Tag: Chef

  • اسرائیلی فورسز نے غزہ کے مشہور شیف کو ڈرون حملے میں قتل کر دیا

    اسرائیلی فورسز نے غزہ کے مشہور شیف کو ڈرون حملے میں قتل کر دیا

    غزہ: اسرائیلی فورسز نے غزہ کے مشہور شیف محمود المدھون کو ڈرون حملے میں قتل کر دیا۔

    الجزیرہ کے مطابق ہفتے کے روز امدادی گروپ ’غزہ سوپ کچن‘ کے شیف اور شریک بانی محمود المدھون اسرائیلی ڈرون حملے میں شہید کر دیے گئے۔

    امدادی گروپ کے مطابق ہفتے کی صبح ایک اسرائیلی ڈرون محلے پر منڈلا رہا تھا، جو کمال عدوان اسپتال سے شیف محمود کے نکلنے کا انتظار کر رہا تھا، جیسے ہی وہ باہر نکلے انھیں نشانہ بنایا گیا۔

    امدادی گروپ نے کہا ’’ہمیں یقین ہے کہ شیف کو بیت لاحیہ میں مصیبتوں میں محصور کمال عدوان اسپتال کے مسائل حل کرنے کے لیے ان کی غیر متزلزل لگن کی وجہ سے مارا گیا، محمود ایک لائف لائن تھے، جو نسلی کشی کی راہ میں کھڑے تھے۔‘‘

    خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز نے 6 اکتوبر سے شمالی غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے، اور خوراک، پانی اور ادویات کے داخلے کو روک رکھا ہے، صہیونی فورسز کی جانب سے کمال عدوان اسپتال پر بمباری کی جا رہی ہے، تاکہ فلسطینی یہاں سے نکل جائیں۔

    2024 میں فلسطین کو کن ممالک نے تسلیم کیا؟

    غزہ سوپ کچن نے بتایا کہ محمود نے اپنے پیچھے 7 بچے چھوڑے ہیں، جن میں سب سے چھوٹا دو ہفتے کا ہے، اور سب سے بڑا اسپتال میں زیر علاج ہے، جو اسرائیلی کواڈ کاپٹر کے حملے میں شدید زخمی ہو گیا تھا۔

    دریں اثںا، اسرائیلی فوج نے خوراک اور انسانی بنیادوں پر امداد تقسیم کرنے والے ادارے ’ورلڈ سنٹرل کچن‘ کے 3 کارکنوں کو بھی قتل کر دیا ہے، جو ایک گاڑی میں سوار تھے ۔ ’ورلڈ سنٹرل کچن‘ کے 7 کارکنوں کو اسرائیلی فوج نے اسی طرح نشانہ بنا کر ماہ اپریل کے دوران غزہ کی پٹی پر قتل کر دیا تھا، جس کے بعد یہ امریکی ادارہ احتجاج کے طور پر کام چھوڑ کر واپس چلا گیا تھا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Gaza Soup Kitchen (@gazasoupkitchen)

  • انٹرنیشنل شیف مقابلوں میں پاکستانی شیف کا بڑا اعزاز

    انٹرنیشنل شیف مقابلوں میں پاکستانی شیف کا بڑا اعزاز

    جدہ: سعودی ہُوریکا کے پلیٹ فارم سے منعقدہ انٹرنیشنل شیف مقابلوں میں پاکستانی شیف حنا شعیب نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ میں منعقدہ ہُوریکا انٹرنیشنل شیف مقابلوں میں 30 سے زائد مختلف ممالک کے شیفز نے حصہ لیا، پاکستان کی جانب سے واحد شیف حنا شعیب منتخب ہوئیں۔

    حنا شعیب نے تیسری پوزیشن لے کر 2 میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔

    انھوں نے 2 مختلف کٹیگریوں کے مقابلوں میں گولا کباب اور پوریاں، اور ہنٹر بیف سینڈوچ بنا کر تیسری پوزیشن حاصل کر کے کانسی کے 2 تمغے اپنے نام کیے۔

    اس سے قبل بھی شیف حنا شعیب سعودی فوڈ ایکس کوکنگ مقابلوں میں اپنی محنت اور لگن سے 2 تمغے جیت چکی ہیں۔

    شیف حنا شعیب کا کہنا تھا کہ ان میڈلز کو جیتنے کے لیے میری فیملی نے مجھے بھرپور سپورٹ کیا اور میں یہ میڈلز اپنے ملک پاکستان کے نام کرتی ہوں۔

    انھوں نے کہا میرے پاس پروفیشنل شیف ڈگری تو نہیں ہے لیکن میری محنت اور جذبہ اتنا ہے کہ میں نے سعودی عرب میں بین الاقوامی سطح پر دوسری بار یہ میڈلز جیتے ہیں۔

  • تنخواہ کے جھگڑے پر طیش میں آئے باورچی کا انوکھا انتقام

    لندن: برطانیہ میں ایک باورچی نے مالک سے تنخواہ اور چھٹی کے معاملے پر جھگڑے کے بعد سیخ پا ہو کر ریستوران کے کچن میں لال بیگ چھوڑ دیے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے ایک پب اور ریستوران میں 25 سالہ شیف کا مالک سے جھگڑا ہوا جس کی وجہ چھٹی اور تنخواہ کا معاملہ تھا۔

    جھگڑے کے بعد شیف ملازمت چھوڑ کر چلا گیا، تاہم 2 دن بعد وہ رات کے اندھیرے میں چپکے سے واپس آیا اور کچن میں 20 کے قریب لال بیگ چھوڑ دیے۔

    شیف کی یہ حرکت سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگئی۔

    مالک کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے وقت شیف نے اس حرکت کی دھمکی بھی دی تھی تاہم اس نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا۔

    واقعے کے بعد مالک نے پیسٹ کنٹرول کو طلب کیا جنہوں نے کچن کی مکمل صفائی کی، اس دوران ریستوران کو ایک روز کے لیے بند بھی کرنا پڑا۔

    مالک کا کہنا ہے کہ ایک روز کے لیے ریستوران بند کرنے کی وجہ سے اسے 20 ہزار پاؤنڈز (62 لاکھ 54 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) کا نقصان اٹھانا پڑا۔

    واقعے کی پولیس کو بھی اطلاع دی گئی، پولیس کے مطابق نوجوان شیف کو 17 ماہ جیل کی سزا ہوسکتی ہے، جبکہ اس کا لائسنس بھی 2 سال کے لیے معطل کیا جاسکتا ہے۔