Tag: Chief Election Commissioner

  • کیا چیف الیکشن کمشنر کو بیرون ملک سفیر بنایا جا رہا ہے؟ ترجمان ای سی پی کا رد عمل

    کیا چیف الیکشن کمشنر کو بیرون ملک سفیر بنایا جا رہا ہے؟ ترجمان ای سی پی کا رد عمل

    اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو کینیڈا میں سفیر بنائے جانے کی خبروں پر ترجمان ای سی پی کا رد عمل آ گیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ ایک گمراہ کن افواہ ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کو کسی ملک کا سفیر بنانے کی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں، یہ گمراہ کن افواہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو کسی ملک کا سفیر بنایا جا رہا ہے۔

    چیف الیکشن کمشنر کو کینیڈا میں سفیر لگایا جا رہا ہے، عمر ایوب

    ترجمان نے کہا نہ ہی حکومت نے ایسی کوئی آفر کی اور نہ ہی چیف الیکشن کمشنر کا ایسا ارادہ ہے، وہ اپنی مدت مکمل کرنے کے بعد بھی ملک میں ہی رہیں گے، سکندر سلطان راجہ کسی بھی بیرون ملک اسائنمنٹ کے طلب گار نہیں ہیں۔

    چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ ایک ہفتے کیلئے بیرون ملک روانہ

    ای سی پی ترجمان نے خبردار کیا کہ ایسی افواہیں پھیلانے والےاور بڑھانے والوں کو تنبیہ کی جاتی ہے، ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • آدھے گھنٹے میں نتائج نہ بھیجے تو آر اوز کو معطل کردوں گا، چیف الیکشن کمشنر

    آدھے گھنٹے میں نتائج نہ بھیجے تو آر اوز کو معطل کردوں گا، چیف الیکشن کمشنر

    اسلام آباد : چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے آر اوز کو سختی سے 30 منٹ کے اندر نتائج مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تمام آراوز کو کہہ دیا ہے کہ 30منٹ میں ہرحلقے کا مکمل نتیجہ چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈی آراوز کو ذاتی طور پر فون کرکے ہدایات جاری کررہا ہوں، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ پریذائیڈنگ افسر اب تک آر اوز دفاتر نہیں پہنچے۔

    چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا مزید کہنا تھا کہ آر اوز نے30منٹ میں مکمل نتائج نہ بھیجے تو انہیں معطل کردوں گا۔

  • الیکشن شفاف ہوں گے، ووٹرز آزادی سے ووٹ ڈالیں، چیف الیکشن کمشنر

    الیکشن شفاف ہوں گے، ووٹرز آزادی سے ووٹ ڈالیں، چیف الیکشن کمشنر

    اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی سمیت الیکشن کمیشن کے تمام انتظامات مکمل ہیں، الیکشن مکمل طور پر شفاف ہوں گے، ووٹرز آزادی سے ووٹ ڈالیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ قومی فریضے میں سب کو حصہ ڈالنا چاہیے، الیکشن مینجمنٹ سسٹم کا انٹرنیٹ پر دارومدار نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے، سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لینا وزارت داخلہ اور ایجنسیوں کا کام ہے، امید ہے انتخابات کا عمل بخیرو عافیت مکمل ہوگا۔

    سکندرسلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دیگا، ہم کہیں موبائل سروس کھولیں اور دہشتگردی کاواقعہ ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا۔

    دوسری جانب الیکشن کمشنر سندھ نے پریزائیڈنگ افسر سے الیکشن مٹیریل چھیننے کانوٹس لے لیا، متعلقہ ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سے رپورٹ طلب کرلی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس اوررینجرزکی اضافی نفری کوپولنگ اسٹیشن کے باہر تعینات کر دیا گیا ہے، الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سے پولیس کوملوث عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ الیکشن کمشنر سندھ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انتخابات کی شفافیت پرسمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔

    یاد رہے کہ رات گئے کراچی کے علاقے ملیر سعود آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے پریزائیڈنگ افسر کو لوٹ لیا تھا۔

    پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر سعود آباد میں مسلح افراد پریزائیڈنگ افسر سے ووٹنگ بکس بھی لوٹ کر لے گئے۔ افسر عملے کے ساتھ اسکول میں داخل ہوا تو مسلح افراد آگئے۔

    الیکشن کمشنر سندھ کا پریزائیڈنگ افسر سے الیکشن مٹیریل چھیننے کا نوٹس

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے دوران 2 سے 3 بکس، قیمتی سامان لوٹا گیا، واقعہ پاکستان پبلک اسکول میں پیش آیا تھا۔

  • پیپلزپارٹی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

    پیپلزپارٹی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

    لاہور: پیپلز پارٹی کے انچارج سینٹرل الیکشن سیل اور سینیٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر این اے 73 ڈسکہ میں زیرِ حراست 3 کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انچارج سینٹرل الیکشن سیل پیپلزپارٹی تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو خط میں لکھا کہ این اے 73 میں 3 کارکنوں کو غیر قانونی زیر حراست رکھا گیا ہے، ان کارکنان کو سیراں والی کے الیکشن آفس سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    تاج حیدر نے الیکشن کمشنر کو خط میں بتایا کہ پولیس وردی میں ملبوس اہلکاروں نے الیکشن آفس میں توڑ پھوڑ کی، پولیس نے الیکشن آفس میں فرنیچر اور دیگر سامان کو نقصان پہنچایا۔

    انہوں نے خط میں لکھا کہ ڈی پی او، ڈی ایس پی ڈسکہ گرفتار کارکنان کی رہائی سے انکاری ہیں، پولیس کھلے عام ن لیگی امیدوار کی حمایت کر رہی ہے۔

    تاج حیدر نے کہا کہ پولیس کے ہراساں کرنے سے امن و امان کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے، چیف الیکشن کمشنر پی پی کارکنان کی رہائی کے احکامات جاری کریں۔

  • عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر پر ہرجانے کا مقدمہ کرنے کا اعلان

    عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر پر ہرجانے کا مقدمہ کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر پر ہرجانے کا مقدمہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ ’میں توشہ خانہ اور فنڈنگ کیس میں چیف الیکشن کمشنر پر اربوں روپے کا ہرجانہ کروں گا۔‘

    انھوں نے کہا چیف الیکشن کمشنر بد دیانت آدمی ہے، وہ پی ڈی ایم سے مل کر منصوبہ بندی کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی مارچ جاری ہے، گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف نے ایم اے او کالج روڈ پر خطاب میں کہا کہ پہلے روز کے سفر کا داتا دربار پر اختتام کیا جا رہا ہے، اور حقیقی آزادی ملنے تک یہ سفر جاری رہے گا۔

    کنٹینر میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں انھوں نے کہا بند کمروں میں فیصلے ہوتے ہیں، ہم اندرونی و بیرونی کسی بھی طرح کی غلامی کرنے کو تیار نہیں ہیں، اب ہم کسی کا ظلم نہیں سہیں گے، اور امریکی چمچوں، پاکستان کے ڈاکوؤں کو خود پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔

    عمران خان نے کہا قیام پاکستان کے بعد سے یہ سب سے بڑا انقلاب ہے، یہی انقلاب پاکستان کو حقیقی معنوں میں آزاد کرے گا، حقیقی آزادی کی تحریک کا پہلا مرحلہ صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد ہے۔

  • چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں، عمران خان کا مطالبہ

    چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں، عمران خان کا مطالبہ

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکندر راجا سلطان ن لیگ کا ایجنٹ ہے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر راجا سلطان اکیلے فیصلے کرتے ہیں اور ان کے سارے فیصلے پی ٹی آئی کے خلاف ہی ہوتے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ جب سے ہماری حکومت آئی ہم کہتے رہے کہ فارن فنڈنگ کیس مکمل کریں اور تین بڑی جماعتوں کے کیسزایک ساتھ سنے جائیں لیکن یہ چاہتے ہیں کہ کسی طرح فارن فنڈنگ ڈھونڈ کر پی ٹی آئی کیخلاف ایکشن لیا جائے، الیکشن کمیشن،عدلیہ سےقوم کا مطالبہ ہے روزانہ سماعت کرکےایکشن لیا جائے۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو اعتماد نہیں ہے جج وہ کیس نہیں سنتا جب کوئی پارٹی کہے کہ جج پر اعتماد نہیں، اسی لیے سکندر راجا کو چیف الیکشن کمشنر کے عہدے سے استعفیٰ دینا چاہیے۔

    عمران خان نے کہا ہے کہ آج پاکستان کیلیے فیصلہ کن وقت ہے آنے والے دنوں میں لاہور کے کارکنوں کا کردار بہت اہم ہوگا میں آج آپ کو آئندہ دنوں کا لائحہ عمل دینے آیا ہوں، چاہتا ہوں جب میں کال دوں تو کم سے کم 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں۔

    انہوں نے کہا کہ آپ نے میرا پیغام لیکر گلی محلوں میں لوگوں کے پاس جانا ہے اور انہیں بتانا ہے کہ یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، آپ نے لوگوں کے پاس جاکر پاکستان کیلئے تبلیغ کرنی ہے،یہ پیغام دینا ہے کہ اللہ کےسوا انسان کسی کے سامنے نہیں جھکتا، بتانا ہے کہ ملک پر سازش کےتحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی اور اس امپورٹڈ حکومت کا مقصد صرف ایک ہے کہ وہ اپنی چوری بچانے کیلئے پورے ملک کو غلام بنادیں، یہ فیصلے اپنے ملک نہیں دوسروں کے مفاد میں کرینگے کیونکہ جس ملک کے لیڈر کاپیسہ باہر ہو وہ ہمیشہ غلامی کرتا ہے، امریکا فتح کیلئے ہمیں اس چیری بلاسم سے کنٹرول کرے گا۔

    انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے آرام نہیں کرنا بلکہ لوگوں کو بیدار کرنا ہے، عید والےدن عید بھی ملیں تو لوگوں کی تبلیغ کریں اور ان کان میں کہیں کہ آزادی کی جنگ لڑنی ہے، میں بھی پورے پاکستان اور ہر شہر جاؤں گا اور اپنے لوگوں کو اسلام آباد کیلئے تیار کروں گا۔

    عمران خان نے کہا کہ جو لیڈر ہوتا ہےوہ اپنےعوام میں شعور پیدا کرتا ہے، ہمارے سب سے بڑے لیڈرحضرت محمدﷺ تھے، نبیﷺ نے 1500سال پہلے کہا تھا جو قوم بڑے ڈاکوؤں کو نہیں پکڑتی وہ تباہ ہوجاتی ہے، پاکستان 27ویں رمضان بنا تھا کل 27 ویں شب کو ہم نے شب دعا کا اعلان کر رکھا ہے کل مولانا طارق جمیل ملک کےلئے خاص دعا کریں گے، کل گلی، محلوں میں اسکرینز لگیں گی ،رات ساڑھے10 بجے دعا کرائیں گے، ہم سب ملکر پاکستان کی حقیقی آزادی کےلئےدعا کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آزاد خارجہ پالیسی کی بات کی تو ہمارے خلاف سازش ہوئی، امریکی سفارتخانےکے لوگ اپوزیشن کے لیڈروں سے ملتے رہے، امریکی سفارتی لوگ ان سے مل رہے تھے جو بعد میں لوٹے بنے، امریکی سیکریٹری ڈونلڈ لو نے ہمارے سفیر کو دھمکی دی کہ عمران خان کو نہیں ہٹایا تو پاکستان کومشکلات کاسامنا ہوگا، صرف امریکا نہیں یورپ میں بھی تنہا کردینگے، میں نےکہا تھا انھوں نے پہلے سے تیاری کررکھی تھی  اور پوری تیاری کے ساتھ پہلے سازش ہوتی ہے  پھر مداخلت ہوتی ہے۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان چوروں کے خاندانوں کے اربوں روپے باہر پڑے ہیں یہ لوگ اپنے ملک کیلئے کھڑے نہیں ہوں گے، آپ نے گلی گلی لوگوں کو بتانا ہے یہ کامیاب ہوئے تو ملک ہمیشہ غلامی کرے گا، لوگوں کو بتانا ہے یہ دو خاندان ہیں ان کے ساتھ ڈیزل بھی ملا ہوا ہے، مشرف نے امریکا کے دباؤ میں ان کو پہلے این آراو دیا، انھوں نے پھر لوٹ مار کی ، کیسز بنے اب یہ دوبارہ این آراو لینے کا سوچ رہے ہیں

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ این آراو لیں گے تو انصاف کا نظام دفن ہوجائیگا، شہبازشریف اور اس کے پورے ٹبر کی چوری معاف ہوجائیگی، یہ خود کو صاف کرکے پھر سے لوٹ مار کریں گے یہ کامیاب ہوگیا تو کبھی کوئی وزیراعظم بیرونی طاقت کیخلاف کھڑا نہیں ہوسکے گا، ایف آئی اے بھی کسی طاقتور کیخلاف کیس کرنے سے ڈرے گا، نیب صرف چھوٹے چوروں کو پکڑے گا، ہمارا نظام طاقتور کو نہیں پکڑ سکےگا۔

    انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے سلامتی کونسل کمیٹی کی میٹنگ کی اس میں بھی مراسلہ تسلیم کیا گیا، نوازشریف نے لندن میں بیٹھ کر سازش کی، فضل الرحمان، شہباز شریف اور آصف زرداری سازش کا حصہ تھے، منحرف لوگ پیسے لیکر لوٹے بنے ہوسکتا ہے کہ انہیں اس سازش کا نہ پتہ ہو، عدالت اور الیکشن کمیشن سے پوچھتاہوں  پاکستان کیخلاف سازش ہوئی، یہ لوٹے بنے، کیا انصاف کا نظام فوری ایکشن نہیں لے گا۔

    سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں اے آر وائی نیوز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں آج اے آر وائی نیوز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ ڈٹ کر کھڑا ہوا ہے اور باقی چینلز سے پوچھتا ہوں کون دھمکیاں دے رہیں کہ پی ٹی آئی کا بلیک آؤٹ کرو، ساتھ ہی میڈیا کی آزادی کی بات کرنیوالے لبرل لوگوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ بتائیں  کیا ہمارے زمانے میں میڈیا ایسے بلیک آؤٹ ہوا جیسا پی ٹی آئی کیساتھ ہورہا ہے، ہمارےدورمیں 80 فیصد پروگرام ہمارے خلاف ہوتے تھے۔

  • امین گنڈا پور معاملہ: چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کا وزیراعظم کو خط

    امین گنڈا پور معاملہ: چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کا وزیراعظم کو خط

    مظفرآباد: وفاقی وزیر امور کشمیر امین گنڈاپور کی جانب سے الیکشن مہم کے دوران مبینہ طور پر رقم تقسیم کرنےکی ویڈیو پر چیف الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاملے پر چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) رشید سلہریا نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا کہ وفاقی وزرا کو الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ دو ہزار اکیس کی خلاف ورزی سےروکاجائے۔

    خط میں کہا گیا کہ وزیراعظم صوبائی وزرا کو بھی الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ پر پابندی کی ہدایت کریں اور وفاقی حکومت ، آزاد کشمیر انتخابات کا آزادانہ و منصفانہ انعقاد یقینی بنائے۔

    چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت میں ریاستی وسائل استعمال نہ کئےجائیں، وفاقی، آزادکشمیر اور صوبائی حکومتیں کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمدیقینی بنائیں، جس امیدوار کےحلقے میں خلاف ورزی ہوئی اسےنااہل قرار دیاجائےگا۔

  • خفیہ بیلٹ سے سینیٹ انتخابات : حکومتی  وفد کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات

    خفیہ بیلٹ سے سینیٹ انتخابات : حکومتی وفد کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات

    اسلام آباد : وفاقی وزرا پر مشتمل حکومتی نمائندہ وفد نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان سے ملاقات کی اور دعوی کیا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ان کے موقف کی تائید کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کی رائے کے بعد وفاقی وزراء و آئینی ماہرین الیکشن کمیشن پہنچے، جہاں حکومتی نمائندہ وفد نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان سے ملاقات کی، ملاقات میں سینیٹ الیکشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وفاقی وزرا پر مشتمل حکومتی نمائندہ وفد نے دعوی کیا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ان کے موقف کی تائید کرتا ہے اور الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر تعلم شفقت محمود نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ الیکشن سے کرپشن ختم کی جائے اور سپریم کورٹ نے بھی سینیٹ انتخابات میں کرپشن کے خاتمے کا فیصلہ دیا۔

    مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا تیسرا ، پانچواں اور چھٹا پیرااہم ہیں، ایسے تین سینیٹرز کا پتا چلا ہے کہ جن کے پاس ووٹ ہی نہیں تھے پھر بھی وہ سینیٹرزبن گئے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیرا تین میں کرپشن کے خلاف اقدامات کا کہا گیا ہے-

    بابر اعوان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے میثاق جمہوریت میں بھی سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کا ذکر ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومتی وفد نے الیکشن کمیشن پر اپنے اعتبار کا اظہار کیا ہے، حکومتی وفد کی ملاقات کا مقصد سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کرانے کی درخواست تھی ۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 2013سے مسلسل کوشاں ہیں کہ سینیٹ انتخابات مکمل شفاف ہوں جبکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا تہیہ کیا ہوا ہے، سینیٹ انتخابات کے بارے میں حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، آئین کی شق 220کے تحت حکومت کے تمام ادارے الیکشن کمیشن سے تعاون کے پابند ہیں۔

  • سینیٹ انتخابات ویڈیو اسکینڈل کیس:  چیف الیکشن کمشنر نے مزید شواہد طلب کرلئے

    سینیٹ انتخابات ویڈیو اسکینڈل کیس: چیف الیکشن کمشنر نے مزید شواہد طلب کرلئے

    اسلام آباد : سینیٹ انتخابات ویڈیو اسکینڈل کیس میں چیف الیکشن کمشنر نے مزید شواہد طلب کرتے ہوئے کہا مزید سماعت  اب سینیٹ الیکشن کے بعد ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں سینیٹ انتخابات سے متعلق ویڈیو اسکینڈل پر سماعت ہوئی ، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

    درخواست گزار ن لیگی رہنما مرتضی جاویداوروکیل جہانگیر جدون پیش ہوئے، مرتضیٰ جاوید نے الیکشن کمیشن سے ویڈیو کی ایف آئی اے سے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

    الیکشن کمیشن نے درخواست گزار سے مزید شواہدطلب کرلیے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا شواہدجمع کرادیں،ضرورت کے مطابق کارروائی کریں گے، جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ جتنےبھی لوگ ویڈیومیں بیٹھے ہیں وہ سب اراکین اسمبلی ہیں تو چیف الیکشن کمشنر نے کہا ویڈیومیں نظرآنےوالےکچھ لوگوں نےبعدمیں بیانات دیے۔

    مرتضیٰ جاوید نے کہا کہ ویڈیوآنےکےبعد کےپی اراکین اسمبلی کوبرا بھلاکہاجارہاہے، چاہتےہیں معاملے کی انکوائری اور ذمےداران کےخلاف کارروائی ہو۔

    مرتضی ٰ جاوید عباسی نے الزام عائد کیا کہ پرویزخٹک اوراسدقیصر معاملے میں ملوث تھے، ایک جماعت کااپنےہی اراکین کوپیسےدینابھی ہارس ٹریڈنگ ہے، ویڈیومیں نظرآنے والے2 ایم پی ایزبیان دینے کو تیار نہیں۔

    ارشادقیصر کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ الیکشن میں جوووٹ دیے گئے اس پر کیا خیال ہے، ممبر الیکشن کمیشن الطاف ابراہیم نے سوال کیا باپ جیت جائے تو الیکشن شفاف اور بیٹا جیت جائے تو دھاندلی؟ یہاں پر کوئی شکست ماننے کو تیار نہیں۔

    چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ کیس کی مزیدسماعت اب سینیٹ الیکشن کے بعد ہوگی،بعد ازاں سینیٹ انتخابات سے متعلق ویڈیو اسکینڈل کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کردی گئی

  • سکندرسلطان راجہ 5  سال کیلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر، نوٹیفکیشن جاری

    سکندرسلطان راجہ 5 سال کیلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: سکندرسلطان راجہ کو پانچ سال کیلئے چیف الیکشن کمشنرمقررکردیا گیا، صدرمملکت نےچیف الیکشن کمشنراورممبران کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت عارف علوی نےالیکشن کمیشن کےسربراہ اور ممبران کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق سکندرسلطان راجہ5سال کیلئےچیف الیکشن کمشنرمقرر کردیا گیا جبکہ سندھ سے نثاردرانی اوربلوچستان سے شاہ محمود جتوئی کو رکن الیکشن کمیشن تعینات کیا گیاہے۔

    یاد رہے حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق کیا تھا جب کہ شاہ محمد جتوئی بلوچستان اور سندھ کیلئے نثاردرانی کے ناموں پر اتفاق ہوا تھا۔

    مزید پڑھیں : چیف الیکشن کمشنر کیلیے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق

    دونوں صوبوں کے الیکشن کمیشن ارکان 26 جنوری 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے اور آئین کے مطابق 45 روز کے اندر ممبران کی تقرری ضروری ہے لیکن حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات کی وجہ سے ایک سال بعد یہ تقرریاں عمل میں آئی۔

    واضح رہے چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان 6 دسمبر 2019کو ریٹائر ہوئے تھے اور ان کی جگہ جسٹس (ر) الطاف قریشی قائم مقام الیکشن کمشنر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

    خیال رہے سکندر سلطان راجہ سابق بیورو کریٹ ہیں اور مختلف حکومتوں میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، جن میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، چیف سیکریٹری آزاد کشمیر، سیکریٹری پیٹرولیم اور ریلویز کے اہم ترین عہدے شامل ہیں۔