Tag: Chief Justice

  • چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے لاپتا، نامعلوم افراد ساتھ لے گئے

    چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے لاپتا، نامعلوم افراد ساتھ لے گئے

    کراچی: چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ لاپتا ہوگئے، نامعلوم افراد انہیں اپنے ساتھ کار میں بٹھا کر لے گئے، ان کی گاڑی ڈیفنس کے ایک سپر اسٹور کے باہر سے مل گئی۔

    رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ افطار کے بعد کلفٹن گئے جہاں سپر مارکیٹ کے باہر کار سوار چار افراد انہیں اپنے ساتھ زبردستی بٹھا کر لے گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار سوار چاروں افراد نے پولیس کیپ پہن رکھی تھیں۔

    اطلاعات ہیں کہ اویس شاہ کی گاڑی ڈیفنس پنجاب چورنگی پر واقع سپر اسٹور کے باہر سے مل گئی تاہم اویس شاہ کے بارے میں مزیدکوئی اطلاع اب تک موصول نہیں ہوسکی۔

    معلوم ہوا ہے کہ اویس شاہ خود بھی سندھ ہائی کورٹ میں وکالت کے فرائض انجام دے رہے ہیں، انہیں کسی بھی معاملے میں کسی قسم کی دھمکیاں موصول نہیں ہوئیں اس لیے ان کے ساتھ کوئی سیکیورٹی گارڈ بھی نہیں تھا۔

    دریں اثنا اے آر وائی نیوز نے چیف جسٹس کے بیٹے کو لے جانے والی گاڑی کی فوٹیج حاصل کرلی جس کے مطابق ایک سفید رنگ کی کار میں انہیں لے جایا گیا جس پر ایس پی 0586 کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ ایک اور فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اویس شاہ سپر اسٹور میں شاپنگ کررہے ہیں بعدازاں وہ گیٹ سے باہر نکل گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف نوعیت کے اہم ترین مقدمات چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی زیر سماعت ہیں،اویس شاہ کو لے جانے والی گاڑی پر لگی ہوئی نمبر پلیٹس سندھ پولیس کی گاڑیوں پر لگی ہوتی ہیں تاہم تحقیقات کے بعد ہی حتمی معاملہ سامنے آسکے گا۔

  • چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی سفارش

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی سفارش

    اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی سفارش کردی۔

    جوڈیشل کمیشن کا انتہائی غیر معمولی اجلاس چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر جج صاحبان ، اٹارنی جنرل ، پاکستان بار کونسل ، سندھ اور پنجاب کے وزرائے قانون اور دیگر نے سپریم کورٹ میں جج کی خالی اسامی، لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کےلیے تعیناتی،سندھ ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری اور جوڈیشل کمیشن قواعد 2010ء میں ترامیم پر تفصیلی غور کیا۔

    سپریم کورٹ میں جج کی ایک بقیہ اسامی کو پر کرنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اعجاز الحسن کو سپریم کورٹ کا جج بنانے اور لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے لیے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ کے نام کی سفارش کردی گئی۔

    سندھ ہائی کورٹ میں ججز کی مجاز تعداد 40 میں موجودہ 7ججز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے چار ناموں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رشید سومرو، تین سینئر وکلا ارشد حسین خان، سلیم جیسر اور ہمایوں خان کے ناموں کی سفارش کردی تاہم تین وکلا مسعود خان، عبدالحمید اور سرفراز اخوند کے نام ڈراپ کر دئیے گئے یوں چار ججز کی ممکنہ ایڈیشنل ججز تقرری سے سندھ ہائی کورٹ میں ججز کی موجودہ تعداد 33 سے بڑھ کر 37 ہوجائے گی جبکہ سفارش کردہ تمام نام ججز کمیٹی کو ارسال کردیے گئے،صدر مملکت تمام ناموں کی حتمی منظوری دیں گے۔

    کمیشن نے جوڈیشل کمیشن قواعد 2010ء میں مناسب ترامیم کےلیے چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی اراکین میں اٹارنی جنرل اشتر اوصاف ،پاکستان بار کونسل کے نمائندہ یاسین آزاد ، پنجاب بار کونسل کے نمائندہ جاوید ہاشمی اور جسٹس (ر) جاوید اقبال شامل ہیں جبکہ کمیٹی جلد قواعد میں ترامیم کے لیے اپنی سفارشات مرتب کرنے کا آغاز کرے گی۔

  • کیا وزیراعلیٰ سندھ کسی قانون کے پابند نہیں ہیں؟ جسٹس انورظہیر جمالی

    کیا وزیراعلیٰ سندھ کسی قانون کے پابند نہیں ہیں؟ جسٹس انورظہیر جمالی

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انورظہیر جمالی نے کہا ہے کہ سات سال سے سندھ میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سندھ  میں جمہوریت ہے یا بادشاہت؟ کیا وزیر اعلیٰ سندھ کسی قانون کے پابند نہیں ہیں؟یا سندھ میں کوئی حکومت ہی نہیں؟

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس انورظہیر جمالی نے سندھ میں حکم نہ ماننے والے سرکاری افسران کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کاعندیہ دے دیا۔

    سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں جیکب آباد کے شعبہ صحت میں 276 غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق از خود کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے معاملے پر بنائی گئی انكوائری كمیٹی كی رپورٹ 2 ہفتوں میں طلب كرلی۔

    چیف جسٹس نے ڈیپوٹیشن سے متعلق کیس کی سماعت میں ریمارکس دیئے کہ ایک شخص کیلئے پندرہ پندرہ لوگوں کی حق تلفی کی جارہی ہے۔

    عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کے لئے بہانے بنائے جاتے ہیں۔ آخر کیا وجہ ہے کہ سندھ حکومت میرٹ پر کوئی کام نہیں چاہتی اور سندھ کے عوام کے ساتھ امتیازی رویہ کیوں ہے؟

    جسٹس انورظہیرجمالی نے کہا کہ سات سال سے سندھ میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد میں مشکلات کاسامنا ہے۔ گریڈ ون کے افسرکو سترہ گریڈ تک ترقی دی جارہی ہے۔ کیا وزیر اعلیٰ سندھ کسی قانون کے پابند نہیں ہیں؟یا سندھ میں کوئی حکومت ہی نہیں؟

    دوران سماعت ایڈیشنل ایڈوكیٹ جنرل سندھ سرورخان، سیكرٹری صحت، درخواست گزار اكبر علی كھوسو ودیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی نے چیف سیکریٹری سندھ سےحکم نہ ماننے والے افسران کی فہرست طلب کرلی۔

     

  • چیف جسٹس کےخط کو اپوزیشن نےاپنی فتح قرار دے دیا

    چیف جسٹس کےخط کو اپوزیشن نےاپنی فتح قرار دے دیا

    اسلام آباد : اپوزیشن نےچیف جسٹس کےجوابی خط کو اپنی فتح قرار دےدیا۔ متفقہ ٹی او آرزپراصرارکرتے ہوئے حزب اختلاف کےرہنماؤں نےوزیراعظم کواسمبلی سےرجوع کرنےکامشورہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی جانب سے حکومتی ٹی او آرز پر مشتمل کمیشن تشکیل دینے سے انکار کو اپوزیشن نے اپنی اخلاقی فتح قرار دے دیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ چیف جسٹس صاحب نے ہمارے مؤقف کی تائید کردی۔

    پی پی رہنما قمرالزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کے جواب سےحکومت کی بد دیانتی سامنےآگئی،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ  شیخ رشید نے کہا کہ ملکی حالات تصادم کی طرف جارہےہیں، جبکہ تحریک انصاف کےجہانگیرترین نےحکومت کواپوزیشن کے ساتھ بیٹھنےکامشورہ دیا۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ حکومت اوراپوزیشن میں ٹی اوآراز میں اتفاق نہیں تھا۔ ایم کیوایم کےسلمان بلوچ نےکمیشن سےمتعلق پارلیمنٹ میں قانون سازی کا مطالبہ کیا۔

    اے این پی کے حاجی عدیل نے کہا کہ ایسا کمیشن بننا چاہیئے جوایک سال میں تمام مسائل حل کرے۔

    یاد رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیرجمالی نےحکومت کی جانب پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط کا جواب دیتے ہوئے جوڈیشل کمیشن بنانے سے انکار کردیاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹرمز آف ریفرنس کے تحت تحقیقات کے لیے کافی وقت درکار ہوگا۔

     

  • پاناما لیکس پرکمیشن چیف جسٹس کی واپسی پر بنےگا، جسٹس ثاقب نثار

    پاناما لیکس پرکمیشن چیف جسٹس کی واپسی پر بنےگا، جسٹس ثاقب نثار

    اسلام آباد : قائم مقام چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پر کمیشن چیف جسٹس کے واپس آنےپرہی بنےگا۔ تفصیلات کے مطابق پناما لیکس پر کمیشن بنانے کا معاملہ موخر ہوگیا۔

    چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی سات روزہ دورے پر ترکی روانہ ہوگئے۔ چیف جسٹس اپنے دورہ ترکی میں کئی تقریبات میں شرکت کریں گے، ان کی جگہ جسٹس ثا قب نثارقائم مقام چیف جسٹس کے فرائض انجام دیں گے۔

    حلف برداری کی تقریب میں اےآروائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے قائم مقام چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ پاناما لیکس پرکمیشن چیف جسٹس کے واپس آنے پر ہی بنے گا۔

    اس موقع پرجسٹس دوست محمد نےکہا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات بیس کروڑعوام کا حق ہے، پاناما لیکس پرحکومت اوراپوزیشن کا رویہ متوازن نہیں۔

    جسٹس دوست محمد نے مزید کہا کہ اپوزیشن پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہے۔ حکومت نے ٹرمز آف ریفرنس میں تحقیقات کادائرہ وسیع کردیا ہے۔بدقسمتی سےجمہوریت میں تسلسل نہ ہو نےکےباعث نظام مضبوط نہیں ہو سکا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں بھی کرپشن ہے لیکن جمہوریت کے تسلسل کی وجہ سے اب وہ ایشین ٹا ئیگر بن رہا ہے۔

    یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے کمیشن کے قیام کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ کمیشن کا قیام کتنے عرصے میں ہوتا ہے۔

     

  • چیئرمین نیب قمرالزمان چودھری کی چیف جسٹس انورظہیرجمالی سے ملاقات

    چیئرمین نیب قمرالزمان چودھری کی چیف جسٹس انورظہیرجمالی سے ملاقات

    اسلام آباد : چیئرمین نیب قمرالزمان چودھری نے چیف جسٹس انورظہیرجمالی سے ملاقات کی اور سالانہ کارکردگی سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب قمرالزمان نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان انور ظہیر جمالی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔

    اس موقع پر انہوں نے جسٹس انور ظہیر کو نیب کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور نیب کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران نیب میں سیاسی رہنماؤں پر قائم مقدمات سے متعلق بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں کرپشن کیسز سے متعلق اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دوسری جانب سپریم کورٹ آمد کے موقع پر صحافیو ں نے چیئرمین نیب سے سوال کیا کہ شریف برادران کے مقدمات کا کیا بنا؟ باربارتوسیع کیوں ہو رہی ہے تو چیئرمین نیب صحافیوں کے سوالات کے جواب میں مسکراکے چل دیئے اور کہا کہ جمعہ نماز کا وقت ہو گیا ہےنماز پڑھیں۔

     

  • مسائل کوحل کرنےکوئی مسیحاآسمان سے نہیں آئے گا، چیف جسٹس

    مسائل کوحل کرنےکوئی مسیحاآسمان سے نہیں آئے گا، چیف جسٹس

    لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ وسائل کو بے دردی سے ضائع کیا جا رہا ہے، بد انتظامی اور کرپشن کی وجہ سے تباہی کے دہانے تک پہنچ چکے ہیں ہمیں سوچنا ہوگا کیا آج کا پاکستان وہی ہے جسکا خواب اقبال نے دیکھا تھا۔

    لاہور ہائیکورٹ بار میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ ہم آج بھی سہی معنوں میں ایک قوم نہیں بن سکے، مسائل کے حل کے لیے کوئی مسیحا آسمان سے نہیں اترے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ایک عام آدمی ٹریفک سگنل پر رکنا اپنی بے عزتی سمجھتا ہے، ہمیں سوچنا ہوگاکہ ہم قائد اور اقبال کے خواب کے تصور کے مطابق قوم بن سکے یا نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وسائل کو بے دردی سے ضائع کیا جا رہا ہے، بجلی پانی اور گیس میں بھی چوری بازاری ڈھونڈتے ہیں، بد انتظامی اور کرپشن کی وجہ سے تباہی کے دہانے تک پہنچ چکے ہیں۔

  • آصف زرداری کی بریت کے خلاف نیب نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی

    آصف زرداری کی بریت کے خلاف نیب نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی

    اسلام آباد: سابق صدرآصف علی زراری کی بریت کے خلاف نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی گئی۔

    درخواست میں پراسیکیوٹرنیب نے موقف اپنایا کہ آصف علی زرداری کی نیب کورٹ سے بریت پراہم دستاویزات کو مدنظر نہیں رکھا گیا لہذا اسلام آباد ہائی کورٹ اہم دستاویزات کو مدنظر رکھ کر فیصلہ سنائے۔

    نیب کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں سابق صدر آصف علی زرداری کوفریق بنایا گیا ہے، درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرارآصف نے وصول کرلی ہے۔

    نیب کے پراسیکیوٹرنے سابق صدرآصف علی زرداری کی نیب عدالت سے بریت کو چیلنج کردیا ہے اوردو مختلف درخواسیں سابق صدرکے خلاف دائرکردی ہیں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ان درخواستوں کی سماعت کے لیے ایک بنچ مقررکرے گی۔

  • سپریم کورٹ کے دو ججز اور لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس نے حلف اٹھالیا

    سپریم کورٹ کے دو ججز اور لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس نے حلف اٹھالیا

    اسلام آباد : سپریم کورٹ کے دو ججز اور لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس نے اپنے عہدون کا حلف اُٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے دو نئے جج صاحبان جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس سردار طارق نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

    حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ ہال اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں دونوں جج صاحبان سے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔حلف اردو میں اٹھایا گیا۔

    تقریب میں سپریم کورٹ کے سینئر جج صاحبان اٹارنی جنرل اور سینئر وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس اعجازالاحسن نے بھی اپنے عہد ے کا حلف اٹھا لیا ہے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے جسٹس اعجازالاحسن سے حلف لیا۔

    مذکورہ تقریب میں ،صوبائی وزرا، ججز، سینیئر وکلاء اوراعلیٰ سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔

  • چیف جسٹسز ہائیکورٹس اور نگراں اے ٹی سی کورٹ کا اجلاس طلب

    چیف جسٹسز ہائیکورٹس اور نگراں اے ٹی سی کورٹ کا اجلاس طلب

    اسلام آباد:چیف جسٹس ناصر الملک نے ہائی کورٹس کے چیف جسٹس اورانسداد دہشتگردی عدالتوں کے انچارجز کا اجلاس چوبیس دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔

    چیف جسٹس سپریم کورٹ نے عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں ہیں، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ناصر الملک نے ہائی کورٹس کے چیف جسٹس اور انسدادِ دہشتگردی کی عدالتوں کی مونیٹرنگ کے انچارج کا اجلاس چوبیس دسمبر کو طلب کر لیا ہے ۔

    اجلاس سپریم کورٹ میں دس بجے ہوگا، جس کی سربراہی چیف جسٹس ناصر الملک کریں گے، اجلاس میں مقدمات کے جلد فیصلوں کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں دہشت گردی کے قوانین کے تحت مقدمات جلد از جلد مکمل کیے جانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے، چیف جسٹس سپریم کورٹ نے تمام عدالتوں کو ہدایت کی ہے کہ زیرِ سماعت مقدمات کی تفصیلات تئیس دسمبر تک سپریم کورٹ کو فراہم کر دی جائیں۔