Tag: Chairman PCB

  • یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت میں کرکٹ کھیلیں اور وہ یہاں نہ آئیں، محسن نقوی

    یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت میں کرکٹ کھیلیں اور وہ یہاں نہ آئیں، محسن نقوی

    لاہور : چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت میں کرکٹ کھیلنے جائیں اور وہ یہاں نہ آئیں۔

    یہ بات انہوں نے قذافی اسٹیڈیم کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، چیمپئنر ٹرافی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے۔

    محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئی سی سی کو اپنا واضح موقف دے چکے، اب بورڈ میٹنگ میں فیصلہ ہوگا، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت میں کرکٹ کھیلیں اور وہ یہاں نہ آئیں۔

    ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں، امید ہے کہ اس موقع پر قوم مایوس نہیں ہوگی۔

    اس حوالے سے آئی سی سی سے مشاورت جاری ہے، اچھا نتیجہ سامنے آئے گا، پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا وقت آرہا ہے۔ چیمپئنر ٹرافی کے لیے پاکستان کی بہترین ٹیم میدان میں لائیں گے۔

    قذافی اسٹیڈیم سے متعلق ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کا ہوگیا ہے، اللہ نے چاہا تو چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسٹیڈیم اسٹرکچر کی رپورٹ ہمیں تاخیر سے ملی ورنہ نیا اسٹیڈیم بنا دیتے، 20 دسمبر تک اسٹیڈیم کی تعمیر کا کام مکمل کرلیں گے۔

  • چیئرمین پی سی بی کی قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن جلد مکمل کرنے کی ہدایت

    چیئرمین پی سی بی کی قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن جلد مکمل کرنے کی ہدایت

    لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کی اپ گریڈیشن کے اس وقت جاری کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

    اپ گریڈیشن کے جاری کام کا جائزہ لینے کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے حوالے سے ایف ڈبلیو او اور نیسپاک کو ہدایات دیں۔

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ اسٹیل فکسنگ کا کام جلد مکمل کیا جائے، تعمیراتی کاموں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے، اسٹیڈیم کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ  کو چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل کرنا ہے۔

  • حارث رؤف کے ساتھ بدتمیزی پر چیئرمین پی سی بی برہم، کارروائی کا اعلان

    حارث رؤف کے ساتھ بدتمیزی پر چیئرمین پی سی بی برہم، کارروائی کا اعلان

    لاہور : چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے حارث رؤف سے کی جانے والی بدسلوکی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے امریکا کے شہر فلوریڈا میں فاسٹ باؤلر حارث رؤف کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا۔

    اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حارث رؤف سے بدسلوکی کی شدید مذمت کرتا ہوں، ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

    محسن نقوی نے کہا کہ بدسلوکی کرنے والے حارث رؤف سے معافی مانگیں، اگر معافی نہ مانگی گئی تو اس شخص خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ حارث رؤف امریکا میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ ایک ہوٹل میں مقیم ہیں جہاں ان کا اپنے ایک پاکستانی مداح سے جھگڑا ہوگیا تھا، ان کی اہلیہ نے انہیں روکنے کی کوشش کی جب کہ موقع پر موجود دیگر لوگوں نے بھی انہیں روک دیا۔

    اس حوالے سے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حارث رؤف نے اپنے ایکس پیغام میں کہا کہ میں نے یہ بات سوشل میڈیا پر نہ لانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب ویڈیو سامنے آچکی ہے۔ جب بات فیملی پر آتی ہے تو جواب دینے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کروں گا۔

  • محسن نقوی کی مداخلت، نیویارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہوٹل تبدیل

    محسن نقوی کی مداخلت، نیویارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہوٹل تبدیل

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے نیویارک کے ہوٹل میں قیام کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی مداخلت پر نیویارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہوٹل کی تبدیلی ممکن ہوئی ہے۔

    ٹیم نے پہلے جس ہوٹل میں ٹیم نے قیام کرنا تھا وہ اسٹیڈیم سے 90 منٹ کی ڈرائیو پر تھا تاہم اب جس ہوٹل میں ٹیم کو ٹھہرایا گیا ہے وہ اسٹیڈیم سے 5 منٹ کی دوری پر ہے۔

    ٹیم انڈیا کو نیویارک میں گراؤنڈ سے صرف 10 منٹ کی دوری پر ٹھہرایا گیا ہے جبکہ دیگر ٹیموں کے ہوٹل ایک گھنٹے سے زیادہ کی دوری پر ہیں۔

    واضح رہے کہ سری لنکا اور جنوبی افریقا کی جانب سے پہلے ہی نیویارک میں قیام کے دوران فراہم کی جانے والی سہولیات پر تحفظات کا اظہار کیا جاچکا ہے۔

    محسن نقوی نے آئی سی سی سے رابطہ اور عدم اطمینان کا اظہار کیا، ایونٹ کے منتظمین کو قومی ٹیم کا ہوٹل تبدیل کرنے پر قائل کر لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کسی بھی میچ کے لیے طویل فاصلہ طے کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، پاکستان کے نیویارک میں 9 اور 11 جون کے میچز شیڈول ہیں۔

    چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی پر واضح کردیا کہ اگر پاکستانی ٹیم کا ہوٹل تبدیل نہ کیا گیا تو وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے خرچے پر ٹیم کو بہتر اور آسان جگہ پر منتقل کر دیں گے۔

    چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی آگاہ کردیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی ذمہ داری ان کی ہے، اور وہ کھلاڑیوں کے آرام کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

    آسٹریلیا کا ٹی 20 ورلڈکپ میں فاتحانہ آغاز، عمان کو 39 رنز سے شکست

    واضح رہے کہ قومی ٹیم آج امریکا کے خلاف میچ کے فوراً بعد نیویارک روانہ ہوجائے گی، جہاں پر قومی ٹیم 9 جون کو بھارت اور 11 جون کو کینیڈا سے مقابلہ کرے گی، جبکہ پہلے راؤنڈ کا آخری میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا۔

  • دورہ پاکستان: نیوزی لینڈ کا سیکیورٹی وفد مطمئن ہو گیا

    دورہ پاکستان: نیوزی لینڈ کا سیکیورٹی وفد مطمئن ہو گیا

    اسلام آباد: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیوزی لینڈ کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرا دی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی وفد نے ملاقات کی ہے، وفد میں نیوزی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیتھ ملز (Heath Mills) اور سیکیورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈکاسن (Reg Dickason) شامل تھے۔

    ملاقات میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے انتظامات اور سیکیورٹی پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا، محسن نقوی نے کیوی وفد کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی، کیوی وفد نے بھی سیکیورٹی پلان پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    محسن نقوی نے کہا نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پاکستان کے مہمان ہیں، کیوی ٹیم کے لیے بہترین سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے، کیوی وفد نے کہا کہ اس نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کو شان دار پایا۔

    اس دوران کیوی وفد کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا گیا، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹر سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کرنل خالد اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل پاکستان کرکٹ بورڈ عثمان واہلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

  • چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا قذافی اسٹیڈیم کے انتظامات کا جائزہ

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا قذافی اسٹیڈیم کے انتظامات کا جائزہ

    لاہور: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پنجاب میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ میچوں کے شاندار انعقاد کے لئے سرگرم ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اس دوران انہوں نے پی ایس ایل 9 کے انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے اسٹیڈیم میں صفائی کی صورتحال، فلڈ لائٹس کے انتظامات، لیزر لائٹ شو کی تیاریوں کا بھی مشاہدہ کیا۔

    چیئرمین پی سی بی نے محسن نقوی نے پی ایس ایل 9 کی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا انہوں نے شائقین کرکٹ کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا معائنہ کیا۔

    محسن نقوی نے مختلف انکلوژر کا وزٹ کیا اور انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے ہدایات دیں، انہوں نے کہا کہ شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں آنے کے لئے ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    نگراں وزیراعلیٰ پنجاب اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مزید کہا کہ اجتماعی کاوشوں کے ساتھ پی ایس ایل میچوں کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانا ہے۔

  • لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روک دیے، حکم امتناع جاری

    لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روک دیے، حکم امتناع جاری

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روک دیے، اور حکم امتناع جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے لیے انتخابات پر حکم امتناعی جاری کر دیا، اور جسٹس انوار حسین نے وفاقی حکومت اور پی سی بی الیکشن کمشنر و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا ہے۔

    درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بنائے گئے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹایا، االیکشن کمشنر نے غیر آئینی اقدام کر کے بورڈ آف گورنرز کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا۔

    درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ پی سی بی الیکشن کمشنر نے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پی سی بی الیکشن کمشنر کا ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیر آئینی قرار دیا جائے۔

    عدالت نے درخواست پر سماعت کے بعد چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روک دیے، اور حکم امتناع جاری کر دیا۔

  • مکی آرتھر کو کنٹریکٹ ملے گا یا نہیں؟ نجم سیٹھی کا دوٹوک اعلان

    مکی آرتھر کو کنٹریکٹ ملے گا یا نہیں؟ نجم سیٹھی کا دوٹوک اعلان

    لاہور : چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مکی آرتھر کو کنٹریکٹ دیں گے، بات کریں گے کہ کس کو ٹیم مینجمنٹ میں لانا ہے۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں میچ کا انعقاد کامیاب ثابت ہوا ہے، میرا مقصد تھا اسی سال بگٹی اسٹیڈیم میں بھی میچ کراتا، اگلے ایڈیشن میں کوئٹہ شہر میں میچ ضرور کروائیں گے۔

    چیئرمین پی سی بی کا مکی آرتھر سے کنٹریکٹ کرنے کے حوالے سے کہنا تھا کہ مکی آرتھر کو کنٹریکٹ دیں گے، بات کریں گے کہ کس کو ٹیم مینجمنٹ میں لانا ہے۔

    اپنی گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ہارون رشید اور مکی آرتھر دونوں سے بات کروں گا، تاہم اب تک 70سے80فیصد بات مکمل ہوچکی ہے۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ پشاور اسٹیڈیم کا کام پورا نہیں ہوا ہے، جب میں چھوڑ کر گیا تھا اور اب واپس آیا ہوں معلوم ہوا کہ تعمیراتی کام زیادہ نہیں ہوئے، پشاور میں میچ کا انعقاد ایک بڑی کامیابی ہوگی۔

  • وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی تعینات کرنے کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی تعینات کرنے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تعیناتی کی منظوری دے دی، وزیر اعظم کو 2 مذکورہ عہدے کے لیے 2 نام موصول ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تعیناتی کی منظوری دے دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن کچھ دیر تک جاری کر دیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو آئی پی سی وزارت کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں 2 نام موصول ہوئے تھے، وزیر اعظم کی جانب سے کرکٹ بورڈ میں 2 نام بھجوائے گئے، دونوں کی منظوری دے دی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے 4 نوٹیفکیشن جاری کیے جائیں گے، 2019 کا کرکٹ بورڈ آئین ختم کردیا جائے گا، 2019 میں وزیر اعظم کے دو نامزد کردہ ناموں کو بھی ختم کردیا جائے گا۔

    تیسرے نوٹیفکیشن میں 2014 کا آئین بحال کر دیا جائے گا جبکہ چوتھے نوٹیفکیشن میں موجودہ بورڈ کو چلانے کے لیے ایک سیٹ اپ کا اعلان کیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں دورہ نیوزی لینڈ کی سلیکشن کے لیے فوری طور پر عبوری سلیکشن کمیٹی بھی بنائی جائے گی، عبوری سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کا اعلان کرے گی، کمیٹی میں 4 بڑے نامور کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو نیا چیئرمین پی سی بی بنانے کا عندیہ دے دیا

    وزیر اعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو نیا چیئرمین پی سی بی بنانے کا عندیہ دے دیا

    اسلام آباد: ذرائع نے کہا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کے تبدیل ہونے کا امکان ہے، رمیز راجہ کو ہٹا کر نجم سیٹھی کو عہدہ دیا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے، جب کہ نجم سیٹھی نئے چیئرمین کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو نیا چیئرمین پی سی بی بنانے کا عندیہ دیا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم سے نجم سیٹھی کی لاہور میں ایک ظہرانے پر ملاقات بھی ہوئی ہے۔

    پاکستان میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے لیے حکومت کا بڑا قدم

    وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ 2014 کا پی سی بی آئین بحال کیا جائے، پرانے آئین کی بحالی کے بعد ملک میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہو جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق سیکریٹری آئی پی سی نے چیئرمین پی سی بی کی تبدیلی کی سمری وزیر اعظم ہاؤس کو ارسال کر دی ہے، وزیر اعطم پی سی بی آئین 2014 کی بحالی کا حکم بھی کسی بھی وقت دے سکتے ہیں۔