Tag: Cheater

  • دھوکے باز افراد ریسٹورنٹ سے 27ہزار روپے کا کھانا لے کر رفو چکر

    دھوکے باز افراد ریسٹورنٹ سے 27ہزار روپے کا کھانا لے کر رفو چکر

    کراچی : گورا قبرستان کے قریب ریسٹورنٹ سے ملزمان27ہزار روپے کا کھانا لے اڑے، مالک نے رائیڈر پر ملزمان کے ساتھ مل کر واردات کا الزام عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب گورا قبرستان کے قریب واقع فوڈ مارکیٹ میں قائم ریسٹورنٹ پر دو افراد آئے جنہوں نے بوفے میں 5 ہزار روپے کا کھانا کھایا اور ساتھ میں لائے ہوئے آن لائن رائیڈر کو بھی اپنی طرف سے کھانا کھلایا، اس دوران انہوں نے 22 ہزار روپے کا کھانا پارسل کرنے کا بھی آرڈر دیا۔

    ان ملزمان نے بھرپور طریقے سے کھانا کھایا اور کھانا ساتھ لے کر ان افراد نے اپنے ساتھ آئے رائیڈر کو ریسٹورنٹ میں یہ کہہ کر بٹھایا کہ وہ نیچے سے رقم لے کر آرہے ہیں، جس کے بعد وہ رفو چکر ہوگئے۔

    ملزمان جاتے ہوئے آن لائن رائیڈر کا موبائل فون بھی ساتھ لے گئے تاہم کچھ دیر بعد جب وہ واپس نہ آئے تو رائیڈر اور ریسٹورنٹ منیجر کو تشویش ہوئی جس پر انہوں نے رائیڈر سے باز پرس کی تو اس نے بتایا کہ وہ رقم لینے گئے ہیں، انہوں نے اسے بھی کرائے کی ادائیگی کرنی ہے۔

    مالک ریسٹورنٹ کا کہنا ہے کہ ملزمان نے آن لائن رائیڈر کو ساتھ ملا کر چونا لگایا ہے، تاہم پولیس کی جانب سے تفتیش کے بعد رائیڈر شفیق اللہ کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔

    رائیڈر شفیق اللہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کورنگی میں چنیوٹ اسپتال سے رائیڈ پر ساتھ لائے تھے اور اسے لالچ دیا کہ کھانا کھانے کے بعد وہ اسے واپس چنیوٹ اسپتال کورنگی لے جائیں گے۔

  • نوسرباز اپنے ہی جال میں پھنس گئے، سچا واقعہ

    نوسرباز اپنے ہی جال میں پھنس گئے، سچا واقعہ

    کونسٹانس : جرمنی میں ایک ریٹائر شہری نے کمال ہوشیاری سے دھوکہ بازوں کو ہی دھوکہ دے دیا، اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار بھی مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔

    اسی طرح کا ایک واقعہ جنوبی جرمنی میں کونسٹانس کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک پینشنر کو چند نامعلوم افراد نے اسے بے وقوف سمجھ کر فون کیا اور اسے کہا کہ جس عمارت میں وہ رہائش پذیر ہے وہاں آج یا کل بہت بڑی چوری کا شدید خطرہ ہے۔

    خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے دھوکہ باز ملزمان نے اس کو ہدایت کی کہ وہ عارضی طور پر اپنے گھر میں موجود تمام زیورات اور قیمتی اشیاء ایک تھیلے میں بند کرکے پولیس کی حفاظتی تحویل میں دے دے۔

    فون کرنے والے شخص نے دعویٰ کیا کہ وہ اسی علاقے کے پولیس اسٹیشن کا اہلکار ہے ، چند گھنٹوں بعد سادہ لباس پولیس اہلکار آپ کے گھر آئے گا، اس لیے زیورات سمیت تمام قیمتی اشیاء کسی بیگ میں اچھی طرح بند کر کے گھر کے دروازے کے باہر رکھ دی جائیں۔

    بزرگ شہری نے کچھ دیر سوچنے کے بعد اپنے گھر کے باورچی خانے سے ایک پرانا فرائنگ پین اٹھایا، اسے اچھی طرح کپڑے کے بیگ میں لپیٹ کر اور چند دیگر بےوقعت اشیاء کے ساتھ عمدہ طریقے سے پیک کیا اور گھر کے دروازے کے سامنے رکھ دیا۔

    کچھ ہی دیر بعد ملزمان میں سے ایک اس شخص کے گھر تک آیا اور اپنے لیے وہاں رکھا گیا "زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء” والا بیگ اٹھا کر اسے کھولے بغیر فوراً وہاں سے رفوچکر ہوگیا۔

    بعد ازاں فوری طور پر اس بزرگ جرمن شہری نے اصلی مقامی پولیس کو فون کیا اور ساری تفصیلات سے آگاہ کردیا۔ پولیس اہلکار اس پینشن یافتہ شہری کی کہانی سن کر مسکرا دیے اور اس کے شکر گزار بھی ہوئے کہ اس نے ایک پرانا دھاتی فرائنگ پین دے کر مجرموں کو سبق سکھا دیا تھا۔

    کونسٹانس پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ بدھ17 فروری کو پیش آیا اور نامعلوم افراد کے خلاف مجرمانہ دھوکا دہی کے الزام میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    کونسٹانس پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر دھوکے باز دو تھے اور جو ملزم پینشنر کے گھر سے بیگ لے کر گیا تھا، اس نے اپنے سر پر سنہری بالوں والی وِگ پہن رکھی تھی۔

  • سعودی حکومت کی جعل سازوں کو وارننگ

    سعودی حکومت کی جعل سازوں کو وارننگ

    عمان : سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمان الحسین نے انٹرنیٹ پر فرضی اور گمراہ کن اشتہارات کے حوالے سے خبردار کیا ہے ۔ یہ اشتہار وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصبی کے نام سے پھیلائے جا رہے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر ماجد القصبی کے نام سے مختلف فرضی ناموں سے سرمایہ کاری پروگرام پھیلائے جارہے ہیں۔

    ان میں سے ایک پروگرام کا نام رسالہ من ولی العہد (ولی عہد کی طرف سے پیغام) اور دوسرا صرف سعودی شہریوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع اور تیسرا اشتہار صرف شہریوں کے لیے زریں موقع جیسے فرضی ناموں سے ہے۔

    الحسین نے بتایا کہ اس قسم کے اشتہارات دینا یا انہیں رائج کرنا سعودی قانون کے بموجب جرم ہے۔ یہ دھوکہ دہی، جعلسازی اور رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے دائرے میں آتا ہے۔ اس قسم کے اشتہارات دینے والے قانون مخالف فریقوں کے لیے پرکشش نام استعمال کرکے سرمایہ جمع کر رہے ہیں۔

    بیان میں ترجمان نے مزید کہا کہ فرضی اشتہارات دینے والوں کو ای بزنس قانون کی کھلی خلاف ورزی پر دس لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی۔ غیرقانونی سرگرمیوں میں اکاؤنٹ استعمال کرنے پر بند کردیا جائے گا جبکہ قانون تجارت کی خلاف ورزی کرنے والے کی تشہیر خود ان کے خرچ پر کی جائے گی۔

    وزارت تجارت کے ترجمان نے بتایا کہ گمراہ کن اشتہارات جاری کرنے والوں کا تعاقب متعلقہ اداروں کے توسط سے شروع کر دیا گیا ہے اور اس پر جلد قانونی کارروائی کی جائے گی۔