Tag: Chairman wapda

  • کے فور منصوبہ  2023 تک مکمل کرلیں گے ، چیئرمین واپڈا

    کے فور منصوبہ 2023 تک مکمل کرلیں گے ، چیئرمین واپڈا

    اسلام آباد: چیئرمین واپڈا مزمل حسین کا کہنا ہے کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کے 4 کو 2023 تک مکمل کرلیں گے اور کراچی کو اکتوبر 2023 تک وافر پانی مہیا کر دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کے 4کے معاہدے پردستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، فرخ حبیب اورچیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)مزمل حسین اورآسٹریا کےسفیر شریک ہوئے۔

    تقریب میں چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا کراچی کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی دستیابی کی کمی کا سامنا ہے ، کراچی کو 1300 ملین گیلن پانی چاہیے ، وفاقی حکومت جلد از جلد اس منصوبے کو مکمل کرنا چاہتی ہے۔

    مزمل حسین کا کہنا تھا کہ حکومت سے رائٹ آف وے اور فنڈز کی بروقت فراہمی کی درخواست کی ہے، کے فور منصوبہ 2023 تک مکمل کرلیں گے اور کراچی کو اکتوبر 2023 تک وافر پانی مہیا کر دیں گے۔

    اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹرکےفور عامرمغل نے کہا کہ 15 کمپنیوں نے منصوبےمیں اظہار دلچسپی ظاہر کی ہے، واپڈانےآئی ایل ایف آسڑیا اور 2پاکستانی کمپنیوں کوڈیزائن کنسلٹنٹسی دی ہے ، منصوبے کے ڈیزائن کنسلٹنٹسی کی لاگت ایک ارب 14 کروڑ روپے ہے ، کے فور منصوبے سے کراچی کو 650 ملین گیلن صاف پینے کا پانی ملے گا۔

    بعد ازاں وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب اور چیئرمین واپڈا نے میڈیا سے گفتگو کی ، چیئرمین واپڈا نے کہا کہ کے فور منصوبے کی تاخیر کی بنیادی وجہ سروے  اور الائنمنٹ کی تھی ، اس منصوبے میں چار ذیلی منصوبے ہیں ، وزیر اعظم نے فیصلہ کیا تھا کہ یہ منصوبہ مرکز مکمل کرے گا۔

    وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیحات عوام کے مسائل حل کرنا ہے، کئی سالوں سے کے فور کا منصوبہ رکا رہاہے، پی پی حکومت ایک نالہ تو صاف نہیں کر سکتی کے فور کس طرح کرے گی، کراچی کے منصوبوں کو اتفاق رائے سے مکمل کریں گے۔

  • دیا میربھاشا اورمہمند ڈیمزکی تعمیر کی نگرانی خود کروں گا، وزیر اعظم عمران خان

    دیا میربھاشا اورمہمند ڈیمزکی تعمیر کی نگرانی خود کروں گا، وزیر اعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چیئرمین واپڈا سے دیا میربھاشا اور مہمند ڈیم کو ہنگامی بنیادوں پر بنانے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی ہے، ڈیمز کی تعمیر کی بذات خود نگرانی کروں گا۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہی، تفصیلات کے مطابق چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کی۔

    ملاقات میں دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیم کو ہنگامی بنیادوں پر بنانے پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے عمران خان کو واپڈا کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔

    ملاقات میں وزیراعظم نے چیئرمین واپڈا کو ڈیمز کی جلد تکمیل پرزور دیا، اس حوالے سے ٹوئٹر پر اپنے ایک تازہ پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں مجموعی طور پر پانی کے صرف 185ذخائرہیں جن میں دو ڈیم شامل ہیں۔

    اس کے مقابلے میں بھارت کے پاس 5000 آبی ذخائر ہیں جبکہ چین میں چار ہزار بڑے ڈیمز سمیت مجموعی84ہزار آبی ذخائر موجود ہیں، پاکستان کے حصے میں سالانہ 45 ملین ایکڑ فٹ پانی آتا ہے جس کا 80 فیصد 3 ماہ جبکہ بقیہ 20 فیصد باقی 9 ماہ میں آتا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو بڑھتے ہوئے آبی بحران سے محفوظ ملک بنانا ہے، ڈیمز کی تعمیر سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ افادیت کے پیش نظر منصوبے کی نگرانی میں اپنے ذمہ لے سکتا ہوں۔