Tag: Champions Trophy

  • چیمپئنز ٹرافی سے متعلق بڑا فیصلہ

    چیمپئنز ٹرافی سے متعلق بڑا فیصلہ

    چیمپئنز ٹرافی سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا گیا، ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت میچ دبئی میں ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلئے یواے ای کو نیو ٹرل وینیو بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے میچز یو اے ای میں ہوں گے جبکہ پاکستان اور بھارت کا میچ بھی متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے یو اے ی بورڈ کے سربراہ شیخ نیہاں المبارک سے ملاقات کی، ملاقات گزشتہ شب گھوٹکی میں شیخ نیہاں کے خصوصی خیمے میں ہوئی، شیخ نہیان مبارک النہیان اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی ملاقات میں نیوٹرل وینیو کا معاملہ طے پا گیا۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے پر فیوژن پلان کی منظوری دی گئی تھی جس کے مطابق پاکستان اور بھارت 3 سال تک ایک دوسرے کے ممالک میں میچز نہیں کھیلیں گے اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیوٹرل وینیو کا انتخاب میزبان ملک کی مرضی سے ہوگا۔

    گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ بھارت کے پاکستان نہ آکر کھیلنے کا معاملہ سب کے سامنے ہے۔  بھارت کے نہ آنے سے کوئی مالی نقصان نہیں ہوگا،آئی سی سی نیوٹرل مقامات پر ہونے والے میچز کے لیے اضافی اخراجات کی رقم بڑھائے گا۔

  • وزیراعظم کا چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر محسن نقوی پر اعتماد کا اظہار

    وزیراعظم کا چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر محسن نقوی پر اعتماد کا اظہار

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے حوالے سے چیئرمیں پی سی بی محسن نقوی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کیا۔

    وزیراعظم نے چیمپئنز ٹرافی سے متعلق چیئرمین پی سی بی کے اصولی موقف کو سراہا اور چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے حوالے سے محسن نقوی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے متعلق آپ کا موقف ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے، آئی سی سی میں آپ نے 24 کروڑ عوام کی ترجمانی کی، پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے اور اس کے بعد کچھ اور ہے۔

    دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقویٰ نے کہا کہ پی سی بی پاکستان میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے مکمل تیار ہے، ہم پاکستان اور کرکٹ کی جیت چاہتے ہیں، ان شاءاللہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آئے گی۔

  • چیمپئنز ٹرافی: تمام ممالک کو اسٹیٹ گیسٹ پروٹوکول اور سیکیورٹی دی جائے گی: محسن نقوی

    چیمپئنز ٹرافی: تمام ممالک کو اسٹیٹ گیسٹ پروٹوکول اور سیکیورٹی دی جائے گی: محسن نقوی

    چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں تمام ممالک کو اسٹیٹ گیسٹ پروٹوکول اور سیکیورٹی دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سے آئی سی سی ایسوسی ایٹس ممبر کمیٹی کے چیئرمین اور سابق سیکریٹری ای سی بی مبشر عثمانی نے ملاقات کی، اس موقع پر چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    محسن نقوی نے اس موقع پر اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پروجیکٹس پر پیش رفت کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، تمام ممالک کو اسٹیٹ گیسٹ کا پروٹوکول اور سیکیورٹی دی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے، شائقین چیمپئنز ٹرافی کے بڑے مقابلے کے لیے بے تاب ہیں۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان کے لئے اعزاز ہے، ہم نے کرکٹ اور سیاست کو الگ الگ رکھنا ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بیک ڈور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق جمعہ کو موخر ہونے والی آئی سی سی میٹنگ آج رات یا کل ہو سکتی ہے، ایونٹ وینیو اور شیڈول کے لیے معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

  • یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت میں کرکٹ کھیلیں اور وہ یہاں نہ آئیں، محسن نقوی

    یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت میں کرکٹ کھیلیں اور وہ یہاں نہ آئیں، محسن نقوی

    لاہور : چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت میں کرکٹ کھیلنے جائیں اور وہ یہاں نہ آئیں۔

    یہ بات انہوں نے قذافی اسٹیڈیم کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، چیمپئنر ٹرافی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے۔

    محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئی سی سی کو اپنا واضح موقف دے چکے، اب بورڈ میٹنگ میں فیصلہ ہوگا، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم بھارت میں کرکٹ کھیلیں اور وہ یہاں نہ آئیں۔

    ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں، امید ہے کہ اس موقع پر قوم مایوس نہیں ہوگی۔

    اس حوالے سے آئی سی سی سے مشاورت جاری ہے، اچھا نتیجہ سامنے آئے گا، پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا وقت آرہا ہے۔ چیمپئنر ٹرافی کے لیے پاکستان کی بہترین ٹیم میدان میں لائیں گے۔

    قذافی اسٹیڈیم سے متعلق ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کا ہوگیا ہے، اللہ نے چاہا تو چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسٹیڈیم اسٹرکچر کی رپورٹ ہمیں تاخیر سے ملی ورنہ نیا اسٹیڈیم بنا دیتے، 20 دسمبر تک اسٹیڈیم کی تعمیر کا کام مکمل کرلیں گے۔

  • سرفراز احمد نے اپنے بیٹے عبداللہ کی یادداشت کا امتحان لے لیا

    سرفراز احمد نے اپنے بیٹے عبداللہ کی یادداشت کا امتحان لے لیا

    کراچی: قوم کو 2017 میں چیمپئنز ٹرافی کا تحفہ دینے والے چیمپئن کپتان سرفراز احمد نے اپنے بیٹے عبداللہ کی یادداشت کا امتحان لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل معرکے میں بھارتی سورماؤں کو شکست دے کر قومی ٹیم نے سب کا سر فخر سے بلند کردیا تھا، چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد نے اپنے بیٹے عبداللہ کا امتحان لینے کا فیصلہ کیا۔

    سرفراز نے چیمپئنز ٹرافی کی فتح کی تیسری سالگرہ منائی اور عبداللہ سے پوچھا کہ بیٹا آج کے دن ہم کیا جیتے تھے؟ جس پر عبداللہ نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی، سرفراز نے دوسرا سوال کیا کہ ہم نے کس کو ہرایا تھا، بیٹے نے یہ بھی ٹھیک بتایا بھارت کو ہرایا تھا۔

    سابق کپتان نے بیٹے سے پوچھا کہ اچھا یہ بتائیں کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں سنچری کس نے بنائی تھی، جس پر عبداللہ نے بتایا کہ فخر زمان چاچو نے اور نصف سنچری حفیظ چاچو، عماد وسیم چاچو اور اظہر چاچو اور بابر چاچو نے بنائی تھی۔

    علاوہ ازیں عبداللہ نے فائنل کے وکٹ حاصل کرنے والے بولرز کے نام بھی بتائے اور کہا کہ فائنل میچ میں وکٹیں محمد عامر، شاداب خان اور حسن علی نے حاصل کی تھیں۔

    سرفراز نے بیٹے سے کہا کہ آخر میں ہم کیا بولیں گے تو عبداللہ نے ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگایا۔

    یاد رہے کہ آج ہی کے دن تین سال قبل پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 میں فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی، فخر زمان نے سنچری جڑی تھی جبکہ محمد عامر نے بھارتی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا تھا۔

  • چیمئنز ٹرافی: فیس نہیں ملے گی تو  کھیل پر توجہ نہیں دے سکتے، کھلاڑی

    چیمئنز ٹرافی: فیس نہیں ملے گی تو کھیل پر توجہ نہیں دے سکتے، کھلاڑی

    ایمسٹرڈیم: ہالینڈ میں موجود قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی کی وجہ پی ایچ ایف کی جانب سے ڈیلی الاؤنس اور فیس نہ ملنے کو قرار دے دیا، کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ جیبیں خالی ہوں گی تو کارکردگی پر توجہ نہیں دے سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم اس وقت چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے ہالینڈ میں موجود ہے، اب تک ہونے والے میچز میں کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا جس کے باعث ٹیم کی مجموعی کارکردگی کا گراف نیچے کی طرف جارہا ہے۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انتظامیہ نے دورہ ہالینڈ میں شاہ خرچیوں کے لیے اکاؤنٹس کے منہ کھول دیے، سیر و تفریح کے لیے تو فنڈز موجود ہیں مگر کھلاڑیوں کی فیس دینے سے پی ایچ ایف نے معذرت کرلی۔

    مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 2-1 سے ہرادیا

    گرین شرٹس کی چیمپئنز ٹرافی میں شکست کی وجوہات سامنے آگئیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی تاحال ڈیلی الاونس سے محروم ہیں، آسٹریا کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز کے الاونس بھی تاحال جاری نہیں کیے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں لگنے والے کیمپس کے ڈیلی الاونس بھی کھلاڑیوں کو نہیں دیے گئے،  جیبیں خالی ہوں تو کھلاڑی کا ذہنی دباؤ قدرتی امر ہے۔

    پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کو فی کس روزانہ ایک سو بچاس امریکی ڈالر الاؤنس ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا، ایمسٹرڈیم میں لگنے والے کیمپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو  یومیہ دس ڈالر کی قلیل رقم بھی نہ مل سکی ۔

    یہ بھی پڑھیں: ہاکی چیمپئنز ٹرافی: کھلاڑی سڑک پر لگے نل سے پانی بھرنے پر مجبور

    کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال کا سامنا پہلے بھی کرتے رہے ہیں، کئی سال بیت گئے سابقہ مینجمنٹ سے لے کر اب تک ہمارا سینٹرل کنٹریکٹ فعال نہ ہوسکا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اطلاع سامنے آئی تھی کہ  پی ایچ ایف کی نااہلی کے باعث ہالینڈ میں موجود کھلاڑیوں کو پینے کا صاف پانی مہیا نہیں کیا جارہا اور وہ سڑک پر لگے نل سے پانی پینے پر مجبور ہیں۔

    قومی ٹیم کی طرف سے چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ہالینڈ میں قدرتی طور پر صاف پانی کی سہولت میسر ہے اور ایونٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے کھلاڑی بھی گراؤنڈ کے اطراف سے عام پانی استعمال کررہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان کی چیمپئنزٹرافی میں جیت سال کا بہترین لمحہ قرار

    پاکستان کی چیمپئنزٹرافی میں جیت سال کا بہترین لمحہ قرار

    دبئی : آئی سی سی نے سالانہ ایوارڈز کا اعلان کردیا جس میں پاکستان کی چیمپئنرٹرافی میں جیت کو سال کا بہترین لمحہ قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے 2017 کے سالانہ ایوارڈز کا اعلان کردیا جس کے مطابق پاکستان کی چیمپئنرٹرافی میں جیت کو سال کا بہترین لمحہ قرار دیا گیا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ بورد نے پاکستان کے فاسٹ باؤلر حسن علی کو ایمرجنگ پلیئرآف دی ایئرقرار دیا جنہوں نے چیمپئنرٹرافی میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔

    آئی سی سی کی جانب سے بھارت کے کپتان ویرات کوہلی کو ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

    ویرات کوہلی نے 2017 میں 76 رنز کی اوسط سے 6 سنچریاں بنائیں اور 202 ون ڈے میچوں میں 55.74 کی اوسط سے بیٹنگ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

    آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ ٹیسٹ کرکٹرآف دی ایئرقرار پائے، انہوں نے ایک سال کے دوران 16 ٹیسٹ میچز کے دوران 78.12 کی اوسط سے ایک ہزار 875 رنز بنائے جس میں 7 سنچریاں اور 5 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

    جنوبی افریقہ کے ایراسمس نے مسلسل دوسرے سال بہترین امپائر کا ایوارڈ اپنے نام کیا جبکہ افغانستان کے راشد خان بہترین ایسوسی ایٹ پلیئر آف دی ایئر قرار پائے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جون میں پاکستان نے چیمپئنزٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئرکریں۔

  • ون ڈے کے بعد سرفراز ٹیسٹ ٹیم کے بھی کپتان مقرر

    ون ڈے کے بعد سرفراز ٹیسٹ ٹیم کے بھی کپتان مقرر

    اسلام آباد: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے سرفراز احمد کو ون ڈے ٹیم کے بعد ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا بھی اعلان کردیا۔

    وزیر اعظم ہاؤس میں چیمپیئنز ٹرافی 2017 کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا اعلان کیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے لیے سرفراز احمد بہترین ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کے بعد ہر ٹیم ہم سے کھیلنا چاہتی ہے۔ پاکستان میں آ کر کھیلیں ہم بھرپور سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

    شہریار خان کا کہنا تھا کہ چیمپیئن بننے کے بعد بھارت کو چیلنج کرتے ہیں کہ ہم سے سیریز کھیلیں۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم متحد ہو کر کھیلی اور اسی لیے ہم آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتے۔

    یاد رہے کہ سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان نے 2017 کا آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ جیتا۔ سرفراز سے قبل مصباح الحق ٹیسٹ ٹیم کے کپتان تھے۔

    سرفراز احمد نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو سنہ 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف کیا تھا۔ وہ اب تک 36 ٹیسٹ میچوں میں 2 ہزار 85 رنز بنا چکے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کےاعزازمیں تقریب آج وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی

    قومی کرکٹ ٹیم کےاعزازمیں تقریب آج وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی

    اسلام آباد : چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں پروقار تقریب کل وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوگی۔، ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک کروڑ روپے انعام دیا جائیگا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کو شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کی جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم نے پوری قوم کو مسرور کردیا۔ جیت کے بعد سے کھلاڑیوں کی پذیرائی کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کل بروز پیر کو وزیر اعظم نواز شریف کی مہمان ہوگی۔ مبارکباد اور شاباش کے ساتھ قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک کروڑ کا انعام دیا جائے گا۔

    آفیشلز کو پچاس پچاس لاکھ روپے کیش انعام ملے گا۔ مذکورہ تقریب میں سابق کرکٹرز اور وزراء بھی مدعو ہوں گے۔ پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان بھی فتح کے اس سرکاری جشن میں شرکت کرنے برطانیہ سے پاکستان پہنچے ہیں۔

    اس کے علاوہ قومی ٹیم کے اعزاز میں اسی ہفتے آرمی چیف اور نیول چیف بھی تقریب کی میزبانی کریں گے۔یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چمپیئنز ٹرافی جیتنے کے فوری بعد پوری قومی کرکٹ ٹیم کو عمرہ کی ادائیگی کرانے کا اعلان بھی کیا تھا۔

    کرکٹ ٹیم کو کروڑوں روپے کا انعام عدالت میں چیلنج

    یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک ایک کروڑ روپے انعام دینے کے اعلان کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

    شہداء فاؤنڈیشن کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی مراعات بائیس گریڈ کے افسر کے برابر ہیں جبکہ تنخواہ اور میچ فیس بھی لیتے ہیں۔ لہٰذا عدالت وزیر اعظم کو ٹیکس کا پیسہ لٹانے سے روکے۔


    مزید پڑھیں: بحریہ ٹاؤن نے فخرزمان کو 20 لاکھ روپے کا انعامی چیک دیدیا


    عدالت نے رقم دینے سے متعلق ڈپٹی اٹارنی جنرل سے قانونی معاونت طلب کرلی اور متعلقہ قوانین پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست کی سماعت آ تک ملتوی کردی تھی۔

  • سرفراز! تمھارا بیٹا نرسری میں فرسٹ آئے

    سرفراز! تمھارا بیٹا نرسری میں فرسٹ آئے

    چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو عبرت ناک شکست دے کر قومی ٹیم نے عوام کو عید سے پہلے عید کا تحفہ دے دیا‘ اس موقع پر کپتان سرفراز کو کچھ لوگ سوشل میڈیا پر انتہائی دلچسپ دعائیں دے رہے ہیں۔

    اوول کے تاریخی میدان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستانی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر فخر زمان کو مین آف دی میچ جبکہ حسن علی کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    چیمپیئنز ٹرافی 2017 کے فائنل کے لیے پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو مقررہ اوور میں 339 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں بھارتی ٹیم صرف 158 رنز ہی بنا سکی۔

    پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا گیا، بیٹنگ کے بعد شاہینوں نے باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، محمد عامر اور حسن علی نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ شاداب خان نے 2 اور جنید خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔


    پاکستان کرکٹ کا چیمپئن بن گیا


    کپتان سرفراز احمد نے جیت کا کریڈٹ تمام کھلاڑیوں کو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت سے شکست کے بعد لڑکوں کو کہا کہ ٹورنامنٹ ابھی ختم نہیں ہوا آئندہ میچوں میں اچھی کارکردگی سے ہم ایونٹ اپنے نام کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لڑکوں نے اچھی کارکردگی دکھائی محمد عامر سمیت تمام نوجوان کھلاڑیوں نے پاکستان کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی وجہ سے پاکستان کو فتح کا سہرا نصیب ہوا، اچھی کرکٹ کھیلی تو آج ہم چیمپئن بن گئے، دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں نے ہماری فتح کے لیے دعا کی اُن تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں۔

    سوشل میڈیا پر ’سرفراز‘ کے چرچے


    جہاں دنیا بھر میں پھیلے ان کے مداحوں نے سرفراز اور قومی ٹیم کی فتح کی دعا کی تھی تو وہیں فتح کے بعد کچھ منچلے سرفراز کو انتہائی دلچسپ دعاؤں سے بھی نوازتے نظر آئے۔

    کسی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ سرفراز  کو روزہ نہ لگے ‘ مارکیٹ جائیں تو انہیں سستا فروٹ ملے‘ ان کا خربوزہ میٹھا نکلے۔

    یہ دعا بھی دی گئی کہ سرفراز کا بیٹا (عبداللہ) نرسری میں فرسٹ آئے۔

    لوڈ شیڈنگ اور پانی کی قلت سے دوچار عوام نے سرفراز کو دعا دی کہ ان کے گھر میں کبھی لوڈ شیڈنگ نہ ہو‘ وہ نہانے جائیں تو کبھی پانی ختم نہ ہو۔

    اے آروائی کے گیم شو جیتو پاکستان کی مقبولیت کا اندازہ کیجئے کہ بھارت سے فتح کے شاندار کے موقع پر عوام نے جیتو پاکستان کو یاد رکھا اور سرفراز کا پچاس تولہ انعام نکلنے کی دعا دی۔

    جہاں دعاؤں کا سلسلہ جاری تھا وہیں کسی نے یہ بھی لکھا کہ اب خوشی میں اپنے بچوں کے نام کینسل کرکے سرفراز مت رکھ دینا۔

    ایک منچلے نے تو ویرات کوہلی اور انوشکا کو بھی نہ بخشا۔

    الغرض سب نے ہی اس شاندار اور تاریخی فتح پر اپنے اپنے طریقے سے خوشی کا اظہار کیا جس کے اظہار کے لیے واقعی الفاظ کم پڑگئے ہیں۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال
    پرشیئرکریں۔