Tag: chairman PIA

  • پی آئی اے کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے‌، ارشد محمود ملک

    پی آئی اے کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے‌، ارشد محمود ملک

    کراچی : چیئرمین پی آئی اے ایئر وائس مارشل  ارشد محمود ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے‌، ادارے کے کارکنان اس کا سرمایہ ہیں۔

    یہ بات انہوں نے بحیثیت چیئرمین پی آئی اے کا چارج سنبھالنے کے بعد کارکنان کے نام اپنے ایک پیغام میں کہی، ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی ترقی کیلئے سب کو کردارادا کرنا ہوگا، ادارے سے کسی کو بھی ملازمت سے نکالا نہیں جائے گا تاہم بدعنوان اور ادارے کی بدنامی کا باعث بننے والوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

    چیئرمین پی آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ادارہ اس وقت معاشی اور انتظامی مشکلات میں گھرا ہوا ہے، پی آئی اے کی موجودہ حالت پوری قوم کیلئے تکلیف کا باعث بنی ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے رہنما اصولوں ایمان اتحاد اور تنظیم کے تحت قلیل وقت میں پی آئی اے کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانا ہے، پی آئی اے کو نقصان سے نکال کر منافع بخش ادارے میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

    آمدنی کو بڑھانے اور غیر ضروروی اخراجات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کریں گے، ہرسطح پر میرٹ کو فروغ دیا جائے گا، افرادی قوت کی بہبود، ترقیوں اور تبادلوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرکے شفاف بنایا جائے گا۔

    ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ اگرچہ ائر لائن معاشی اور انتظامی مشکلات سے گزر رہی ہے مگر وہ پر امید ہیں کہ ان کو دور کرنے میں اللہ تعالیٰ کی مدد شامل رہے گی۔

  • پی آئی اے چیئرمین عرفان الٰہی کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ

    پی آئی اے چیئرمین عرفان الٰہی کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ

    کراچی : پی آئی اے چیئرمین عرفان الٰہی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا، عرفان الٰہی پی آئی اے کی کارکردگی پر چیئرمین نالاں تھے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے چیئرمین عرفان الٰہی نے مزید کام کرنے سے معذوری ظاہر کردی ہے، جس کے بعد پی آئی اے نے نئے چیئرمین کی تلاش شروع کردی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی کارکردگی پر چیئرمین نالاں تھے اور گذشتہ دنوں بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس میں بھی ممبران نے پی آئی اے کی کارکردگی پر اپنے عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

    دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ چیئرمین عرفان الٰہی نے تحریری طور پر کوئی استعفیٰ دیا اور نہ ہی مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں اعظم سہگل کے استعفی کے بعد دوسری مرتبہ عرفان الٰہی کو قائمقام چیئرمین پی آئی اے مقرر کیا گیا تھا۔


    مزید پڑھیں :  2017میں قومی ایئرلائن کو 43 ارب 65 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا


    واضح رہے کہ وزیر انچارج ہوا بازی ڈویژن نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کرادیا، جس میں بتایا گیا تھا کہ 2017 میں قومی ایئرلائن کو 43 ارب 65 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا۔

    تحریری جواب میں پی آئی اےکے659ملازمین کی جعلی ڈگریوں کا انکشاف ہوا تھا اور بتایا گیا تھا کہ جعلی ڈگریوں پر391 ملازمین کو برطرف کر دیا گیا جبکہ 251 ملازمین کے کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور 17 ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جارہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • طیارہ اڑان بھرتے ہی بائیں جانب جھک گیا تھا، خرابی کا انکشاف

    طیارہ اڑان بھرتے ہی بائیں جانب جھک گیا تھا، خرابی کا انکشاف

    کراچی : چترال سے اسلام آباد آنے والے طیارے میں خرابی کا انکشاف ہوا ہے، طیارے میں اڑان کے وقت ہی معمول سے زیادہ فرق نظر آرہا تھا۔ طیارہ اڑان بھرتے ہی بائیں جانب جھک گیا تھا آواز بھی زیادہ تھی۔

    تفصیلات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے اڑان بھرنے کا عمل معمول سے ہٹ کر تھا لیکن چیئرمین پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارہ اے کلاس چیک ہوا تھا کوئی خرابی نہیں تھی۔ بلیک باکس مل گیا جس سے تحقیقات میں مدد ملے گی۔

    چترال سے اسلام آباد آنے والا طیارہ کس طرح حادثے کا شکار ہوا اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئیں ہیں، ذرائع کے مطابق چترال سے اڑان بھرتے وقت طیارے میں معمول سے زیادہ فرق نظر آرہا تھا ۔ طیارہ اڑان بھرتے ہی بائیں جانب جھک گیا تھا آواز بھی زیادہ تھی۔

    مزید پڑھیں : جہاز میں‌ کوئی خرابی نہیں‌ تھی، چیئرمین پی آئی اے

    عینی شاہدین کے مطابق طیارے کو ہچکولے کھاتا ہوا بھی دیکھا گیا، دوسری جانب چیئرمین پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارہ بالکل ٹھیک تھا اسے اے کلاس چیک کیا گیا۔

    حادثے کے فوری بعد وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کی پانچ رکنی ٹیم تشکیل دے کر جائے حادثہ پر روانہ کردی جو دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر شواہد اکٹھے کرے گی۔

    مزید پڑھیں: طیارہ حادثہ، تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل

    سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا بلیک باکس ڈھونڈ لیا گیا ہے۔ جس سے طیارہ حادثے کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی، تحقیقات میں غیرملکی ماہرین سے مدد لی جائےگی۔

  • پی آئی اے میں انتظامیہ کا اختیار نہ ہونے کے برابر ہے، چیئرمین اعظم سہگل

    پی آئی اے میں انتظامیہ کا اختیار نہ ہونے کے برابر ہے، چیئرمین اعظم سہگل

    کراچی : چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے کہا ہے کہ ادارے میں انتظامیہ کی عمل داری اور اختیار نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس کی بڑی مثال عملے اور طیاروں کی تعداد کا تناسب ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ کے چیئرمین اعظم سہگل کا کہنا تھا کہ پی آئی اے میں مستقل ملازمین اندازاً 14 ہزار ہیں اور چار ہزار کے قریب دہاڑی دار ہیں جو عرصے سے کام کر رہے ہیں تب سے جب ہمارے پاس 14 یا 15 طیارے تھے۔

    ہمیں اب دستیاب طیاروں کے حساب سے چار ہزار افراد کی ضرورت ہے۔ آپ اس سے اندازہ لگا لیں کہ ہماری انتظامیہ کی اس پی آئی اے میں عملداری کتنی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عملے کے انتخاب سے لے کر اگر کمپنی کارکردگی کی بنیاد پر کسی کو برخاست کرنا چاہے تو بھی نہیں کر سکتی۔

    انہوں نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ ’انتظامیہ کی عملداری بالکل نہیں ہے۔ ہماری انتظامیہ کی طاقت بالکل نہیں ہے۔‘ اور یہ خیال بھی ایک حد تک درست ہے کہ پی آئی اے کی ’انتظامیہ یونینز کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے۔

    اعظم سہگل نے بتایا کہ ایئرلائن میں احتساب کے فقدان کی بڑی وجہ یونین اور ایسوسی ایشنز کا حد سے زیادہ اثر و رسوخ ہے۔

    پی آئی اے کی نجکاری کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ہڑتال اور بعد میں سیاسی جماعتوں کی مخالفت کی وجہ سے ’حکومت نے 26 فیصد حصص کی نجکاری کرنے کے فیصلے کو بدلا اور اب کمپنی کا انتظام حکومت کے پاس رہے گا۔ حکومت 51 فیصد حصص اپنے پاس رکھے گی۔

    پی آئی اے کے عملے سے مسافروں کی شکایات اور عملے کے مختلف جرائم میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے حوالے سے اعظم سہگل کا کہنا تھا کہ ’اس کا مکمل الزام پی آئی اے پر لگا دینا مناسب نہیں کیونکہ افرادی قوت کی تعداد اور ان کی سروس کا معیار یونینز اور ایسوسی ایشنز قائم کرتی ہیں انتظامیہ نہیں۔

    جب اُن سے پوچھا گیا کہ گذشتہ دنوں ہڑتال کے بعد شوکاز نوٹس جاری کیے گئے مگر کارروائی کچھ نہیں ہوئی تو اعظم سہگل کا کہنا تھا کہ ’میرے نزدیک بدقسمتی میں اس معاملے کو برے طریقے سے ہینڈل کیا گیا ہم نے لوگوں کی شناخت کی سزا دی انہیں ملازمتوں سے نکالا ان کے خلاف کیس درج کروائے مگر کسی نہ کسی طریقے سے وہ سب لوگ واپس پی آئی اے میں پہنچ گئے۔

     

  • چیئرمین پی آئی اے ناصرجعفر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

    چیئرمین پی آئی اے ناصرجعفر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

    کراچی : پی آئی اے کےچیئرمین ناصرجعفر نےاستعفیٰ دےدیا، ان کا کہنا ہے کہ ملازمین کی ہلاکت کے واقعےکے بعد عہدے پر رہنے کیلئے دل نہیں مانتا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی آئی اے ملازمین پر فائرنگ سے ہلاکتوں کے بعد پی آئی اے کے چیئرمین ناصر جعفر نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیدیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملازمین کی ہلاکت کے بعد میرے ضمیر پر بوجھ ہے اور اب میرا کام کرنے کو دل نہیں کرتا۔

    ناصرجعفر نے کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنااستعفیٰ وزیراعظم نوازشریف کوبھجوا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک سال سے سب کو اکٹھا کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ تنازعہ کے حل کیلئے اپنی پوری کوششیں کیں لیکن افسوس ہے کہ ایسا واقعہ ہوگیا۔

  • پالپا اور پی آئی اے میں معاملات طے پاگئے

    پالپا اور پی آئی اے میں معاملات طے پاگئے

    اسلام آباد: پاکستان ائیرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن ”پالپا“اور پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکریٹیریٹ کے چیئرمین طلحہ محمود نے بتایا کہ فریقین نے 10 میں سے 9 نکات پراتفاق کرکے معاہدے پردستخط کردیے ہیں۔

    ڈائریکٹر فلائٹ آپریشن کو ہٹانے سے متعلق معاملے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے اورجب تک چیرمین پی آئی اے مسودے پر دستخط نہیں کریں گے اس کی قانونی حیثیت نہیں ہوگی۔

    کمیٹی نے چیرمین پی آئی اے ناصرجعفر یا ان کے کسی نمائندے کے اجلاس میں عدم شرکت پراپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    چیرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ حکومت اورچیرمین پی آئی اے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں اورکمیٹی کی حیثیت کو مذاق بنایا ہوا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈائریکٹر فلائٹ آپریشن کو ہٹانے کا فیصلہ قا نونی رائے لینے کے بعد کیا جائے گیا، پی آئی اے کسی کی ذاتی میراث نہیں بلکہ قومی ادارہ ہے۔

    اس موقع پرپالپا کے صدرعامر ہاشمی کا کہنا ہے کہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں، پالپا کی ہڑتال کے باعث مسافروں کو درپیش مشکلات پرمعذرت خواہ ہیں۔

  • پی آئی اے کا حج آپریشن 17اگست سے شروع ہوگا، چیئرمین پی آئی اے

    پی آئی اے کا حج آپریشن 17اگست سے شروع ہوگا، چیئرمین پی آئی اے

    کراچی : چیئرمین پی آئی اے ناصر جعفر کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا حج آپریشن سترہ اگست سے شروع ہوگا۔

    حج آپریشن سات بڑے شہروں سے پروازیں آپریٹ کی جائیں گی حج آپریشن کے دوران 155پروازوں کے ذریعے 55ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچا یاجائے گا، اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی آئی اے ناصر جعفر کا کہنا تھا کہ سعودی ایوی ایشن کی جانب سے پی آئی اے کو حج آپریشن کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    حج آپریشن میں بوئنگ777،ایئر بس330اور 310طیارے استعمال کئے جائیں گے، پہلی حج پرواز 17اگست کو صبح 5بجکر35منٹ پر پی کے6003کے ذریعے لاہور سے 328سے زائد عازمین کولیکر جدہ روانہ ہوگی جبکہ دوسری پرواز پشاور سے صبح9بجکر5منٹ پر پی کے6005کے ذریعے328 جبکہ تیسری حج پرواز 17اگست کو پی کے6009کے ذریعے کراچی سے 370سے زائد عازمین کودوپہر 3بجکر30منٹ پر جدہ روانہ ہوگی۔

    چوتھی حج پرواز 17اگست کو پی کے6001کے ذریعے اسلام آباد سے 300سے زائد عازمین کو شام 7بجکر35منٹ پر جدہ روانہ ہوگی،عازمین کی سہولت کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔