چیچہ وطنی: بہارکالونی میں علی الصبح ڈاکوؤں کی گھر میں واردات، 2 کروڑ سے زائد مالیت کا سونا لوٹ کر فرار ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کااس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈاکو گھر سے 2 کروڑ سے زائد مالیت کا سونا لوٹ کر لے گئے۔ گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
اس سے قبل کراچی میں پیش آئے ایک واقعے میں فیکٹری کے چوکیدار نے چار ڈاکوؤں سے مزاحمت کرکے انہیں فیکٹری میں داخل نہیں ہونے دیا، مشتعل ڈاکوؤں نے چوکیدار کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے احسن آباد میں 4 ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی نیت سے فیکٹری میں گھسنے کی کوشش کی لیکن چوکیدار کی مزاحمت سے ان کی یہ کوشش ناکام ہوگئی۔
ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر ملزمان نے چوکیدار کو گولی ماری اور فرار ہوگئے، پولیس نے فرار ملزمان کا پیچھا کرکے ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ڈی ایس پی سہراب گوٹھ نے بتایا کہ 3ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
چیچہ وطنی: پنجاب کے ضلع ساہیوال میں بیٹی پیدا ہونے پر باپ اور دادی نے ملکر نومولود بیٹی کو مار دیا۔
اسلام سے قبل دور جہالت میں بیٹیوں کو پیدائش سے قبل قتل کردیا جاتا تھا یا زندہ درگور کردیا جاتا تھا ایسے ہی ایک واقعہ چیچہ وطنی میں پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اوکاڑہ کی رہائشی خاتون کی ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی، 8 جولائی کو بیٹی پیدا ہوئی، باپ اور دادی خوش نہیں تھے، بچی کی پیدائش کے بعد والدہ سے بچی کو چھینا اور مبینہ طور پر قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر بچی کی لاش برآمد کر کے باپ اور دادی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزمان مفرور ہیں، پوسٹ مارٹم کے بعد موت کی وجہ پتہ چلے گی۔
چیچہ وطنی: صوبہ پنجاب کے شہر چیچہ وطنی میں قومی شاہراہ پر مسافر بس اور کار میں تصادم سے خاتون سمیت ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ قومیمی شاہراہ پر فتو موڑ کے قریب پیش آیا جہاں مسافر بس کار سے ٹکرا گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بس اور کار میں حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
حادثے میں کار میں سوار ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ مزید 4 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ہی پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں انڈس ہائی وے پر پائیگاہ کے قریب کار اور ٹرک میں ٹکر ہوئی تھی جس کے باعث 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
جاں بحق ہونے والوں میں ماں اور بیٹا بھی شامل تھے جبکہ حادثے میں ایک بچی بھی شدید زخمی ہوئی۔
لاہور : پنجاب پولیس نے چیچہ وطنی کی نورفاطمہ کے قتل کو حادثہ قرار دے دیا اور کہا کہ نور فاطمہ کو زیادتی کے بعد زندہ جلا دینے کاالزام غلط ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیچہ وطنی کی نورفاطمہ سے زیادتی اور قتل کا معاملہ حل ہونے کے قریب پہنچ گیا، سپریم کورٹ میں چیچہ وطنی کی نور فاطمہ سے زیادتی اور قتل کے معاملہ پر سماعت ہوئی ، پولیس نے واقعے سے متعلق رپورٹ جمع کرادی۔
تحقیقاتی رپورٹ میں پولیس نے نور فاطمہ کے قتل کوحادثہ قراردے دیا۔
سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شواہد کے مطابق کمسن نورفاطمہ سے زیادتی نہیں ہوئی، ڈی این اے رپورٹ میں بھی زیادتی کی تصدیق نہیں ہوسکی ، وزیراعلیٰ پنجاب کی تشکیل کردہ ٹیم یہی نتائج سامنےلائی۔
رپورٹ کے مطابق نور فاطمہ کو زیادتی کے بعد زندہ جلا دینے کاالزام غلط ہے، تحقیقات سےپتہ چلانورفاطمہ کے گھر سے10 روپےملے، نورفاطمہ نےقریبی دکان سے پٹاخوں کا پیکٹ اور تین ٹافیاں خریدیں، 5 سے 7منٹ بعد نورفاطمہ گھر کے پاس چِلاتی پائی گئی۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعےکےبعد 19 لوگوں کےبیانات ریکارڈکیےگئے، نورفاطمہ کےکپڑوں اورجوتوں کی کیمیکل رپورٹ کاانتظارہے، یقین دلاتے ہیں معاملے کی میرٹ پر تحقیقات مکمل ہوگی۔
یاد رہے کہ صوبہ پنجاب کی تحصیل چیچہ وطنی میں 8 سال ذہنی معذور پچی کو زیادتی کے بعد زندہ جلا کر مار ڈالنے کے سفاک اور انسانیت سوز واقعے چیف جسٹس آف پاکستان نے نوٹس لیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کی تھی۔
یاد رہے کہ 10 اپریل کو ساہیوال کی تحصیل چیچہ وطنی میں لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جہاں نواحی علاقے محمد آباد کی رہائشی 8 سالہ نور فاطمہ کو اس کے گھر سے قریب سے اغوا کیا گیا، سفاک ملزمان نے 8 سالہ معصوم بچی کے ساتھ زیادتی کی بعد ازاں اسے جلا کر گھر کے نزدیک پھینک کر چلے گئے تھے۔
جھلسی ہوئی نور فاطمہ کو شدید زخمی حالت میں علاج کے لیے لاہور منتقل کیا گیا لیکن بچی کی جان بچ نہ پائی۔
معصوم بچی کے قتل کے خلاف چیچہ وطنی میں شٹر ڈاؤن کردیا گیا جبکہ چیچہ وطنی بار ایسوسی ایشن بھی ہڑتال پر رہی۔
واقعے کے بعد پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا تھا تاہم ایف آئی آر میں زیادتی کی دفعہ شامل نہیں کی گئی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد زیادتی کی تصدیق ہوسکے گی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
چیچہ وطنی : سفاک شخص نےمبینہ زیادتی کے بعد آٹھ سالہ بچی کوجلا کرمار ڈالا، جس کے باعث شہرمیں شٹرڈاؤن ہڑتال جبکہ کاروباری مراکز، دفاتر اور اسکول بند اور بارایسوسی ایشن کی بھی ہڑتال ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیچہ وطنی کے نواحی علاقے محمد آباد میں انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ پیش آیا ، جہاں درندہ صفت قاتل نے ذہنی معذور آٹھ سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور جلا کر قتل کردیا۔
بچی کے قتل کے خلاف شہر بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے ، اسکول دفاتر،کاروباری مراکز بند ہے جبکہ چیچہ وطنی بارایسوسی ایشن بھی ہڑتال پر ہے۔
خیال رہے کہ تین دن قبل ساہیوال کی تحصیل چیچہ وطنی سے تعلق رکھنے والی آٹھ سالہ نور فاطمہ کو اتوار کو گھر کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی گئی تھی، بعد ازاں ملزمان معصوم بچی کو جلانے کے بعد اس کے گھر کے نزدیک پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔
جھلسی ہوئی نور فاطمہ کو شدید زخمی حالت میں علاج کے لئےلاہورمنتقل کیا گیا لیکن بچی کی جان بچ نہ پائی۔
اہلخانہ کاالزام ہےکہ بچی کو زیادتی کے بعد جلا کرقتل کیاگیا، بچی کے اہلخانہ نے چیف جسٹس اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل کی ہے۔
پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ ایف آئی آر میں زیادتی کے دفعہ شامل نہیں کی، پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد زیادتی کی تصدیق ہوسکے گی۔
یادرہے چند روز قبل جڑانوالہ میں درندہ صفت قاتلوں نے 6سال کی بچی کو درندگی کا نشانہ بنایااورگلا دبا کرقتل کردیا تھا، جس کے بعد قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف جڑانوالہ میں تاجر برادری ہو یا وکلا ء یا عام شہری سب نے شدید احتجاج کیا۔
بعد ازاں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جڑانوالا میں پیش آنے والے انسانیت سوز واقعے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی تھی۔
واضح رہے کہ قصور کی 7 سالہ ننھی زینب کے ساتھ درندگی کے واقعے کو زیادہ عرصہ نہیں گزرا جب کچھ عرصہ قبل معصوم کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا کر بے دردی سے قتل کردیا گیا، تحقیقات کے بعد قتل کے مرکزی ملزم عمران کو عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
چیچہ وطنی : وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے نئے پاکستان کا حشر دیکھنا ہے وہ خیبر پختونخواہ جاکر وہاں کی سڑکیں دیکھ لیں، ہم نے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو کیااور2018 میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیچہ وطنی میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں چیچہ وطنی کو موٹروے سے ملانے ،شہر کے لئے 25کروڑ کی گرانٹ، شہر کی سڑکوں کے لئے 25کروڑ، حلقہ 162کی بجلی کے لئے 10کروڑ، چیچہ وطنی کے ٹینکیکل کالج اور ووکیشنل ٹرینگ انسٹیوٹ کو اپ گریڈکرنے ،ڈگری کالج فار بوائز کے لئے ایم اے کی کلاسز کا اجراء، طالبات کے لئے بھی ایم اے کلاسز کا اجراء، ، حلقہ163, 162کے لئے سوئی گیس کی فراہمی کے اعلانات بھی کئے۔
جلسہ عام سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ چیچہ وطنی اور یہاں کے لوگوں سے میرا پرانا تعلق ہے، میں آج محبت کا رشتہ مزید مضبوط کرنے آیا ہوں اور میں محبت کے اس رشتے کو ہمیشہ نبھاؤں گا۔
انہوں نے عمران خان کا نام لئے بغیر ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روز نت نئے بیانات اورالزام لگانے والوں کو پاکستان کے کلچرکا پتہ ہی نہیں ہے، الزام لگانے والے نہیں جانتے کہ احترام اور پیار کا رشتہ کیا ہوتا ہے، پاکستان میں بڑوں کا احترام اور بچوں سے پیار کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ آپ کو بھی حساب دینا ہوگا، ہم بھی پانچ سال بعد اپنا حساب دیں گے، اللہ نے آپ کو صوبہ دیا ہے، لوگ دیکھ رہے ہیں کہ پنجاب میں ترقی ہورہی ہے، پنجاب میں میٹرو چل رہی ہے، بجلی کے منصوبے لگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کے پی کے میں اسکول، اسپتال، سٹرکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں، نیا پاکستان دیکھنا ہے تو پشاور دیکھیں، خوشحالی دیکھنی ہے تو باقی سارا پاکستان دیکھیں،سڑکیں صرف پنجاب میں نہیں بن رہی ہیں، جو دھرنے دینے آتے ہیں ان کے صوبے میں بھی ہم سٹرکیں بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1800روپے میں ملنے والی کھاد آج 1400میں دستیاب ہے، 4ہزار والی ڈی اے پی اب 2500روپے میں ملتی ہے، ٹیوب ویل کافی یونٹ 5روپے 25پیسے کا ہوگیا ہے، ہم سے بھی عوام پانچ سال کے بعد پوچھیں گے۔
آج سٹرکیں بن رہی ہیں، موٹروے آپکے قریب سے گزررہا ہے۔ موٹروے آپ کو ڈیڑھ گھنٹے میں لاہور پہنچائے گی، چیچہ وطنی سے کراچی کا سفر 7سے 8گھنٹے کا رہ جائے گا، وزیر اعظم نے کہا کہ میں خالی ہاتھ نہیں آیا، یہاں دھرنے،جھوٹ بولنے،الزام تراشی کیلئے نہیں آیا،الٹی سیدھی زبان بولنے نہیں آپ کی خدمت کے لئے آیا ہوں۔
نوازشریف نے بتایا کہ قادرآباد میں بجلی کا بہت بڑا کارخارنہ لگ رہا ہے، جس کا افتتاح اسی ماہ ہوگا، اس کے علاوہ ملک میں بجلی کے لئے درجنوں کارخانے لگ رہے ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا جوعذاب چھوڑ کرگئے ہیں ہم اسےختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، لوڈشیڈنگ ہمیشہ کے لئے چلی جائے گی پھر واپس نہیں آئے گی، آپ کو سستی بجلی فراہم کریں گے۔
وزئؤیر اعظم نے چیچہ وطنی کی عوام سے کہا کہ ہم آپ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات کام کرتے ہیں، علاوہ ازیں وزیراعظم نوازشریف نے چیچہ وطنی کے لئے گیس فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس منصوبے کی بنیاد رکھنے دوبارہ آپ کے پاس آؤں گا۔
چیچہ وطنی : ساہیوال کی تحصیل چیچہ وطنی کے حلقہ این اے 162 کے ضمنی الیکشن میں غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے چوہدری طفیل جٹ نے تحریک انصاف کے امیدوار کو ہرا کر میدان مار لیا, تحریک انصاف کے امیدوار دوسرے نمبر پر رہے۔
تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ ن نے این اے 162 میں ضمنی ایکشن کا معرکہ سرکر لیا ہے۔ حلقے کے تمام 293 پولنگ اسٹیشنوں کے غیرحتمی اورغیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے امیدوار طفیل جٹ نے 68945 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی۔
پی ٹی آئی کے امیدوار رائے مرتضیٰ اقبال 64614 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے شہزاد چیمہ نے 15343 ووٹ حاصل کئے۔
صبح سے ہی ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل پُر امن طریقے سے جاری رہا اور مقررہ وقت تک لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے رہے تا ہم ووٹ کا ٹرن آؤٹ معمول سے کم رہا۔
پولنگ کے دوران کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ دیکھنے میں نہیں آیا۔ اس حلقےمیں ن لیگ کےچوہدری محمد طفیل جٹ، پیپلزپارٹی کے شہزاد سعید چیمہ اور تحریک انصاف کے رائے محمد مرتضیٰ اقبال کے درمیان مقابلہ تھا۔
ن لیگ کی شاندار فتح پر شیر کے متوالوں نے خوب جشن منایا۔ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور بھنگڑے بھی ڈالے، کارکنان نے خوشی میں ہوائی فائرنگ بھی اور نعرے بازی بھی کی۔
حلقہ این اے 162چیچہ وطنی شہر ،کسوال اور ہڑپہ کی دیہی آبادی پر مشتمل ہے جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تین لاکھ چھ ہزار ہے۔ جن میں سے ایک لاکھ 74 ہزار مرد اور ایک لاکھ بتیس ہزار خواتین ووٹرز ہیں۔
اس حلقے میں کل 293 پولنگ اسٹشینز بنائے گئے تھے ان میں سے 22 کوحساس ترین قرار دیا گیا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے حلقے میں پولیس کے ساتھ پاک فوج نے بھی پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔