Tag: chalan pesh

  • ایم کیوایم کے رہنماء عامرخان سے تفتیش مکمل، چالان پیش

    ایم کیوایم کے رہنماء عامرخان سے تفتیش مکمل، چالان پیش

    کراچی: انسداددہشتگردی عدالت میں پولیس نے ایم کیوایم کے رہنما عامر خان کی تفتیش مکمل کرتے ہوئے چالان پیش کردیا، چالان میں عامر خان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    گزشتہ سماعت میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کو دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام کے مقدمے میں14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا جبکہ عدالت میں عامر خان کے وکلاء کی جانب سے بی کلاس دیئے جانے کی درخواست کو بھی منظور کر لیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ رینجرز نے گیارہ مارچ کو کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے دوران عامر خان سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا تھا، جہاں عامر خان کو نوے روز حراست میں رکھنے کے بعد مزید تفتیش کے لئے پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔

  • ماڈل ایان کیخلاف کسٹم حکام نے چالان عدالت میں پیش کردیا

    ماڈل ایان کیخلاف کسٹم حکام نے چالان عدالت میں پیش کردیا

    راولپنڈی : ماڈل ایان علی منی لانڈرنگ کیس میں کسٹم حکام نے چالان پیش کردیا، چالان میں ایان علی کو مرکزی ملزمہ قرار دیا گیا ہے، عدالت نے ملزمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں ستائیس اپریل تک توسیع کردی۔

    منی لانڈرنگ کا کیس ایان علی کیلئے مشکلات کھڑی کرتا جارہا ہے، ماڈل ایان علی چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہادر علی خان کی عدالت میں پیش ہوئیں، ماڈل ایان علی کیخلاف کسٹم حکام نے پہلا عبوری چالان عدالت میں پیش کردیا۔

    جس کے مطابق ماڈل ایان ملزمہ قرار دے دی گئی، عبوری چالان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں کوئی شریک جرم ثابت نہیں ہوا۔

    عدالت میں پیش ہونے پر نازک ایان نے کہا کہ جیل میں صفائی کے ناقص انتظامات ہیں، جس سے مجھے الرجی ہوگئی ہے، ایان علی نے جج سے گزارش کی کہ جیل میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے، وہاں مجھے ادویات تک میسر نہیں، برائے کرم جیل اسپتال میں ادویات فراہم کی جائیں۔

    عدالت نے ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں ستائیس اپریل تک توسیع کردی۔