Tag: Chakiwara

  • کراچی میں ’’جنگلی فالودے‘‘ نے دھوم مچادی

    کراچی میں ’’جنگلی فالودے‘‘ نے دھوم مچادی

    کراچی : ویسے تو شہر قائد میں کھانے پینے کے حوالے سے بہت سے پکوان اور مقامات مشہور ہیں، جن میں برنس روڈ، بہادرآباد، دو دریا جیسی فوڈ اسٹریٹس شامل ہیں، جہاں کے بریانی، نہاری، فروٹ چاٹ وغیرہ اپنی مثال آپ ہیں۔

    ان کے علاوہ ایک مقام اور بھی ہے جو لیاری میں ہے جہاں پر لوگ جوق درجوق مزیدار کھانے کا شوق پورا کرنے آتے ہیں، جس کی سب سے مشہور چیز جنگلی فالودہ ہے۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے آصف خان کی رپورٹ کے مطابق ماہ رمضان میں لیاری کے علاقے چاکیواڑہ کے بازار میں روزہ داروں کیلئے خصوصی طور پر فالودہ تیار کیا جاتا ہے جسے جنگلی فالودہ کہا جاتا ہے۔

    اس فالودے کو سڑک کے کنارے ہی تیار جاتا ہے۔ اس میں کھوئے والا دودھ، پستہ آئس کریم، ربڑی، بادام، پستے، جیلی، گلقند، چاکلیٹ اور دیگر میوہ جات شامل کیے جاتے ہیں، جو اس کی غذائیت اور لذت میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔

    صرف علاقہ مکین ہی نہیں بلکہ لیاری کے علاوہ دیگر علاقوں کے لوگوں کی بڑی تعداد جنگلی فالودہ خریدنے آتی ہے، لیکن جلدی ختم ہوجانے کی وجہ سے کئی لوگ خالی ہاتھ لوٹ جاتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق جنگلی فالودے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ یہ صرف آدھے گھنٹے میں ہی دس من سے زائد فروخت کردیا جاتا ہے۔

  • چاکیواڑہ میں کامیابی کا جشن، سول اسپتال جھگڑے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    چاکیواڑہ میں کامیابی کا جشن، سول اسپتال جھگڑے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: سول اسپتال میں سیاسی جماعت کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے چاکیواڑہ میں کامیابی کا جشن منانے پر مبینہ تشدد سے 4 افراد زخمی ہوئے تھے، جنھیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا تھا، تاہم سول اسپتال کے اندر بھی سیاسی جماعت کے کارکنان آپس میں لڑ پڑے تھے۔

    اس لڑائی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح افراد نے سول اسپتال میں توڑ پھوڑ کی، اور ایک مسلح شخص کو براہ راست فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو میں مسلح افراد اور جھگڑے میں ملوث افراد کے چہرے واضح نظر آتے ہیں، اس جھگڑے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود پولیس نے تاحال فائرنگ اور توڑ پھوڑ کرنے والے افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔

  • چاکیواڑہ میں بھائی اور بھتیجوں کے ہاتھوں پولیس اہلکار کا بھیانک قتل

    چاکیواڑہ میں بھائی اور بھتیجوں کے ہاتھوں پولیس اہلکار کا بھیانک قتل

    رپورٹر: عدنان راجپوت

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری، چاکیواڑہ میں بھائی اور بھتیجوں کے ہاتھوں پولیس اہلکار کا بھیانک قتل ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے چاکیواڑہ، گلستان کالونی میں بھائی اور بھتیجوں نے اسماعیل نامی پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

    مقتول پولیس اہلکار اسمٰعیل گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں تعینات تھا، پولیس حکام کے مطابق مقتول کو اس کے بھائی گل زمین اور بھتیجوں نے گولیاں مار کر قتل کیا، مقتول کو 7 گولیاں ماری گئیں۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، فوٹیج کے مطابق مقتول کے بڑے بھائی اور اس کے بیٹوں نے اسماعیل پر گلی میں تشدد کیا، جھگڑے کے دوران مقتول کے بھتیجے نے پستول نکالا اور اسماعیل پر فائر کر دیے، فوٹیج میں پولیس اہلکار اسماعیل کو زخمی حالت میں بھی مزاحمت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

    مقتول کو گولیاں مارنے کے بعد اس پر ڈنڈوں اور سریوں کے واربھی کیے گئے، حملہ آوروں نے جاتے ہوئے مقتول کی موٹر سائیکل کو بھی آگ لگا دی۔

    مقتول اسماعیل کے ایک اور بھائی سلیم نے اپنے بیان میں کہا کہ اسماعیل کو ان کے بڑے بھائی بخت زمین اور اس کے بیٹوں نے فائرنگ کر کے قتل کیا، 2016 سے اسماعیل کا بھائی سے جائیداد کا تنازعہ چل رہا ہے، اس سے پہلے بھی بخت زمین نے مجھ پر اور اسماعیل پر حملے کیے ہیں۔

    بھائی سلیم کے مطابق اسماعیل نے کئی بار پولیس افسران کو اس معاملے کا بتایا لیکن کوئی مدد نہیں کی گئی، اسماعیل 2008 میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا، اس کے 5 بچے ہیں، سب سے بڑی بیٹی 11 سال کی ہے، واقعے کے بعد سے بخت زمین اپنے بچوں سمیت فرار ہے۔

  • گٹکے اور ماوے کا بڑا سپلائر گرفتار، بھاری مالیت کا مال برآمد

    گٹکے اور ماوے کا بڑا سپلائر گرفتار، بھاری مالیت کا مال برآمد

    کراچی : ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے چاکیواڑہ کے علاقے میں گٹکے کے کارخانے پر چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران شہر میں گٹکے اور ماوے سپلائی کرنے والا بڑا سپلائر گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی سٹی سرفراز نواز نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم یاسر نے اپنے گھر کی چھت پر کارخانہ بنا رکھا تھا اور گزشتہ کئی سال سے یہ کاروبار کررہا تھا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے دو من سے زائد چھالیہ اور17 کلو تمباکو اس کے علاوہ 25 کلو پاؤڈر، 100 کلو گٹکا ماوا اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ دو بڑی جدید مکسچر مشینیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔

    ایس ایس پی کے مطابق رواں سال گٹکا مافیا کے241 کارندے گرفتار ہوچکے ہیں، ڈسٹرکٹ سٹی میں218 ملزمان پر مقدمات درج ہوئے، اب تک 2 ہزار 120 کلو گٹکا اور مین پوری ضبط کی جاچکی ہے۔

  • وعدہ کرتا ہوں سمندر کا پانی بھی میٹھا کرنا پڑا تو کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

    وعدہ کرتا ہوں سمندر کا پانی بھی میٹھا کرنا پڑا تو کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

    کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پانی کی قلت دور کرنے کے لیے اگر سمندر کا پانی بھی میٹھا کرنا پڑا تو کریں گے، یہ میرا وعدہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے چاکیواڑہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا وعدہ بی بی کا وعدہ ہے، ہم نے پاکستان بچانا ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری کے قافلے نے لیاری میں علاقہ مکینوں کی طرف سے پانی کی قلت پر شدید احتجاج کا سامنا کرنے کے بعد چاکیواڑہ کا رُخ کیا، چاکیواڑہ میں خطاب کے دوران بلاول نے کہا کہ ہم جیت گئے تو پانی کی قلت دور کریں گے۔

    انھوں نے اپنے خطاب میں ”لے کے رہے گا ہر انسان : روٹی کپڑا اور مکان“ کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا مسائل حل کرنے کے لیے مجھے آپ کا ساتھ چاہیے، آپ میرے ساتھ ہوں تو کوئی ہمارا راستہ نہیں روک سکتا۔

    چیل چوک


    بلاول بھٹو زرداری کا قافلہ چیل چوک پہنچے پر انھوں نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمندر کا پانی میٹھا کر کے لیاری کےعوام کو دیں گے۔

    لیاری میں بلاول بھٹو کے قافلے پر پتھراؤ، مظاہرین نے پیپلز پارٹی کا جھنڈا جلا دیا


    چیل چوک پہنچنے پر بھی علاقہ مکینوں نے پیپلز پارٹی کے قافلے کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے لیاری کو پانی دو پانی دو کے نعرے لگائے، ریلی میں شامل جیالوں نے بلاول بھٹو زرداری کے حق میں جوابی نعرے لگائے۔

    بلاول بھٹو نے خطاب میں کہا کہ ہم نے پاکستان کو بچانا ہے اور لوگوں کو روزگار دینا ہے، اقتدار میں آکر روزگار کے لیے بلا سود قرضے دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔