Tag: Chagai

  • شیخوپورہ اور چاغی میں ٹریفک حادثات، 7 افراد جاں بحق

    شیخوپورہ اور چاغی میں ٹریفک حادثات، 7 افراد جاں بحق

    شیخوپورہ/چاغی: پنجاب کے شہر شیخوپورہ اور بلوچستان کے شہر چاغی میں ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق ہو گئے، اس سے قبل کوٹلی آزاد کشمیر میں زائرین کی بس کھائی میں گرنے سے 9 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں موٹر وے پر فیض پور انٹر چینج کے قریب بس الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے، حادثے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں، حادثے کی شکار بس ملتان سے سیالکوٹ جا رہی تھی۔

    بلوچستان کے شہر چاغی میں پاک ایران شاہراہ جوجکی کے قریب ٹریفک حادثے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق افراد کی لاشیں دالبندین ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کی گئیں۔

    کوٹلی کے قریب بس کھائی میں گر گئی، 9 افراد جاں بحق

    اس سے قبل گزشتہ شب آزاد کشمیر میں کوٹلی کے قریب زائرین کی بس کھائی میں گر گئی، جس میں نو افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے ہیں، ریسکیو آپریشن جاری ہے، بس میں 35 سے زائد زائرین سوار تھے۔ گوجرانوالہ سے آئے زائرین سدھنوتی میں درگاہ نیریاں شریف میں عرس میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے۔

  • شدید سردی سے 2 بچے اسکول میں بے ہوش، محکمہ تعلیم کا ہنگامی اعلان

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں گزشتہ روز شدید سردی کے باعث 2 بچے اسکول میں بے ہوش ہوگئے تھے جس کے بعد محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں 3 روز کی ہنگامی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں شدید سردی کے باعث تعلیمی اداروں میں 3 روز کی ہنگامی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر تعلیمی ادارے آج سے 16 جنوری تک بند رہیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز شدید سردی کے باعث 2 بچے اسکول میں بے ہوش ہوگئے تھے۔

    صوبہ بھر میں سردی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، سرحدی علاقے براپ چاہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، دالبندین، نوکنڈی اور تفتان میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 اور 11 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • چاغی: طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، لائن مین جاں بحق

    چاغی: طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، لائن مین جاں بحق

    چاغی: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے جہاں تباہی مچائی ہوئی ہے، وہاں دالبندین میں طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے بھی گر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے دالبندین اور یک مچ کے درمیان جمعرات کو طوفانی ہوا چلنے سے بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، بجلی بحالی کے دوران واپڈا اہل کار جاں بحق ہو گیا۔

    دالبندین میں کیسکو کے لائن مین زاہد بجلی بحالی کا کام کرنے کے دوران کھمبے سے گر کر شدید زخمی ہوئے تھے، جنھیں تشویش ناک حالت میں کوئٹہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے ہی میں دم توڑ گئے۔

    کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے صوبے میں 140 بجلی کے کھمبے گر چکے ہیں۔

    کیچ مکران کے علاقے مند میں لگا بجلی کا کھمبا

     

    واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے کھمبے جمعرات کو طوفانی ہوا اور بارشوں کے باعث گرے، گرے ہوئے کھمبے خراب ہو چکے ہیں لگائے نہیں جا سکتے، نئے کھمبے آتے ہی کام شروع کر دیں گے۔

    واضح رہے کہ یک مچ شہر کو گزشتہ 3 دن سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، دوسری جانب بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہی کی داستان رقم کر دی ہے اور سب کچھ اجڑ گیا ہے۔

    سیلاب کی وجہ سے متاثرین کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، جب کہ صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 127 ہوگئی ہے، 10 سے زائد اضلاع میں نظام زندگی معطل ہے، کوئٹہ، جھل مگسی، مستونگ اور چمن میں تباہی کے دردناک مناظر دیکھے جا رہے ہیں، اور درجنوں مکانات منہدم ہو چکے ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں 7 ڈیم ٹوٹ چکے ہیں، توبہ اچکزئی میں موسلا دھار بارشیں جاری ہیں، سیلابی ریلا مال مویشی، کھڑی فصلیں، اور سیب کے باغات بہا کر لے گیا ہے۔

  • چاغی میں صحرا سے 2 افراد کی لاشیں برآمد

    چاغی میں صحرا سے 2 افراد کی لاشیں برآمد

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں صحرا سے 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، دونوں افراد غیر قانونی طریقے سے براستہ ایران، یورپ جانا چاہتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق چاغی کے سرحدی علاقے میں صحرا سے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں، ڈپٹی کمشنر چاغی کا کہنا ہے کہ لاشیں پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق لاشوں کی شناخت سجاد علی اور حافظ بلال کے ناموں سے ہوئی، دونوں افراد غیر قانونی طریقے سے براستہ ایران، یورپ جانا چاہتے تھے۔

    حکام کے مطابق دونوں افراد راستہ بھٹک گئے جس کے بعد بھوک و پیاس سے ان کی موت واقع ہوئی۔

  • بلوچستان عوامی پارٹی دہشت گردوں کے نشانے پر، الیکشن آفس پر دستی بم حملہ، 21 افراد زخمی، تین کی حالت تشویش ناک

    بلوچستان عوامی پارٹی دہشت گردوں کے نشانے پر، الیکشن آفس پر دستی بم حملہ، 21 افراد زخمی، تین کی حالت تشویش ناک

    دالبندین: بلوچستان کے ضلع چاغی کے شہر دالبندین میں بلوچستان عوامی پارٹی کے الیکشن آفس پر دستی بم حملہ کیا گیا، جس میں اکیس  افراد  زخمی ہوگئے ہیں، تین کی حالت تشویش ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دالبندین میں نامعلوم افراد نے ایک بار پھر بی اے پی کو نشانہ بناتے ہوئے انتخابی دفتر پر دستی بم سے حملہ کر دیا، حملے میں اکیس افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے دالبندین اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، پولیس حکام نے دھماکے کی جگہ سے ابتدائی شواہد بھی اکھٹے کر لیے ہیں۔

    سانحہ مستونگ کے مزید زخمی دم توڑ گئے‘ شہدا کی تعداد 149 ہوگئی

    واضح رہے کہ 16 جولائی کو مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں بھی بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنر میٹنگ میں خود کش دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت 149 افراد شہید اور 186 زخمی ہوگئے تھے۔

    انتخابات 2018: الیکشن کمیشن کا تمام امیدواروں کوسیکیورٹی دینے کا فیصلہ

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور سیاسی قائدین کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے صوبائی حکومتوں کو احکامات بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔