Tag: Charged parking

  • کراچی کی قسمت سنورنے لگی، شہر کی خوبصورتی کیلئے کام شروع

    کراچی کی قسمت سنورنے لگی، شہر کی خوبصورتی کیلئے کام شروع

    کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹرسیف الرحمان کی ہدایت پر چہر بھر کے فٹ پاتھوں کی تعمیر و مرمت کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    ایڈمنسٹریٹر کراچی نے گورنر سندھ کے احکامات پر شہر کی خوبصورتی کیلئے کام شروع کردیا، کراچی کی تمام مرکزی شاہراہوں پر شجرکاری کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹرسیف الرحمان کا کہنا ہے کہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر ایک ہزار کے قریب پودے لگائے جاچکے ہیں۔

    غیرقانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والے گرفتار

    علاوہ ازیں ایڈمنسٹریٹرکراچی کی ہدایت پر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ نے یونیورسٹی روڈ پر کارروائی کی، اس دوران غیرقانونی چارجڈ پارکنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرقانونی چارجڈ پارکنگ کی وصولی میں ملوث افراد کے ایم سی کو بدنام کر رہے تھے۔ متعلقہ افسران کے پہنچنے پر شرپسند عناصر روپوش ہوجاتے اور بعد میں غیرقانونی پارکنگ فیس وصول کرتے تھے۔

    ذرائع کے مطابق تھانہ نیو ٹاؤن میں غیرقانونی چارجڈ پارکنگ کی وصولی کے خلاف درخواست جمع کرائی گئی تھی۔ تھانہ انچارج سے کہا گیا تھا کہ غیرقانونی پارکنگ فیس کی وصولی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ سوک سینٹر کے قریب آنے والے شہریوں سے خود ساختہ غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کی جارہی تھی۔

    ڈاکٹر سید سیف الرحمن کا کہنا ہے کہ جو پارکنگ سائٹس کے ایم سی نے بند کردی ہیں وہاں پارکنگ فیس وصول کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • کراچی میں تمام غیر قانونی چارجڈ پارکنگ اور ڈبل پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ

    کراچی میں تمام غیر قانونی چارجڈ پارکنگ اور ڈبل پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ

    کراچی : شہر قائد میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں تمام غیرقانونی اور ڈبل پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنرکراچی افتخار شالوانی کی زیرصدارت چارجڈ پارکنگ سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں شہر میں قائم تمام غیرقانونی چارجڈ پارکنگ اور ڈبل پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنرکراچی کا کہنا تھا کہ ڈبل پارکنگ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اس کی روک تھام کی جائے، فٹ ہاتھوں پر موٹر سائیکلوں کی پارکنگ ختم کرکے متبادل انتظامات کئے جائیں۔

    کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی شہرسے غیرقانونی چارجڈ پارکنگ ختم کی جائیں گی، اس سلسلے میں انہوں نے ڈپٹی کمشنرجنوبی کو چارجڈ پارکنگ نظام ٹھیک کرنے کیلئے رپورٹ تیارکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارکنگ سے متعلق جائزہ رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کریں۔

    اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ترجیحی اقدامات کیے جائیں اورشہر میں جگہ جگہ بے ہنگم پارکنگ ایریا ختم کیے جائیں، اور مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔

    خیال رہے کہ شہر میں کھدی ہوئی سڑکوں اور بے ہنگم پارکنگز کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل سنگین تر ہوگئے ہیں، خصوصاً شام کے وقت شہریوں کو بہت تکلیف اٹھانی پڑ رہی ہے۔