Tag: Chakwal

  • چکوال میں قید میں رکھے گئے بہن بھائی میں سے بہن قتل

    چکوال میں قید میں رکھے گئے بہن بھائی میں سے بہن قتل

    چکوال: پنجاب کے شہر چکوال میں قید میں رکھے گئے بہن، بھائی میں سے بہن کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال میں دو بہن بھائیوں کو قید کیا گیا تھا، جن میں سے بہن کو قتل کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ جائیداد پر قبضہ کرنے کے لیے چچا زاد بھائیوں نے دونوں کو قید رکھا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق اہلکاروں نے گھر پر چھاپا مارا تو ایک کمرے سے لڑکی کی لاش ملی، 26 سالہ لڑکی کی لاش 8 سے 10 دن پرانی تھی۔

    پولیس حکام نے تکلیف دہ انکشاف کیا کہ کہ کمرے میں 2 سال سے لڑکی کے ساتھ اس کا 32 سال کا بھائی حسن بھی قید تھا، جو بازیاب ہونے کے بعد بھی خوف کے مارے کچھ بول نہیں پا رہا تھا۔

    درندہ صفت باپ نے 4 بچوں کو ذبح کر کے خودکشی کر لی

    گاؤں کے کچھ لوگوں نے پولیس کو بتایا کہ دونوں بہن بھائیوں کا ذہنی توازن بھی درست نہیں ہے۔ پولیس کو دونوں کے قید کی اطلاع گمنام خط سے ملی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جائیداد ہتھیانے کے لیے چچا زاد بھائی دونوں پر ظلم کر رہے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

  • انسانیت سوز واقعہ، زمین ہتھیانے کی غرض سے بہن قتل بھائی بازیاب

    انسانیت سوز واقعہ، زمین ہتھیانے کی غرض سے بہن قتل بھائی بازیاب

    چکوال: تھانہ نیلہ کے گاؤں گگھ میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں زمین ہتھیانے کی غرض سے بہن کو قتل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال کے تھانہ نیلہ کے گاؤں گگھ میں زمین ہتھیانے کی غرض سے عرصہ دراز سے حبسِ بے جا میں رکھے گئے بہن بھائی میں سے بہن کی لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ بھائی کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ نیلہ کے گاؤں گگھ میں گزشتہ دو سال سے زرعی زمین ہتھیانے کی غرض سے ایک ویران گھر میں بند رکھے گئے بہن بھائی کو بازیاب کروانے کے لیے جب 12 فروری کی شام نیلہ پولیس نے چھاپہ مارا تو کمرے سے بہن کی لاش برآمد ہوئی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی کی لاش 8 سے 10 دن پرانی تھی جبکہ ملحقہ کمرے سے بھائی کو بھی بازیاب کر لیا گیا جو خوف کی وجہ سے ابھی تک کچھ بول نہیں رہا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ متوفیہ کی شناخت جبین بی بی کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 26 سال ہے جبکہ بازیاب ہونے والے بھائی کا نام حسن رضا ہے جس کی عمر 32 سال ہے۔

    پولیس کے مطابق خاتون کمرے کے فرش پر مردہ پائی گئی جس کے اوپر ایک تلائی تھی جبکہ پشت پر نیلے نشان بھی تھے جو شاید فرش پر پڑے رہنے سے پڑ گئے۔

    پولیس ذرائع نے بتایا کہ یکم فروری کو تھانہ نیلہ میں ایس ایچ او نیلہ کے نام لکھا گیا، گمنام خط پاکستان پوسٹ آفس کے ذریعے موصول ہوا، تاہم خط کی تحریر میں ایس ایچ او کو نہیں بلکہ وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ خط میں کہا گیا کہ گھگھ میں جبین بی بی اور حسن رضا ولد کے والد چوہدری زرمتاج دوسال قبل اور والدہ اس سے بھی پہلے انتقال کر گئے تھے، یہ کروڑوں روپے کی جائیداد کے مالک ہیں، ان کے کزن نے انہیں غلط ادویات دے کر نیم پاگل کردیا ہے۔

    خط کے متن کے مطابق دونوں بہن بھائی کمروں میں بند ہیں اور بطن پر لباس بھی نہیں، سخت سردی میں بالکل ننگے پڑے ہوئے ہیں، گاؤں کی ایک عورت کھڑکی سے انہیں کبھی کبھی کھانا دے دیتی ہے۔

    خط میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ ان دونوں بہن بھائیوں پر ان کے اپنے چچازاد یہ ظلم کر رہے ہیں جو ان کی کروڑوں روپے کی جائیداد ہتھیانا چاہتے ہیں، ایک پولیس افسر نے بتایا کہ دونوں بہن بھائی کے نام 7 سے 8 سو کنال زرعی زمین بتائی گئی ہے،  دونوں بہن بھائی کا کوئی اور بہن بھائی نہیں اور نہ ہی کوئی اور رشتہ دار ہے۔

    خط میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ دونوں بہن بھائی پاگل نہیں تھے بلکہ انہیں غلط ادویات دے دے کر نیم پاگل کیا گیا ہے، خط لکھنے والے نے یہ بھی لکھا کہ وہ خود کو بھی اس واقعہ کا مجرم تصور کرتا ہے لیکن اس کے بس میں صرف قلم ہے، یہ تحریر آپ کو لکھ رہا ہوں، بہن بھائی کو ریسکیو کروا کر ان کا علاج کروایا جائے اور انہیں شیلٹر ہوم میں رکھا جائے۔

    خط کے آخر میں خط لکھنے والے نے اپنے نام کی بجائے قلم کار، خدا ترس، اللہ کا بندہ، لکھا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ خط ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ نیلہ صہیب ظفر نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی، کل بارہ فروری کو جب ایس ایچ او صہیب ظفر کو اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ مذکورہ گمنام خط میں جو واقعہ بیان کیا گیا وہ درست ہے تو انہوں نے مجسٹریٹ سے سرچ وارنٹ حاصل کرکے اپنی ٹیم کے ہمراہ مذکورہ گھر میں چھاپہ مارا۔

    پولیس حکام کے مطابق گھر کے کمروں کو تالے لگے ہوئے تھے، پولیس جب ایک کمرے کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوئی تو فرش پر جبین بی بی کی اکڑی ہوئی لاش پڑی تھی۔

    پولیس کے مطابق حسن رضا کی ذہنی حالت درست نہیں اور وہ انتہائی خوفزدہ ہے جو کچھ بول نہیں رہا، ایک پولیس افسر نے بتایا کہ جبین بی بی کی حتمی موت کا تعین پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد ہی ہوگا، تاہم امکان یہ ہے کہ جبین بی بی کی موت سردی اور مسلسل بھوک کی وجہ سے ہوئی ہے۔

    پولیس افسر کا کہنا تھا کہ حسن رضا کا جلد طبعی معائنہ کروایا جائے گا جس سے یہ پتہ چل سکے گا کہ اس کے دماغی توازن کی کیا کیفیت ہے، آیا اسے غلط ادویات دی گئی ہیں یا نہیں، پولیس نے جبین بی بی اور حسن رضا کے چچا زاد بھائیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔

    پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ملزمان جلد گرفتار ہوجائیں گے، گاؤں کے کچھ لوگوں نے پولیس کو بتایا ہے کہ دونوں بہن بھائیوں کا ذہنی توازن درست نہیں تھا جس کی وجہ سے انہیں کمروں میں بند رکھا گیا۔

  • پیراگلائیڈرز کے ذریعے بیجوں کی ’بمباری‘ کا تجربہ

    پیراگلائیڈرز کے ذریعے بیجوں کی ’بمباری‘ کا تجربہ

    چکوال: پنجاب کے ضلع چکوال میں محکمہ جنگلات نے پیراگلائیڈرز کے ذریعے پہلی بار بیجوں کی ’بمباری‘ (سیڈ بم) کا تجربہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال فاریسٹ ڈویژن نے پیرا گلائیڈنگ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پیرا گلائیڈرز کی مدد سے 20 ہزار سیڈ بالز پھیلانے میں کامیابی حاصل کی ہے، پیراگلائیڈرز نے 13 اور 14 اگست کو آرا فاریسٹ ریزرو میں سیڈ بم پھینکے تھے۔

    یہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم تھا جس میں فاریسٹ ڈویژن نے پیرا گلائیڈرز کی مدد سے بیس ہزار سیڈ بالز کے ذریعے ایک لاکھ سے زیادہ پودے اگانے کا تجربہ کیا، ہر سیڈ بال میں 5 مختلف پودوں کے بیج تھے۔

    چکوال فاریسٹ ڈویژن کے مطابق اس طریقے سے پودے اگانے کا تجربہ دنیا میں کافی کامیاب رہا ہے، اسی وجہ سے چکوال میں بھی پیراگلائیڈنگ کے ذریعے پودے اگانے کی کوشش کی گئی ہے۔

    سیڈ بالز کو اونچائی سے زمین پر پھینکا جاتا ہے، اور زمین پر گرنے کے بعد بالز پھٹ جاتی ہیں، اور ان میں موجود مختلف پودوں کے بیج زمین پر پھیل جاتے ہیں۔ اس سیزن میں شجر کاری کی اس منفرد مہم کے ذریعے ایک لاکھ 75 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔

    ڈویژنل فاریسٹ افسر سدھیر احمد مغل کے مطابق فضا سے سیڈ بال پھینکنا پودے لگانے کے لیے ایک مقبول عمل ہے لیکن پیرا گلائیڈرز کے ذریعے سیڈ بالز پھینکنا ملک میں پہلا تجربہ تھا، اس مہم میں پاکستان ہینڈ گلائیڈنگ اینڈ پیرا گلائیڈنگ ایسوسی ایشن (PHPA) کے پندرہ پیرا گلائیڈرز نے حصہ لیا۔

    چکوال میں جنگلاتی رقبہ 167,000 ایکڑ پر مشتمل ہے، اس جنگل کا ایک بڑا حصہ دھندلے سالٹ رینج میں آتا ہے، گزشتہ موسم گرما میں ان جنگلات میں متعدد بار آگ لگی اور بڑے پیمانے پر درخت جلے۔

  • پیپر ملز میں زہریلی گیس سے 4 مزدور جاں بحق

    پیپر ملز میں زہریلی گیس سے 4 مزدور جاں بحق

    چکوال: پنجاب کے شہر چکوال میں منوال پیپر ملز میں زہریلی گیس سے 4 مزدور جاں بحق ہو گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق چکوال میں واقع منوال پیپر ملز کے اندر چار مزدور صفائی کرتے ہوئے 8 فٹ گہرے ٹینک میں گر گئے، جس سے وہ جاں بحق ہو گئے۔

    جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے نام عامر، ذیشان، محمد ثاقب اور جمشید بتائے گئے ہیں، حادثے کے بعد پولیس اور انتظامیہ نے پیپرز مل کو سیل کر دیا ہے۔

    پیپرز مل کے مالک کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو قتل کر کے جلا دیا

  • سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو قتل کر کے جلا دیا

    سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو قتل کر کے جلا دیا

    راولپنڈی: تھانہ چونترہ کی حدود اڈیالہ میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو جلا کر قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چکوال کی رہائشی خاتون راضیہ کو مبینہ طور پر سسرالیوں نے جلا کر قتل کر دیا، خاتون کے والد کی مدعیت میں پولیس نے خاوند اور ساس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    مقدمے کے متن کے مطابق چکوال کی رہائشی خاتون راضیہ کی شادی 9 سال قبل تصدق حسین سے ہوئی تھی، ملزم تصدق نے اپنی ماں نسیم اختر کے ساتھ مل کر اپنی بیوی راضیہ بتول کو قتل کر دیا، راضیہ کے والد کا کہنا تھا کہ ملزمان مقتولہ سے گھریلو معاملات پر لڑائی جھگڑا کرتے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا پوسٹ مارٹم کیا جا چکا ہے اور اب رپورٹ کا انتظار ہے، اس واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ و دیگر شواہد کی روشنی میں ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

    تاہم دوسری طرف مقتول خاتون کے لواحقین نے کہا ہے کہ انھیں پولیس کی تفتیش پر تحفظات ہیں، کیوں کہ 3 روز گزرنے کے باوجود تحقیقات آگے نہیں بڑھی ہیں۔

  • نیچر ریزرو میں سیمنٹ پلانٹ: جنگلی حیات اور زیر زمین آبی ذخائر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ

    نیچر ریزرو میں سیمنٹ پلانٹ: جنگلی حیات اور زیر زمین آبی ذخائر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے کلائمٹ چینج شیری رحمان کا کہنا ہے کہ چکوال میں سالٹ رینج نیچر ریزرو کمپلیکس میں سیمنٹ پلانٹ کی تنصیب سے علاقے میں زیر زمین پانی کے ذرائع بھی کم ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے کلائمٹ چینج شیری رحمان نے چکوال میں سالٹ رینج نیچر ریزرو کمپلیکس میں سیمنٹ پلانٹ کی تنصیب کا نوٹس لے لیا۔

    وفاقی وزیر نے پنجاب انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کو معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

    شیری رحمان کا کہنا ہے کہ مجوزہ سیمنٹ پلانٹ کی وجہ سے علاقے میں حیاتیاتی تنوع کو خطرہ لاحق ہوجائے گا، کسان اور جنگلات کے محافظ سیمنٹ پلانٹ کی تنصیب کی شدید مخالفت کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی اس معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لے، سیمنٹ پلانٹس کے علاوہ مجوزہ پلانٹ زیر زمین پانی کے ذرائع تیزی سے ختم کر رہے ہیں، پلانٹ کی وجہ سے علاقے کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں مختلف قسم کے نباتات اور حیوانات موجود ہیں، پاکستان کو پہلے ہی حیاتیاتی تنوع کے نقصان، آلودگی اور ماحولیاتی بحران کا سامنا ہے، رواں برس گرمی کی شدید لہروں کی وجہ سے کئی ہزار ایکڑ قیمتی جنگلات کو نقصان ہوا، ماحولیات کے ساتھ زیر زمین پانی کا بھی تحفظ کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے جنگلات ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے لڑنے کے لیے ناکافی ہیں، قدرتی ذخائر کو خطرے میں ڈالنے کے بجائے کان کنی کے لیے دوسری جگہیں تلاش کی جائیں۔

  • صحافی عمران ریاض جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    صحافی عمران ریاض جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    چکوال: عدالت نے صحافی عمران ریاض کو جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج جمعہ کو چکوال کے مجسٹریٹ کی عدالت میں صحافی عمران ریاض کی پیشی ہوئی، عمران ریاض نے جج کے سامنے بیان دیا کہ انھیں اپنی تقریر پر کوئی افسوس نہیں۔

    بیان میں عمران ریاض نے کہا مجھے رجیم چینج سیمینار میں کی گئی تقریر پر کوئی افسوس نہیں، میں اپنی بات پر قائم ہوں۔

    عمران ریاض نے عدالت میں اپنے دلائل میں کہا کہ پٹرول مہنگا ہے لیکن پولیس کی دس گاڑیاں میرے ساتھ ٹریول کرتی ہیں، سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔

    صحافی کے دلائل مکمل ہونے پر ڈیوٹی مجسٹریٹ کی جانب سے کچھ دیر بعد فیصلہ سنا دیا گیا۔

    عمران ریاض کے وکیل علی اشفاق ایڈووکیٹ نے 91 منٹ تک دلائل دیتے ہوئے کہا ریاست کی ایک پالیسی پر اعتراض کی قیمت مشکوک افراد کے ذریعے 18 ایف آئی آرز کی صورت میں سامنے آئی، عمران ریاض کی پوری تقریر میں اداروں کے خلاف کوئی بات نہیں۔

    وکیل نے کہا یہ کیس عمران ریاض خان کا نہیں، عدلیہ کی عزت اور وقار کا ہے، کہ جج صاحبان آزادانہ فیصلے کرتے ہیں یا نہیں؟ میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے ویڈیو روک کر تصاویر بھی جج کو دکھا دیں۔ سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا آئین اداروں سے اختلاف رائے کی اجازت نہیں دیتا۔

    پولیس کی جانب سے صحافی عمران ریاض کے جسمانی ریمانڈ کے لیے استدعا کی گئی تاہم عدالت نے جسمانی ریمانڈ مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، جس کے بعد لاہور پولیس عمران ریاض کو لے کر روانہ ہو گئی۔

    دریں اثنا، عدالت کے باہر عمران ریاض کے حق میں سول سوسائٹی نے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔

  • اسکولوں میں "کوایجوکیشن” کے خاتمے پر ڈی ڈی او کی وضاحت

    اسکولوں میں "کوایجوکیشن” کے خاتمے پر ڈی ڈی او کی وضاحت

    چکوال : پنجاب کے شہر چکوال میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے چکوال کے تمام سرکاری اسکولوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے پر پابندی کے حوالے سے وضاحت کردی۔

    چکوال کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمینٹری کا کہنا ہے کہ کوایجوکیشن پر پابندی لگائی گئی نہ ہی اسکول سے طالبات کو نکالا گیا ہے۔

    ڈی ای او ایلیمینٹری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بوائز اسکول میں مڈل کلاس کی طالبات بٹھانے پر کارروائی کی گئی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ قانون کےمطابق پرائمری اسکولوں میں "کوایجوکیشن” کی اجازت ہے، طالبات کو بوائز ایلیمینٹری اسکول میں داخل کیا گیا تھا۔

    ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے وضاحت کی کہ مذکورہ طالبات کو نکالا نہیں گیا بلکہ گرلز ہائرسیکنڈری اسکول شفٹ کیا گیا ہے، صرف دو اسکولوں میں کوایجوکیشن کی خلاف ورزی پائی گئی۔

  • اسکولوں میں "کو ایجوکیشن” پر پابندی کا حکم، مراسلہ جاری

    اسکولوں میں "کو ایجوکیشن” پر پابندی کا حکم، مراسلہ جاری

    چکوال : صوبہ پنجاب کے شہر چکوال میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے چکوال کے تمام سرکاری اسکولوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے پر پابندی عائد کردی۔

    اس حوالے ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام سرکاری اسکولوں میں کو ایجوکیشن پر پابندی کا مراسلہ جاری کردیا گیا ہے، چھٹی سے آٹھویں کلاس تک کی طالبات کے نام خارج کرنے کا مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ مراسلہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے جاری کیا ہے، اس قدام پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی نے فوری نوٹس لے لیا۔

    سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ طالبات کے نام خارج نہیں ہوں گے، ان طالبات کا دوسرے اسکولوں میں تبادلہ کیا جائے گا، غلط مراسلہ بھیجنے پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سے جواب طلب کرلیا گیا ہے۔

  • پنجاب کے تین کروڑ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کئے جائیں گے، عثمان بزدار

    پنجاب کے تین کروڑ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کئے جائیں گے، عثمان بزدار

    چکوال : وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہمی اولین ترجیح ہے، صوبے کے تین کروڑ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کئے جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکوال میں صحت انصاف کارڈز کی تقریب تقسیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سردارعثمان بزدارنے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سےتین کروڑ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کئے جائیں گے، اب تک 1لاکھ سے زائد شہری اس سہولت سے مستفید ہوچکے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہمی حکومت کے منشورکا حصہ ہے، صحت انصاف کارڈز سے شہری باآسانی اپنا علاج کسی بھی سرکاری یا پرائیویٹ ہسپتال سے مفت کرواسکیں گے۔

    کارڈ کے تحت7لاکھ روپے تک کے اخراجات حکومت برداشت کریگی، غریب اور مستحق افراد کے علاج معالجے کے لئے یہ ایک بہترین منصوبہ ہے، جہلم میں تین جبکہ چکوال میں چار لاکھ شہریوں میں صحت انصاف کارڈز تقسیم کیے جائیں گے۔

    علاوہ ازیں وزیراعلی نے دورہ چکوال اور جہلم کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا جس میں انٹرٹینمنٹ اور پارک اور واٹر سپورٹس منصوبے شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ انہوں نے پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال کے بی ایس بلاک کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھا جبکہ دھارابی جھیل میں ریزاٹ اور رابطہ سڑک کا منصوبہ بھی شامل ہے۔