Tag: chandigarh

  • بھارت: برطانوی خاتون سفارتکار کو راہ چلتے ہراساں کیے جانے کا انکشاف

    بھارت: برطانوی خاتون سفارتکار کو راہ چلتے ہراساں کیے جانے کا انکشاف

    چندی گڑھ: بھارتی شہر چندی گڑھ میں سینئر خاتون برطانوی سفارت کار کو ہراساں کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں غیر ملکی سفارت کار بھی محفوظ نہیں رہے، بھارتی شہر چندی گڑھ میں 60 سالہ خاتون برطانوی سفارت کار کو ہراساں کیا گیا۔

    خاتون سفارت کار بدھ کی صبح کو ٹینس کھیلنے جا رہی تھیں کہ موٹر سائیکل سوار شخص نے انھیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔

    پولیس نے برطانوی سفارت کار کو ہراساں کرنے کی ایف آئی آر درج کر لی ہے، ملزم کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج سے مدد لی جا رہی ہے۔

    خاتون سفارت کار چندی گڑھ میں برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن میں تعینات ہیں، کمیشن کی جانب سے ایک بیان میں تصدیق کی گئی کہ ان کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے، اور پولیس تفتیش شروع ہو گئی ہے۔

    چندی گڑھ پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد اسے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر بھی ڈال دیا، جس سے عام لوگوں کی بھی اس تک رسائی ہو گئی اور ہراسانی کیس میں خاتون سفارت کار کی شناخت بھی ظاہر ہوئی۔

    واضح رہے کہ جنسی ہراسانی کیسز میں عام طور پر خواتین اور بچوں کی شناخت ظاہر نہیں کی جاتی، اور ایسے کیسز تک ویب سائٹ پر عام لوگوں کو رسائی نہیں دی جاتی، لیکن اس کیس میں اسے معمول کی ایف آئی آر کے طور پر اپ لوڈ کیا گیا۔

    ایس پی کیٹن بنسل نے اس حوالے سے بیان میں کہا کہ ایف آئی آر ویب سائٹ پر اپ لوڈ نہیں ہونی چاہیے تھی، میں اس معاملے کو دیکھوں گا۔

  • پریانکا گاندھی کے بعد نوجوت سنگھ سدھو بھی گرفتار

    پریانکا گاندھی کے بعد نوجوت سنگھ سدھو بھی گرفتار

    ممبئی: مودی حکومت کسانوں سے اظہار یک جہتی کے لئے آنے والے کانگریس رہنماؤں کو گرفتار کرنے لگی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کانگریس کی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی کی گرفتاری ونظر بندی کے بعد چندی گڑھ پولیس نے ایک اور کانگریس رہنما اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو دیگر کانگریس ممبران سمیت حراست میں لے لیا ہے۔

    بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے احتجاج کے دوران حکمران جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے جونیئر وزیر داخلہ اجے مشرا کے قافلے کی گاڑی مظاہرین پر چڑھ دوڑی تھی جس سے چار کسان ہلاک ہوگئے تھے۔

    مذکورہ واقعے کے خلاف کانگریس کے رہنما اور بھارتی پنجاب کی ریاستی اسمبلی کے رکن نوجوت سنگھ سدھو دیگر ارکان اسمبلی کے ہمراہ چندی گڑھ میں گورنر ہاؤس کے باہر بی جے پی حکومت کے خلاف اور کسانوں کی حمایت میں احتجاج کے لیے پہنچے گئے وہاں دھرنا دے دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پریانکا گاندھی کی جھاڑو لگانے کی ویڈیو وائرل

    اس موقع پر نوجوت سدھو کے ساتھ موجود مظاہرین اور دیگر ارکان اسمبلی نے مودی سرکار اور یوپی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور جونیئر وزیر داخلہ اجے مشرا کی گرفتاری کا مطالبہ کیا، احتجاج کے دوران پولیس کی بھاری نفری پہنچی اور سدھو سمیت کانگریس کے دیگر ارکان اسمبلی اور سیاسی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس وین میں بیٹھنے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوت سدھو کا کہنا تھا کہ کیا کسانوں کو قتل کرنے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرنا جرم ہے؟ یہ میرا بنیادی حق ہے کہ میں کسانوں کے لیے آواز بلند کروں۔

    اس سے قبل اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں ہوئے تشدد کے بعد کانگریس کی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی رات گئے لکھنو پہنچیں جہاں سے وہ لکھیم پور کھیری کے لیے روانہ ہوئیں لیکن سیتا پور کے ہر گاؤں میں پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا تھا۔

    دوسری جانب بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) نے فوری طور پر پنچایت بلائی اور فیصلہ کیا کہ احتجاج کا دائرہ کار ملک بھر کے تمام اضلاع میں پھیلا جائے۔

    خیال رہے کہ بھارت کے مختلف حصوں میں کسان حکومت کی زرعی پالیسی کے خلاف کئی ماہ سے سراپا احتجاج ہیں۔

  • بھارت : خونخوار چیتے نے گھر میں گھس کر افراتفری پھیلادی

    بھارت : خونخوار چیتے نے گھر میں گھس کر افراتفری پھیلادی

    چندی گڑھ : بھارت کی ریاست چندی گڑھ میں ایک چیتے نے گھر میں گھس کر افراتفری پھیلادی، وائلڈ لائف کے عملے نے پانچ گھنٹے کی جوجہد کے بعد اسے پکڑ کر قابو کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست چندی گڑھ کے محمکہ جنگلات کے عملے کو اطلاع ملی کہ چندی گڑھ کے سیکٹر 5 میں واقع ایک گھر میں ایک چیتا گھس گیا ہے، جسے سی سی ٹی وی میں دیکھا گیا ہے۔

    گھر میں داخل ہو جانے والے چیتے کی وجہ سے علاقے میں بھگڈر مچ گئی،  ریاست کے محکمہ جنگلات کے عہدیدار نے بتایا کہ یہ چیتا صبح آٹھ بجے گھر کے لان میں ٹہل رہا تھا، تاہم اس کے کسی پر حملے کی اطلاع نہیں ملی۔

    بعد ازاں محکمہ جنگلات کا عملہ ضروری سامان اور ایک لوہے کے مضبوط جنگلے کے ساتھ اس گھر کے باہر پہنچ گیا اور علاقہ مکینوں کو خبردار کرکے کارروائی کا آغاز کردیا۔

    ریسکیو ٹیم نے سیفٹی جال کے ساتھ اس مقام کو گھیر لیا تاکہ اس بات کو یقینی بنائے جاسکے کہ چیتا فرار نہ ہو،  پانچ گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد چیتے کو بے ہوش کرکے اسے جنگلے میں ڈال دیا گیا۔

    اس حوالے سے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ چیتے کی طبیعت اب کافی بہتر ہے اور اسے قریبی جنگل میں چھوڑ دیا گیا ہے۔

  • بالی وڈ اداکارہ نیہا دھوپیا کار حادثے میں زخمی، لوگ سیلفیاں‌ لیتے رہے

    بالی وڈ اداکارہ نیہا دھوپیا کار حادثے میں زخمی، لوگ سیلفیاں‌ لیتے رہے

    ممبئی: بالی وڈ اداکارہ نیہا دھوپیا کار حادثے میں زخمی ہوگئیں، لوگ اسپتال پہنچانے کے بجائے اداکارہ کے ساتھ سیلیفیاں لیتے رہے۔

    بھارتی اداکارہ نیہا دھوپیا ان دنوں رئیلٹی شو ’’نو فلٹر نیہا‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں چنڈی گڑھ میں موجود تھیں، نیہا دھوپیا چنڈی گڑھ سے ممبئی واپس آنے کے لیے ایئرپورٹ جارہی تھیں کہ ان کی کار کو حادثہ پیش آیا۔

    اداکارہ کی گاڑی کو سامنے سے آنے والی تیز رفتاری کار نے ٹکر ماری، حادثے میں گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے نیہا دھوپیا بال بال بچ گئیں اور ان کے کندھے پر چوٹ آئی۔

    نیہا دھوپیا کو اسپتال پہنچانے کے بجائے وہاں موجود لوگ اداکارہ کے ساتھ سیلفیاں بنواتے رہے نیہا لوگوں کی بے حسی دیکھ کر ہکا بکا رہ گئیں۔

    یہ بھی پڑھیں: معروف بھارتی اداکارہ کار حادثے میں ہلاک

     حادثے کے بعد نیہا دھوپیا اور ان کی ٹیم تقریباً ایک گھنٹے تک جائے حادثہ پر موجود رہے لیکن کوئی ان کی مدد کے لیے نہیں آیا، بعدازاں ان کی ٹٰیم اپنی مدد آپ کے تحت اسپتال پہنچی جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔