Tag: Chairman PCB

  • ’’بھارت سے باہمی سیریز پر اب کوئی بات نہیں کریں گے‘‘

    ’’بھارت سے باہمی سیریز پر اب کوئی بات نہیں کریں گے‘‘

    لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کا کہنا ہے کہ بھارت سے باہمی سیریز پر اب کوئی بات نہیں کریں گے، اب معاملہ بھارت کے ہاتھ میں ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سیاسی صورت حال ٹھیک نہیں ہوگی تب تک بھارت سے باہمی سیریز نہیں ہوسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت سے باہمی سیریز پر متعدد مرتبہ بات کرچکے ہیں اب مزید کوئی بات نہیں کریں گے، بھارتی بورڈ کو سیریز کے لیے حکومت سے اجازت لینا ہوتی ہے، ہمارے یہاں ایسا نہیں ہے۔

    احسان مانی نے کہا کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق حکومت بورڈ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی اس لیے اب آئی سی سی کو بات کرنی چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ٹی 20 لیگ شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، صدربھارتی بورڈ ساروگنگولی سے پاکستانی کرکٹرز کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں جانےکی درخواست نہیں کروں گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث 2012 کے بعد سے باہمی سیریز نہیں کھیلی گئی ہے جبکہ دونوں ٹیمیں آئی سی سی ایونٹس میں مدمقابل آچکی ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان نے 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں بھارت کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شکست دی تھی۔

  • پاک بنگلہ دیش کرکٹ کے روشن امکانات، احسان مانی ڈھاکہ کا دورہ کریں گے

    پاک بنگلہ دیش کرکٹ کے روشن امکانات، احسان مانی ڈھاکہ کا دورہ کریں گے

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی جلد بنگلہ دیش کے دورہ کریں گے جس دوران دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی مثبت پیش رفت کا قوی امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ محاذ پر جمی برف پگھلنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی بطور چیئرمین پی سی بی نہیں بلکہ آئی سی سی کمرشل اور فنانس ہیڈ کے طور پر بنگلہ دیش جارہے ہیں اور ان کے ہمراہ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کے چیف ایگزیکٹیو مانو ساہنی بھی ہوں گے۔

    اگرچہ یہ دورہ مکمل طور پر آئی سی سی معاملات پر ہوگا مگر سائیڈ لائن میں احسانی مانی کی بی سی بی حکام سے ملاقاتوں میں کرکٹ محاذ پر جمی برف بھی پگھل سکتی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بی سی بی نے آئی سی سی حکام کو بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) کے 17 جنوری کو شیڈول فائنل میچ دیکھنے کیلئے مدعو کیا تھا تاہم ابھی یہ بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی کہ ساہنی اور مانی پر مشتمل دو رکنی ٹیم میچ دیکھنے جائے گی یا ان کی کسی اور دن آمد طے ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی جانب سے رواں ماہ شیڈول دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنے موقف پر سختی سے جم جانے کی وجہ سے سیریز خدشات کی زد میں ہے۔

  • بنگلہ دیش سیریز کے لیے نہیں آئی تو آئی سی سی کے پاس جائیں گے، احسان مانی

    بنگلہ دیش سیریز کے لیے نہیں آئی تو آئی سی سی کے پاس جائیں گے، احسان مانی

    کراچی: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش سیریز کے لیے نہیں آئی تو آئی سی سی کے پاس جاسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا ٹرننگ پوائنٹ ہے۔

    احسان مانی نے کہا کہ پاکستان بھارت سے زیادہ محفوظ ملک ہے، انشا اللہ دیگر ٹیمیں بھی پاکستان میں آکر کرکٹ کھیلیں گی۔

    ایک سوال کے جواب میں احسان مانی نے کہا کہ سرفراز احمد کراچی نہیں پاکستان کے کپتان تھے، انہوں نے آسٹریلیا سیریز سے خود دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا وہ پرفارمنس دکھا کر ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سرفراز کو ہٹائے جانے پر کراچی اور لاہور کا تاثر دینا درست نہیں ہے، میں پہلا چیئرمین تھا جس نے سرفراز کو لاہور اپنے آفس میں بلایا۔

    مزید پڑھیں: پاکستان محفوظ ملک ہے، سیکیورٹی بھی بہت اچھی ہے: کپتان سری لنکن ٹیم

    صحافی کی جانب سے عمر کے سوال پر احسان مانی نے کہا کہ میرے ساتھ آئیں پہاڑ پر چڑھ کر دکھاتا ہوں۔

    واضح رہے کہ ملک میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں سری لنکا کی ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان آئی اور اب بنگلہ دیش کو ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آنا ہے لیکن وہ بہانے تلاش کررہے ہیں۔

    ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے پاکستان آسکتی ہے تو ٹیسٹ سیریز کھیلنے میں کیا مسئلہ ہے، بنگلہ دیش بورڈ بہانہ بنا کر سیریز سے انکاری ہے۔

  • پی سی بی نے ٹی ٹین لیگ پر پالیسی بیان جاری کردیا

    پی سی بی نے ٹی ٹین لیگ پر پالیسی بیان جاری کردیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹین لیگ پر پالیسی بیان جاری کردیا جس کے مطابق کوئی موجودہ یا سابق کھلاڑی این او سی کے بغیر لیگ کھیلنے نہیں جاسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی ٹین لیگ کے حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ رواں برس سب کھلاڑیوں کے لیے یکساں پالیسی ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے کوئی کھلاڑی این او سی کے بغیر لیگ میں شرکت نہیں کرے گا۔

    کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ لیگ کھیلنے کے لیے موجودہ اور ریٹائرڈ کھلاڑیوں کو آئی سی سی قوانین کے مطابق این او سی لازمی درکار ہوتی ہے۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹی 10 لیگ کے اس سیزن کے لیے کسی کرکٹر کو این او سی نہیں دیں گے۔

    مزید پڑھیں: پی سی بی کا بڑا فیصلہ، ٹی ٹین لیگ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کی این او سی منسوخ

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹی ٹین لیگ میں شرکت کے لیے دی گئی این اوسیز منسوخ کردی تھیں۔

    پی سی بی کا کہنا تھا کہ این او سیز منسوخ کرنے کا فیصلہ کھلاڑیوں اور ڈومیسٹک کرکٹ کے وسیع تر مفاد کے لیے کیا گیا ہے، کھلاڑیوں کے مصروف شیڈول کے باعث این او سی منسوخ کی گئیں۔

    یاد رہے کہ ٹی 10 لیگ میں پاکستان کے 15 سے 16 کھلاڑیوں نے حصہ لینا تھا۔

    خیال رہے کہ ٹی ٹین لیگ میں زیادہ شیئرز بھارتیوں کے ہیں، ٹی ٹین لیگ حالیہ دنوں میں میچ فکسنگ سے متعلق شدید متنازع ہوچکی ہے۔

  • پی آئی اے نے ملک میں کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار بخوبی نبھایا، ایئر مارشل ارشد ملک

    پی آئی اے نے ملک میں کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار بخوبی نبھایا، ایئر مارشل ارشد ملک

    کراچی : پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئرمارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے نے ہمیشہ ملک میں کھیلوں اور خاص طور پر کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پی سی بی کی زیر قیادت وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے وفد نے چیئرمین احسان مانی کی قیادت میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک سے ائر لائن ہیڈ آفس میں ملاقات کی۔

    بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے رواں کرکٹ سیزن قائد اعظم ٹرافی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اندرون ملک کرکٹ کے فروغ اور اس میں بہتری کے لئے پی آئی اے اور پاکستان کرکٹ بورڈ مل کر کام کرسکتے ہیں جس کے کئی مواقع موجود ہیں۔

    انہوں نے پی آئی اے کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے شروع کئے گئے کرکٹ کے نئے ریجنل ڈھانچے کے فروغ کے لئے کردار ادا کرنے کو کہا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے وفد نے دونوں قومی اداروں کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے نے ہمیشہ ملک میں کھیلوں اور خاص طور پر کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔

    پی آئی اے کرکٹ اکیڈمی میں نوجوان کرکٹرز کو تربیت دی جار ہی ہے جو کہ بعد میں بین الاقوامی سطح پربھی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں قومی ادارے ملک کا فخر ہیں اور پی آئی اے اندرون ملک کرکٹ کے کے فروغ میں بھر پور تعاون کرے گی۔

    کرکٹ بورڈ کے وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان، چیف کمرشل آفیسر بابر حمید، ڈائریکٹر آپریشنز ہارون رشید جبکہ پی آئی اے کے ڈائریکٹر کارپوریٹ گورنس محمد شعیب اور چیف کمرشل آفیسر نوشیروان عادل بھی موجود تھے۔

  • انضمام الحق نے بطور چیئرمین سلیکشن کمیٹی شاندار خدمات انجام دیں، احسان مانی

    انضمام الحق نے بطور چیئرمین سلیکشن کمیٹی شاندار خدمات انجام دیں، احسان مانی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے انضمام الحق کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انضمام الحق نے بطور چیئرمین سلیکشن کمیٹی شاندار خدمات انجام دیں۔

    احسان مانی نے کہا کہ انضمام الحق لیجنڈ پلیئر اور ملکی کرکٹ کے رول ماڈل ہیں جنہوں نے بطور کھلاڑی اور چیف سلیکٹر ملک کی بھرپور خدمت کی ہے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تین سالہ دور میں ہمیں بہت سے نئے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی ملے اور میں انضمام کا مشکور ہوں جنہوں نے قائدانہ صلاحیتوں اور کرکٹ کے وسیع تجربہ سے نوازا۔

    ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے بھی چیئرمین سلیکشن کمیٹی کی خدمات کا سراہتے ہوئے کہا کہ انضمام الحق اپنے کام سے پی سی بی کے لیے مثال قائم کر گئے ہیں۔

    ہم انضمام الحق کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ مستقبل میں بھی پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    دوسری طرف پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ میں شفافیت اور پروفیشنلزم کے عزم کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کے چیف سلیکٹر کے عہدے کے لیے اشتہار دے گا۔

  • چیئرمین پی سی بی بورڈ میں سازشی ٹولے کو بے نقاب کریں، وزیراعظم کی ہدایات

    چیئرمین پی سی بی بورڈ میں سازشی ٹولے کو بے نقاب کریں، وزیراعظم کی ہدایات

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو ہدایات دی ہیں کہ بورڈ میں ایسا کوئی شخص نہیں ہونا چاہیے جو خرابی پیدا کرے، سازشی ٹولے کو بے نقاب کیا جائے۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کی۔

    ملاقات میں پی سی بی کے موجودہ بحران پر حکمت عملی اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے احسان مانی کو اہم ہدایات دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بورڈ میں ایسا کوئی شخص نہیں ہونا چاہیے جو معاملات میں خرابی پیدا کرے، ایسے سازشی ٹولے کو بے نقاب کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا دباؤ اور بلیک میلنگ ہرگز قبول نہ کریں۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرکٹ میں صرف اور صرف بہتری چاہیے، ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ فوری طور پر تبدیل کریں، کرکٹ کے معاملات میرٹ پر چلائیں، علاوہ ازیں وزیراعظم نے احسان مانی کو تفصیلی ملاقات کیلئے آئندہ ہفتے پھر طلب کرلیا۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کی ملاقات

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اور انتظامیہ نے گزشتہ روز بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی پی سی بی حکام نے وزیراعظم کو ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں دلیری کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔

    وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب کپتان دلیری کے ساتھ کھیلے گا تو ٹیم بھی دلیری کے ساتھ کھیلے گی۔

  • پی سی بی کا انتظامی بحران : وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پی سی بی ملاقات کریں گے

    پی سی بی کا انتظامی بحران : وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پی سی بی ملاقات کریں گے

    لاہور : چیئرمین پی سی بی احسان مانی جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، ورلڈکپ2019کیلئے منتخب قومی کرکٹ ٹیم بھی ان کے ہمراہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے حالیہ معاملات اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی ملاقات کریں گے۔

    یہ ملاقات جمعہ کے دن شیڈول ہے، ورلڈ کپ2019کیلئے منتخب کردہ قومی کرکٹ ٹیم بھی احسان مانی کے ہمراہ ہوگی۔ اس حوالے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور احسان مانی سے ون آن ون ملاقات بھی ہوگی۔

    ملاقات میں پی سی بی کے موجودہ بحران اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوگا، اس موقع پر ورلڈ کپ2019کے لئے قومی ٹیم کی تیاریوں پر بھی عمران خان کو آگاہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کی موجودہ کرکٹ ٹیم بھی1992کی فاتح ورلڈ کپ ٹیم کے کپتان عمران خان سے ملاقات کرے گی، قومی ٹیم کے کھلاڑی کل شام لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس، ایم ڈی وسیم خان کی تقرری غیرآئینی قرار

    قومی کرکٹ ٹیم اور وزیر اعظم عمران خان کی ملاقات جمعہ کو متوقع ہے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان قومی کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے حوالے سے قیمتی مشورے دیں گے اور میگا ایونٹ سے قبل کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

  • آئی سی سی فوجی ٹوپیاں پہننے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف ایکشن لے، احسان مانی

    آئی سی سی فوجی ٹوپیاں پہننے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف ایکشن لے، احسان مانی

    کراچی : چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ آئی سی سی بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف ایکشن لے، بھارتی ٹیم نے فوجی کیپ پہن کر بری حرکت کی جس سے ان کا معیار گرا ہے۔

    یہ بات انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے آئی سی سی سے بھارتی ٹیم کے خلاف ایکشن لینےکا مطالبہ کردیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ  عمران طاہر، معین علی کے ساتھ تعصبانہ رویے پر آئی سی سی نے قدم اٹھایا تھا، چاہتے ہیں آئی سی سی بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف ایکشن لے۔

    احسان مانی نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے بری حرکت کی جس سے ان کا معیار گرا ہے، اس معاملے پر آئی سی سی کوخط لکھ دیا ہے اور 12گھنٹے میں دوسرا خط لکھنے جارہے ہیں، نہیں چاہتے سیاست کیلئے کرکٹ کو استعمال کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی کرکٹ ٹیم بھی مودی کے جنگی جنون میں‌ مبتلا ہوگئی

    پی ایس ایل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور بنگلادیش کے سیکیورٹی آفیشلز کراچی آرہے ہیں، پی ایس ایل فور کے کامیاب انعقاد سے انہیں معلوم ہوجائے گا کہ پاکستان میں کرکٹ کو کوئی خطرہ نہیں۔

  • ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں: چیئرمین پی سی بی

    ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں: چیئرمین پی سی بی

    لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی دوسرا نہیں مل جاتا سرفراز ہی کپتان رہیں گے، آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کپتانی کریں گے۔ ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور کپتان قومی ٹیم سرفراز احمد نے میڈیا بریفنگ کی۔ چیرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد سے بہت عرصہ پہلے ملاقات ہوئی تھی، سرفراز احمد میں بہت عرصہ پہلے لیڈر شپ دیکھی تھی۔

    احسان مانی نے کہا کہ سرفراز کی کپتانی پہلی بار 2006 جونیئر ورلڈ کپ میں دیکھی تھی، اس ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی۔ سرفراز کی اس دن اور آج کی کپتانی ویسی ہی ہے۔ ان کی کپتانی دیکھ کر شہریار خان کو خط بھی لکھا تھا۔

    مزید پڑھیں: سرفراز کو ورلڈ کپ 2019 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

    انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی دوسرا نہیں مل جاتا سرفراز ہی کپتان رہیں گے، جب بھی کوئی ایونٹ آتا ہے قیاس آرائیاں شروع ہوجاتی ہیں۔ آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کپتانی کریں گے۔ پورا بورڈ سرفراز احمد کے ساتھ ہے۔

    چیئرمین پی سی بی  کا کہنا تھا کہ ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں ہم کامیابی حاصل کریں گے۔ پاکستان جنوبی افریقہ سیریز میں ہارا ہے اس میں شک نہیں، نیوزی لینڈ سیریز سے دیکھ لیں وہاں کامیابی بھی ملی ہے۔ ہار سے سبق ملتا ہے، اسی طرح پرفارمنس میں بہتری آتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں ایک ہی کپتان ہیں اور وہ سرفراز احمد ہیں۔ ریویو ہم ضرور کرتے ہیں، ٹیم مینیجمنٹ تمام معاملات دیکھتی ہے۔ کوئی سیاسی مداخلت نہیں، سرفراز احمد ہی ورلڈ کپ میں کپتانی کریں گے۔ ’انشا اللہ اس بار ورلڈ کپ لے آئیں گے‘۔

    احسان مانی نے مزید کہا کہ حفیظ اور شعیب دونوں نے اعلان کیا ہے کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہے۔ جب کسی کو کپتان منتخب کیا جاتا ہے تو وہ آخر تک کپتان ہی ہوتا ہے۔ کسی کو یہ نہیں کہا جاتا کہ آپ ایک یا دو سال کے لیے کپتان بنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کپتان موجود نہیں تو سینئر کھلاڑی ٹیم کو دیکھتے ہیں، اس میں کوئی وجہ نہیں کہ سرفراز کی غیر موجودگی میں شعیب دیکھتے ہیں۔ پلیئرز کھیل کر بنتے ہیں ایک ہی رات میں نہیں بنتے۔ سرفراز کی پرفارمنس دیکھ لیں میرٹ کا پتہ چل جائے گا۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کا مشکور ہوں انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ میرے لیے فخر کی بات ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کر رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے شروع سے مجھ پر اعتماد کیا جس سے حوصلہ بڑھا، کوشش کریں گے پاکستان ٹیم بہترین پرفارمنس پیش کرے۔ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی سے 3 مرتبہ معذرت کی، بات نکل گئی جس پر معذرت کی اب آگے بڑھنا چاہیئے۔۔

    سرفراز کا کہنا تھا کہ کوئی کراچی یا لاہور والا نہیں، سب پاکستانی ہیں۔ ٹیم کے نائب کپتان کے حوالے سے بورڈ سے بات کروں گا۔ کسی کرکٹر کو پسند نہیں ہے کہ اس پر تنقید ہو، کرکٹ پر تنقید کریں گے تو ٹھیک ہے، ذاتی ہونا مسئلہ ہوتا ہے۔