Tag: charter of democracy

  • ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے اپنے مفاد کے لیے میثاق جمہوریت کیا، ندیم افضل چن

    ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے اپنے مفاد کے لیے میثاق جمہوریت کیا، ندیم افضل چن

    اسلام آباد : وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ اپنے فائدے کیلئے ن لیگ اور پی پی نے میثاق جمہوریت کیا، ملک کی بدقسمتی ہے کہ اشرافیہ کا احتساب نہیں ہوپاتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، ندیم افضل چن نے کہا کہ اپنے فائدے کیلئے ن لیگ اور پی پی نے میثاق جمہوریت کیا، نوازشریف نے تیسری بار وزیراعظم بننے کیلئے پی پی سے ہاتھ ملایا تھا، فواد چوہدری پاکستان کے وفاقی وزیر ہیں وہ کہیں بھی جاسکتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کو نہیں چلنے دے رہی تھے، انہوں نے پارلیمنٹ کو جام کیا ہوا تھا جس پر شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنایا گیا، ملک کی بدقسمتی ہے اشرافیہ کا احتساب نہیں ہوپاتا۔

    ایک سوال کے جواب میں ترجمان وزیر اعظم نے کہا کہ قوم کے پیسوں پر ذاتی لڑائی لڑی جارہی ہے، پرانے سیاستدان قوم سے معافی مانگ کر الگ ہوجائیں۔

    سیاست میں نئے لوگوں کو اب آنے دیا جائے، عدل کے ساتھ احتساب پر دونوں جماعتیں متفق ہوجائیں تو حکومت ساتھ دے گی، وزیراعظم عمران خان کی نیت اور عمل 100فیصد ملک کیلئے ہے۔

  • نوازشریف تصادم کی سیاست چھوڑیں پھرجمہوریت کی بات کریں، بلاول بھٹو

    نوازشریف تصادم کی سیاست چھوڑیں پھرجمہوریت کی بات کریں، بلاول بھٹو

    کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میرا میاں صاحب کو مشورہ ہے کہ تصادم کی سیاست چھوڑدیں تو میثاق جمہوریت پر بات ہو سکتی ہے، نواز شریف اور جمہوریت کا کوئی تعلق نہیں بنتا، میں وعدہ کرتاہوں نانا اور ماں کے نقش قدم پر چلوں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے ساتھ ہاتھ نہ ملانے کو مسترد کرنے سے تشبیہ دینا مناسب نہیں، البتہ نواز شریف اپنے طورطریقے بدلیں تاکہ بات چیت کا ماحول پیدا ہوسکے۔

    انہوں نے کہا کہ میاں صاحب اورجمہوریت کا کوئی تعلق نہیں بنتا، نواز شریف کے ساتھ ہمارے تجربے خوشگوار نہیں رہے کیونکہ میاں صاحب کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں، ان کا یہ رویہ ملک میں پنپتی جمہوریت کوخطرے میں ڈال رہاہے، لہٰذا ان کو میرا مشورہ ہے کہ میاں صاحب تصادم کی سیاست چھوڑیں پھر میثاق جمہوریت پر بات کریں۔

    بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ سازش کے تحت کراچی پر لسانیت تھوپی گئی، شہر میں تعلیم نہ ہونے کے برابر ہوگئی ہے، بےروزگاری میں بھی اضافہ ہوا، شہر قائد کیخلاف سازش کرنیوالوں نے بھتہ خوری، دہشت گردی، اسٹریٹ کرائم کو کراچی کی پہچان بنادیا۔

    ان کا کہنا تتھا کہ کراچی والوں کی قسمت میں ہمیشہ خوف میں رہنا نہیں لکھا، ہم کراچی کو بدلیں گےاور بدلتے ہی جائیں گے، کراچی میں ہر رنگ و نسل کے لوگ بستے ہیں،اسی لیے اسے منی پاکستان کہا جاتا ہے، اس شہر کے لوگوں نے جمہوری تحریکوں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ دو ضمنی انتخابات میں کراچی والوں نے پی پی پر اعتماد کا اظہارکیا، کراچی میرا شہر ہے،اس کے دکھ اور سکھ میرے ہیں، کراچی روشنیوں کاشہرکہلاتا تھا، اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔

    کراچی سےجرائم کاخاتمہ اورلسانی ومذہبی تقسیم ختم کریں گے، ہم ثابت کریں گے کہ کراچی میں تباہی وبربادی کادورختم اور ترقی کا دور شروع ہوگیا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی رنگ ونسل کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم نہیں کرتی، میں وعدہ کرتا ہوں کہ اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ کے نقش قدم پر چلوں گا۔

  • ن لیگ نے میثاق جمہوریت پر پیپلزپارٹی کودھوکا دیا، بلاول بھٹو زرداری

    ن لیگ نے میثاق جمہوریت پر پیپلزپارٹی کودھوکا دیا، بلاول بھٹو زرداری

    کاغان : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ نے میثاق جمہوریت پر پیپلزپارٹی کے ساتھ دھوکا کیا جبکہ عمران خان کے نظریے اور پیغام میں تضاد ہے، سپریم کورٹ نواز شریف کے توہین عدالت کے بیانات پر سوموٹو ایکشن لے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاغان میں جلسہ عام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئندہ الیکشن میں اکثریت کے ساتھ حکومت میں آکر نظریے پر کام کریگی، عوام نے ہمارا ساتھ دیا تو خدمت کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔

    ملک میں جمہوری نظام کو کوئی خطرہ نہیں یہ صرف تخت رائیونڈ کی لڑائی ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی میثاق جمہوریت سے پیچھے نہیں ہٹی بلکہ ن لیگ نے میثاق جمہوریت پر پیپلزپارٹی کے ساتھ دھوکا کیا، انتخابات وقت پر ہوں گے، پارلیمنٹ کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ نوازشریف اپنی ہر تقریر میں توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں جس پر سپریم کورٹ ان کے خلاف سوموٹو ایکشن لے، قانون سب کے لئے ایک جیسا ہونا چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سندھ میں ویلکم کرتے ہیں، لیکن سندھ کے عوام کپتان کو قبول نہیں کریں گے کیونکہ چیئرمین پی ٹی آئی جو کہتے ہیں اس پر عمل نہیں کرتے، عمران خان نئے پاکستان اور کرپشن کیخلاف بات کرتے ہیں، ان کے قول و فعل میں تضاد ہے میری دعا ہے سندھ میں عمران خان کا جلسہ کامیاب ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرپشن پر سندھ کے جس سابق وزیراعلیٰ کو نکالا گیا وہ عمران خان کے ساتھ ہے، ہم بہت جلد خیبرپختون خوا میں پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھیں گے اور پھر عمران خان کا رونا دھونا شروع ہوجائے گا۔