Tag: Chaman

  • بلوچستان کے ضلع چمن زلزلے کے جھٹکے

    بلوچستان کے ضلع چمن زلزلے کے جھٹکے

    کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع چمن اور اس کے گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیماء مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر اور شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکزشمال مشرقی افغانستان تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قلعہ عبداللہ، گلستان، جنگل پیرعلی زئی اور توبہ اچکزئی میں بھی زلزلے کےجھٹکے محسوس کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق افغانستان کے شہر قندھار، اسپین بولدک سمیت متعدد اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔

    زلزلے کے جھٹکوں کے بعد عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلے کے نتیجے میں ہوئے نقصانات کے حوالے سے فی الحال کسی قسم کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال جولائی میں بھی صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ژوب میں زلزلے کے پے در پے دو بار جھٹکے محسوس کئے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلوں کی شدت 5 ریکارڈ کیا گیا تھا۔

  • تاریخی کوژک ٹنل مٹی اور پانی سے بھر گئی، چمن کوئٹہ ٹرین سروس معطل

    تاریخی کوژک ٹنل مٹی اور پانی سے بھر گئی، چمن کوئٹہ ٹرین سروس معطل

    چمن: تاریخی کوژک ٹنل مٹی اور پانی سے بھرنے کے باعث چمن کوئٹہ ٹرین سروس معطل ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کوژک پر طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث کوژک ٹنل مٹی اور پانی سے بھر گئی ہے، جس کی وجہ سے چمن اور کوئٹہ کے درمیان مسافر ٹرین کی سروس معطل ہو گئی ہے۔

    کوژک سرنگ جیسے شیلا باغ سرنگ بھی کہا جاتا ہے، تاریخی اہمیت کی حامل ہے، کوژک ٹنل دنیا کی آٹھویں بڑی سُرنگ ہے جو چمن میں موجود ہے، اور یہ برطانوی دور کا شاہکار ہے۔

    گزشتہ شب طوفانی موسلادھار بارش اور سیلابی ریلے کی وجہ سے دونوں طرف سے مٹی اور پانی سے بھر گئی ہے، اور مکمل طور پر ناقابل استعمال ہو گئی ہے۔ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سرنگ کے دونوں اطراف مٹی کا ڈھیر لگا ہوا ہے، حکام کی جانب سے سرنگ کھولنے کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے۔

    133 سال پرانی اس سرنگ کی لمبائی تقریبا 5 کلو میٹر ہے، اس کی تعمیر میں تھوڑی سی دیر ہونے پر انجینئر نے پہاڑ سے چلانگ لگا کر خود کشی کر لی تھی، اس سرنگ کی تاریخی اہمیت کے لحاظ سے اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے کرنسی کے 5 روپے والے متروک نوٹ کی بیک سائیڈ پر کوژک ٹنل (کھوجک سرنگ) کی تصویر شائع کی تھی اور یہ نوٹ 1976 سے 2005 تک چلتا رہا۔

  • چمن میں ہیضے کی وباء پھیل گئی، سیکڑوں مریض اسپتال داخل

    چمن میں ہیضے کی وباء پھیل گئی، سیکڑوں مریض اسپتال داخل

    چمن میں ہیضے کی وبا پھوٹنے سے 600 افراد کی حالت خراب ہوگئی متعدد کی حالت تشویشناک قرار دی جارہی ہے۔

    سینکڑوں مریضوں کی موجودگی میں ڈی ایچ کیو اسپتال میں بستر کم پڑگئے، انتظامیہ کو مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے نمٹنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے ہیضے کی وباکے حوالے سے ادویات کی کمی کا سختی سے نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس نے ڈی جی ہیلتھ کو ٹیم اور ادویات کے ساتھ چمن جانے کا حکم جاری کردیا،

    ضلعی ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں ادویات ختم ہوگئیں ہیں، مزید ادویات کی ضرورت ہے، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹرز کی ٹیم اور ادویات کی کھیپ لے کر کل چمن جائیں گے۔

  • قلعہ عبداللہ کے چھیالیس سال کے عبدالرزاق نے گیارہویں میں داخلہ لے لیا

    قلعہ عبداللہ کے چھیالیس سال کے عبدالرزاق نے گیارہویں میں داخلہ لے لیا

    رپورٹ: اختر گلفام

    چمن: بچوں کو پڑھتا دیکھ کر 46 سال کے والد کا بھی شوق جاگ پڑا، قلعہ عبداللہ کے عبدالرزاق نے گیارہویں میں داخلہ لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عبدالرزاق قلعہ عبداللہ، تحصیل گلستان کے ایک منفرد طالب علم ہیں، بیٹوں کا اسکول دیکھ کر جن کا اپنا دل پڑھنے کو چاہا تو گیارہویں جماعت میں داخلہ لے لیا۔

    عبدالرزاق نے 31 سال بعد پڑھائی کا سلسلہ دوبارہ جوڑا ہے، چوتھی اور چھٹی جماعت میں پڑھنے والے بیٹے اپنے اسکول اور عبدالرزاق کالج ساتھ ساتھ جاتے ہیں۔

    ہوا یوں کہ ایک بار عبدالرزاق اپنے دو بیٹوں کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اسکول گئے، وہاں بچوں کو پڑھتا دیکھ کر اچانک ان کے دل میں اپنی ادھوری تعلیم مکمل کرنے کا شوق پوری طاقت سے بیدار ہو گیا۔

    عبدالرزاق 1992 میں میٹرک کرنے کے بعد علاقے میں شروع ہونے والی قبائلی جنگ کی وجہ سے آگے نہ پڑھ سکے تھے، اب انھوں نے اکتیس سال بعد گلستان کے ایک نجی سیکنڈری ہائی اسکول میں فرسٹ ایئر میں داخلہ لیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ ایم اے کرنا چاہتے ہیں۔

    کاکا شہید فاؤنڈیشن کالج کے پرنسپل عبدالقادر مندوخیل نے کہا ’’ہمیں تعجب ہوا جب سنا کہ ایک چھالیس سالہ شخص واپس تعلیم حاصل کرنے آ رہا ہے، ہم نے جب عبدالرزاق کا جذبہ دیکھا تو انھیں ریگولر داخلہ دے دیا۔

    عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ انھیں قبائلی مسائل کے باعث اپنے اور ان کی طرح کئی دیگر لوگوں کے تعلیمی نقصان پر بہت افسوس ہے۔

    عبدالرزاق کے اساتذہ کا کہنا ہے کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ہمارے اس منفرد طالب علم کا خواب پورا ہو، اور وہ پورے علاقے کے لیے ایک کامیاب مثال بنے۔

  • چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، 17 خطرناک قیدی فرار

    چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، 17 خطرناک قیدی فرار

    چمن: بلوچستان کے شہر چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، 17 خطرناک قیدی فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، سنگین جرائم میں ملوث سترہ خطرناک قیدی فرار ہو گئے ہیں، قیدیوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

    ذرائع کے مطابق فجر کی نماز کے لیے بیرک سے نکالے گئے قیدیوں نے پولیس سے اسلحہ چھین کر فائرنگ شروع کر دی، قیدیوں نے فائرنگ کر کے ایک اہلکار کو زخمی کر دیا، جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک قیدی مارا گیا اور 2 زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر کوئٹہ منتقل کیا گیا جب کہ قیدیوں کو طبی امداد کے لیے چمن ڈی ایچ کیو اسپتال لے جایا گیا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد نعیم اچکزئی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ آج صبح پولیس نے قیدیوں کو فجر کی نماز کے لیے بیرک سے باہر نکالا، اس دوران چند قیدیوں نے ڈیوٹی پر موجود اہلکار کو ڈنڈوں سے مار کر بے ہوش کیا، اور اہلکار سے اسلحہ چھین کر دوسرے اہلکار پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق پولیس سب جیل پر صرف 2 اہلکار تعینات تھے جب کہ جیل میں 300 سے زائد قیدی موجود ہیں، پولیس نے قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

  • پاک افغان سرحد پر کشیدگی، علما اور قبائلی مشران پر مشتمل وفد افغانستان روانہ

    پاک افغان سرحد پر کشیدگی، علما اور قبائلی مشران پر مشتمل وفد افغانستان روانہ

    چمن: پاک افغان سرحد پر کشیدگی کم کرنے کے لیے علماے کرام اور قبائلی مشران پر مشتمل 16 رکنی وفد افغانستان روانہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق علماے کرام اور قبائلی مشران پر مشتمل ایک سولہ رکنی وفد افغانستان روانہ ہوا ہے، جس کا مقصد پاک افغان سرحد پر کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

    قبائلی رہنما ملک عبدالخالق اچکزئی نے اس سلسلے میں بتایا کہ یہ وفد گورنر قندہار محمد یوسف وفا سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا، اور سرحد پر کشیدگی کم کرنے پر زور دے گا۔

    اس وفد میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کوئی شامل نہیں ہے، افغانستان جانے والا وفد اپنی طرف سے گیا ہے۔

    افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی : افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری پر شدید احتجاج

    یاد رہے کہ پاک افغان سرحد پر 11 ستمبر اور 15 دسمبر کو ہونے والے ناخوش گوار واقعات کے بعد سے علاقے میں کشیدگی پھیلی ہوئی ہے، افغان فورسز نے جارحیت کرتے ہوئے چمن کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا اور گولے پھینکے تھے۔

  • افغان فورسز کی پاکستانی علاقوں پر گولہ باری، 5 شہری شہید، 17 زخمی

    افغان فورسز کی پاکستانی علاقوں پر گولہ باری، 5 شہری شہید، 17 زخمی

    چمن: افغان فورسز کی پاکستانی علاقوں پر گولہ باری سے 5 شہری شہید اور 17 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چمن میں افغان فورسز نے اچانک پاکستانی علاقوں پر گولہ باری شروع کر دی، جس سے پانچ پاکستانی شہری شہید ہو گئے ہیں، گولہ باری سے سترہ افراد زخمی بھی ہوئے۔

    افغان فورسز کے فائر کیے گئے گولے گلدار باغیچہ، بارڈر روڈ اور مال روڈ پر گرے، جس سے شہادتیں ہوئیں۔

    ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کی جانب سے افغان فورسز کو گولہ باری کا بھرپور جواب دیا گیا، جس سے سرحد پار بھی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔

  • چمن: شہید ساجد خان مہمند روڈ پر دھماکا،6 افرادجاں بحق

    چمن: شہید ساجد خان مہمند روڈ پر دھماکا،6 افرادجاں بحق

    چمن: صوبہ بلوچستان کے ضلع چمن میں دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا چمن کے علاقے شہید ساجد خان مہمند روڈ پر ہوا، ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا جےیوآئی نظریاتی کےصوبائی امیرمولانا عبدالقادرلونی کےگاڑی کےقریب ہوا۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں، واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔Imageپولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا،جسے موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا خوش قسمتی سے دھماکے میں جےیوآئی نظریاتی کےصوبائی امیرمولانا عبدالقادرلونی محفوظ رہے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت

    چمن دھماکے سے متعلق اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ آج جے یو آئی نظریاتی کی یوم یکجہتی فلسطین سے متعلق ریلی تھی، دہشت گردوں نے ریمورٹ کنٹرول بم سے دھماکا کیا، دھماکے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوئے ہیں۔Imageلیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ جہاں دھماکاہوا وہ پاک افغان سرحدی علاقہ ہے، دھماکےسےمتعلق کوئی سیکیورٹی تھریٹ نہیں تھے، ریلی سے قبل بھی سیکیورٹی انتظام کئےگئےتھے۔

    رہنما جےیو آئی نظریاتی عبدالستار شاہ چشتی نے دھماکے میں جانی نقصان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ حملے کی جتنی مذمت کی جائےکم ہے، اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ مولانا عبدالقادر لونی محفوظ ہیں۔

    دوسری جانب ڈی پی او چمن نے بتایا کہ چمن دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا ہے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد چھ ہوگئی ہے، ڈی پی او کا کہنا تھا کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا، جس میں تین سے چار کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، دھماکا خیز مواد میں بال بیرنگ بھی موجود تھے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی مذمت

    چمن میں ہونے والے بزدلانہ حملے کی وزیراعلیٰ بلوچستان نے پر زور الفاظ میں مذمت کی اور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پر افسوس کا اظہار
    کیا۔

    جام کمال کا کہنا تھا کہ ایسی تخریب کار کارروائیوں سےہمارے حوصلےپست نہیں ہوں گے کسی صورت دہشت گردوں کو ان کےمذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونےدیاجائےگا، دہشت گرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

  • چمن: قلعہ عبداللہ بازار میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکا

    چمن: قلعہ عبداللہ بازار میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکا

    چمن: صوبہ بلوچستان کے ضلع چمن میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے، افسوسناک واقعے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق دھماکا چمن میں واقع قلعہ عبداللہ بازار میں پولیس کی گاڑی کے قریب کیا گیا، دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید جبکہ پانچ زخمی ہوئے ہیں۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول تھا، جسے موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ پولیس وین مکمل طور پر تباہ ہوگئی، دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے حادثے پر پہنچی اور علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔

    ڈی پی او چمن جعفر خان نے بتایا کہ پولیس نے حادثے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے قلعہ عبداللہ سول اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے، واقعے کے بعد جائے حادثے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔

    وزیرداخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے قلعہ عبداللہ بازار میں بم دھماکےکی مذمت  کرتے ہوئے متعلقہ حکام سےواقعےکی رپورٹ طلب کرلی ہے، اپنے بیان میں صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کےناسور کےخاتمےکیلئے پوری قوم متحد ہے، قوم کےاتحاد سےملک دشمن عناصر کےمذموم عزائم ناکام بنائیں گے اور کسی صورت پولیس کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دینگے۔

  • پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مختص

    پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مختص

    چمن: پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مختص کردیا گیا جس پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے، خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مقرر کرنا قبائلی مشران اور سیاسی پارٹیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستے کے کام کا آغاز ہوگیا، خواتین کے لیے نادرا سے باب دوستی تک 12 فٹ کا راستہ مقرر کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں اور قبائلی مشران نے باب دوستی کا دورہ کیا، خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مقرر کرنا قبائلی مشران اور سیاسی پارٹیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

    قبائلی مشران کا کہنا تھا کہ روایات کے مطابق خواتین کے لیے علیحدہ راستے کا قیام خوش آئند ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس پاک افغان سرحد کے قریب ایک خیمہ بستی قائم کی گئی تھی جہاں افغانستان سے آنے والے پاکستانی شہریوں کو قرنطینہ میں رکھا جارہا تھا۔

    افغانستان سے واپس آنے والے پاکستانیوں میں 17 بچے اور 25 خواتین شامل تھے، بعد ازاں خواتین اور بچوں کو گھروں میں منتقل کردیا گیا تھا۔