Tag: challan

  • گاڑیاں نام کروانے کی مہم میں شہریوں کی عدم دلچسپی

    گاڑیاں نام کروانے کی مہم میں شہریوں کی عدم دلچسپی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گاڑی کو اصل مالک کے نام پر ٹرانسفر کروانے کی مہم جاری ہے اور خلاف ورزی پر روزانہ چالان کیے جارہے ہیں لیکن شہری قانون کی پاسداری کو تیار نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں گاڑیوں کے روزانہ درجنوں چالان کیے جارہے ہیں اور لوگ جرمانے کی بھاری رقم ادا کر رہے ہیں۔

    ایک ٹریفک پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ اصل نمبر پلیٹ اور گاڑی اپنے نام کروانے کے قانون کی خلاف ورزی پر درجنوں چالان کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کچھ گاڑیاں ایسی ہیں جن کے ڈرائیورز نے ہفتے میں دو بار بھی چالان بھرا لیکن اس کے باوجود وہ قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق اوپن لیٹر پر موجود گاڑیاں ضبط کی جارہی ہیں اور ان کے کاغذات مکمل کیے جانے کے بعد انہیں ریلیز کیا جارہا ہے۔

    دوسری طرف شہریوں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے تک اصل نمبر پلیٹ نہیں بن رہی تھی، اب سختی کے بعد دوبارہ سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے ہوں گے اور نمبر پلیٹ بنوانی ہوگی۔

    ادھر محکمہ ایکسائز موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن ضیا شاہ نے بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں 3 لاکھ سے زائد نمبر پلیٹس تیار کی گئی یں جن میں سے ڈھائی لاکھ مالکان نے وصول کرلی ہیں۔

    40 سے 50 ہزار پلیٹس ابھی تک وصول نہیں کی گئیں۔

  • سعودی عرب : گاڑی مالکان مالی نقصان اور جرمانے سے کیسے بچ سکتے ہیں؟

    سعودی عرب : گاڑی مالکان مالی نقصان اور جرمانے سے کیسے بچ سکتے ہیں؟

    سعودی محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مملکت کے تمام ریجنز میں خلاف ورزیوں پر خود کارسسٹم کے تحت چالان کیا جاتا ہے۔

    خود کار چالان سسٹم مرکزی شاہراہوں پر نصب ہے جو ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کے علاوہ مقررہ رفتار سے زیادہ گاڑی چلانے پر چالان کرتا ہے۔

    دیگر چالانز جن میں پارکنگ کی خلاف ورزی اور رانگ سائیڈ ڈرائیونگ شامل ہیں، ٹریفک پولیس اہلکار کی جانب سے کیے جاتے ہیں اور ڈیجیٹل چالان کہلاتے ہیں۔

    ڈیجیٹل چالان کے تحت ٹریفک پولیس اہلکاروں کو مخصوص اسمارٹ ڈیوائسز فراہم کی جاتی ہیں جن کے ذریعے وہ گاڑیوں کی خلاف ورزی ریکارڈ کرتے ہیں اور خود کارسسٹم کے ذریعے انہیں فیڈ کر دیا جاتا ہے۔

    ٹریفک چالان کے حوالے سے ایک شخص نے ادارے کے ٹوئٹر پر دریافت کیا ’گھر کے باہر پارک کی ہوئی گاڑی پر نو پارکنگ کا چالان کر دیا گیا، کیا کریں؟

    ادارہ ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ ادارے کے شعبہ شکایات میں پیشگی وقت حاصل کر کے مقررہ وقت پر جائیں۔ وہاں چالان کی تفصیلات پیش کر دی جائیں گی۔

    شکایات کے شعبے سے رجوع کرنے پر کیا گیا چالان اگر غلط ہوتا ہے تو اسے کینسل کر دیا جاتا ہے تاہماگرچالان غلط نہیں تو اسے ادا کرنا ضروری ہے۔

    واضح رہے ٹریفک قوانین کے مطابق پارکنگ قانون کی خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس کو اختیار ہے کہ وہ چالان کرے، پارکنگ قانون پر عمل کرنا ضروری ہے، خلاف ورزی پر150ریال کا چالان ہوتا ہے۔

    پارکنگ قانون کے تحت بڑی رہائشی عمارتوں، شاپنگ سینٹرز، مالز، دفاتر اور بینکوں کے باہر مخصوص افراد کے لیے پارکنگ کی خصوصی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

    ایسے مقامات جو مخصوص افراد کے لیے خاص ہوتے ہیں وہاں عام لوگوں کو گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ مخصوص پارکنگ کی خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس اہلکار فوری طور پر گاڑی کے مالک کا چالان کر دیتا ہے، اس لیے ایسے مخصوص مقامات پر گاڑی پارک نہ کی جائے۔

    ٹریفک حادثے میں انشورنس اسکیم کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ ٹریفک حادثے میں دوسری پارٹی کی انشورنس اس کی گاڑی کے استمارے یعنی گاڑی کے ملکیتی کارڈ سے مطابقت نہیں رکھتی۔ حادثے

    کے بعد فائل نامکمل ہونے پر اس کے خلاف کارروائی نہیں ہو سکی اس حوالے سے کیا کریں؟

    ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ’ٹریفک حادثے کی صورت میں "ادارہ نجم” کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ اہم ہوتی ہے جس کے لیے لازمی ہے کہ دونوں پارٹیوں کی پاس تھرڈ پارٹی انشورنس ہو۔

    ’کسی ایک پارٹی کے پاس انشورنس نہ ہونے پر حادثے کی رپورٹ پر فیصلہ ٹریفک پولیس کی جانب سے کیا جاتا ہے۔ مذکورہ کیس میں قریب ترین ادارہ ٹریفک پولیس سے رجوع کیا جائے تاکہ معاملے کو حل کیا جاسکے۔

    ٹریفک قانون کے تحت گاڑیوں کی کم از کم تھرڈ پارٹی انشورنس کرانا لازمی ہے، انشورنس پالیسی نہ ہونے پر چالان کیا جاسکتا ہے۔

    تھرڈ پارٹی انشورنس کی وجہ سے حادثہ ہونے پرنقصان کی ادائیگی انشورنس کمپنی کے ذمہ ہوتی ہے۔ ٹریفک قانون کے تحت نجی سکیورٹی کمپنی جسے "نجم” کہتے ہیں، ٹریفک حادثات کی رپورٹ بنا کر اسے ادارہ ٹریفک پولیس کے سسٹم میں اپ لوڈ کر دیتی ہے۔

    نجم کمپنی غلطیوں کا بھی تعین کرتی ہے۔ جاری کی جانے والی رپورٹ کے بعد انشورنس کلیم داخل کرایا جاتاہے۔ انشورنس کلیم داخل کرنے کے بعد تھرڈ پارٹی کے قانون کے تحت دونوں پارٹیوں کی انشورنس کمپنیاں ہونے والے نقصان کا ازالہ کرتی ہیں اور طے کی گئی رقم ادا کی جاتی ہے۔

    جس پارٹی کے پاس انشورنس نہیں ہوتی اس کے کیس کا فیصلہ ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے کیا جاتا ہے۔ ٹریفک پولیس کے ادارے میں غلطی کے تناسب کا تعین کرنے کے بعد ادائیگی پرعمل کرانے کی ذمہ داری بھی پولیس کی ہوتی ہے۔

  • گاڑی مالکان ہوشیار !! ٹریفک پولیس نے دوبارہ چالان بُک تھام لی

    گاڑی مالکان ہوشیار !! ٹریفک پولیس نے دوبارہ چالان بُک تھام لی

    کراچی : ٹریفک پولیس نے ایک مرتبہ پھر چالان سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، ڈی آئی جی ٹریفک نے کراچی پولیس چیف کو خط لکھ دیا۔

    اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کا کہنا ہے کہ دو ماہ قبل شہریوں کے چالان کرنا بند کردیئے گئے تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ صرف آبزرویشن کا پیریڈ جاری رکھا گیا تھا تاکہ معلوم ہوسکے کہ چالان کے بغیر ٹریفک کی صورتحال کیسی ہوتی ہے؟

    احمدنوازچیمہ نے بتایا کہ دو ماہ کے دوران ٹریفک کی روانی میں بہتری نظرآئی جبکہ دوسری جانب کمرشل گاڑیوں نے قوانین کی بہت خلاف ورزیاں کیں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ اس دوران ڈبل لائن میں پارکنگ اور دیگر خلاف ورزیاں بھی جاری رہیں، سہولت کا غلط فائدہ اٹھایا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس صورتحال کومدنظر رکھتے ہوئے دوبارہ چالان شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پہلے ایک ہزار افسران چالان کرتے تھے،اب چالان کرنے والے افسران کی تعداد صرف 350کےقریب ہوگی۔

    ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے واضح کیا کہ اے ایس آئی سے انسپکٹر تک کا افسر چالان کرسکے گا، کراچی پولیس چیف کی اجازت ملتے ہی چالان دوبارہ شروع کردیے جائیں گے۔

  • منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف اور حمزہ شہباز دیگر کیخلاف چالان تیار

    منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف اور حمزہ شہباز دیگر کیخلاف چالان تیار

    لاہور : منی لانڈرنگ کیس میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کے خلاف چالان تیار کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے چالان میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا ہے۔

    اس کے علاوہ شہباز شریف خاندان کے ملازمین سمیت17سے زائد افراد کو بھی مذکورہ چالان میں نامزد کیا گیا ہے، چالان میں شریف فیملی کا سی ایف او محمد عثمان بھی ملزم نامزد ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے چالان کو پیش کرنے کے لیے حتمی شکل دی جارہی ہے اور کل بروز ہفتہ11دسمبر کو عدالت میں چالان جمع کروانے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے بینکنگ جرائم کورٹ سے عبوری ضمانت لے رکھی ہے، ایف آئی اے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ مقدمے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نومبر میں بینکنگ کرائم کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کو چالان جمع کروانے کا آخری موقع دیتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں گیارہ دسمبر تک توسیع کردی تھی۔

  • کویت: محکمہ ٹریفک کی بڑی کارروائی

    کویت: محکمہ ٹریفک کی بڑی کارروائی

    کویت سٹی: کویت میں گاڑیوں سے سائلنسر تبدیل کرنے کے جرم میں گیراج مالکان قانون کی گرفت میں آگئے، سینکڑوں گیراج مالکان کو چالان جاری کردیے گئے۔

    کویتی ویب سائٹ کے مطابق گیراجوں اور گاڑیوں کے آلات بیچنے والی دکانوں پر آواز تبدیل کرنے والے سائلنسر فروخت کرنے کے جرم میں مالکان کے خلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا۔

    سیکریٹری برائے داخلہ لیفٹننٹ جنرل عسام النہم کی ہدایت پر دکانوں اور گیراجوں کے مالکان کو صوتی آلات نصب کرنے کے جرم میں 57 چالان جاری کیے گئے۔ یہ چالان وزارت داخلہ نے وزارت تجارت و صنعت کے تعاون سے جاری کیے ہیں۔

    ان صوتی آلات کی تنصیب کے نتیجے میں گاڑیوں سے دوران ڈرائیونگ تیز آواز نکلتی ہے جو دوسروں کو اذیت پہنچاتی ہے۔

    محکمہ ٹریفک کے جنرل محکمہ نے کہا ہے کہ محکمہ اس غیر معمولی رجحان کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور لاپرواہ ڈرائیورز کے خلاف قانونی اقدامات اٹھاتا رہے گا۔

    جی ڈی ٹی کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے ہوں گے اور انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے گا۔

  • کوئٹہ : بغیر ہیلمٹ تیس ہزار موٹرسائیکل سواروں کے خلاف چالان اور جرمانہ

    کوئٹہ : بغیر ہیلمٹ تیس ہزار موٹرسائیکل سواروں کے خلاف چالان اور جرمانہ

    کوئٹہ : پولیس نے بغیر ہیلمٹ کے موٹرسائیکل چلانے پر 30ہزار موٹرسائیکل سواروں کے چالان کرکے جرمانہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سٹی ٹریفک پولیس سرکل کے عملے نے گزشتہ چند روز میں بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 30 ہزار موٹر سائیکل سواروں کے چالان کرکے جرمانہ کیا اورخلاف ورزی کرنے پر 100 موٹر سائیکلوں کو بند کردیا۔

    بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کی موٹر سائیکلیں بند کردی جائیں گی، ریجنل پولیس آفیسر و ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ نذیر احمد کرد کی نگرانی کی میں ایس پی سٹی ٹریفک پولیس جاوید احمد خان کی سربراہی میں ٹریفک پولیس نے سٹی سرکل میں کارروائیاں کیں۔

    کارروائی کے دوران بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والے 30 ہزار موٹر سائیکل سواروں کے چالان کرکے انہیں جرمانہ عائد کردیا اس کے علاوہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 100 موٹر سائیکلوں کو بند کردیا ۔

    ایس پی سٹی سرکل جاوید احمد خان نے بتایا کہ ہیلمٹ پہن کر موٹر سائیکل چلانے والوں کا تناسب 10 فیصد ہے ٹریفک پولیس نے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کو ٹریفک قوانین کی پابندی کروانے کے لئے بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں کو بند کرنے کا آغاز کردیا ہے ۔

    شہریوں سے التماس ہے کہ وہ اپنی موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ ضرور پہنیں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے چالان کرنے کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکلیں بند کی جائیں گئی۔

  • مشتعل افراد کا ٹریفک پولیس اہلکاروں پر تشدد کپڑے بھی پھاڑدیئے

    مشتعل افراد کا ٹریفک پولیس اہلکاروں پر تشدد کپڑے بھی پھاڑدیئے

    کراچی : دکاندار ٹریفک پولیس اہلکاروں پر ٹوٹ پڑے، اہلکاروں کے کپڑے بھی پھاڑدیئے، اے آر وائی نیوز نے فوٹیج حاصل کرلی،تشدد کرنے والے افراد کو پولیس نے دھرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے زینب النساء اسٹریٹ پر دکان داروں نے چالان کرنے پر ٹریفک پولیس اہلکارکوتشدد کانشانہ بنا ڈالا۔


    کراچی کا علاقہ صدر فوارہ چوک افطار سے کچھ دیر پہلے میدان جنگ بن گیا۔ ٹریفک سیکشن کے اہلکار اویس کا کہنا ہے کہ ایک دکاندار کا چالان کیا تھا جس پر دیگر دکاندار مشتعل ہو گئے۔

    ٹریفک اہلکار ملک اظہر نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی تو اس پر بھی تشدد کیا گیا۔ دوسری جانب زیرحراست ملزم نے کہا کہ اس نے تو صرف دھکے دیئے تھے، باقی سب نے مار کٹائی شروع کر دی۔

    پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکاروں پرتشدد کے خلاف آرٹلری میدان تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایف آئی آر میں ٹریفک پولیس چوکی میں ڈکیتی ،توڑ پھوڑ، اہلکاروں پرتشدد اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

     

  • لاہور: نو پارکنگ میں گاڑی پارک، عمراکمل چالان سے بچ گئے

    لاہور: نو پارکنگ میں گاڑی پارک، عمراکمل چالان سے بچ گئے

    لاہور: کرکٹر عمر اکمل کے ستارے گاڑی کے معاملے میں عموماً گردش میں رہتے ہیں، خوش قسمتی سے لیکن اس دفعہ وہ نو پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کے باوجود چالان سے بچ نکلے۔ ۔

    لاہور کے ڈی ایچ اے کرکٹ اسٹیڈیم میں بطور خصوصی مہمان شرکت کرنے والے کرکٹر عمر اکمل نے نوپارکنگ کی جگہ پر گاڑی پارک کردی۔

    ڈی ایچ اے پولیس حرکت میں آئی اور معلومات اکٹھا کرنے کے بعد گاڑی کو نوپارکنگ سے لفٹر کے ذریعے اٹھا کر صحیح مقام پر پہنچا دیا۔۔

    جب صحافی نے عمراکمل سے سوال کیا تو وہ ناراض ہوکر روانہ ہوگئے۔ دو سال قبل عمر اکمل کو ٹریفک وارڈن سے جھگڑنے پر حوالات کی سیر کے ساتھ پیشیاں بھی بھگتنا پڑیں تھیں۔

     

  • چالان سے دلبرداشتہ ڈرائیور نے اپنے چنگ چی رکشے کو آگ لگا دی

    چالان سے دلبرداشتہ ڈرائیور نے اپنے چنگ چی رکشے کو آگ لگا دی

    گوجرانوالہ: بلا وجہ چالان کرنے سے دلبرداشتہ ہو کر محنت کش نے جی ٹی روڈ پر اپنے چنگ چی رکشے کو آگ لگا دی، ریسکیوٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں بلا وجہ چالان کرنے سے دلبرداشتہ ہو کر محنت کش عرفان نے اپنے چنگ چی رکشے کو آگ لگا لی جس سے چنگ چی بری طرح جھلس گیا۔

    واقعے کے بعد ریسکیو1122کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا۔

    چنگ چی مالک عرفان کے مطابق وہ سارا دن محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہے لیکن ٹریفک وارڈن نے اس کا بلا وجہ چالان کیا۔

    اس نے بتایا کہ اس نے ٹریفک وارڈن کی منت سماجت کی لیکن اس نے اس کا 500 روپے کا چالان کردیا جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے اپنی چنگ چی کو آگ لگا لی۔

    تھانہ کوتوالی پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں

  • سید نورکا ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی پرچالان

    سید نورکا ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی پرچالان

    لاہور: ٹریفک پولیس اہلکار نے معروف ہدایت کار سید نور کا قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس اہلکار نے معروف فلم ساز اور ہدایت کار کو تیز رفتاری کے سبب کینال روڈ پرڈاکٹرز اسپتال کے پاس روک لیا۔

    تیزرفتاری کے سبب معروف ہدایت کار کا 500 روپے کا چالان کیا گیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور کے ٹریفک وارڈنز اکمل برادران سمیت متعدد مشہور اور نامور شخصیات کے چالان کرچکے ہیں۔