Tag: changes

  • ایپل کی صارفین کے لیے نئی تبدیلیاں متعارف کرنے کی تیاری

    ایپل کی صارفین کے لیے نئی تبدیلیاں متعارف کرنے کی تیاری

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی او ایس بِیٹا 3 جاری کردیا، جس کے تحت ایپل صارفین نوٹیفیکیشنز کو براہ راست لاک اسکرین سے بھی بند کرسکتے ہیں۔

    اس حوالے سے ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کمپنی نے آئی او ایس 18.3، آئی پیڈ او ایس 18.3 اور میک او ایس سِیکوئیا 15.3 کا آئی او ایس بِیٹا 3جاری کر دیا۔

    آئی ایس او 18.3 بیٹا 3 میں ایپل نے انٹیلیجنس کے حوالے سے کچھ تبدیلیاں کی ہیں، جن میں نیوز اور انٹرٹینمنٹ ایپس کے لیے نوٹیفکیشن سمریز کو غیر فعال کرنا شامل ہے۔

    Notification Summaries

    یہ تبدیلی بظاہر ایک عارضی اقدام ہے کیونکہ ایپل اپنی نوٹیفکیشن سمریز کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، آئی او ایس 18.3 کی حتمی لانچ رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر یہ تبدیلی کمپنی کی جانب سے وقتی حل ظاہر ہوتی ہے، عین ممکن ہے مستقبل کی آئی او ایس اپ ڈیٹس میں نوٹیفیکیشن سمریز کے فیچر کو دوبارہ فعال کر دیا جائے۔

    Updated Notification

    ایپل نے نوٹیفکیشن سمریز کو تبدیل کرتے ہوئے انہیں ترچھی فونٹ میں ظاہر کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ وہ صارفین کو عام نوٹیفکیشنز سے واضح طور پر الگ نظر آئیں۔

    Camera Control

    رپورٹ کے مطابق ایپل صارفین کیلیے نوٹیفیکیشن میں تبدیلی کے علاوہ نئے آئی او ایس میں بگ کے حل اور کیمرا کنٹرول بٹن، میسجز اور پی ڈی ایف ایڈٹنگ میں کچھ تبدیلیاں لانے جا رہا ہے۔

  • سیمی فائنل میں شکست: بھارتی ٹیم میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہوگی

    سیمی فائنل میں شکست: بھارتی ٹیم میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہوگی

    نئی دہلی: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں بھارت کی شرمناک شکست کے بعد سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم سے فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ٹی 20 ٹیم میں اگلے 24 مہینوں میں بڑی تبدیلیاں ہوں گی، روہت شرما، ویراٹ کوہلی اور روی چندرن اشون جیسے سینئر کھلاڑیوں کو بتدریج ٹیم سے باہر کردیا جائے گا۔

    بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلا ٹی 20 ورلڈ کپ 2 سال دور ہے اور تب تک ممکنہ طور پر ہاردک پانڈیا کی قیادت میں نئی ٹیم تیار کرلی جائے گی۔

    بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق بورڈ کسی کو ریٹائرمنٹ لینے کے لیے نہیں کہتا ہے، یہ ایک ذاتی فیصلہ ہوتا ہے۔

    دوسری جانب ہیڈ کوچ راہول دراوڑ کا کہنا ہے کہ کوہلی اور روہت جیسے سینیئر کھلاڑیوں کے مستقبل کے بارے میں ابھی کچھ بھی کہنا جلد بازی ہوگی، ان کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس دی ہے۔

  • واٹس ایپ میں اہم تبدیلیاں لانے کا اعلان

    واٹس ایپ میں اہم تبدیلیاں لانے کا اعلان

    دنیا کی معروف ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں نئی تبدیلیاں متعارف کروائی جارہی ہیں، ان تبدیلیوں کا مقصد صارفین کو مزید سہولت اور پرائیوسی فراہم کرنا ہے۔

    واٹس ایپ نے حال ہی میں 3 نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں جو کہ یہ ہیں۔

    لاسٹ سین کا نیا آپشن

    واٹس ایپ پر اب لاسٹ سین کا آپشن صارفین اپنے من پسند افراد کے لیے کھول یا بند کرسکیں گے، اس سے پہلے لاسٹ سین کا آپشن تمام افراد کے لیے یا تو کھولا جاتا ہے یا پھر بند کیا جاتا ہے۔

    واٹس ایپ کی نئی ممکنہ اپڈیٹ کے بعد اب کوئی بھی صارف اپنی مرضی کے مطابق کسی بھی نمبر پر لاسٹ سین بند کر سکتا ہے۔

    خاموشی سے گروپ چھوڑ دیں

    واٹس ایپ پر جہاں گروپس بہت سے معاملات میں سہولت کا باعث بنتے ہیں وہیں ان گروپس کی وجہ سے صارفین شدید تنگ بھی ہوجاتے ہیں۔ اگر کوئی صارف گروپ چھوڑ دے تو تمام لوگ اس بارے جان جاتے ہیں جس کے باعث صارف اکثر اضطراب میں رہتے ہیں۔

    لیکن اب یہ پریشانی ختم ہونے والی ہے کیونکہ واٹس ایپ پر ایسی نئی اپڈیٹ آنے والی ہے جس کے بعد کوئی بھی صارف چپکے سے گروپ چھوڑ سکتا ہے اور اس کے گروپ چھوڑنے کا پتہ صرف گروپ ایڈمن کو چل پائے گا جبکہ گروپ کے بقیہ رکن اس بات سے ناواقف رہیں گے۔

    ویو ونس فوٹو پر اسکرین شاٹ کی پابندی

    واٹس ایپ نے 2021 میں ایک نیا فیچر متعارف کروایا تھا جس کے نتیجے میں کوئی بھی صارف دوسرے صارف کو وڈیو یا تصویر صرف ایک بار بھیج سکتا ہے اور وہ تصویر یا ویڈیو کھولنے کے بعد خود بخود ختم ہوجائے گی، اس فیچر کو ویو ونس یعنی ایک بار دیکھیں کا نام دیا گیا تھا۔

    اسی فیچر میں واٹس ایپ مزید جدت لے کر آرہا ہے، اب ایک بار دکھائی جانے والی تصویر کا اسکرین شاٹ بھی نہیں لیا جاسکے گا۔ واٹس ایپ یہ اقدام مواد کی حساسیت کو برقرار رکھنے کے لیے کر رہا ہے۔

    واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچرز ابھی ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہیں اور جلد ہی انہیں صارفین کے لیے کھول دیا جائے گا۔

  • جی میل کے بدلے ہوئے ڈیزائن سے پریشان نہ ہوں

    جی میل کے بدلے ہوئے ڈیزائن سے پریشان نہ ہوں

    کیا آپ نے اپنے جی میل کو بدلا ہوا دیکھا ہے اور آپ اس تبدیلی سے پریشان ہیں؟ تو اس کی وجہ جان لیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فروری 2022 میں گوگل کی جانب سے جی میل کے نئے یوزر انٹر فیس کو متعارف کروانے کا سلسلہ شروع ہوا تھا، جس میں میٹ، چیٹ اور اسپیسز کو ایک جگہ اکٹھا کردیا گیا تھا۔

    اس وقت صارفین کی مرضی تھی کہ وہ اس نئے ڈیزائن کو استعمال کریں یا پرانے کو ہی برقرار رکھیں۔

    مگر گوگل کی جانب سے پرانے ڈیزائن پر سوئچ کرنے کا آپشن بتدریج ختم کیا جارہا ہے اور بہت جلد تمام صارفین کا اکاؤنٹ بائی ڈیفالٹ نئے یوزر انٹر فیس پر سوئچ کر جائے گا۔

    یہ ڈیزائن گزشتہ یوزر انٹر فیس سے بہت زیادہ مختلف بھی نہیں مگر یہ گوگل کی جانب سے میسجنگ ایپس اور ورک پلیس تک لوگوں کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

    اس نئے ڈیزائن میں میل، میٹ، اسپیسز اور چیٹ کے بٹنز بائیں جانب ایک قطار میں دیے گئے ہیں، گوگل کے مطابق اب آپ اپنی مرضی سے ایپس کو کوئیک سیٹنگز مینیو کا حصہ بنا سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ جی میل کو ہر ماہ ڈیڑھ ارب سے زیادہ افراد استعمال کرتے ہیں اور اس نئے ڈیزائن کا مقصد میٹ اور چیٹ جیسے پروگرامز کو زیادہ بہتر طریقے سے اس ای میل سروس کا حصہ بنانا ہے۔

    گوگل کے مطابق ابھی چند دن تک صارفین کے پاس نئے یوزر انٹر فیس سے پرانے پر سوئچ کرنے کا آپشن سیٹنگز میں دستیاب ہوگا۔

    مگر یہ آپشن زیادہ دن تک موجود نہیں رہے گا کیونکہ گوگل کی جانب سے ہر اکاؤنٹ کو نئے ڈیزائن پر سوئچ کردیا جائے گا۔

  • افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں مزید سہولت

    افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں مزید سہولت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں تبدیلی کی منظوری دے دی، افغان ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو 48 گھنٹے میں ایک سال تک کے لیے ملٹی پل ویزا مل جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وفاقی کابینہ نے افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سفارت خانے موجودہ قومیت کی بنیاد پر ویزا درخواستوں پر کارروائی کی جائے گی۔ افغان ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو 48 گھنٹے میں ایک سال تک کے لیے ملٹی پل ویزا مل جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اس سہولت کا مقصد دونوں ممالک کو قریب لانا، افغان عوام کی مدد کرنا اور وسط ایشیا سے کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کو ویزا پالیسی پر مزید کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • گوگل سرچ انجن میں تبدیلیوں کا اعلان

    گوگل سرچ انجن میں تبدیلیوں کا اعلان

    دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے سرچ انجن، الگورتھم اور کی ورڈ میں بنیادی تبدیلیاں کررہا ہے۔

    گوگل کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ ڈیجیٹل کانٹینٹ مینیجرز اور ایس ای او کے ماہرین اگلے کئی ہفتوں تک اپنی ویب سائٹ کی رینکنگ اور دیگر امور پر گہری نظر رکھیں گے۔

    گوگل نے باضابطہ طور پر کور سرچ کے تحت نئے الگورتھم اور پروٹوکولز متعارف کروائے ہیں۔

    اس کے تحت مشہور ویب سائٹ کی رینکنگ پر فرق بھی پڑسکتا ہے، 25 مئی کو گوگل سرچ بلاگ پر کہا گیا کہ ہم سال میں کئی مرتبہ گوگل سرچ کور کا اعلان کرتے ہیں اور اب اس کا اطلاق 26 مئی سے کررہے ہیں۔

    گوگل نے اس ضمن میں مزید تفصیلات نہیں دیں لیکن جب جب گوگل کے نظام پر نقب لگانے یا اس کے سرچ انجن پر اثرانداز ہونے کی بیرونی کوششیں کی جاتی ہیں تو گوگل اپنے پروٹوکول تبدیل کرتا رہتا ہے۔

    گوگل نے اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ سال میں کئی مرتبہ ہم اپنے رینکنگ کے عمل کو بہتر بناتے ہیں، اس عمل کو کور اپڈیٹس کہا جاتا ہے۔ یہ تبدیلیاں ویب کی بدلتی صورتحال کے تحت کی جاتی ہیں۔ تاہم ویب سائٹ کے مالکان اس فرق کو واضح طور پر محسوس کرسکیں گے۔

    گوگل نے کہا ہے کہ کور اپ ڈیٹس میں مخصوص صفحات اور ویب سائٹ کو نشانہ نہیں بنایا گیا ہے۔ مئی کے آخری ہفتوں کے بعد اگلے کئی ہفتوں تک اس کے واضح اثرات محسوس ہوں گے۔

  • پنجاب میں بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ

    پنجاب میں بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ملاقات میں صوبہ پنجاب کے شہروں فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ اور گجرات میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ملاقات میں کیا گیا۔

    ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ اور گجرات میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز تبدیل کیے جائیں گے۔

    آئی پنجاب اور کمشنر لاہور کو فوری طور پر تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کام نہ کرنے والے محکموں کے سیکریٹریز کو تبدیل کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر محکمے کی ہفتہ وار رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب خود وصول کریں گے، وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹریز کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

  • فیس بک کمپنی کا نام تبدیل ہونے کے بعد واٹس ایپ میں بھی تبدیلی

    فیس بک کمپنی کا نام تبدیل ہونے کے بعد واٹس ایپ میں بھی تبدیلی

    امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی میٹا (فیس بک) کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں تبدیلی کی جارہی ہے، کمپنی کے سربراہ مارک زکر برگ نے حال ہی میں کمپنی کا نام فیس بک سے بدل کر میٹا رکھا ہے۔

    فیس بک نے حال ہی میں اپنی پیرنٹ کمپنی کا نام فیس بک ان کارپوریٹڈ سے تبدیل کر کے میٹا ان کارپوریٹڈ کیا تھا اور اب واٹس ایپ میں بھی اس حوالے سے تبدیلی کردی گئی۔

    فیس بک کی ملکیت واٹس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیے جانے کے وقت عام طور پر فرام فیس بک لکھا آتا تھا، تاہم اب اس میں تبدیلی کردی گئی۔

    واٹس ایپ سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ ویب ایٹ انفو کے مطابق اب واٹس ایپ کے نئے ورژن میں فرام فیس بک کی جگہ فرام میٹا لکھا ہوا نظر آئے گا۔

    فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے 28 اکتوبر کو کمپنی کا نام تبدیل کر کے میٹا رکھا تھا اور اب مذکورہ کمپنی کی زیر ملکیت تمام ایپس اور ویب سائٹس کے اپڈیٹ ورژنز پر فرام فیس بک کے بجائے فرام میٹا کا پیغام لکھنا شروع کردیا گیا۔

    واٹس ایپ کے بعد اب جلد ہی انسٹاگرام، اوکولس اور خود فیس بک کی ایپلی کیشن پر بھی فرام میٹا لکھا ہوا نظر آئے گا۔

    کمپنی کے نئے نام سے اس کی ملکیت رہنے والی تمام ویب سائٹس اور ایپلی کیشن کے نام وہی رہیں گے اور وہ اسی طرح کام کرتی رہیں گی، جسے اب تک کرتی آئی ہیں۔

    البتہ مستقبل میں میٹا کمپنی نئی ٹیکنالوجیز اور ویب سائٹس سمیت ایپس متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جس وجہ سے اس کا نام بھی تبدیل کیا گیا ہے۔

    میٹا کا مستقبل میں سب سے اہم کام میٹاورس نامی ورچوئل ریئلٹی کا انٹرنیٹ نظام بنانا ہے، جس کے لیے کمپنی اگلے پانچ سال میں یورپ بھر میں 10 ہزار افراد کو ملازمتیں بھی فراہم کرے گی۔

  • سعودی حکومت نے توکلنا ایپ میں اہم تبدیلیاں کردیں

    سعودی حکومت نے توکلنا ایپ میں اہم تبدیلیاں کردیں

    ریاض : سعودی حکومت نے کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کو خصوصی درجہ دے دیا، اس سلسلے میں توکلنا ایپ میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ دس اکتوبر2021 سے صرف وہی لوگ "محصن” (وائرس سے محفوظ) مانے جائیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے۔

    توکلنا اور دیگر ایپس میں "محصن” صرف ایسے افراد کے لیے تحریر ہوگا جو دونوں خوراکیں حاصل کرچکے ہوں گے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹر العبدالعالی نے بتایا کہ دس اکتوبر سے صحت حالت کا ریکارڈ اپ ڈیٹ ہوگا۔ توکلنا میں محصن کا لفظ صرف ان لوگوں کے لیے استعمال ہوگا جو فائزر، ایسٹرزینکا یا موڈرنا ویکسینوں کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے، دوسری خوراک کی تاریخ ہی سے متعلقہ شخص کو "محصن” مانا جائے گا۔

    وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک لینے والے کو بھی محصن مانا جائے گا۔ جانسن ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے14 روز بعد توکلنا ایپ میں ریکارڈ پر آئے گی۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ویکسینوں میں سے کسی ایک ویکسین کی دو خوراکیں لینے والے کو بھی توکلنا ایپ میں ’محصن‘ ظاہر کیا جائے گا۔

    فی الوقت عالمی ادارہ صحت سینو فارم اور سینووک کی منظوری دیے ہوئے ہے۔ اس کی شرط یہ ہوگی کہ دونوں ویکسینوں میں سے کسی ایک ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے کے بعد مملکت میں منظور کردہ ویکسینوں فائزر، ایسٹرازینکا یا موڈرنا میں سے کسی ایک کا بوسٹر بھی لگواچکا ہو۔

    وزارت کے مطابق اس کا اعتبار مملکت منظور شدہ ویکسینوں میں سے کسی ایک سے بوسٹر لگوانے کی تاریخ سے شروع ہوگا۔

  • پنجاب کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں، وزیر اطلاعات ایک بار پھر تبدیل

    پنجاب کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں، وزیر اطلاعات ایک بار پھر تبدیل

    لاہور: پنجاب کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں، وزیر اطلاعات صمصام بخاری سمیت متعدد وزرا کے محکمے تبدیل کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات کو ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا، صمصام بخاری سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا گیا۔ انہوں نے رواں برس 6 مارچ کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

    صمصام بخاری کو سابق وزیر فیاض الحسن چوہان کے متنازعہ بیانات کے باعث مستعفی ہونے کے بعد صوبے کا نیا وزیر اطلاعات مقرر کیا گیا تھا۔

    سابق وزیر اطلاعات فیاض چوہان اقلیتی برادری سے متعلق متنازعہ بیان دینے پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

    فیاض چوہان نے ہندو برادری سے متعلق اپنے بیان پر معذرت بھی کی تھی اور کہا تھا کہ میرا مخاطب بھارتی وزیر اعظم، بھارتی فوج اور بھارتی میڈیا تھا، پاکستان میں ہندو اقلیت نہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں ہندوؤں کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت خواہ ہوں۔

    تاہم وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ان کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس نوعیت کا کوئی بھی بیان قابل قبول نہیں، کسی بھی مذہب کی دل آزاری قبول نہیں ہوگی۔

    صمصام بخاری کی جگہ میاں اسلم اقبال کو اطلاعات اور کلچر کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

    دیگر تبدیل شدہ محکمے

    پنجاب کابینہ میں مزید کئی وزرا کے محکمے تبدیل کیے گئے ہیں، یاسر ہمایوں سے سیاحت کا محکمہ واپس لے کر وزیر کھیل پنجاب محمد تیمور خان کو سیاحت کا محکمہ دیا گیا ہے۔

    اسی طرح راجہ بشارت سے وزارت بلدیات کا قلمدان واپس لے کر سوشل ویلفیئر اور محکمہ بیت المال کا چارج دے دیا گیا۔