لاہور : پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت آئندہ دو سال کیلئے صدرات بنگلہ دیش کو سونپ دی، بنگلادیش بورڈ کے سربراہ ناظم الحسن نے ٹیم پاکستان بھیجنے کا فیصلہ آئی سی سی کی کلئیرنس سے مشروط کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں چئیرمین پی سی بی احسان مانی کی زیر صدارت ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بنگلہ دیش کو آئندہ سال کیلئے اے سی سی کا صدارت سونپ دی گئی۔
نیوز کانفرنس میں بنگلہ دیش بورڈ اور اے سی سی کے نئے سربراہ ناظم الحسن کا کہنا تھا کہ ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے تیار ہیں، بس آئی سی سی کی کلئیرنس درکار ہے۔
چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ بھارت سمیت تمام ممبربورڈز سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ احسان مانی نے بتایا آئندہ ایمرجنگ ایشیا کپ پاکستان اور کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ اجلاس میں افغانستان کو ممبر بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے بعد اے سی سی کے نو منتخب صدر ناظم الحسن اور نائب صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کے میچز کراچی اور کولمبو میں ہوں گے، یو اے ای، ہانگ کانگ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں کراچی میں کھیلیں گی۔
بھارت کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انڈین کرکٹ بورڈ سے ہمارے تعلقات اچھے ضرور ہیں مگر کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنے کی ضرورت ہے، عام انتخابات کے بعد ہی بھارتی بورڈ سے بات چیت ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد: ٹی ٹین لیگ پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے تحفظات کا اب تک کوئی جواب نہیں مل سکا.
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی کے ٹی ٹین لیگ کے کرتا دھرتاؤں کے بارے میں اٹھائے جانے والے اعتراضات کا کوئی جواب نہیں آیا.
احسان مانی کہتے ہیں کہ نہ تو لیگ کے مالک کا پتا ہے، نہ ہی آرگنائزر کاعلم ہے، یہ بھی واضح نہیں کہ پیسہ کہاں سےآرہا ہے، ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں کو تحفظ دینا ضروری ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق تحفظات کےباوجود چند عناصر ٹی ٹین لیگ کو قانونی قرار دلوانے کے لیے سرگرم ہیں، پہلے مخالفت کرنے والے اب حامی بن گئے ہیں.
کرکٹ مبصرین ٹی ٹین کرکٹ لیگ کے میچ فکسرز کی جنت بننے کے خدشات بھی ظاہر کر رہے ہیں، کیوں کہ اس میں چیک اینڈ بیلنس کا واضح نظام موجود نہیں. لیگ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ سے بھی آزاد ہے۔
یاد رہے کہ سابق کپتان آصف اقبال نے ٹی ٹین لیگ کو تماشا قرار دیا ہے۔ دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفرازنوازنے آئی سی سی سے لیگ پرپابندی لگانے کا مطالبہ کردیا.
لاہور : چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فور کا فائنل17مارچ کو کراچی میں کرایا جائے گا، آخری 8میچز بھی پاکستان میں ہوں گے، فرنچائز مالکان کے تحفظات دور کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی کی زیرصدارت پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں بتایا گیا کہ پی ایس ایل فور14فروری سے یواے ای میں شروع ہوگا، ایونٹ کا فائنل17مارچ کو کراچی میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پی ایس ایل فور کے آخری 8میچز بھی پاکستان میں منعقد ہوں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر پی ایس ایل کو سب سے بڑا برانڈ بنانا ہمارا مشن ہے، وزیراعظم پی ایس ایل کو مزید کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں، پی ایس ایل 4 کا ڈرافٹ اکتوبر کے آخری ہفتے میں ہو گا اور ہر فرنچائز 10 کرکٹرز کو برقرار رکھ سکے گی۔
اس موقع پرچیئرمین پی سی بی نے فرنچائز مالکان کو ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، احسان مانی نے ہدایات دیں کہ تمام پارٹنر اور فرنچائزز کے کام کو شفاف بنایا جائے۔
متفقہ طورپر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ فرنچائز کا نمائندہ بڈ کمیٹی کا حصہ ہوگا، کمیٹی کا نمائندہ پی ایس ایل کے مختلف رائٹس کا فیصلہ کرےگا، اجلاس میں فرنچا ئزمالکان نے احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی بننے پرمبارکباد پیش کی۔
لاہور: احسان مانی بلا مقابلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ منتخب ہوگئے ہیں۔ احسان مانی اس سے قبل انٹرنیشل کرکٹ کاؤنسل آئی سی سی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے۔ وہ اس عہدے کے لیے بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔
احسان مانی صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے راولپنڈی کلب اور گورنمنٹ کالج لاہور کی ٹیم سے کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا۔ بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے وہ برطانیہ چلے گئے۔
شعبے کے لحاظ سے احسان مانی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں۔ عملی شعبے میں انہوں نے آئی سی سی کی بے شمار کمیٹیوں کی سربراہی کی ہے جبکہ مختلف عہدوں پر فائز رہے ہیں۔
نو منتخب چیئرمین احسان مانی پی سی بی کے 30 ویں چیئرمین ہیں اور وہ اگلے 3 سال تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔
لاہور : چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کے میچز میں کسی سیاسی شخصیت کودعوت نہیں دی، سیاست کو کھیل سے الگ رکھنا چاہتا ہوں تاہم عمران خان سمیت سابق کھلاڑیوں کودعوت دی ہے لیکن ابھی انہوں نے آنے سے متعلق آگاہ نہیں کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت سے تعلقات جیسے ہی اچھے ہونگے ان سے میچز بھی ہوجائیں گے۔
بی سی سی آئی سے کہا تھا کہ میچز کھیلنے کو تیار ہیں لیکن بی سی سی آئی تعاون نہیں کر رہا، بھارت نے ہم سے دو سیریز نہیں کھیلیں، ان سے70ملین ڈالر مانگے ہیں، اسی وجہ سے ان پر معاوضے کے لیے آئی سی سی میں کیس کیا ہوا ہے۔
اس کے علاوہ بی سی سی آئی نیوٹرل وینیو پر بھی ہم سے کھیلنے کو تیار نہیں۔ پاک افغان حکومتوں کے معاملات کااثر کرکٹ پرپڑرہاہے، نومبرمیں ویسٹ انڈیزکی ٹیم پاکستان آئیگی۔
پی ایس ایل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عوام کی حمایت سے پی ایس ایل فائنل لاہور میں ہوا، کوشش ہے کہ پی ایس ایل کےچار میچز کراچی اور چار لاہور میں ہوں، اس کے علاوہ ہماری یہ بھی کوشش ہے2019کا پی ایس ایل بھی پاکستان میں ہی ہو۔
کراچی میں سیف سٹی پراجیکٹ ہونا چاہئے، کراچی بہت محفوظ شہر ہے، اگلےپی ایس ایل کے دو یا چار میچ کراچی میں کرانے کیلئےپرعزم ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کے ٹاپ5کھلاڑی ہیں، وکٹ اچھی ہے، دونوں ٹیموں کے بالرز تگڑےہیں، بڑےاسکور والے میچز کی توقع ہے، ورلڈالیون میچز کے بعد جنوبی افریقہ کو آنےمیں مسئلہ نہیں ہوگا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی فرنچائز کے کیمپس پاکستان میں ہی لگ رہےہیں، ڈسپلن، فٹنس بہت ضروری ہے، ڈسپلن پرسمجھوتہ نہیں ہوگا پوری توجہ ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط کرنے پر ہے، اسکول کرکٹ شروع کردی ہے۔
لاہور : چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل تھری کے چار میچز کراچی میں ہوں گے، اس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ بھی واپس آئے گی، ورلڈ الیون کے میچز کراچی میں کرانے کی کوشش کی تھی، دو سال بعد پی ایس ایل میں 7ویں ٹیم بھی شامل کرلیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، نجم سیٹھی نے کہا کہ ورلڈ الیون کی پاکستان آمد بہت بڑی کامیابی ہے، ورلڈ الیون کے ایک سے دو میچز کراچی میں کرانے کیلئے بہت کوشش کی۔
ورلڈالیون کا میچ کراچی میں نہیں ہوسکے گا
، آئی سی سی کی پوزیٹو رپورٹ تمام ممبرز کو جانی چاہئیے، ورلڈ الیون کا میچ پاکستان میں کرانے کیلئےآئی سی سی سے کہا ہے، آئی سی سی کی سیکیورٹی ٹیم کی جانب سے گرین سگنل مل گیا ہے، البتہ ورلڈالیون کا میچ کراچی میں نہیں ہوسکے گا، کسی بھی ٹیم کی ہار ہو لیکن جیت پاکستان کی ہوگی۔
پی ایس ایل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ٹیم کی میٹنگ کے بعد کراچی میں چار میچز کرانے کی کوشش کرینگے، اگلے سال کراچی اسٹیڈیم تیارہوجائیگا، پھر پی ایس ایل کےچار میچز کرائینگے۔
پی ایس ایل کیلئے ساتویں ٹیم بھی شامل کریں گے
نجم سیٹھی نے بتایا کہ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم پچاس کروڑ سے زائد میں فروخت ہوئی، دو سال بعد پی ایس ایل کیلئے ساتویں ٹیم بھی شامل کریں گے، فاٹا، سیالکوٹ، فیصل آباد کی ٹیموں میں سے کوئی ٹیم شامل ہوسکتی ہے، فاٹا میں زیادہ ٹیلنٹ ہے، فاٹا میں ویمن ٹیم ٹیلنٹ ہنٹ بھی بھیجی تھی، پشاورمیں اکیڈمی کیلئےایم او یو سائن کرینگے۔
سری لنکاکےآنےسےدیگرٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سری لنکاسے کہا تھا آپ پاکستان نہیں آئیں گے تو کوئی نہیں آئیگا، سری لنکا سے ایک دو میچ پاکستان میں کھیلنےکی بات ہوئی ہے۔
سری لنکاکےآنےسےدیگرٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی، زمبابوے کی ٹیم کسی سیکیورٹی کمپنی کی گارنٹی کے بغیرآئی تھی، ٹاپ کی سیکیورٹی کمپنی پاکستان میں معاملات کو دیکھ رہی ہے، گرین سگنل ملتےہی دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آنا شروع ہوجائیں گی۔
ہم نے بھارت میں کھیلنے سےانکار کردیا
نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ بھارت ہم سے چیمپئنزٹرافی کھیلنے کوبھی راضی نہیں تھا، بعد میں بھارت چیمپئنز ٹرافی کھیلا اور ہار گیا، بھارت سے سیریزکھیلنے سےمتعلق کچھ حد تک کامیابی ہوئی،اب پاکستان،بھارت،سری لنکا سیریز سے متعلق بات چل رہی ہے۔
بھارتی کھلاڑی کو اجازت نہیں کہ وہ کسی اورلیگ میں کھیلے، بھارت میں اس وقت مودی کی انتہا پسند حکومت ہے، بی سی سی آئی کی لیڈرشپ بھارتی سپریم کورٹ کےتحت چل رہی ہے۔
بی سی سی آئی کی لیڈر شپ کہتی ہے کہ بھارتی حکومت انہیں اجازت نہیں دیتی، بھارت نے کہا تھا کہ پاکستان بھارت میں آکر کھیل سکتا ہے، لیکن ہم نے بھارت میں کھیلنے سےانکار کردیا۔
شاہدآفریدی ریٹائرہوچکے ہیں، فیئر ویل نہیں مل سکتا
نجم سیٹھی نے کہا کہ میرے دور میں تین اسٹارکھلاڑی تھے، یونس خان ، شاہد آفریدی اورمصباح الحق، شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ فیئرویل میچ کھیلنے دیں، ہم نے کہا کہ پلیئر ریٹائرڈ ہوجائے تو اسے فیئر ویل نہیں مل سکتا۔
شاہد آفریدی سے کہا کہ ہماری کچھ مجبوریاں ہیں، البتہ میں ایک چیز کرسکتا ہوں، ورلڈ الیون آرہی ہے اس میں کھیلنا چاہو تو بتادو، شاہد آفریدی کو ورلڈالیون کیخلاف کپتان بنانے کی بھی آفر کی تھی، لیکن وہ نہ مانے اور کہا کہ شکریہ اب اس بات کو رہنے ہی دیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے پیار اور عزت چاہیے اور کچھ نہیں۔ یونس، مصباح، آفریدی کو ایوارڈ تقریب میں مدعو کیا ہے، تینوں سینئر کھلاڑیوں کیلئےایوارڈ کی بھی سفارش کی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ ہوتی ہے تو دیکھنا ہوتا ہے کہ وہ کتنا بڑا اسٹار ہے، غلطی کرنے پر اسٹار سمیت کوئی بھی ہو سخت سزاہونی چاہیے، سزاکاٹیں، معافی مانگیں تو آپ واپس آجائیں،آپ کی عزت کروں گا، ہم کون ہوتے ہیں معافی دینے والے، سزا اپنی جگہ ہوتی ہے۔
مکمل پاورسلیکٹرز کےپاس ہونی چاہئیے
کرکٹ بورڈ میں مختلف سروسز پر40کھلاڑی موجود ہیں، چیف سلیکٹرز کے پاس پاور کی بات نہیں، رائٹس چاہئیے ہوتے ہیں، جوکھلاڑی آپ سلیکٹ کریں اسے کوئی چیلنج نہ کرسکے، مکمل پاورسلیکٹرز کےپاس ہونی چاہئیے، چیئرمین بھی مداخلت نہ کرسکے۔
کسی کھلاڑی سے متعلق چیئرمین نہیں سلیکٹرز جواب دہ ہونا چاہیے، راشد لطیف اور معین خان کوپیشکش کےلئے کال کی تھی، راشد لطیف پی سی بی میں شامل ہونے کی خواہش ظاہرکریں گے تو ان کا ساتھ دونگا۔
امریکی جرنیل ناکامی کے باوجود افغانستان میں ہار نہیں ماننا چاہتے
نجم سیٹھی نے کہا کہ امریکا ہرجنگ میں ناکام ہوا، وہ سامراج ملک ہے بازنہیں آتا، امریکی جرنیل ناکامی کے باوجود افغانستان میں ہار نہیں ماننا چاہتے، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاتھا کہ صدر بناتو افغانستان سے فوج واپس بلالونگا، جرنیلوں نے ٹرمپ کا گریبان پکڑلیا، کیسے دستبردارہوگئے، پاکستان کی وجہ سےجنگ ہارنا محض امریکا کا الزام ہے۔
لاہور : چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کرکٹ شائقین کو خوشخبری سنائی ہے کہ رواں سال ستمبر سے نومبر تک ورلڈ الیون، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آٹھ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کوشاں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوام کو خوشخبری سنادی،۔
ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان آرہی ہے۔ آئندہ دو سے تین روز میں ورلڈ الیون ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام سے آگاہ کردوں گا۔
انہوں نے بتایا کہ سری لنکن ٹیم نےبھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ سری لنکا کو منانا بہت مشکل کام تھا تاہم سری لنکن بورڈ نے دلیری سے فیصلہ لیا اور کہا ہم آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی، چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی،۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کا دورہ ورلڈ الیون کی ٹیم کے کامیاب دورے سے مشروط ہوگا جب کہ ابھی تک کوئی غیر ملکی ٹیم لاہور کے علاوہ کسی اور شہر میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی کو پروفیشنل بنانا بہت بڑی ذمہ داری ہے، غیر ملکی ٹیموں کی سکیورٹی فنڈز کے علاوہ تمام اخراجات خود برداشت کریں گے۔
لاہور: ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی۔
درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ کے روبرو ہوئی جس میں درخواست گزار ناصر اقبال نے موقف اختیار کیا تھا کہ نجم سیٹھی کو پی سی بی آئین کے خلاف چیئرمین تعینات کیا گی، سابق پیٹرن ان چیف میاں نواز شریف نے نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کو بطور بورڈ آف گورنر توسیع دی انھوں نے 9 جولائی کو ہی 6 اگست سے بورڈ ممبرز کی نامزدگی کر دی جبکہ 6 اگست سے پہلے سابق چیئرمین شہریار خان کی مدت بھی مکمل نہیں ہوئی تھی۔
درخواست گزار کے مطابق شہریار خان کی مدت مکمل ہونے سے پہلے بورڈ ممبران کی نامزدگی نہیں کی جا سکتی، سابق پیٹرن نواز شریف جولائی میں بطور وزیر اعظم نااہل ہوگئے اور نااہلی کے بعد نواز شریف کی جانب سے پی سی بی کے بورڈ آف گورنر کی تعیناتی کے لیے جاری احکامات بھی غیر مو ثر ہو چکے ہیں۔
موقف میں کہا گیا کہ اسی لیے نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کا 6 اگست کے لیے بطور بورڈ آف گورنر نوٹی فکیشن بھی اپنی حیثیت کھو چکا ہے اس لیے نجم سیٹھی کی تعیناتی پی سی بی کے قوانین کی صریحاً خلاف ورزی یے، استدعا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تعیناتی کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دیا جائے۔
جواب میں پی سی بی کے وکیل نے دلائل دیے کہ نجم سیٹھی کا الیکشن قانون کے مطابق ہوا، پی سی بی کے بورڈ آف گورنر کو اختیار حاصل ہے کہ وہ چیئرمین کا انتخاب کر سکیں لہذا درخواست مسترد کی جائے۔
عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا۔
کراچی : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہر یارخان نے کہا ہے کہ مالی خسارہ پورا کرنے کیلئے بھارت میں کرکٹ سیریز کھیلنے پر تیار ہیں، دوطرفہ کرکٹ نہ ہونے سے پی سی بی کو مالی نقصان پہنچا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شہریار خان نے کہا کہ بھارت میں کرکٹ سیریز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دو طرفہ کرکٹ کی بحالی کیلئے قومی ٹیم بھارت بھیجنے کو تیار ہیں نیوٹرل جگہ پر بھی کھیل سکتےہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی تناﺅ کے باعث کرکٹ تعلقات بھی متاثر ہوئے جس کے باعث دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ 2012ءمیں آمنے سامنے ہوئیں اور اس کے بعد کوئی سیریز نہ ہو سکی۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ معاملے پر لیگل ٹیم بغیر کسی دباؤ کے کام کررہی ہے، چیئرمین پی سی بی کے مطابق کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سے پہلے نیشنل اسٹیڈیم کے قریب رہائشی انتظامات جلد مکمل ہونگے۔
لاہور : چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ بنگلادیش کی کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنے کا امکان فی الحال نظر نہیں آرہا۔ بھارت اور سری لنکا بگ تھری کے حق میں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہی، شہریار خان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اجلاس اگلے ماہ چوبیس تاریخ کو ہوگا۔ بھارت اور سری لنکا بگ تھری کے حق میں ہیں۔ جبکہ پاکستان اور بنگلا دیش نے بگ تھری کی مخالفت میں ووٹ دیا ہے۔ پاکستان اوربنگلادیش بگ تھری کیخلاف اب بھی ڈٹے ہوئے ہیں.
ایک سوال کے جواب میں شہریار خان نے کہا کہ اپریل میں بگ تھری سے متعلق مثبت پیش رفت ہوگی، ان کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان نہیں ہے۔
اگست میں بنگلا دیش دورے سے قبل مالی معاملات پر بات کریں گے، انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش ٹیم کے دورہ نہ کرنے کی وجہ سیکیورٹی خدشات نہیں ہیں۔