Tag: Cheese

  • افطار میں مزیدار پنیر سموسے تیار کریں

    افطار میں مزیدار پنیر سموسے تیار کریں

    آج افطار میں مزیدار پنیر سموسے تیار کریں جس کی آسان ترکیب آپ کو بتائی جارہی ہے۔

    اجزا

    کاٹیج چیز: 1 پیالی

    ہرا مصالحہ: نصف کپ

    پیاز چوکور کٹی ہوئی: 1 عدد

    بادام اور بھنے کاجو: مٹھی بھر

    کالی مرچ موٹی کٹی ہوئی: آدھا چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    سموسہ پٹی: 20 عدد

    تیل: تلنے کے لیے

    ترکیب

    سب سے پہلے بادام، کاجو اور کالی مرچ پیس کر پنیر میں ملا دیں اور ہرا مصالحہ اور پیاز بھی ملا دیں۔

    سموسہ پٹی پر تھوڑا مصالحہ رکھ کے تکونا شیپ دیں۔

    میدہ کی لئی سے سموسہ بند کر دیں اور ہلکی آنچ پر تل لیں۔

    تلنے کے بعد کاغذ پر رکھتے جائیں۔

    افطار میں کیچپ اور چٹنی کے ساتھ گرما گرم سرو کریں۔

  • آسڑیلوی شہریوں نے پنیر کھانے کا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا

    آسڑیلوی شہریوں نے پنیر کھانے کا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا

    سڈنی : آسٹریلیا میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ افراد کی جانب سے پنیر چکھنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے جس کی تائید گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اس تقریب کا اہتمام آسٹریلیا کی کمپنی کیتھی ہیرنگٹن اور کینگرو ویلی زرعی اور سوسائٹی نے کیا جس میں پنیر کھانے کے شوقین ایک ہزار خواتین وحضرات ایک مقام پر جمع ہوئے اور مختلف ذائقے والے پنیرکو چکھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیتھی ہیرنگٹن کا کہنا تھاکہ پنیر صحت کے لیے بہتر شے ہے اور تقریب کا انعقاد اس صحتمند رحجان کو فروغ دینا ہے۔

    اس موقع پر پنیر کے بڑے ٹکڑوں کو کاٹا گیا اور ایک گتے پر رکھ کر شائقین میں تقسیم کیا گیا اس موقع پر 20 مدد گار افراد ہر 50 افراد کے لیے موجود تھے تاکہ ہر ایک کے پاس پنیر پہنچ سکے اور وہ اس سے لطف اندوز ہوسکے۔

    واضح رہے کہ کینگروویلی نیوساوتھ ویلز میں واقع ہے جہاں پنیربڑی تعداد میں تیار کیا جاتا ہے اور آسٹریلیا میں بھیجا جاتا ہے، اس بار ریکارڈ تعداد کی تصدیق گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی کی۔

  • مزیدار پنیر آملیٹ آپ کی صحت کا دشمن

    مزیدار پنیر آملیٹ آپ کی صحت کا دشمن

    پنیر کھانا یوں تو صحت کے لیے فائدہ مند ہے اگر اسےاعتدال میں کھایا جائے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں ایک موقع پر یہ آپ کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ ناشتے میں پنیر والا آملیٹ کھاتے ہیں تو آپ خود کو خطرناک نقصان کی دعوت دے رہے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق انڈے کی زردی مفید کولیسٹرول سے بھرپور ہوتی ہے جس کے بعد جسم کو مزید کسی کولیسٹرول کی ضرورت نہیں رہتی۔ ایسے میں انڈے کے ساتھ پنیر کھانا جسم کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

    امریکا میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق ایک دن میں 300 ملی گرام سے زائد کولیسٹرول امراض قلب میں 17 فیصد اضافہ کردیتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہفتے میں 3 یا 4 سے زائد انڈے کھانا آپ کی صحت کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ ایک انڈہ اوسطاً 85 کیلوریز کے مساوی توانائی رکھتا ہے، انڈے میں پائی جانے والی توانائی ہر موسم میں انسانی جسم کی ضرورت پورا کرنے کے لئے کافی ہوتی ہے۔


    انتباہ: یہ مضمون قارئین کی معلومات میں اضافے کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مضمون میں دی گئی کسی بھی تجویز پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے مشورہ اور ہدایت ضرور حاصل کریں۔

  • لوگ اپنے پالتو کتے پر پنیر کا ٹکڑا کیوں پھینک رہے ہیں؟

    لوگ اپنے پالتو کتے پر پنیر کا ٹکڑا کیوں پھینک رہے ہیں؟

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ہر دوسرے دن کوئی نہ کوئی چیلنج مقبول ہوتا رہتا ہے۔ یہ چیلنج بہت خطرناک بھی ہوتے ہیں اور بعض اوقات نہایت بے ضرر بھی ہوتے ہیں۔

    ان چیلنجز کو پورا کرنے کے لیے لوگ ہر حد تک گزرنے کو تیار ہوتے ہیں جس کی وجہ سے بعض بے ضرر چیلنج بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں، جبکہ بعض صارفین کو ہنسی کا سامان فراہم کرتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک اور چیلنج سوشل میڈیا پر مقبول ہورہا ہے جس میں لوگ اپنے پالتو کتوں پر پنیر کا ٹکڑا پھینک رہے ہیں۔

    ڈاگ چیز نامی اس چیلنج میں کوئی شخص اپنے کتے پر اس کی بے خبری میں پنیر کا ٹکڑا پھینکتا ہے۔ وہ پنیر کتے کے جسم کے کسی بھی حصے عموماً پشت پر جاگرتا ہے، جس کے بعد کتا پریشان ہوجاتا ہے کہ اس کے جسم پر کیا گرا ہے۔

    چند لمحوں کی کوشش کے بعد پنیر اس کے جسم سے نیچے گر جاتا ہے جس کے بعد کتا اس پنیر کو کھا لیتا ہے۔

    بظاہر اس چیلنج کا کوئی خاص مقصد نہیں ہے تاہم سوشل میڈیا صارفین اس بے ضرر چیلنج سے بہت لطف اندوز ہورہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ خطرناک چیلنجز کے مقابلے میں یہ ہلکا پھلکا چیلنج کافی متاثر کن ہے۔

    بعض لوگوں نے اس چیلنج کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے کتے کے علاوہ دیگر جانوروں پر بھی پنیر کا ٹکڑا پھینکا جس کے بعد اور مزے کی صورتحال سامنے آئی۔

  • پنیر والی چائے کی مقبولیت

    پنیر والی چائے کی مقبولیت

    یوں تو چائے کے شوقین افراد اپنی چائے میں دودھ، پتی اور چینی کے علاوہ کسی بھی شے کی آمیزش پسند نہیں کرتے، تاہم منفرد تجربات کرنے کے شوقین افراد چائے کے معاملے میں بھی نئے نئے تجربات کرتے رہتے ہیں۔

    حال ہی میں چین میں پنیر والی چائے لوگوں میں کافی مقبول ہو رہی ہے۔ ایک تائیوانی ریستوران ’ہیپی لیمن‘ نے اس چائے کا آغاز کیا ہے جس کی شاخیں امریکا اور برطانیہ میں بھی ہیں۔

    فی الحال اس پنیر والی چائے کا تجربہ چین میں کیا جارہا ہے جسے خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔

    اس ریستوران میں نمکین پنیر کے ساتھ گرین ٹی، اور چاکلیٹ کے ساتھ نمکین پنیر کے تڑکے والی چائے دستیاب ہے۔

    یہ آپ کی مرضی کے مطابق آپ کو مل سکتی ہے۔ چاہیں تو آپ پنیر کو گرینڈ کروا کر چائے میں مکمل آمیزش کروالیں، یا پھر چائے کے اوپر پنیر کی تہہ بنوائیں، دنوں صورتوں میں یقیناً یہ نہایت منفرد ذائقے کی حامل ہوگی۔

    مذکورہ ریستوران بہت جلد اس چائے کو برطانیہ اور امریکا میں بھی متعارف کروانے جا رہا ہے جہاں لوگ پہلے ہی بے صبری سے اس کا انتظار کر رہے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔