Tag: Chaudhry Pervaiz Elahi

  • چوہدری پرویز الہٰی کو ایک ماہ کے لیے نظر بند کر دیا گیا

    چوہدری پرویز الہٰی کو ایک ماہ کے لیے نظر بند کر دیا گیا

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو ایک ماہ کے لیے نظر بند کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کو تھری ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لیے نظربند کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پرویز الہٰی آئندہ ایک ماہ کیمپ جیل میں رہیں گے، پرویز الہٰی کے خلاف تین مقدمات درج ہیں، وہ پی ٹی آئی کے سرکردہ رہنما ہیں، اس لیے ان سے امن و امان کو نقصان ہو سکتا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں 2، غالب مارکیٹ میں درج ایک مقدمے کا ذکر شامل کیا گیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی ان کیسز میں پولیس کو مطلوب بھی ہیں۔ واضح رہے کہ سی سی پی او لاہور کی جانب سے پرویز الہٰی کی نظر بندی کے لیے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ لکھا گیا تھا۔

  • جیل میں پرویز الہٰی کو دل کی تکلیف، اسپتال لے جایا گیا

    جیل میں پرویز الہٰی کو دل کی تکلیف، اسپتال لے جایا گیا

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی کی طبیعت جیل میں اچانک ناساز ہونے پر انھیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو رات گئے جیل میں طبیعت خراب ہونے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا۔

    ڈاکٹروں نے پرویز الہٰی کا طبی معائنہ کیا اور ای سی جی سمیت دیگر ضروری ٹیسٹ کیے، ٹیسٹ رپورٹس سامنے آنے پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی صحت تسلی بخش قرار دے دی گئی اور انھیں سخت سیکیورٹی میں واپس جیل پہنچا دیا گیا۔

  • وزیر اعظم اور مریم نے پرویز الہٰی کو بدمعاش قرار دے دیا، مبینہ آڈیو لیک

    وزیر اعظم اور مریم نے پرویز الہٰی کو بدمعاش قرار دے دیا، مبینہ آڈیو لیک

    اسلام آباد: مبینہ آڈیو لیک کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور مریم نواز نے پرویز الہٰی کو بدمعاش قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری برادران کے درمیان اختلافات پر بھی مریم نواز اور شہباز شریف کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    مریم نواز مبینہ آڈیو لیک میں کہتی ہیں کہ مجھے عطا وغیرہ کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنی ہے، آج بجٹ پیش ہو جائے، اس کے بعد انشاءاللہ۔

    شہباز شریف نے کہا یہ پوری بدمعاشی پر اترا ہوا ہے، مریم کہتی ہیں بہت بدمعاشی۔

    مبینہ آڈیو لیک: مریم نواز کا وزیر اعظم کو تیل کی قیمتیں بڑھانے کا مشورہ

    وزیر اعظم نے کہا ’گھر کو تقسیم کر دیا، بڑا بھائی زندگی بھر چھوٹے بھائی کی راہیں ہموار کرتا رہا، اس کے بچے کو تیار کیا، ظاہر ہے اس نے اپنے بچوں کا مستقبل بھی دیکھنا تھا۔‘

    شہباز شریف نے کہا دو تین مہینے پہلے چوہدری پرویز نے عمران سے رابطہ کیا تھا۔ مریم نے کہا ’انکل جو اپنے بھائی کا نہیں ہوا وہ کسی کا نہیں بن سکتا، باپ جیسا بھائی، ابھی بھی اس کے ظلم پر بولتا نہیں۔‘

    مستعفی ارکان سے متعلق حتمی منظوری لندن سے لیے جانے کا انکشاف

    مریم نے مزید کہا ’مجھے لگتا ہے مونس نے اسے بہت خراب کیا۔‘ اس پر شہباز شریف نے کہا ’خراب ہونے والے کو ہی خراب کیا جاتا ہے۔‘

    مریم نواز نے کہا ’اس نے بیٹے کی باتوں میں آ کر سب کچھ برباد کر دیا، چوہدری شجاعت کو اس بات کو اوپن کرنا چاہیے تھا۔‘

  • پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا، حکومت کی طرف سے پھر وہی خاموشی ہے: پرویز الہٰی

    پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا، حکومت کی طرف سے پھر وہی خاموشی ہے: پرویز الہٰی

    لاہور: چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ ہم نے پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا، لیکن حکومت کی طرف سے پھر وہی پرانی خاموشی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پرویز الہٰی سے آج ڈسٹرکٹ بار منڈی بہاؤالدین کے وکلا کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس کی سربراہی ایم پی اے ساجد خان بھٹی نے کی، چوہدری پرویز الہٰی نے ڈسٹرکٹ بار کے لیے چیک بھی دیا۔

    اس موقع پر گفتگو میں انھوں نے کہا ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں، ہماری طرف سے کبھی عدم اعتماد نہیں ہوگا، تاہم ہمارے ساتھ جو چیزیں طے کی گئی تھیں، ان پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

    پرویز الہٰی نے کہا مولانا فضل الرحمان کا معاملہ عمران خان کے کہنے پر ہم نے حل کیا، اس کے حل کے لیے چوہدری شجاعت اور میں نے بڑی محنت کی، سینیٹ الیکشن میں ولید اقبال اور جہانگیر ترین کی ہمشیرہ کو کامیاب کرایا، ورنہ یہ دونوں سیٹ ہار رہے تھے، بے شک ان سے پوچھ لیں۔

    انھوں نے کہا آصف زرداری اور بلاول نے بلا مقابلہ سینیٹر منتخب کروانے میں اہم کردار ادا کیا، سسٹم کی بہتری کے لیے آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے میری بات مان لی، اور ہم نے پنجاب میں بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن جتوایا، لیکن حکومت کی طرف سے پھر وہی پرانی خاموشی ہے، الیکشن ختم ہو گیا تو کسی نے پوچھا تک نہیں۔

    چوہدری پرویز الہٰی نے کہا پنجاب میں تبدیلی کا کوئی چانس نہیں، فی الحال اپوزیشن نے پکانے کے لیے کچھ اکٹھا نہیں کیا، جہانگیر ترین بھی تحریک انصاف کا حصہ ہیں، اور وہ پارٹی میں موجود ہیں، ان کے ساتھ کتنے ممبر ہیں یہ اسمبلی میں کھڑے ہوں گے تو پتا چلے گا، میرا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا جب ہم کسی کے ساتھ چلتے ہیں تو کسی کو دھوکا نہیں دیتے، ہم حکومت کے اتحادی ہیں لیکن ہمیں زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جب حکومت کو مشکل پڑتی ہے تو ہم ساتھ دیتے ہیں۔

    نواز شریف سے متعلق انھوں نے کہا ن لیگ کی سیاست کی ساری کتاب نواز شریف کی ہے، باقی سب اس کتاب کے صفحات ہیں، مسلم لیگ ن نواز شریف کی پارٹی ہے اور وہی فیصلے کرتے ہیں، شہباز شریف ہو یا کوئی اور یہ نواز شریف کا بیانیہ ہے، جب کہ مریم نواز ہی ن لیگ کی وارث ہیں، وہ نواز شریف کی مکمل سپورٹ کے ساتھ لیڈ کر رہی ہیں۔

  • نیب کا چوہدری پرویزالٰہی پر اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام

    نیب کا چوہدری پرویزالٰہی پر اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام

    لاہور : قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی پراختیارات سے تجاوزکرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے نئی تقرریوں پرپابندی کےباوجود 29 افراد کو بھرتی کرایا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ، نیب لاہور نے چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف اختیارات سے تجاوز کرنے کے کیس میں جواب جمع کرا دیا۔

    نیب لاہور نے 9 صفحات پر مشتمل تفصیلی جواب لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرایا، جس میں کہا گیا کہ چوہدری پرویز الٰہی اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب ہوئے، چوہدری پرویز الٰہی 1988 سے 1993 کے درمیان دو بار وزیر لوکل گورنمنٹ رہے۔ انہوں نے بطور وزیر لوکل گورنمنٹ اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے 29 افراد کو بھرتی کرایا۔

    نیب رپورٹ کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے سرکاری لیٹر پیڈ کے ذریعے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو مخلتف افراد بھرتی کرنے کا بھی حکم دیا جبکہ اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے گریڈ 16 اور گریڈ 17 میں اکاؤنٹس آفیسرز اور چیف آفیسرز بھرتی کرائے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پرویزالٰہی نے شریک ملزمان جاوید قریشی اور ڈاکٹر مشیر احمد سے مل کر غیر قانونی بھرتیاں کیں جبکہ دونوں شریک ملزمان وفات پا چکے ہیں، چوہدری پرویز الٰہی اور شریک ملزمان نے من پسند بھرتیوں کے لیے مقررہ عمر میں رعایت کے لیے بورڈ سے اجازت نہیں لی تھی اور نئی تقرریوں پر پابندی کے باوجود 29 افراد کو بھرتی کروایا۔

    نیب کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کی انوسٹی گیشن مکمل کر لی گئی ہے اور ریفرنس حتمی منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ نیب کے پاس چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف کیس ثابت کرنے کے لیے شواہد موجود ہیں۔ نیب نے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف تحقیقات کی ہیں۔

    نیب نے استدعا کی ہے کہ ہائیکورٹ چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست خارج کرے۔

  • چوہدری پرویز الٰہی کی مولانا فضل الرحمان  سے  ملاقات

    چوہدری پرویز الٰہی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات

    اسلام آباد : مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانافضل الرحمان سے ملاقات کی، چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ بہت ساری تجاویز دی ہیں،پر امید ہیں جلد نتیجہ نکلے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانافضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں  جے یو آئی سینیٹر طلحہ محمود اور ق لیگ کے عمار یاسر بھی شریک تھے۔

    ملاقات میں پرویز الہیٰ نے مولانا کو حکومتی کمیٹی اجلاس کے دوران وزیراعظم کی تجاویز اور درمیانی رابطے سے آگاہ کیا۔

    بعد ازاں پرویز الہٰی نے مولانا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا سب پر امید ہیں ،چیزیں بہتری کی طرف جارہی ہیں، بہت ساری تجاویز دی ہیں،پر امید ہیں جلد نتیجہ نکلے گا، جلد اکھٹی خوشخبری سنائیں گے۔

    صحافی نے سوال کیا کیا مولانا وزیر اعظم کے استعفے کے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئے ؟ جس پر  پرویز الہٰی نے جواب میں کہا جلد اچھی خبریں دیں گے، صحافی  نے پھر سوال کیا مولانا کو جوڈیشل کمیشن پر تیار کرلیا؟ جس پر انھوں نے کہا جس بات پر مولانا راضی ہوں گے وہی بات ہوگی۔

    اس سے قبل چوہدری پرویز الٰہی نے مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ دعا کریں کوئی فیصلہ حتمی ہو جائے، ہماری پوری کوشش ہے  کوئی کمی نہیں چھوڑنی، انشااللہ اچھانتیجہ نکلےگا، جب تک معاملہ حل نہیں ہوتا کوشش جاری رہےگی۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے وقت سے پہلے انتخابات کا اپوزیشن کا مطالبہ مسترد کردیا ہے ، چوہدری برادران کی وزیراعظم اور مولانا کے درمیان سفارتکاری کامیاب ہو سکتی ہے، وزیر اعظم نے چوہدری پرویز الہی کو مکمل اختیار دیا ہے۔

    گذشتہ روز بھی پرویزالٰہی اور مولانافضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی تھی ، جس کے بعد پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ مثبت پیشرفت ہورہی ہے، کسی بھی مسئلےکےحل میں تھوڑا وقت لگتا ہے۔

    مزید پڑھیں : چوہدری برادران کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، اہم پیشرفت کا امکان

    بعد ازاں مولانا فضل الرحمان نے مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حکمرانوں کوایک دن بھی مزیدبرداشت نہیں کرسکتے ہم ناکام حکومت کو گرانے کیلئے مشقت برداشت کررہےہیں ایسی آئینی حکومت چاہتےہیں جوآئین کی عکاس ہو۔

    خیال رہے اسلام آباد میں آزادی مارچ کے حوالے سے حکومت اور رہبر کمیٹی کے درمیان ڈیڈ لاک ابھی تک موجود ہے، جس کو دور کرنے کیلئے چودھری برادران اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

  • پنگا نہ لینا واپس جانے کے قابل نہیں رہو گے، اسپیکرپنجاب اسمبلی کی بھارت کو دھمکی

    پنگا نہ لینا واپس جانے کے قابل نہیں رہو گے، اسپیکرپنجاب اسمبلی کی بھارت کو دھمکی

    لاہور : اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ پنگا نہ لینا واپس جانے کے قابل نہیں رہو گے، بھارت نے پاکستان کو دھمکی دے کرغلطی کردی، جس کا اسے بعد میں احساس ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا عوامی فلاح وبہبودکیلئےعمران خان کی کاوشوں کا حصہ بنیں گے، مشکلات کےباوجودحالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے، بھارت نے پاکستان کودھمکی دے کر غلطی کی، جس کا اسے بعد میں احساس ہوگا۔

    انھوں نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا یاد رکھو اب یہاں وزیراعظم عمران خان ہیں، آپ کا دوست جا چکا ہے۔

    چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کو سمجھ آگئی، اس نے کس فوج اور قوم کو للکارا ہے، پاکستان کا بچہ بچہ پیچھے نہیں ہٹے گا، یکجا ہو کر دشمن کیخلاف لڑیں گے۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بھارت کو خبردار کیا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت بھارت سے بہتر ہے، پنگا نہ لینا واپس جانے کے قابل نہیں رہو گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی دھمکی کشمیر سےتوجہ ہٹانے کیلئے ہے، لوگ آج کہتے ہیں شہبازشریف نے ڈبو دیا، سب کچھ کھا گیا، مستقبل روشن ہے،اسحاق ڈار کی جانب سے کی گئی تباہی کو نہ دیکھیں۔

    یاد رہے  گذشتہ روز  بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک اورسرجیکل اسٹرائیک کی ضرورت ہے لیکن تفصیل نہیں بتا سکتا، پاکستان کو معمول کے تعلقات کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

  • نواز شریف دین کے غدار ہیں، چوہدری پرویز الہٰی

    نواز شریف دین کے غدار ہیں، چوہدری پرویز الہٰی

    گجرات: مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ نواز شریف دین کے غدار ہیں، 25 جولائی کو ن لیگ ماضی کی داستان بن جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے گجرات میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے دین کے ساتھ غداری کی، ان کا انجام قریب ہے۔

    ق لیگ کے رہنما نے کہا ’الیکشن اور الیکشن کمیشن تو ٹھیک جا رہے ہیں لیکن شہباز شریف اور ن لیگ کی حالت خراب دکھائی دے رہی ہے۔‘

    چوہدری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ ملک اور اداروں کے خلاف ہے، اب شریف خاندان کی چوری رنگے ہاتھوں پکڑی جا چکی ہے۔

    انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ پچیس جولائی ن لیگ کے خاتمے کا دن ہے اس لیے ووٹرز موسم کی پرواہ کیے بغیر پولنگ اسٹیشن جائیں اور ووٹ کاسٹ کریں۔

    باپ بیٹی مل کر فوج اور عدلیہ پر حملے کر رہے ہیں: پرویز الٰہی

    واضح رہے کہ چوہدری پرویز الہٰی این اے 69 گجرات سے الیکشن لڑ رہے ہیں، اس حلقے میں ان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے چوہدری مبشر حسین کے ساتھ ہے۔

    یہ حلقہ چوہدری پرویز الہٰی کا پرانا انتخابی حلقہ ہے، یہاں پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ کا اتحاد بھی ہوا ہے، اس لیے حلقے پر ان کی گرفت مضبوط ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف آف آرمی اسٹاف کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، آئی ایس پی آر

    چیف آف آرمی اسٹاف کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، آئی ایس پی آر

    اسلام آباد : پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف قمر جاوید باجوہ سمیت تمام مسلح افواج بیگم کلثوم نواز کے لیے دعا کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی مسلھ افواج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ خدا بیگم کلثوم نواز کو صحت کاملہ عطا کرے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور ان کی فیملی سے والدہ کی بیماری پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے بھی بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

    چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز نہایت ہی سمجھدار اور باوقار خاتون ہیں، ہماری دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبعیت خراب ہونے پر گزشتہ روز انہیں دوبارہ اسپتال منتقل کردیا گیا، شریف خاندان نے ان کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کردی۔

    مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں بتایا کہ ان کی والدہ کو اس وقت اچانک دل کا دورہ پڑا، جب وہ لندن جانے والی پرواز میں تھے۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی نے مزید کہا کہ ان کی والدہ آب آئی سی یو میں وینٹی لیٹرپرہیں، ساتھ ہی انہوں نے قوم سے دعاؤں کی بھی اپیل کی۔

    واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز پچھلے کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیموتھراپیز کی جاچکی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پنجاب میں فرانزک لیب کی تعمیر ہماری حکومت کا کارنامہ ہے‘ پرویزالٰہی

    پنجاب میں فرانزک لیب کی تعمیر ہماری حکومت کا کارنامہ ہے‘ پرویزالٰہی

    لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں فرانزک لیب کی تعمیران کی حکومت کا کارنامہ ہے جس کا کریڈٹ شہباز شریف لے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی حکومت کے پانچ سال کے مقابلے میں شہبازشریف نے 15 سال میں بھی کچھ نہیں کیا۔

    چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ شہبازشریف نے اپناجو منصوبہ شروع کیا وہ بری طرح ناکام ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اب لاہورمیٹرو ٹرین، رنگ روڈ، فرانزک لیبارٹری، آئی ٹی، لینڈ ریکارڈ اور گاڑیوں کی کمپیوٹرائزیشن، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروسمیت دیگر مثالی منصوبوں کا ذکر کرکےہیروبننےکی ناکام کوشش کررہے ہیں

    یاد رہے کہ چار روز قبل مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی عادت ہے اتنا جھوٹ بولوکہ لوگ سچ سمجھیں۔

    چوہدری پرویز الہیٰ نے شہبازشریف پرتنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کو کنگال کردیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔