Tag: ch parvez elahi

  • وفاقی حکومت پنجاب کے کسانوں کا معاشی قتل کررہی ہے، پرویزالٰہٰی

    وفاقی حکومت پنجاب کے کسانوں کا معاشی قتل کررہی ہے، پرویزالٰہٰی

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت پنجاب کے کسانوں کا معاشی قتل کررہی ہے، اپنے حق کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے صوبائی کابینہ کے پانچویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں پنجاب کابینہ کی جانب سے گریٹر تھل کینال معاہدے پر دستخط نہ کرنے پر وفاقی حکومت کیخلاف احتجاج کیا گیا۔

    پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وفاقی حکومت کے رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی سے ایک ارب ڈالر کا زرمبادلہ ضائع ہورہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے بھی معاہدہ نہیں کیا، جو نہ صرف پنجاب بلکہ ملک کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔

    پرویز الہٰی نے کہا کہ وفاقی حکومت پنجاب کے کسانوں کا معاشی قتل عام کررہی ہے، گریٹرتھل کینال کا معاہدہ ہوتا تو کسانوں کو پانی ملتا اور وہ گندم میں خودکفیل ہوتے، گندم امپورٹ نہ کرنا پڑتی اور ایک ارب ڈالر بچائے جاسکتے تھے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ گریٹرتھل کینال معاہدے میں وفاقی حکومت نے اپنا شیئر نہیں دیا اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے معاہدے پر بھی دستخط نہیں کیے، پنجاب حکومت اپنے حق کیلئے آخری حد تک جائے گی۔

    انہوں نے موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا بیڑا غرق کرنے والے اس کی معیشت کو کیسے سنبھال سکتے ہیں۔

    پنجاب کابینہ کے اجلاس میں صنعتوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لئے ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کی فاسٹ ٹریک لانچنگ اور فیصل آباد میں جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے لئے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری کے علاوہ انڈسٹریل اور رہائشی یونٹ کی منتقلی کیلئے کنڈونیشن فیس 50فیصد اور مدت مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

  • لاہور میں جدید ٹرانسپورٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

    لاہور میں جدید ٹرانسپورٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ لاہور کو انڈر گراؤنڈ ٹرانسپورٹ سسٹم کی ضرورت ہے، بلیو لائن پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یہ بات انہوں نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر مونس الہٰی بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں پنجاب حکومت اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے درمیان بلیو لائن انڈر گراؤنڈ پراجیکٹ میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک پنجاب حکومت کا اہم پارٹنر ہے، میرے سابقہ دور میں اے ڈی بی کے تعاون سے انڈر گراؤنڈ ٹرین چلانے کا منصوبہ بنایا۔

    پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے میرے منصوبے کو سیاسی تعصب کی نذر کردیا اور میٹرو بس سروس شروع کرکے لاہور شہر کا حسن تباہ کردیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام کو جدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے بلیو لائن پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لاہور کو انڈر گراؤنڈ ٹرانسپورٹ سسٹم کی ضرورت ہے۔ خوشی ہوگی کہ اے ڈی بی بلیو لائن پراجیکٹ کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے۔

    کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویزالٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کی ترجیحات درست ہیں۔ ہم پنجاب حکومت کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔

    ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھائیں گے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ہوگا، پرویزالہیٰ

    وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ہوگا، پرویزالہیٰ

    لاہور : اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا ہے کہ اسمبلی اجلاس سپریم کورٹ کے تمام احکامات کے عین مطابق ہوگا۔

    اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر نیک نیتی سےعمل کرانا سب کی ذمےداری ہے، پی ٹی آئی، پاکستان مسلم لیگ اور ن لیگ سب کی ذمہ داری بنتی ہے۔

    پرویزالہیٰ نے کہا کہ اسمبلی اجلاس سپریم کورٹ کے تمام احکامات کے عین مطابق ہوگا، اسمبلی کے اندر بڑا اچھا اور دوستانہ ماحول ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، حمزہ شہباز نے بھی سپریم کورٹ کو بھی اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بتایا کہ حمزہ شہباز نے بھی کہا ہے کہ ضمنی الیکشن غیر جانبدارانہ اورشفاف انداز میں مکمل کرائیں گے، حکومت ٹرانسفر پوسٹنگ پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر سختی سے عمل کرائے۔

    پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق ادارے مخالفین کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، ضمنی الیکشن والے حلقوں میں ترقیاتی اسکیم یا فنڈ نہیں دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کوئی ٹینڈر ہوگیا تو حکومت کا فرض ہے کہ اس کو فوری ختم کرائے، وزراء اور مشیر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کریں گے۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ حکومتی مشینری اور سیاسی جماعتیں انتظامی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں گے، اسمبلی افسران ضابطے اور قواعد کے مطابق امور سرانجام دیں گے۔

  • مخالفین پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہیں روک سکتے، اسپیکر پرویزالٰہٰی

    مخالفین پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہیں روک سکتے، اسپیکر پرویزالٰہٰی

    لاہور : اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ گھروں پر چھاپے مارنے والے پولیس افسران کو شرم آنی چاہیے، مخالفین پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہیں روک سکتے۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزالٰہی نے کہا کہ پولیس نے گھر میں گھس کر خواتین اور بچوں کو ڈرایا دھمکایا، گزشتہ روز بھی شیریں مزاری کے ساتھ برا سلوک کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے ماڈل ٹاؤن میں بہت سے لوگوں کو مارا، سمجھ نہیں آرہا یہ حکومت چیزوں کو کہاں لے کر جارہی ہے، یہ لوگ پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہیں روک سکتے۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ تمام ارکان اجلاس میں شرکت کریں گے اور قرارداد پاس ہوگی، ان کی درگت جلد بننے والی ہیں۔

    پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ماحول اب ٹھیک ہوگا ان لوگوں نے بہت خراب کردیا ہے، ہم نے ان کے اوچھے ہتھکنڈوں کا سامنا کرنا ہے۔

  • 6تاریخ کو پورا نقشہ سامنے آجائے گا، چوہدری پرویز الہٰی

    6تاریخ کو پورا نقشہ سامنے آجائے گا، چوہدری پرویز الہٰی

    لاہور : پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ اسمبلی کا اجلاس 6اپریل کو ہوگا اور اس دن پورا نقشہ سامنے آجائے گا۔

    لاہور میں اسمبلی کے بار میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہمیں ضرورت ہی نہیں تھی کسی چیز کی ، ایوان میں لڑائی ہوگئی اس وجہ سے شیڈول تبدیل کرنا پڑا۔

    گورنر پنجاب چوہدری سرور کے حوالے سے پرویز الہٰی نے کہا کہ میرا گورنر صاحب سے بہت پرانا رشتہ ہے، پی ٹی آئی کے لوگوں کا حق تھا اپنے لوگوں کو واپس لے کرآئے۔

    انہوں نے کہا کہ88میں صوبائی الیکشن ایک ہفتے بعد ہوئے تھے،18ویں ترمیم کے بعد سارا اختیار صوبوں کے پاس ہے، 6اپریل کو ساڑھے گیارہ بجے تمام میڈیا کو اسمبلی آنے کی دعوت ہے۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ علیم خان اور جہانگیر ترین دونوں فارغ ہوگئے ہیں اور چوہدری سرور کا مستقبل ان سے پوچھیں، ساڑھے3سال گورنر شپ کے مزے اڑائے اور کیا چاہیے۔

    چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ہمیں اصل بندہ نہیں مل رہا تھا، اصل بندہ ملا تو کہا یہ کام نہیں کرنا چاہیے تھا،

    انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین صاحب لندن میں رہ رہے ہیں، دعا ہے وہ خوش رہیں،6تاریخ کو پورا نقشہ سامنے آجائے گا، چوہدری سرور کو الہام تو نہیں ہوا تھا کہ ہمارے نمبر پورے نہیں ہیں۔

  • وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی ہے، چوہدری پرویز الہٰی

    وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی ہے، چوہدری پرویز الہٰی

    لاہور : اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ وہ حکومت کی مصالحتی پالیسی کی وجہ سے ہی اسلام آباد میں داخل ہوئے، وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ غیر آئینی ہے۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد کی تکمیل کیلئے اداروں کو متنازع بنانا قومی سلامتی سے کھیلنے کے مترادف ہے، مولانا فضل الرحمان سیاسی لڑائی میں فوج کو گھسیٹ کر جمہوریت کی کوئی خدمت نہیں کر رہے۔

    انہوں نے کہا کہ اب جبکہ فوج کی طرف سے بھی وضاحت آ چکی ہے، بہتر یہ ہوگا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے بیان سے رجوع فرمائیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ حکومت کی مصالحتی پالیسی کی وجہ سے ہی ان کا قافلہ اسلام آباد میں داخل ہوا ہے، اگر مصالحتی کمیٹی درمیان میں نہ ہوتی تو مولانا فضل الرحمان کے لوگوں کو اسلام آباد میں آنے ہی نہیں دیا جانا تھا۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ غیر آئینی بھی ہے اورغیرجمہوری بھی۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو قوم نے پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے ان کو اپنی مدت پوری کرنے کا اسی طرح حق ہے جس طرح مولانا صاحب کے دائیں بائیں کھڑی ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنی مدتیں پوری کی ہیں۔

  • آزادی مارچ سے قبل حکومتی شخصیات کے رابطوں میں تیزی، اہم ملاقاتیں جاری

    آزادی مارچ سے قبل حکومتی شخصیات کے رابطوں میں تیزی، اہم ملاقاتیں جاری

    اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنماؤں نعیم الحق، عامر محمود کیانی نے چوہدری شجاعت اور پرویزالٰہی سے خصوصی ملاقات کی، اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور آزادی مارچ سے متعلق گفتگو کی گئی۔

     تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ سے قبل حکومتی شخصیات کے رابطوں میں تیزی آگئی ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر نعیم الحق اور عامر محمود کیانی نے چوہدری شجاعت اور پرویزالٰہی سے خصوصی ملاقات کی۔

    ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، آزادی مارچ، مذاکراتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فضل الرحمان کی  چوہدری برادران سے ہونے والی ملاقات پر گفتگو اور پنجاب اور وفاقی حکومت کے امور پر مشاورت کی گئی۔

    اس کے علاوہ چوہدری برادران سے ملاقات میں پنجاب اور وفاقی حکومت کے امور پر بھی مشاورت کی گئی، ملاقات کے دوران صوبہ پنجاب میں گورننس پر بھی بات چیت ہوئی۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات سنجیدگی سے جاری ہیں، مذاکرات میں ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچے، حکومتی اور اپوزیشن کمیٹیاں مذاکرات میں کامیابی کی کوشش کررہی ہیں۔

    چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان علاج کیلئے نوازشریف کو باہر جانے کی اجازت دیں کیونکہ نوازشریف پر ملک دشمنی کے نہیں بلکہ بدعنوانی کے الزامات ہیں۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا کہ وفاقی حکومت پنجاب میں گڈ گورننس کیلئے بھرپور معاونت جاری رکھے گی، حکومت اپنے اتحادیوں کے مشوروں کی قدر کرتی ہے۔

    عامرمحمودکیانی کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران کا ملکی سیاست میں اہم کردار ہے، چوہدری برادران کے تجربے سےاستفادہ چاہتے ہیں۔

  • پنجاب کے عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، چودھری پرویزالٰہی

    پنجاب کے عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، چودھری پرویزالٰہی

    گجرات : قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پورے پنجاب میں ہیلتھ پروگرام کو اَپ ڈیٹ کردیا گیا ہے، عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

    یہ بات انہوں نے عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات ٹراما سنٹر کے دورے کے موقع پر آئی سی یو بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے مسائل بھی سنے اور انہیں حل کرانے کی یقین دہانی کروائی۔

    چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میری شروع سے یہی کوشش رہی ہے کہ پنجاب کے عوام باالخصوص اہل گجرات کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں، ہم نے صوبے بھر کے اضلاع میں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ بنائے جن میں وزیرآباد، ملتان اور فیصل آباد شامل ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ جلد ہی گجرات کے عوام کو مزید بہترین ہیلتھ کی سہولیات میسر ہوں گی، گجرات کی ترقی کیلئے ہم سب کو مل کام کرنا ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو جو مشکلات درپیش ہیں،ان کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بات کر کے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

    اس موقع پر سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود، ڈی سی ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈاکٹر عابد غوری ایم ایس، چودھری ندیم اختر ملہی اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

  • پنجاب میں انڈسٹری گزشتہ دس سال سے آگے نہیں بڑھی، چوہدری پرویزالہٰی

    پنجاب میں انڈسٹری گزشتہ دس سال سے آگے نہیں بڑھی، چوہدری پرویزالہٰی

    گجرات : اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ دس سال میں پنجاب میں انڈسٹری آگے نہیں بڑھی، ہمارے دور میں ماحول سازگار ہوگیا تھا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں پاکستان الیکٹرک فین مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے گزشتہ دور حکومت میں پنجاب کی جی ڈی پی گروتھ آٹھ فیصد تک ہوگئی تھی، ہر سیکٹرمیں اچھا کام ہو رہا تھا لیکن گزشتہ دس برسوں میں چھوٹی صنعتوں میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔

    چوہدری پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ انڈسٹریز کے مسائل میں اضافے سے برآمدات متاثر ہوئیں اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کے فروغ سے ملکی برآمدات بڑھتی ہیں اورملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اعلان کیا کہ ایک ٹیکنیکل یونیورسٹی بنائی جائے گی تاکہ مقامی صنعت ترقی کرسکے، ان کاموں میں وقت تو لگتا ہے لیکن ہم نیک نیتی سے ایسے کام کرتے ہیں جس سے آئندہ نسلوں کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔

  • شریف خاندان اللہ کی پکڑ میں ہے، ان کو اعمال کی سزا ملی، چوہدری پرویز الٰہی

    شریف خاندان اللہ کی پکڑ میں ہے، ان کو اعمال کی سزا ملی، چوہدری پرویز الٰہی

    گجرات : مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کو جو سزا ملی اس میں کسی کا کوئی کمال نہیں یہ اللہ کی پکڑ میں ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں انتخابی مہم کے سلسلے میں ہونے والے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہمیں یقین تھا کہ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم کے قانون میں تبدیلی کرنے والے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران اللہ کی پکڑ سے بچ نہیں پائیں گے۔

    چوہدری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو اس کے اعمال کی سزا ملی ہے، 2013 میں نواز شریف نے لندن میں قادیانیوں سے ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کا وعدہ کیا تھا۔

    جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ق لیگ کے رہنما نے کہا کہ انہیں یقین تھا کہ ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کرنے والے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نا حق خون کرنے والے اللہ کی پکڑ میں آئیں گے،ان کا کہنا تھا کہ آج شریف فیملی کا تکبر اور فرعونیت زمین بوس ہو گئی، یہ آئندہ کے حکمرانوں کے لیے وارننگ ہے۔

    یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو دس سال قید اورجرمانے کی سزا سنادی ہے جبکہ مریم نواز کو سات سال قید مع جرمانہ جبکہ کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔ فیصلے کے مطابق مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر دس سال تک سیاست کیلئے نااہل ہوچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔