہارا لے کر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کوئی جتنا جھوٹ بولے گا ہم اتنا سچ بولیں گے اور فیصلہ عوام کرے گی۔

    یہاں پڑھیں:دہشت گردی کے خدشات مسترد، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کی منظوری

    انھوں نے مزید کہا کہ ہماری نیت ٹھیک اور ہاتھ صاف ہیں، نہ پہلے کسی آزمائش سے گبھرائے ہیں اور نہ آئندہ ہمارے قدم ڈگمگائیں گے،  سیاست کو بطور تجارت یا اپنی ذاتی تجوریاں بھرنے کے لیے نہیں بلکہ عوامی خدمت سمجھ کر کرتے ہیں۔

    علاقے میں ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اپنے بتیس سالہ دور سیاست اور خصوصا اپنے دور حکومت میں انہوں نے علاقے بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا اور قدم قدم پر اپنی خدمت کے نشان چھوڑے ہیں، جو پارٹیاں بدل کر اور اپنا سیاسی قبلہ تبدیل کرکے بار بار اقتدار میں آئے ان کو علاقے میں ترقی کی ایک اینٹ رکھنے کی بھی توفیق نہ ہوئی۔

    یہاں پڑھیں:پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہورمیں کرانے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، عمران خان

    علاقے کے اکابرین اور معززین کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے کے عوام کے مسائل کی نشاندہی اور انکے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے منتخب رہنما پولیس، محکمہ مال اور دیگر سرکاری محکموں سے کرپشن ، اقربا پروری وغیرہ جیسے مسائل کا خاتمہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور ہر کام میں انصاف اور اپنے مذہبی اصول ملحوظ خاطر رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر کرپشن کا عوام کے تعاون اور مدد سے ہی قلع قمع کیا جا سکتا ہے۔

    وزیر داخلہ سے بات چیت کے دوران اہل علاقہ نے ملکی امور پر بات کی اور وزیر داخلہ کے سامنے اپنے مسائل بھی بیان کیے۔

    یہاں پڑھیں:پی ایس ایل ہو یا کوئی اور ایونٹ، سیکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے، آئی ایس پی آر

    واضح رہے کہ گذشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل ہو یا پھر کوئی اور ایونٹ سیکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج کی ہے۔

     

  • سیہون میں سیکیورٹی وفاقی حکومت کی ذمہ داری تھی؟ چوہدری نثار کا سوال

    سیہون میں سیکیورٹی وفاقی حکومت کی ذمہ داری تھی؟ چوہدری نثار کا سوال

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ سیہون شریف پر اس قدر انتظامی غفلت تھی کہ واک تھرو گیٹ نہیں تھے۔ سیکیورٹی نہیں تھی، بجلی نہیں تھی۔ انہوں سندھ حکومت سے سوال کیا کہ کیا سیہون شریف کی سیکیورٹی وفاقی حکومت کی ذمہ داری تھی؟

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہم ملکی امور پر مشاورت کے لیے میڈیا تنظیموں کے نمائندوں کو بلایا ہے۔ اجلاس میں دہشت گردی کے ایک نکاتی ایجنڈے پر بات ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیج ہے کہ مایوسی، خوف اور تشویش کو نزدیک نہ آنے دیا جائے۔ عوام کو متحرک اور پر عزم بنایا جائے۔ اے پی ایس واقعہ کے بعد نیشنل ایکشن پلان بنایا تھا جس پر آج بھی عمل در آمد ہو رہا ہے۔ دہشت گرد تنظیموں کا بلیک آؤٹ کرنا چاہیئے۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ساڑھے 3 سال میں سیکیورٹی میں بہتری آئی ہے۔ جون 2013 میں دھماکوں کی اوسط روزانہ 6 سے 7 تھی۔ 10 سال میں پہلی بار دھماکوں کی تعداد ایک ہزار سے نیچے آئی تھی۔

    چوہدری نثار کے مطابق گزشتہ سال کے دوران 700 کے قریب دھماکے ہوئے۔ 400 کے قریب دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتوں کو بتایا گیا کہ دہشت گردی کا واقعہ ہوگا، جیل پر حملوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، گیٹ تک بتا دیا پھر بھی کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔ میں اعتراف کرتا ہوں کہ دہشت گردی کا گراف نیچے آیا ہے مگر یہ ختم نہیں ہوا ہے۔ عملی اقدامات سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ ہمیں تیار رہنا چاہیئے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیہون دھماکے کے بعد صوبائی حکومت کے ترجمان نے واقعے پر بات نہیں کی۔ صوبائی حکومت کا ترجمان وفاق پر تنقید کے نشتر برسا رہا تھا۔

    وفاقی وزیر نے سندھ حکومت سے سوال کیا کہ کیا سیہون شریف کی سیکیورٹی وفاقی حکومت کی ذمہ داری تھی؟ انہوں کہا کہ مزار پر اس قدر انتظامی غفلت تھی کہ واک تھرو گیٹ نہیں تھے، سیکیورٹی نہیں تھی، بجلی نہیں تھی، کیا یہ سب فراہم کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری تھی؟

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ہم نے چیف سیکریٹری سندھ سے رابطہ کیا اور کچھ سوال اٹھائے تاہم چیف سیکریٹری کے پاس سیکیورٹی سے متعلق کوئی جواب نہیں تھا۔ صرف اتنا بتایا کہ ہم نے زخمیوں کو اس طرح اسپتالوں تک پہنچایا تھا، اس کے سوا وہ کسی اور سوال کا جواب نہ دے سکے۔

  • مقدس مقامات کو بند کرنے کے بجائے تحفظ فراہم کیا جائے‘وفاقی وزیر داخلہ

    مقدس مقامات کو بند کرنے کے بجائے تحفظ فراہم کیا جائے‘وفاقی وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ کے حکم پر تمام مزارات کو کھول دیا گیا ہے، چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ درگاہوں اور درباروں کو بند کرنے کے بجائے مزید سیکیورٹی فراہم کی جائے.

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے حکم پر تمام مزارات کو کھول دیا گیا ہے، مکمل تلاشی کے بعد زائرین کو مزارات میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے.

    لعل شہباز ،بری امام اور گولڑہ شریف کے مزارات سمیت دیگر مقدس مقامات پر زائرین کی بڑی تعداد حاضری دینے کے لئے درگاہوں کے باہرموجود تھی، لہذا وزیرداخلہ چوہدری نثار نے زائرین کو داخلے کی اجازت دیدی.

    اس موقع پر انھوں‌ نے حکام کو ہدایت کی کہ درگاہوں اور درباروں کو بند کرنے کے بجائے مزید سیکیورٹی فراہم کی جائے.

    دوسری جانب کراچی میں‌ واقع درگاہ عبداللہ شاہ غازی کی سیکیورٹی کے فرائض گذشتہ رات ہی سندھ رینجرز نے سنبھال لیے تھے، 50سےزائد رینجرزاہلکار درگاہ کے اندراورباہر تعینات ہیں.

    عبداللہ شاہ غازی رینجرزکے ونگ کمانڈر نے سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لینے کے لیے درگاہ کا دورہ بھی کیا اور سیکیورٹی سے متعلق ہدایات جاری کیں.

    مزید پڑھیں:درگاہ لعل شہباز قلندر پر حملہ، 80 افراد شہید، 150 زخمی

    واضح رہے، گذشتہ روز درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ میں خودکش حملے کے باعث 80 افراد شہید اور 250 کے قریب زخمی ہوگئے تھے ،

  • پاکستان میں 11 سالوں میں 17،255 دہشت گردی کے واقعات ہوئے: رپورٹ

    پاکستان میں 11 سالوں میں 17،255 دہشت گردی کے واقعات ہوئے: رپورٹ

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں‌ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات سے متعلق 11 سال کا ریکارڈ تحریری جواب کی صورت میں پیش کردیا. ریکاڈر کے مطابق گذشتہ 11 سالوں میں 17255 دہشت گردی کے واقعات رونما ہوئے، جس میں سب سے کم 2005 میں جبکہ سب سے زیادہ 2010 میں پیش آئے.

    تفصیلا ت کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے دہشت گردی کے واقعات کا ریکا ڈر کی لسٹ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو پیش کردی، چوہدری نثار کی جانب سے پیش کردہ تحریری جواب میں تفصیل کے ساتھ درج ہے کہ 2005میں دہشتگردی کے113 واقعات ہوئے، 2006میں دہشتگردی کے1444 واقعات ہوئے، 2007میں دہشتگردی کے1820 واقعات ہوئے، 2008میں دہشتگردی کے1575واقعات ہوئے، 2009میں دہشتگردی کے1938واقعات ہوئے، 2010میں دہشتگردی کے2061 واقعات ہوئے، 2011میں دہشتگردی کے 1680 واقعات ہوئے ، 2012 میں1316 دہشتگردی کے واقعات ہوئے، 2013میں دہشتگردی کے 1571 واقعات ہوئے، 2014 میں1816 دہشتگردی کے واقعات ہوئے، 2015میں دہشتگردی کے 1139واقعات ہوئے، جبکہ گزشتہ سال 2016میں785 دہشتگردی کے واقعات رونما ہوئے تھے.

    یاد رہے، رواں ماہ وزیر مملکت نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کو فنڈنگ اور دہشتگردانہ اقدامات کی روک تھام کے حوالے سے جامعہ حکمت عملی تیاری کرلی گئی ہے۔

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ بعض غیر ملکی حساس ادارے بھی دہشت گردوں کی فنڈنگ کر رہے، جبکہ بھتے اور منشیات فروشی سے موصول رقم بھی فنڈنگ میں استعمال ہوتی ہے جس کی روک تھام کے لیے اسٹیٹ بینک کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

    یہاں پڑھیں:دہشت گردوں کو فنڈنگ، روک تھام کے لیے اقدامات کر لیے، چوہدری نثار

  • چوہدری نثارنے موبائل ایپ ٹیکسی سروس پرپابندی کا نوٹس لے لیا

    چوہدری نثارنے موبائل ایپ ٹیکسی سروس پرپابندی کا نوٹس لے لیا

    اسلام آباد : اسلام آباد میں بھی آن لائن ٹیکسی ایپ کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی۔ غیر قانونی طور پر چلنے والی متعدد گاڑیاں پکڑلی گئیں، وفاقی وزیرداخلہ نے موبائل ایپ ٹیکسی سروس پر پابندی کا نوٹس لے لیا، ڈپٹی کمشنرسے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اور پنجاب کے بعد اسلام آباد میں بھی آن لائن ٹیکسی سروسز (کریم اور اوبر سروس) کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی، ڈپٹی کمشنراسلام آباد نے متعلقہ حکام کو کارروائی کا حکم نامہ جاری کردیا۔

    ڈی سی اسلام آباد نے کہا ہے کہ غیر رجسٹرڈ کمپنیاں عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے مسائل پیدا کرسکتی ہیں، سیکرٹیری ٹرانسپورٹ نے بتایا ہے کہ غیرقانونی طور پر چلنے والی متعدد گاڑیاں پکڑلی گئیں ہیں۔

    مزید پڑھیں : اوبر اور کریم ٹیکسی سروس ‌غیر قانونی قرار، کریک ڈاؤن کا آغاز

    کارروائی کسی ایک کمپنی کے خلاف نہیں بلکہ تمام غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کے خلاف ہوگی، دریں اثناء وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے موبائل ایپ ٹیکسی سروس پر پابندی کا نوٹس لے کر ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ عوام کو سستی اور معیاری سواری سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

  • وزارت داخلہ مدارس کا معاملہ سرد خانے کی نذرکرنا چاہتی ہے، مراد علی شاہ

    وزارت داخلہ مدارس کا معاملہ سرد خانے کی نذرکرنا چاہتی ہے، مراد علی شاہ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کو 94 مدارس کی فہرست کے ساتھ ثبوت بھی ارسال کردیے ہیں تاحال اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس کے دوران مراد علی شاہ نے وزیرداخلہ چوہدری نثار کے بیان کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ کو 94 مدارس کی فہرست کے ساتھ ثبوت بھی ارسال کیے ہیں،انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ مدارس کے معاملے کو سیاسی بنارہی ہے۔

    یہاں پڑھیں:پیپلزپارٹی کومجھ سےجوتکلیف ہےوہ سب جانتے ہیں،چوہدری نثار

    مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردوں نے ہماری اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنایا ہے، ہمارے پولیس اوررینجرز کے جوان بھی دہشت گردی کی نذر ہوئے ہیں، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، انہوں نے کہا کہ وزارتِ داخلہ مدارس کے معاملے کو سرد خانے کی نذر کرنا چاہتی ہے۔

    قبل از اجلاس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کراچی کی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ شہر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظرفرقہ وارنہ واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    یہاں پڑھیں: اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ہوشربا اضافہ

    اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ان واقعات پرتاحال اہم پیش رفت نہیں‌ہوسکی ہے تاہم مقصد کے حصول کے لیے کوشش جاری ہے، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم سے ضلع غربی و ضلع شرقی متاثر ہیں۔

    ترجمان سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چوری یا چھینے گئے موبائل فون یا موٹر سائیکل کے خریدنے والے دکان داروں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

  • پیپلزپارٹی کیخلاف کارروائی حکمرانوں کو بھگتنا پڑے گی، مولا بخش چانڈیو

    پیپلزپارٹی کیخلاف کارروائی حکمرانوں کو بھگتنا پڑے گی، مولا بخش چانڈیو

    حیدر آباد : مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ اب حکومت سے مفاہمت نہیں مقابلہ ہوگا، اپنی اڑان کل بی بی کی برسی میں بتائیں گے، پیپلز پارٹی کیخلاف انتقامی کارروائی حکومت کو بھگتنا پڑے گی، سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ ناصرشاہ نےبھی انورمجید کےخلاف کارروائی میں بھی چوہدری نثار کی جانب انگلی اٹھادی۔

    تفصیلات کے مطابق حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے وزراء نے ایک بارپھر چوہدری نثار پر چڑھائی کردی۔

    مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کیخلاف انتقامی کارروائی حکومت کو بھگتنا پڑے گی، آپ کے ظلم و ستم سے پیپلز پارٹی ختم نہیں ہو گی۔ ایک ماہ پہلے تک حکومت پریشان تھی لیکن راحیل شریف کے جانے سے اس میں جان آ گئی ہے۔ ان ہمراہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصرشاہ بھی موجود تھے۔

    مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ وزراء کہتے تھے کہ فوج اور ہم ایک صفحے پر ہیں لیکن اب نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لینے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت مقدمات بنائے جو انتقامی کارروائیاں کرنا چاہے کر لے لیکن اس کے نتائج اسے بھگتنا ہی پڑیں گے۔ ہم محب وطن ہیں اور ہمیں کوئی خوف نہیں ہے۔ آپ کے ظلم و ستم سے پارٹی کی رفتار سست تو ہو سکتی ہے لیکن پیپلز پارٹی کبھی ختم نہیں ہو سکی۔

    مزید پڑھیں : آصف زرداری کی واپسی سے مخالفین میں کھلبلی مچ گئی ہے، مولا بخش چانڈیو

    بینظیر بھٹو شہید ہو گئیں مگر پی پی آ ج بھی قائم ہے، اسے ختم کرنے کی سوچ لئے کئی لوگ مر کھپ گئے۔ ناصر شاہ نے کراچی میں انورمجید کے خلاف کارروائی میں بھی چوہدری نثار کی جانب انگلی اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں رینجرز کے لیےبھی سوالیہ نشان ہیں۔

    مزید پڑھیں : رینجرز کی کارروائیوں سے سیاسی انتقام کا تاثر ابھرا، مولا بخش

    ڈی جی رینجرز کو دیکھنا ہوگا کہ کوئی انہیں ناکام کرنا تو نہیں چاہتا، انہوں نے کہا کہ سابق صدرآصف زرداری یہ بات کہہ چکے ہیں کہ انورمجید سے ان کےقریبی تعلقات ہیں جس کا وہ انکار نہیں کرتے۔ وزیرداخلہ کےاشارے پر انورمجید کے خلاف کارروائی کی گئی۔

  • کراچی میں چھاپے: وزیرداخلہ کی وزیراعظم کو بریفنگ

    کراچی میں چھاپے: وزیرداخلہ کی وزیراعظم کو بریفنگ

    اسلام آباد : کراچی میں رینجرز کے حالیہ چھاپوں کے بعد وزیر داخلہ نے چوہدری نثار سے ملاقات کی اور چھاپوں کے حوالے سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے چھاپوں سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ملاقات ہو ئی ہے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو کراچی آپریشن سے متعلق بریفنگ بھی دی، ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ملک کی سیکیورٹی،کراچی کے حالات اور آصف زرداری کی وطن واپسی پر بھی بات چیت کی گئی۔

    ملاقات میں ملک کے اہم امور سمیت دیگرایشز بھی زیر غور آئے۔ وزیر اعظم نے چوہدری نثار سے کراچی میں رینجرز کی جانب سے کی جانیوالی کارروائی کی تفصیل طلب کی جس پر وزیر داخلہ نے وزیر اعظم سے کہا کہ ڈی رینجرز سے کاررروائیوں کی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

    انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ رینجرز کی جانب سے چھاپے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مارے گئے۔ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ کراچی میں آج کے چھاپوں کے کوئی سیاسی عوامل ہرگز نہیں تھے۔ چھاپے رینجرز نے اپنے طور پر ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مارے گئے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں رینجرزکےایک ادارے کے3مختلف دفاترپرچھاپے

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ اور ہاکی اسٹیڈیم کے قریب رینجرز کی جانب سے ایک ادارے کے تین دفاتر پر کارروائی کی گئی ۔

    کارروائی کے بعد رینجرز کی جانب سے میڈیا کو پریس ریلیز جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ چھاپہ مار کارروائی غیر قانونی ہتھیاروں کی موجودگی اور مجرموں کو سہولت فراہم کرنے والے افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔

  • نواز لیگ درحقیقت پانامہ پارٹی اورجھوٹوں کا ٹولہ ہے، سلیم مانڈوی والا

    نواز لیگ درحقیقت پانامہ پارٹی اورجھوٹوں کا ٹولہ ہے، سلیم مانڈوی والا

    اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے وزیر داخلہ چوہدری نثارکے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کا نام پاناما پیپرز میں کہیں نہیں ہے درحقیقت مسلم لیگ نواز پاناما پارٹی ہے جو جھوٹوں کا ایک ٹولہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چئیرمین اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ چوہدری نثار پریس کانفرنس کرنے کی بجائے سپریم کورٹ کو مطمئن کریں۔

    چوہدری نثار نے سپریم کورٹ کے معزز جج کی تضحیک کی ہے۔ چوہدری نثار کو سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہونا چاہیئے تھا، سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتی ہے کہ کوئٹہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر عمل درآمد کے لیے فل بینچ تشکیل دیا جائے اورانکوائری کمیشن کی رپورٹ پر عمل درآمد کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن نے ویر داخلہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے، چوہدری نثارعلی خان اس رپورٹ کو مسترد نہیں کرسکتے۔

    سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ چوہدری نثار نے اپنی پریس کانفرنس میں ڈاکٹر عاصم کیس میں رینجرز کے سامنے اپنی بے بسی کا اعتراف کیا ہے اگر رینجرز وزیر داخلہ کے ماتحت نہیں ہے تو چوہدری نثار علی خان کو اپنے عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہیئے۔

    سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ وزیر داخلہ نے پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے تاحال رینجرز کو اجازت نہیں دی بلکہ چوہدری نثار نے رانا ثنااللہ کو پنجاب رینجرز سے کس طرح آزاد کرایا ہے۔

    سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ چوہدری نثار نے تاحال ایف آئی اے کو پاناما لیکس کی تحقیقات کا حکم کیوں نہیں دیا۔ چوہدری نثار کو وزیراعظم اور اس کے بچوں کے خلاف تحقیقات سے کس نے روکا ہے اور سلام آباد کی انتظامیہ نے کالعدم تنظیم کو جلسے کی اجازت کس طرح دی ہے۔ انتظامیہ کے ان افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • چوہدری نثار نے کچھ کہا تو خاموش نہیں رہوں گا، پرویز خٹک

    چوہدری نثار نے کچھ کہا تو خاموش نہیں رہوں گا، پرویز خٹک

    لاہور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے وزیر داخلہ چودھری نثار کو وارننگ دی ہے کہ اگر اب انہوں نے صوبائی حکومت کے خلاف کوئی بات کی تو ایسا بم پھوڑیں گے کہ وہ یاد رکھیں گے، خیبرپختونخوا میں پولیس کا نظام تبدیل کردیا، پنجابی حکمران ہم سے سبق سیکھ سکتے ہیں۔

    لاہور میں پروفیشنل فورم کی تقریب اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کو ان کے اپنے بیٹے نے جھوٹا ثابت کر دیا، اس نے قطری شہزادے کے خط کو غلط قرار دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ’’چوہدری نثار میرے دوست ہیں اور ان کے ساتھ بڑی رفاقت رہی ہے تاہم اب اگر انہوں نے میرے خلاف کوئی غلط بات کی تو ایسا بم پھوڑوں گا کہ وہ یاد رکھیں گے‘‘۔

    پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں پولیس کا نظام مکمل تبدیل کر دیا، پنجابی حکمران بھی ہم سبق سیکھ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اپنے منشور پر سو فیصد کام شروع کیا ہے، ہمارے منشور میں میگا پراجیکٹس صحت، تعلیم اور پولیس کی اصلاحات شامل ہیں۔


    پڑھیں: ’’ پرویز خٹک کا بابر اعوان سے رابطہ، حکومت کے خلاف مقدمہ درج کروانے پر مشاورت ‘‘


    وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پنجاب میں مغلیہ دور کی بادشاہت ہے، یہاں دوسرے صوبوں کا راستہ روکا جاتا ہے۔ وزیر اعلٰی خیبر پختونخواہ نے کہا وہ اسلام آباد اس لئے جا رہے تھے کہ ان کے لیڈر کا محاصرہ کیا گیا تھا، عمران خان نے صرف اسلام آباد بند کرنے کا کہا تھا مگر حکمرانوں نے خود پورا ملک بند کر دیا تھا۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت کیخلاف ہائی کورٹ جا رہے ہیں تاکہ ڈکٹیٹر شپ کا محاسبہ ہوسکے، ہم ثابت کرینگے کہ تیس اکتوبر کو غیر آئینی آمرانہ طرز عمل اختیار کیا گیا۔


    مزید پڑھیں: ’’ کے پی کے حکومت کا شریف برادران اور وزیر داخلہ پر مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ ‘‘


    پرویز خٹک نے کہا کہ اچھی بات ہے اگر روس سی پیک میں شامل ہو رہا ہے، روس سمیت کسی ملک کے سی پیک میں شمولیت کے مخالف نہیں ، پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ مغربی روٹ پہلے بننا چاہیے۔  اگر سی پیک منصوبے کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہو گی۔