Tag: cheque

  • صفائی ملازمہ کو 10 لاکھ پاؤنڈز کا چیک مل گیا، ملازمہ نے کیا کیا؟

    صفائی ملازمہ کو 10 لاکھ پاؤنڈز کا چیک مل گیا، ملازمہ نے کیا کیا؟

    قاہرہ: مصر میں ایک صفائی ملازمہ نے 10 لاکھ پاؤنڈز کا چیک واپس کردیا، سوشل میڈیا پر خاتون کی ایمانداری کے چرچے ہو رہے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر میں اس وقت سوشل میڈیا پر لیڈیز کلب میں خاتون ہاؤس کیپر کی ایمانداری کو بے حد سراہا جا رہا ہے جنہوں نے صفائی کے دوران ملنے والا چیک واپس کر دیا۔

    خاتون کارکن نے واش روم میں صفائی کے دوران ملنے والے 10 لاکھ پاؤنڈز کا چیک فوری طور پر کلب حکام کے حوالے کردیا، عبیر علی اسکندریہ کے سموحہ سپورٹس کلب میں صفائی کارکن کے طور پر ملازمت کرتی ہیں۔

    عبیر علی نے بتایا کہ وہ مطلقہ ہیں، اپنی دو چھوٹی بچیوں کے اخراجات اور گھر کا کرایہ ادا کرنے کے لیے ایک کلب کے لیڈیز واش روم میں معمولی تنخواہ پر صفائی کا کام کرتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ واش روم کی صفائی کے دوران 10 لاکھ پاؤنڈز کا چیک دیکھ کر حیرت زدہ ہو گئی، زیادہ حیرت اس بات پر تھی کہ چیک کو کوئی بھی کیش کروا سکتا تھا۔

    عبیر علی نے بتایا کہ میں نے زیادہ سوچ بچار نہیں کی، اگر بد نیتی ہوتی تو بینک جا کر چیک کیش کروا کے اپنے سارے مسائل حل کر سکتی تھی لیکن ایسا نہیں کیا۔

    سموحہ کلب کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عجیب بات یہ ہے کہ اب تک کوئی گمشدہ چیک لینے نہیں آیا، اس سے لگ رہا ہے کہ شاید ابھی تک مالک کو معلوم ہی نہیں ہے کہ چیک گم ہو گیا ہے۔

    عبیر علی کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی رقم کا چیک دیکھ کر دل میں کوئی غلط خیال نہیں آیا۔

  • بوگس چیک دینے والے خبردار ہوجائیں

    بوگس چیک دینے والے خبردار ہوجائیں

    ریاض: سعودی عرب میں بوگس چیک دینے والے 10 افراد کو قید اور جرمانے کی سزاؤں کا حکم سنا دیا گیا، جرمانے کا تعین بوگس چیک پر درج رقم کے مطابق کیا جاتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت و صنعت کے شکایات سیل کی متعلقہ کمیٹی کو متعدد افراد کے خلاف شکایات موصول ہوئی ہیں، شکایت میں کہا گیا کہ انہیں معاوضے کے چیک دیے گئے تام جنہیں بینکوں نے یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ اکاؤنٹ میں رقم موجود نہیں ہے۔

    وزارت تجارت کے متعلقہ ادارے جو تجارتی جعلسازی کے امور کی نگرانی پر معمور ہے، میں شکایات موصول ہونے کے بعد تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ 10 افراد کی جانب سے جاری ہونے والے چیک بوگس تھے۔

    تفتیشی ٹیموں نے متعلقہ بینکوں سے تحقیقات کی جہاں سے یہ ثابت ہوا کہ جس تاریخ کو چیک جاری کیے گئے تھے اس دوران اکاؤنٹس میں رقوم نہیں تھیں جو قانونی طور پر غلط ہے۔

    وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے بوگس چیک دینے والے 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں متعلقہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جہاں سے بوگس چیک جاری کرنے پر ان افراد کے خلاف قید اور جرمانے کی سزاؤں کا حکم سنا دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق سزا کی نوعیت چیک میں درج رقم کے مطابق کی جاتی ہے، ملزمان پر ایک ہزار سے لے کر 30 ہزار ریال تک جرمانہ اور ایک ماہ سے 5 ماہ تک قید کی سزا کا حکم سنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں بوگس چیک دینے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے، اکاؤنٹ میں رقم موجود نہ ہونے کا علم ہونے کے باوجود چیک جاری کرنا قانونی طور پر جرم تصور کیا جاتا ہے۔

    وزارت تجارت کی جانب سے بوگس چیک جاری کرنے والوں کو قید و جرمانے کے علاوہ مقامی میڈیا میں ان کے خلاف اشتہاری مہم بھی چلائی جاتی ہے جس کے تمام اخراجات ملزمان کو ادا کرنے ہوتے ہیں۔