Tag: Chicken

  • مرغی کا گوشت مزید سستا ہو گیا

    مرغی کا گوشت مزید سستا ہو گیا

    لاہور: ملک میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے بعد اب کمی ہونا شروع ہو گئی ہے، آج بدھ کو لاہور میں مرغی کا گوشت 32 روپے مزید سستا ہو گیا ہے۔

    گزشتہ روز لاہور میں مرغی کا گوشت 78 روپے سستا ہوا تھا، اور فی کلو 470 روپے فروخت ہو رہا تھا، آج بتیس روپے کمی کے ساتھ فی کلو 438 روپے ہو گیا ہے۔

    زندہ مرغی کی قیمت میں 22 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، فارم گیٹ ریٹ زندہ 280 روپے فی کلو ہو گیا، ہول سیل زندہ مرغی 291 روپے، اور بازار میں 302 روپے فی کلو مقرر ہے۔

    خیال رہے کہ 2 روز میں مرغی کا گوشت 110 روپے فی کلو تک سستا ہوا ہے، جب کہ گزشتہ 3 ہفتوں میں مرغی کا گوشت 259 روپے فی کلو سستا ہوا۔ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے مطابق کھپت کے مقابلے میں طلب کم ہونے سے قیمت کم ہوئی ہے، اور چوزے کی قیمت بھی 220 روپے سے کم ہو کر 100 روپے ہو گئی ہے۔

  • برائلر کی قیمتوں میں فی کلو بتدریج کمی، مرغی 12600 روپے فی من ہو گئی

    برائلر کی قیمتوں میں فی کلو بتدریج کمی، مرغی 12600 روپے فی من ہو گئی

    راولپنڈی/لاہور: برائلر کی قیمتوں میں فی کلو بتدریج کمی آئی ہے، اور مرغی 12600 روپے فی من ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں برائلر کی قیمتوں میں بتدریج کمی آئی ہے، ہول سیل ایسوسی ایشن کی جانب سے مقامی دکان داروں کو فی من 600 سے 800 کی چھوٹ بھی دی جا رہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دکان دار 12 ہزار روپے فی من برائلر منڈی سے خرید کر لے جا رہے ہیں، زندہ مرغی 300 روپے کلو اور مرغی کا گوشت تقریبا 550 سے 600 کے لگ بھگ فروخت ہو رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی جانب سے دکان داروں کو مقررہ قیمتوں میں مرغی فروخت کرنے کی سختی سے ہدایت جاری کی گئی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں چیکنگ اور چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔

    دوسری طرف لاہور میں مرغی کا گوشت 78 روپے سستا ہو گیا ہے، اور فی کلو چکن 470 روپے ہو گیا ہے، 3 ہفتوں میں مرغی کا گوشت 227 روپے فی کلو سستا ہوا، زندہ مرغی کی فارم گیٹ قیمت 290 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔

    پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے مطابق کھپت کے مقابلے میں طلب کم ہونے سے قیمت کم ہوئی ہے، اور چوزے کی قیمت بھی 220 روپے سے کم ہو کر 100 روپے ہو گئی ہے۔

  • کراچی میں چکن سب سے زیادہ مہنگا، کمشنر کراچی کا اہم اقدام

    کراچی میں چکن سب سے زیادہ مہنگا، کمشنر کراچی کا اہم اقدام

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں چکن کی قیمتیں انتہائی بڑھ جانے پر کمشنر کراچی نے ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اور خاص طور پہ کراچی میں پنجاب کی نسبت مرغی کا گوشت مہنگے داموں فروخت ہونے کے معاملے پر کمشنر کراچی نے مرغی کے گوشت کے نرخ کے تعین کے لیے ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دے دی۔

    کمشنر کراچی کی جانب سے سندھ پولٹری فارم کے نمائندوں سے بھی تجاویز طلب کی گئی ہیں۔

    کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ پنجاب، سندھ اور کراچی میں مرغیوں کے گوشت کی قیمتیں یکساں ہونی چاہیئے، مرغی کے مہنگے داموں گوشت فروخت ہونے پر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جلد مرغی کے گوشت کی مناسب قیمت کا تعین کر لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ کراچی میں اس وقت مرغی کا گوشت 600 سے 660 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

  • لیبارٹری میں تیار کیے گئے گوشت کو استعمال کی منظوری مل گئی

    لیبارٹری میں تیار کیے گئے گوشت کو استعمال کی منظوری مل گئی

    امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے لیبارٹری میں تیار کیے گئے چکن کو انسانی استعمال کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے اسے مارکیٹ میں لانے کی منظوری دے دی ہے۔

    امریکی ریاست کیلی فورنیا کی کمپنی گڈ میٹ نے لیبارٹری میں تیار کی گئی اپنی چکن کو منظوری ملنے کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا۔

    رپورٹس کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے کوئی سوال نہیں اٹھایا گیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by GOOD Meat (@goodmeatinc)

    فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی طرف سے کمپنی کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ یہ پروڈکٹ امریکا میں فروخت کے لیے محفوظ ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ ایک بڑا قدم ہے لیکن خریدار ابھی اس گوشت کو خرید نہیں سکیں گے، صارفین کو فروخت کرنے کے لیے کمپنی کو امریکی محکمہ زراعت سے گرین سگنل ملنا باقی ہے۔

    امریکی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے منظوری لینے کے لیے وہ محکمہ زراعت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by GOOD Meat (@goodmeatinc)

    اس کمپنی کی تیار کی گئی چکن کو سنہ 2020 میں سنگاپور میں فروخت کی اجازت مل گئی تھی جو وہاں کے ریستورانوں میں بھی استعمال کیا جارہا ہے۔

    اس گوشت کو کسی جانور کے خلیے کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے سے تیار کیا جاتا ہے، اس جانور کو تمام ضروری غذائی اجزا فراہم کیے جاتے ہیں اور اس کی صحت کا خیال رکھا جاتا ہے۔

    ایک اندازے کے مطابق اس طریقے سے بنایا جانے والا گوشت زمین کی گرین ہاؤس (نقصان دہ) گیسز میں 14.5 فیصد کمی کرسکتا ہے۔

  • فی کلو چکن کی قیمت 700 روپے سے بھی تجاوز، دکاندار بھی پریشان

    فی کلو چکن کی قیمت 700 روپے سے بھی تجاوز، دکاندار بھی پریشان

    کراچی / لاہور: ملک بھر میں مرغی کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچی ہیں، کراچی میں فی کلو چکن کی قیمت 700 روپے سے بھی تجاوز کر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    کراچی میں 3 روز کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں 100 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد شہر میں مرغی کا گوشت 700 سے 720 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔

    زندہ مرغی 480 روپے فی کلو اور بون لیس گوشت 1 ہزار 50 روپے فی کلو ہوگیا۔

    صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی مرغی کا گوشت 620 روپے فی کلو تک پہنچ گیا، زندہ مرغی کا گوشت 410 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔

    صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ایک ہفتے کے دوران 150 روپے اضافہ ہوا۔

    کوئٹہ میں مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 700 روپے تک پہنچ گئی۔

    چکن کی قیمت بڑھنے سے شہریوں کو خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ عام آدمی اب چکن بھی نہیں کھا سکتا، موجودہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

    مرغی کے گوشت کی قیمت بڑھنے سے دکانوں پر بھی رش کم ہوگیا جس سے دکاندار پریشان ہیں۔

    دوسری جانب پولٹری فارمرز نے چکن فیڈ کی قیمت میں بے تحاشا اضافے اور پیداوار میں کمی کو قیمت بڑھنے کی وجہ قرار دیا ہے۔

  • مونگ پھلی اور لہسن کھانے کی شوقین مرغی نے ایک دن میں 31 انڈے دے دیے

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں مونگ پھلی اور لہسن کھانے کی شوقین مرغی نے ایک دن میں 31 انڈے دے کر سب کو حیران کر دیا، مرغی مکمل طور پر صحت مند ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مرغی کے مالک گریش چندر کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں کو مرغیاں پالنے کی خواہش تھی اور وہ کہیں سے 2 چوزے خرید کر لائے تھے۔

    گریش چندر کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں نے چوزوں کو بہت محبت سے پالا اور تمام گھر والے ان کی خوراک کا بھی بے حد خیال رکھتے ہیں کہ وہ بھوکے نہ رہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ اتوار کو ان کے بچوں نے بتایا کہ ایک مرغی نے 5 انڈے دیے ہیں، یہ حیران کن بات تھی کہ ایک مرغی اتنے کم وقت میں ایک ساتھ 5 انڈے دے۔

    شام میں سب مزید حیران رہ گئے جب مرغی 10 سے 15 منٹ کے وقفے سے 10، 10 انڈے دینے لگی، رات 10 بجے تک اس نے پورے 31 انڈے دے ڈالے۔

    گریش کا کہنا تھا کہ انہیں شک ہوا کہ شاید مرغی بیمار ہوگئی ہے لیکن ڈاکٹر کو دکھانے پر علم ہوا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہے۔

    ان کے مطابق مرغی کو مونگ پھلی کھانے کا بہت شوق ہے، وہ ایک دن میں تقریباً 200 گرام مونگ پھلی کھا جاتی ہے اور گھر والے خاص طور پر اس کے لیے مونگ پھلی منگواتے ہیں، علاوہ ازیں لہسن بھی اس کی روزانہ کی خوراک میں شامل ہے۔

    گریش کا کہنا ہے کہ اس کی حتمی وجہ تو کوئی ماہر ہی بتا سکتا ہے تاہم انہیں لگتا ہے کہ اس کی وجہ خاص خوراک اور سب گھر والوں کا پیار ہے۔

  • مرغی کی بندر کو ’قتل‘ کرنے کی کوشش، بندر نے تھپڑ دے مارا

    مرغی کی بندر کو ’قتل‘ کرنے کی کوشش، بندر نے تھپڑ دے مارا

    سوشل میڈیا پر اکثر اوقات دلچسپ ویڈیوز وائرل ہوتی ہیں جن میں جانوروں کو عجیب و غریب حرکات کرتے دیکھا جاسکتا ہے، حال ہی میں ایک اور ایسی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جو بندر اور مرغی کی ہے۔

    مذکورہ وائرل ویڈیو بظاہر بھارت کی لگ رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بندر ایک پہاڑی کے کنارے پر سکون سے بیٹھا ہے اور قدرت کے نظاروں سے لطف اندوز ہورہا ہے کہ اچانک وہاں ایک مرغی آجاتی ہے۔

    مرغی سکون سے بیٹھے بندر پر اچانک حملہ کردیتی ہے اور اسے پہاڑی سے گرانے کی کوشش کرتی ہے، بندر اس سے بچتے ہوئے جواباً اسے تھپڑ مارتا ہے۔

    دونوں کی لڑائی کچھ دیر چلتی رہتی ہے، ویڈیو میں ایڈیٹنگ کے ذریعے بیک گراؤنڈ میں تھپڑ مارنے کی آواز بھی شامل کی گئی ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو کو نہایت دلچسپ قرار دیا، بعض صارفین کا کہنا تھا کہ مرغی بلاوجہ بندر کی جان کے پیچھے پڑی ہے۔

  • مرغی کا گوشت کھانے سے قبل یہ جان لیں

    مرغی کا گوشت کھانے سے قبل یہ جان لیں

    دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر مرغی کا گوشت استعمال کیا جاتا ہے، اسی لیے اس کی کم وقت میں زیادہ پروڈکشن کے نت نئے طریقے اختیار کیے جارہے ہیں جو مرغی کے معیار اور اس کی غذائیت پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔

    جو مرغی آج دنیا بھر میں بطور غذا استعمال کی جارہی ہے اس کے سائز میں پچھلے 50 برسوں میں 364 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہتبدیلی دوسری جنگ عظیم کے بعد آئی۔

    اس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ جنگ کے دوران مرغی کے گوشت کی طلب میں اضافہ ہوا تو کئی کمپنیوں نے اس پر اپنی اجارہ داری قائم کرنے کے لیے مرغیوں کی افزائش کرنے کا فیصلہ اس طرح کیا کہ وہ سائز میں بڑی ہوں تاکہ کسٹم میں کم مہنگی پڑے۔

    مرغیوں کے سائز میں اضافہ کے لیے انہیں مصنوعی ہارمونز اور کیمیکل سے بھرپور غذا دی گئی، عام طور مرغیاں اناج اور گھاس پھوس کھاتی ہیں تاہم فارم کی مرغیوں کو بنیادی طور پر مکئی اور سویا کھلایا جاتا ہے تاکہ یہ کم وقت میں موٹی اور بڑی ہوجائے۔

    پاکستان میں ان مرغیوں کو کم وقت میں بڑا کرنے کے لیے مختلف انجیکشن لگائے جاتے ہیں جبکہ انہیں جو دانہ کھلایا جاتا ہے وہ بھی گندی اشیا سے ملا کر بنایا جاتا ہے۔ یہی کیمیکل مرغی سے انسانوں میں منتقل ہوجاتے ہیں۔

    دیکھا جائے تو آج کل مرغی کے نام پر ایک بڑا غیر صحت بخش پرندہ کھایا جارہا ہے، نوے کی دہائی کے اوائل میں مرغیاں تقریباً 4 ماہ میں تیار ہوتی تھی جبکہ آج کل یہی برائلرمرغی صرف 47 دن میں تیار ہو جاتی ہے تاکہ طلب کو پورا کیا جا سکے۔

    آج کے دور میں مرغی کی بنیادی خوراک کاربوہائیڈریٹ ہے، جسے ہم ہائی انرجی ڈائیٹ کہتے ہیں جو یقیناً موٹاپے کا باعث بنتی ہے۔ انسانوں کے ساتھ بھی اسی طرح کا معاملہ ہے۔ انہیں جب وزن کم کرنا ہوتا ہے تو سب سے پہلے کاربوہائیڈریٹ کو کم کیا جاتا ہے۔

    مرغیاں جو کچھ بھی کھائیں گی وہ اسی طرح ان کے گوشت کی صورت میں انسانوں میں منتقل ہوگا، مثال کے طور پر فارمی چکن میں اومیگا 6 سے اومیگا 3 کا تناسب زیادہ ہوتا ہے جبکہ چراگاہوں کے قدرتی ماحول پالی جانے والی مرغیوں میں یہ تناسب نہایت کم ہوتا ہے۔

    متوازن میں غذا میں گوشت اور سبزیوں کا تناسب بہتر ہونا چاہیئے، چکن تمام ضروری غذائی اجزا کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ چکن پروٹین، کیلشیم، امینو ایسڈ، وٹامن B-3، وٹامن B-6، میگنیشیم اور دیگر اہم غذائی اجزا کا بھرپور ذریعہ ہے۔

    تاہم ہر قسم کا چکن صحت کے لیے مفید نہیں ہے، دیسی مرغی کے مقابلے میں برائلر مرغی کی افادیت کافی کم ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ برائلر چکن کو ریگولر کھانے سے آپ کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، اس کا کثرت سے استعمال جسم میں بہت سی بیماریاں پیدا کرتا ہے۔

    برائلرز کے بجائے دیسی چکن کھائی جائے تو اچھا ہے، جبکہ اس کے ساتھ سبزیاں اور دیگر اناج کا استعمال بھی کیا جائے تاکہ جسم کو تمام تر غذائی اجزا مناسب مقدار میں میسر آسکے۔

  • مزیدار زیرہ چکن بنانے کی ترکیب

    مزیدار زیرہ چکن بنانے کی ترکیب

    چکن ایسی چیز ہے جس سے کم وقت میں مزیدار ڈشز بنائی جاسکتی ہیں، اسی لیے آج ہم آپ کو مزیدار زیرہ چکن بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اس کے لیے آپ کو مندرجہ ذیل اجزا کی ضرورت ہوگی۔

    اجزا

    چکن: 1 کلو

    دہی: 1 کپ

    ہرا دھنیا: حسب ذائقہ

    ہری مرچ: حسب ذائقہ

    زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    پیاز چوپ کر لیں: 1 عدد

    لہسن ادرک کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    لال مرچیں کٹی ہوئی: 1 چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    تیل: حسب ضرورت

    ترکیب

    ایک پیالے میں چکن، دہی، نمک، کٹی ہوئی لال مرچیں اور لہسن ادرک کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح مکس کر کے ایک گھنٹہ میری نیٹ کریں۔

    سوس پین میں تیل گرم کر کے زیرہ ڈالیں، کڑ کڑا جائے تو پیاز ڈال کر فرائی کریں۔

    سنہری ہو جائے تو میری نیٹڈ چکن ڈال کر فرائی کریں۔

    حسب ضرورت پانی ڈال کر ڈھک کر پکائیں۔

    گوشت گل جائے تو بھون لیں۔

    ہرا دھنیا اور ہری مرچیں ڈال کر 2 منٹ تک مزید پکائیں۔

    مزیدار زیرہ چکن تیار ہے، گرما گرم سرو کریں۔

  • بھارت: چکن کھانے سے فوڈ پوائزننگ، 2 بچوں کی موت

    بھارت: چکن کھانے سے فوڈ پوائزننگ، 2 بچوں کی موت

    نئی دہلی: بھارت میں چکن کھانے کے بعد مبینہ زہر خورانی سے 2 بچوں کی موت واقع ہوگئی، بچوں کی والدہ کی حالت تشویش ناک ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ میں چکن کھانے کے بعد 2 بچوں کی موت واقع ہوگئی، پولیس کو زہر خورانی کا شبہ ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ منوہر آباد کے ایک گھر میں چند روز قبل رات کو چکن کا سالن بنایا گیا جسے گھر میں موجود ماں اور 2 بچوں نے کھایا۔

    آدھی رات کو نیند کے دوران ان کے پیٹ میں شدید درد کی شکایت محسوس ہوئی جس پر انہیں قریبی سرکاری اسپتال پہنچایا گیا، علاج کے دوران 15 سالہ منیشا اور 10 سالہ کمار کی موت واقع ہوگئی۔

    بچوں کی والدہ کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔